Tag: گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن

  • گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا تیسرا دن، کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ بند

    گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا تیسرا دن، کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ بند

    کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا آج تیسرا دن ہے، تا حال وفاقی سطح پر کسی نے ہڑتال کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے رابطہ نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز نے پورٹ قاسم کے بعد کراچی پورٹ پر بھی کارگو لوڈنگ روک دی ہے، ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز امداد حسین نقوی نے کہا ہے کہ آج ہڑتال کا تیسرا دن ہے لیکن وفاقی سطح پر کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گڈ ٹرانسپورٹرز نے آج سے کراچی پورٹ پر درآمدی اور برآمدی مصنوعات، کھاد، کوئلہ اور ہر قسم کی صنعتی اور تعمیراتی مشینری کی اندرون ملک ترسیل روک دی ہے۔

    ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات کی منظوری تک ملکی صنعتوں کی تیار کردہ برآمدی مصنوعات کی ترسیل بھی معطل رہے گی، جمعے تک ایکسل لوڈ لمٹ کا نفاذ، ڈرائیونگ لائسنس اور جرمانوں کے میکنزم میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ تمام مطالبات نہ مانے گئے تو پھر آئل ٹینکر ٹرانسپورٹرز بھی ہڑتال میں شریک ہو جائیں گے۔

    گورنر سندھ سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام، ہڑتال کا دوسرا دن، صوبائی وزیر کی تنقید

    ادھر تین دن سے گڈز ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور وفاقی وزارت مواصلات خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، امداد حسین نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز یکم جنوری 2020 کو نافذ ہونے والے بھاری جرمانوں کے نوٹیفکیشن کو لوٹ مار کا نوٹیفکیشن سمجھتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کراچی میں دو بین الاقوامی پورٹس ہیں مگر ٹرانسپورٹرز کو اپنے ٹرک ٹرالرز اور کار کیرئرز پارک کرنے کے لیے پارکنگ یارڈ دستیاب نہیں۔

  • گورنر سندھ سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام، ہڑتال کا دوسرا دن، صوبائی وزیر کی تنقید

    گورنر سندھ سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام، ہڑتال کا دوسرا دن، صوبائی وزیر کی تنقید

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات نا کام ہو گئے ہیں، گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا آج دوسرا دن ہے، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے معاملے کو تنقید کا نشانہ بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے آج بھی ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور آل کراچی ٹائر ایسوسی ایشنز کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کر دی گئی ہے۔

    ٹرانسپورٹرز نے مال بردار گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کر دی ہیں، جس کے باعث پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ سمیت سبزیوں، پھلوں اور دواؤں کی ترسیل معطل ہو گئی ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کی 3 لاکھ سے زائد گاڑیاں ہیں جب کہ کراچی سے روزانہ 17 ہزار سے زائد گاڑیاں دیگر شہروں کو جاتی اور آتی ہیں۔

    خیال رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے مطالبات کی منظوری تک کل سے ہڑتال شروع کی ہے، ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس فیس تجدید میں 100 فی صد اضافہ کیا گیا، 18 سو روپے فیس کو 18 ہزار روپے کر دیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، ایکسل لوڈ ایس آر او 2 ہزار پر حکومت اور موٹر وے پولیس عمل نہیں کر رہی، ایکسل لوڈ مینجمنٹ مؤخر کر کے اوور لوڈنگ پر مجبور کیا جا رہا ہے، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ نافذ کی جائے۔

    واضح رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت کے لیے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال میں صنعتوں اور بندرگاہوں سے درآمدی اور برآمدی سامان کی ترسیل روک دی ہے، کاٹھور پر احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں مال بردار گاڑیاں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ترجمان امداد حسین نقوی نے کہا کہ ہڑتال کا آج دوسرا دن ہے اور تاحال وفاقی سطح پر کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، وفاقی وزارت مواصلات خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔

    ادھر سکھر میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ قادر نے کہا ہے کہ مواصلات کی وزارت نا اہل اور نالائق شخص کے سپرد کی گئی ہے، ٹرانسپورٹرز کی ایک دن کی ہڑتال سے کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے، کوئی مسئلہ الجھ جائے تو سلجھانے کے طریقے ہوتے ہیں لیکن ٹرانسپورٹرز کے ساتھ معاملہ سلجھایا نہیں گیا۔

    انھوں نے مواصلات کے وزیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نالائق وزرا بیٹھے رہے تو خان صاحب کو جلد پارلیمنٹ سے نکلوا دیں گے، وفاقی حکومت کو کوئی بھی مدد درکار ہے تو ہم ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

  • ڈیزل کی قیمت: مال بردارگاڑیوں کے کرائے میں اضافہ کا اعلان

    ڈیزل کی قیمت: مال بردارگاڑیوں کے کرائے میں اضافہ کا اعلان

    کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد مال بردار گاڑیوں کے کرائے میں پانچ سے دس فیصد اضافہ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان امداد نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال تین بار ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور حالیہ اضافہ کے بعد مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں پانچ فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جو یکم جنوری سے نافذ العمل ہوچکا ہے۔

