Tag: گوگل

  • انٹرنیٹ سرچ اور اسکرین شاٹس نے قتل کا معمہ حل کروا دیا

    انٹرنیٹ سرچ اور اسکرین شاٹس نے قتل کا معمہ حل کروا دیا

    جرم کبھی بھی چھپ نہیں پاتا، قاتل چاہے کتنا ہی چالاک کیوں نہ ہو کہیں نہ کہیں وہ کوئی ایسی غلطی ضرور کرتا ہے جو اس کی پکڑ کا سبب بن جاتی ہے۔ امریکا میں بھی ایک قاتلہ ایسے ہی پولیس کی گرفت میں آگئی جس نے اپنے شوہر کو قتل کیا تھا۔

    امریکی ریاست انڈیانا میں پولیس کو 50 سالہ شخص کی لاش اپریل میں اس کے گھر کے قریب سے ملی تھی، تاحال وہ اس قتل کو حل کرنے میں ناکام تھے۔

    تاہم اس کی قاتلہ نے اپنے موبائل پر زہریلے مشرومز کے بارے میں سرچ کیا تھا، اسی انٹرنیٹ سرچ کے ذریعے پولیس قاتل تک پہنچی اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ مقتول کی بیوی تھی۔

    پولیس کے مطابق جب انہوں نے لاش دریافت کی تو اس کے ہاتھوں پر متعدد کٹس تھے جبکہ اس کی کلائیوں اور ٹخنوں پر ٹیپ باندھا گیا تھا جس کی کچھ ہی باقیات پولیس کو ملی تھیں۔

    طویل تفتیش کے بعد علم ہوا کہ مقتول کی موت زہریلے مشرومز کھانے سے ہوئی جس کی کچھ باقیات اس کے معدے میں تاحال موجود تھیں۔

    ایک ماہر نباتات نے پولیس کو بتایا کہ قتل کی وجہ بننے والے مشروم کا زہریلا جز صرف 8 گھنٹے تک مؤثر رہتا ہے جبکہ 72 گھنٹوں بعد جسم میں سے اس کے آثار غائب ہوجاتے ہیں۔ اسی وجہ سے مقتول کی موت کی وجہ جاننے میں وقت لگا۔

    لاش ملنے کے 5 ماہ بعد پولیس نے مقتول کی بیوی کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلہ نے اپنے موبائل پر زہریلے مشرومز کے بارے میں سرچ کیا تھا اور کچھ مشرومز کی معلومات کا اسکرین شاٹ لے کر رکھا تھا۔

    مقتول کے ایک فیملی فرینڈ نے جرم میں اس کی بیوی کی مدد کی تھی، اسے بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلہ نے اپنے شوہر کے غائب ہوجانے کے بعد سے نہ اس سے رابطہ کیا اور نہ ہی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی، یہیں سے پولیس مشکوک ہوئی اور بالآخر قتل کا معمہ حل کرلیا گیا۔

  • امریکا میں پرتشدد مظاہرے: اینڈرائیڈ 11 موبائل آپریٹنگ سسٹم کی رونمائی مؤخر

    امریکا میں پرتشدد مظاہرے: اینڈرائیڈ 11 موبائل آپریٹنگ سسٹم کی رونمائی مؤخر

    امریکا میں سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے گوگل نے اپنے اینڈرائیڈ 11 موبائل آپریٹنگ سسٹم کی رونمائی مؤخر کردی۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ اینڈرائیڈ 11 موبائل آپریٹنگ سسٹم کے بیٹا ورژن کی رونمائی جو اگلے ہفتے طے شدہ تھی، وہ امریکا میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے مؤخر کی جارہی ہے۔

    اینڈرائیڈ ڈویلپرز کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ ہم اینڈرائیڈ 11 کے بارے میں بتانے کے لیے نہایت پرجوش تھے لیکن فی الحال یہ خوشی منانے کا وقت نہیں ہے۔

    آپریٹنگ سسٹم کی رونمائی ورچوئلی یعنی بذریعہ انٹرنیٹ کی جانی تھی تاہم اب صرف یہ کہا گیا ہے کہ سسٹم کے بارے میں مزید تفصیلات جلد شائع کی جائیں گی لیکن اس کی کوئی تاریخ یا وقت نہیں بتایا گیا۔

    دوسری جانب منیا پولیز میں سیاہ فام شخص کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد پورے امریکا میں پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں، مذکورہ پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کیے جانے کے بعد ان پر قتل کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے تاہم مظاہرین قابو میں نہیں آرہے۔

    کئی ریاستوں میں ہنگامہ آرائی اور آگ لگانے کے واقعات ہوئے جبکہ پولیس کے ساتھ جھڑپیں اور گرفتاریاں بھی دیکھنے میں آرہی ہیں۔ مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا ہے جبکہ لوٹ مار کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔

  • منٹو کی سالگرہ پر گوگل ڈوڈل ان کے نام

    منٹو کی سالگرہ پر گوگل ڈوڈل ان کے نام

    اردو کے کلاسک ادیب اور صاحب اسلوب افسانہ نویس سعادت حسن منٹو کی 108 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے اپنا ڈوڈل ان کے نام کردیا۔

    گوگل آج اپنے ڈوڈل کے ذریعے منٹو کو خراج عقیدت پیش کررہا ہے، آج منٹو کا 108 واں یوم پیدائش ہے۔ مختصر اور جدید افسانے لکھنے والے یہ بے باک مصنف 11 مئی 1912 کو پنجاب کے ضلع لدھیانہ کے شہر شملہ میں پیدا ہوئے۔

    منٹو کے مضامین کا دائرہ معاشرتی تقسیم زر کی لا قانونیت اور تقسیم ہند سے قبل انسانی حقوق کی پامالی رہا اور متنازعہ موضوعات پر کھل کر قلم طراز ہوتا رہا جس پر کئی بار انہیں عدالت کے کٹہرے تک بھی جانا پڑا مگر قانون انھیں کبھی سلاخوں کے پیچھے نہیں بھیج سکا۔

    منٹو کا ہمیشہ یہی کہنا رہا کہ میں معاشرے کے ڈھکے ہوئے یا پس پردہ گناہوں کی نقاب کشائی کرتا ہوں جو معاشرے کے ان داتاؤں کے غضب کا سبب بنتے ہیں، اگر میری تحریر گھناؤنی ہے تو وہ معاشرہ جس میں آپ جی رہے ہیں وہ بھی گھناؤنا ہے کہ میری کہانیاں اسی پردہ پوش معاشرے کی عکاس ہیں۔

    ان کے تحریر کردہ افسانوں میں چغد، لاؤڈ اسپیکر، ٹھنڈا گوشت، کھول دو، گنجے فرشتے، شکاری عورتیں، نمرود کی خدائی، کالی شلوار، بلاؤز اور یزید بے پناہ مقبول ہیں۔

    منٹو نے اپنی زندگی کا آخری دور انتہائی افسوسناک حالت میں گزارا، 18 جنوری 1955 کی ایک سرد صبح ہند و پاک کے تمام اہل ادب نے یہ خبر سنی کہ اردو ادب کو تاریخی افسانے اور کہانیاں دینے والا منٹو خود تاریخ بن گیا۔

  • گوگل ڈوڈل کرونا وائرس سے لڑتے طبی عملے کے نام

    گوگل ڈوڈل کرونا وائرس سے لڑتے طبی عملے کے نام

    معروف سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل دنیا بھر میں کرونا وائرس سے لڑنے والے طبی عملے کے نام کردیا، اپنے ڈوڈل میں گوگل نے طبی عملے کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    گوگل کے ڈوڈل پر آج ایک حروف طبی عملے کا لباس پہنے کھڑا ہے اور اس کے لیے محبت بھرے دل کا نشان جگمگا رہا ہے، ڈوڈل کا پیغام ہے تمام ڈاکٹرز، نرسز اور میڈیکل ورکرز کا شکریہ۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں جیسے جیسے کوویڈ 19 پھیل رہا ہے ویسے ویسے لوگ ایک دوسرے کی مدد کرنے کے لیے ایک دوسرے کے قریب آتے جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: گوگل ڈوڈل پر ہاتھ دھونے کی ترغیب دینے والا شخص کون ہے؟