    ان کاکہنا تھا کہ ڈیزل سمیت ٹائر اور آٹو پارٹس کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس سے کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا اس لیے کرایوں میں پانچ سے دس فیصد اضافہ کا فیصلہ کیاگیا۔

    دوسری جانب صنعتی ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں اضافہ کے باعث خام مال سمیت تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔

    سبزی منڈی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شائستہ خان کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیوں کے کرائے میں اضافہ کے بعد سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا۔

    انہوں  ے مطالبہ کیا کہ حکومت مال بردار گاڑی مالکان کو کرائے میں اضافہ سے روکے اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ بھی واپس لیا جائے۔

    اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت فالتو اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

  • گورنر و وزراء کی یقین دہانی کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جاری

    گورنر و وزراء کی یقین دہانی کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جاری

    کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبات سنے اور انہیں حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اس کے باوجود تاحال ہڑتال ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے دوسری جانب رائس ایکسپورٹرز نے ہڑتال کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال کو ایک ہفتہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے کراچی پورٹ پر کنٹینر رکھنے کی جگہ ختم ہوگئی ہے اور انتظامیہ نے مزید جہاز برتھ کرنے سے منع کردیا ہے جب کہ ہڑتال کے باعث حکومت اور صنعت کاروں کو یومیہ اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

    رائس ایکسپورٹرز کا ہڑتال کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

     ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی ایک پریس کانفرنس میں ملز بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی ٹرانسزیکشن رک گئی ہے جس کے باعث مستقل ملازمین کو بھی تنخواہیں نہیں دے پا رہے ہیں کیوں کہ برآمدات کا یومیہ حجم 6 ارب 30 کروڑ اور درآمد 17 ارب سے زائد ہے جو رکی ہوئی ہیں۔

    اس موقع پر صنعت کار جاوید بلوانی نے مطالبہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا نوٹس لیا جائے جس کے باعث نو دنوں میں 214 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز متاثر ہوئیں اس لیے ہڑتال سے متعلق کل سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔

    کوئلہ ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان 

    دوسری جانب کوئلے کے ٹرانسپورٹرز نے گڈرز ٹرانسوپرٹز ایسوسی ایشن کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج سے شہر بھر میں کوئلے کی ترسیل شروع کردی ہے۔

    صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کی ایسوسی ایشن سے ملاقات 

    جس کے بعد صوبائی وزیرٹرانسپورٹ سندھ اور نثارکھوڑو ہاکس بےٹرک اسٹینڈ پہنچ گئے اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن سے ملاقات کی اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی نےصوبائی وزراء کو مسائل سے آ گاہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ناردرن بائی پاس سے روزانہ 8 ہزار گاڑیوں کی آمدورفت ناممکن ہے جب کہ نیشنل ہائی وے اور سپرہائی وے کا لنک پل ٹوٹا ہوا ہے اور کچے راستے سے ہیوی ٹریفک کا گزرنا ممکن نہیں۔

    جس پرصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کی شہر میں داخل ہونے کی پابندی عدالتی حکم کے احترام میں لگائی گئی ہے جب کہ نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے کا لنک پل کی مرمت کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا جس سے ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت رواں ہوجائے گی۔

    گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کی گورنر سندھ سے ملاقات  

    قبل ازیں سے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے وفد نے گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی اس موقع پر میئرکراچی وسیم اختر بھی ملاقات میں شریک تھے ملاقات میں ٹرانسپورٹرز کے مسائل اور ہڑتال سے پیدا صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کےتمام جائزمسائل حل کریں گے اور تمام مسائل کاحل مذاکرات سے نکال جاسکتا ہے کیوں کہ ہڑتال سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

    اس موقع پر صدر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ طےشدہ روٹس پررات میں ہیوی ٹریفک کی اجازت دی جائے کیوں کہ سپر ہائی وے کے لنک پل خستہ حال ہیں اور نادرن بائی پاس سے ایک دن مین اتنی ہیوی گاڑیاں نہیں گذ سکتی۔

    گورنرسندھ محمد زبیر نے صدر ایسوی ایشن کو مسئلے کے مثبت حل نکالنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہڑتال کے باعث کراچی پورٹ آپریشنز متاثر ہو رہا ہے اور سرمایہ کاری کی صورت حال بھی متاثر ہورہے ہے اس لیے ایسوسی ایشن ہڑتال کو واپس لے۔

    تاحال ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ نہیں ہوسکا 

    گڈز ٹرانسپوتڑز ایسوسی ایشن کی ایک ہفتے سے جاری ہڑتال سے جہاں صنعت کاروں کا روزانہ مالی نقصان ہو رہا ہے وہیں کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جگہ نہ ہونے کے باعث نئے جہاز لنگر انداز نہیں ہو پارہیے ہیں جس سے حکومت کو شدید مالی نقصان جھیلنا پڑ رہا ہے تاہم گورنر سندھ محمد زبیر اور صوبائی وزراء کی یقین دہانیوں کے باوجود ایسوسی ایشن ہڑتال ختم کرتی نظر نہیں آ رہی ہے۔