    گوگل کے مطابق گوگل ایک ڈوڈل سیریز شروع کر رہا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں کرونا وائرس کے خلاف صف آرا افراد جیسے طبی عملے، سائنسدان، استاد، سماجی کارکنان اور فوڈ سروس ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

    گوگل ڈوڈل کی یہ سیریز 2 ہفتوں تک جاری رہے گی، اس سیریز کے ذریعے سب سے پہلے پبلک ہیلتھ ورکرز اور سائنٹفک کمیونٹی کے محققین کا شکریہ ادا کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل بھی گوگل نے اپنے ڈوڈل کو ہاتھ دھونے کی ایک ویڈیو سے مزین کیا تھا اور اس سلسلے میں ایک بڑی دریافت کرنے والے ڈاکٹر اگنز سملوائز کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔

  • کرونا وائرس سے بچاؤ ، گوگل نے  ہاتھ دھونے کا صحیح طریقہ بتادیا

    کرونا وائرس سے بچاؤ ، گوگل نے ہاتھ دھونے کا صحیح طریقہ بتادیا

    نیویارک : دنیا بھر میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، معروف سرچ انجن گوگل نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ڈوڈل کے ذریعے ہاتھ دھونے کا صحیح طریقہ بتادیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ سرچ انجن گوگل بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کی آگہی کے لئے میدان میں آگیا، اپنے ڈوڈل کے ذریعے سب کو پیغام دیا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہاتھ لازمی دھوئیں۔

    گوگل نے اپنے نئے ڈوڈل میں ہنگری کے معالج Ignaz Semmelweis کو اعزاز دیتے ہوئے  ہاتھ دھونے کی ویڈیو شئیر کی ،جس میں  ہاتھ دھونے کا صحیح طریقہ بتایا۔

    اس سے قبل ٹوئٹرنےبھی کرونا سے آگاہی کیلئے لوگوں کو ’’ہاتھ دھونے کاطریقہ بتانےکاایموجی متعارف کروایا تھا۔

    خیال رہے مہلک کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ، اب تک وائرس سے 248,683 لوگ متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 88,563 لوگ وائرس سے صحت یاب ہوئے۔

    وائرس نے 182 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے، اٹلی میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے، اب تک کرونا میں مبتلا ہو کر 3,405 اطالوی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ وائرس کے شکار افراد کی تعداد 41,035 ہو چکی ہے۔

    چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3,248 جب کہ متاثرین کی تعداد 80,967 ہے جبکہ نئے مریضوں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

  • لیپ کا سال، گوگل کا ‘ 29 فروری  کا دن’ منانے کا خاص انداز

    لیپ کا سال، گوگل کا ‘ 29 فروری کا دن’ منانے کا خاص انداز

    نیویارک : معروف سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل 29 فروری کےنام کردیا ، سنہ دو ہزاربیس لیپ کاسال ہے ، جس میں فروری کےانتیس دن ہیں اور یہ تاریخ ہرچارسال بعد آتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف سرچ انجن گوگل نے لیپ ائیر منانےکا خاص انداز اپنایا اور اپنا ڈوڈل انتیس فروری کےنام کردیا، گوگل نے اپنے سرورق پر لیپ سال کے تناظر میں 28, 29,1کے ہندسوں کو نمایاں کیا ہے۔

    خیال رہے عام طور پر ہر چار سال بعد ایسا ہوتا ہے کہ فروری 29 دنوں کا ہو، جیسے رواں سال 2020 میں فروری کا مہینہ 29 دنوں کا ہے ، اس سے چار سال قبل یعنی 2016 میں فروری کے 29 ایام ہی تھے۔

    ماہرین فلکیات بتاتے ہیں کہ زمین کا سورج کے گرد گردش کرنے کا دورانیہ 365 ایام پر مشتمل نہیں بلکہ یہ 365 دن، پانچ گھنٹے 49 منٹ اور 12 سیکنڈ کا ہوتا ہے۔ چونکہ زمین سورج کے گرد گردش کرتی ہے اس لیے موسم کی تبدیلی کا انحصار بھی زمین اور سورج کی گردش پر ہی منحصر ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں : فروری کبھی 28 اور کبھی 29 دن کا کیوں ہوتا ہے؟

    فلکیات کے ماہرین بتاتے ہیں کہ اگر ہر سال چوتھائی دن کا فرق رکھا جائے تو یہ چار سال بعد پورا ایک دن بن جاتا ہے یوں کلینڈر میں ایک اضافی دن شامل ہوجاتا ہے۔

    عام طور پر 29 فروری کو پیدا ہونے والے لوگ ہر سال اپنی سالگرہ منا نہیں پاتے، ماہرین فلکیات نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ یا تو 28 فروری یا پھر یکم مارچ کا انتخاب کرلیں اور چار سال بعد اپنی سالگرہ 29 فروری کو ہی منائیں۔

    خیال رہے گوگل گاہے بگاہے اپناسرِورق معروف واقعات، شخصیات اوراہم دنوں کےحوالےسےموسوم کرتاآیا ہے، برصغیرکی مایہ نازگلوکارہ ملکہ ترنم نورجہاں کوبھی گوگل اپنےسرِورق پرخراج عقیدت پیش کرچکاہے۔

  • گوگل نے صارفین کی پرائیویٹ ویڈیوز لیک ہونے کا اعتراف کر لیا

    گوگل نے صارفین کی پرائیویٹ ویڈیوز لیک ہونے کا اعتراف کر لیا

    سان فرانسکو: انٹرنیٹ کی دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے صارفین کی پرائیویٹ ویڈیوز اجنبیوں کو بھیجنے کا اعتراف کر لیا۔

    ترجمان گوگل کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ بعض صارفین کی نجی ویڈیوز غیر متعلقہ افراد کو بھیجنے پر گوگل معذرت خواہ ہے۔

    بیان کے مطابق وہ صارفین جنہوں نے گوگل ٹیک آؤٹ ایپ کے ذریعے گزشتہ سال 21 سے 25 نومبر کے درمیان ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کیا تھا انہیں دوسروں کی ویڈیوز موصول ہوئی تھیں جو کہ ایک تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہے اور کمپنی اس غلطی پر متاثرہ صارفین سے معذرت کرتی ہے۔

    گوگل ٹیک آؤٹ ایپ کے ذریعے صارفین اپنا گوگل ایپس کا تمام ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں تاہم کمپنی نے متاثرین کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا، چونکہ گوگل فوٹوز استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے اس لیے متاثرین کی تعداد بھی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ مسئلے کی نشاندہی ہوچکی ہے اور اس معاملے کو حل بھی کر لیا گیا ہے، کمپنی نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ مذکورہ تاریخوں کا بیک اپ ڈیٹا ڈیلیٹ کردیں۔

  • اقبال بانو کی 81 ویں سالگرہ پر گوگل ڈوڈل ان کے نام

    اقبال بانو کی 81 ویں سالگرہ پر گوگل ڈوڈل ان کے نام

    معروف غزل گائیک و گلوکارہ اقبال بانو کی 81 ویں سالگرہ پر گوگل نے اپنا ڈوڈل ان کے نام کردیا۔

    بھارت کے شہر نئی دلی میں سنہ 1935 میں پیدا ہونے والی اقبال بانو کو بچپن سے ہی موسیقی سے لگاؤ تھا جسے پروان چڑھانے میں ان کے والد نے اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے موسیقی کی تربیت استاد چاند خان سے حاصل کی اور سنہ 1950 میں اپنی فنی زندگی کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا۔ سنہ 1952 میں شادی کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ پاکستان آگئیں اور ملتان میں رہائش پذیر ہوئیں تاہم شوہر کی وفات کے بعد ملتان سے لاہور منتقل ہوگئیں۔

    اقبال بانو کوغزل گائیکی کے ساتھ ساتھ کلاسیکل، نیم کلاسیکل، ٹھمری اور دادھرہ میں بھی خاص ملکہ حاصل تھا۔ وہ اردو، پنجابی، فارسی زبانوں پر مکمل عبور رکھتی تھیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف زبانوں میں غزل گائیکی میں اپنی خصوصی مہارت سے نمایاں مقام حاصل کیا۔

    اقبال بانو نے معروف شاعر فیض احمد فیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے‘ اپنے خوبصورت انداز میں گا کر اسے شہرت دوام بخش دی۔ برصغیر سمیت دنیا بھر میں جہاں بھی اردو سمجھی جاتی ہے وہاں یہ نظم جبر کے خلاف مزاحمت کا استعارہ ثابت ہوتی رہی ہے۔

    انہوں نے فلم گمنام، قاتل، انتقام، سرفروش، عشق لیلیٰ اور ناگن جیسی سپر ہٹ فلموں میں گیت گائے۔ فلم قاتل میں ان کی آواز میں گایا ہوا گیت پائل میں گیت ہیں چھم چھم کے، نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا، انہیں سنہ 1990 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

    اقبال بانو 21 اپریل 2009 کو 74 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔

  • 2019 میں گوگل پر پاکستانیوں نے کس کو سب سے زیادہ سرچ کیا؟

    2019 میں گوگل پر پاکستانیوں نے کس کو سب سے زیادہ سرچ کیا؟

    کراچی: گوگل نے سال 2019 میں پاکستان سے انٹرنیٹ پر تلاش کیے جانے والے مقبول ترین موضوعات کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال کے دوران پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے اور پورے سال گوگل پر ٹرینڈ بنے رہنے والے موضوعات کون سے تھے، کس کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، اس کی فہرست گوگل نے جاری کر دی ہے۔

    فہرست میں سال 2019 میں سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی معلومات پر ایک نظر ڈالی گئی ہے اور اس سال ہونے والے اہم ترین واقعات، مقبول ہونے والی خبروں اور دل چسپ ترین تفریحی مواد کا جائزہ بھی پیش کیا گیا ہے، جو پیش خدمت ہے:

    سال 2019 کے ٹرینڈنگ موضوعات:

    ٹرینڈنگ موضوعات میں پہلے نمبر پر پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ، دوسرے نمبر پر پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، تیسرے نمبر پر لائیو کرکٹ، چوتھے نمبر پر سونی لائیو، پانچویں نمبر پر PSL 4 کا شیڈول، چھٹے نمبر پر کرکٹ ورلڈ کپ، ساتویں نمبر پر پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، آٹھویں نمبر پرپی ٹی وی اسپورٹس، نویں نمبر پر پاکستان بمقابلہ انڈیا جب کہ دسویں نمبر پر سری لنک بمقابلہ پاکستان میچ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

    جن شخصیات کے بارے میں معلومات کو 2019 کے دوران سب سے زیادہ تلاش کیا گیا ان میں ٹاپ پر اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ اداکارہ نیمل خاور رہیں، جب کہ دوسرے نمبر پر پاکستان فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد رہے۔ اس کے بعد کرکٹ اسٹار بابر اعظم تیسرے نمبر، چوتھے نمبر پر کرکٹر آصف علی، پانچویں نمبر پر گلوکار عدنان سمیع، چھٹے نمبر پر بھارتی اداکارہ سارہ علی خان، ساتویں نمبر پر کرکٹر محمد عامر، آٹھویں پر پاکستانی ٹی وی آرٹسٹ علیزے شاہ، جب کہ نویں نمبر پر انڈین ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھامان، اور دسویں نمبر پر ٹی وی اینکر مدیحہ نقوی براجمان ہیں۔

    جن فلموں اور ٹیلی وژن پروگراموں نے 2019 کے دوران ٹرینڈنگ کی، ان میں ٹاپ پر ایونجرز اینڈ گیم، دوسرے نمبر پر بگ باس 13، تیسرے پر عہدِ وفا، چوتھے پر سنو چندا سیزن 2، پانچویں پر انڈین فلم کبیر سنگھ، چھٹے پر کیپٹن ماروِل، ساتویں پر ڈراما میرے پاس تم ہو، آٹھویں پر کارٹون موٹو پتلو 2019، نویں پر بھروسا پیار تیرا، اور دسویں نمبر پر فلم گلی بوائے رہی۔

    پاکستانی عوام جن موضوعات سے متعلق زیادہ تجسس رکھتے ہیں، ان کی تفصیلات حاصل کرنے کے علاوہ، گوگل سرچ ٹولز سے ان موضوعات کی تفصیل بھی حاصل کی جا سکتی ہے، جو 2019 کے دوران دنیا بھر میں سب سے توجہ حاصل کرتے رہے۔

  • گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیگٹو نے ملک کی خاطر استعفیٰ دے دیا

    گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیگٹو نے ملک کی خاطر استعفیٰ دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیگٹو تانیہ ایدروس نے جذبہ حب الوطنی کے تحت استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس مستعفی ہو کر سنگاپور سے پاکستان پہنچ گئی ہیں، تانیہ ایدروس پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل وژن کی سربراہی کریں گی۔

    پاکستان پہنچنے کے بعد تانیہ ایدروس نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 20 سال سے بیرون ملک مقیم تھی اور پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی، جب یہ حکومت آئی تو لوگوں کو محسوس ہوا ملک جا کر کچھ کرنا چاہیے، وزیر اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین سے اہم رابطے ہوئے، حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی منصوبے سے آگاہ کیا، منصوبے کے تحت 5 اہم مرحلوں پر کام تیز کیا جائے گا، عوام کی انٹرنیٹ تک رسائی اور روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

    تازہ ترین:  وزیراعظم عمران خان آج ڈیجیٹل پاکستان مہم کا آغاز کریں گے

    انھوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رسائی ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے، ملک میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر قائم کیا جائے گا تاکہ کام تیز اور بہتر ہو، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر بنانا حکومت کا کام ہے، وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کی طرف جائیں، پاکستان کی 70 ملین آبادی انٹرنیٹ استعمال کر رہی ہے، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

    تانیہ ایدروس کا کہنا تھا ای گورنمنٹ سے حکومتی فیصلوں کو پیپرلیس بنایا جائے گا، عوام کو چھوٹی چیزوں کے لیے لائنوں میں کھڑا کر دیا جاتا ہے، فنگر پرنٹس کے باوجود لائنوں میں کھڑا رکھنے کا جواز نہیں، شہری کی شناخت کو ڈیجیٹل طریقے سے استعمال کیا جائے گا، ڈیجیٹل اسکلنگ سے نوجوانوں کو معیاری اسکلز ملیں گی، کاروبار کے لیے بینکنگ نظام، سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ صوبوں اور ایجنسیز کے ذریعے اس خواب کو حقیقت میں بدلیں گے، راتوں رات تبدیلی نہیں ہوگی مگر مستقبل میں زبردست نتائج سامنے آئیں گے، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ تانیہ ایدروس وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کی سربراہی کریں گی، یہ ڈیجیٹل وژن پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے ہے، اس کے تحت پاکستان میں سرکاری اقدامات کو ڈیجیٹل کر دیا جائے گا۔