Tag: گڈ مارننگ پاکستان

  • موسم سرما میں بالوں کو جھڑنے اور خشکی سے بچانے کا آسان نسخہ

    موسم سرما میں بالوں کو جھڑنے اور خشکی سے بچانے کا آسان نسخہ

    موسم سرما میں سر کے بال خشکی اور بے رونقی کا شکار ہوجاتے ہیں اور انہیں اضافی حفاظت کی ضرورت پڑتی ہے، سردیوں کے موسم میں بالوں کے تمام مسائل کا حل صرف ایک آمیزے سے نکل سکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر ام راحیل نے سردیوں میں بالوں کے لیے شاندار نسخہ بتایا۔

    ڈاکٹر ام راحیل نے کہا کہ سردیوں میں بال فریزی ہوجاتے ہیں اور جھڑنے لگتے ہیں، علاوہ ازیں وہ بے رونقی اور خشکی کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔

    اس کے لیے ایلوا ویرا کا پورا پتہ لیں اور اسے چھلکے سمیت بلینڈ کرلیں، ہری میتھی لے کر اسے بھی بلینڈ کرلیں اور دونوں کو مکس کردیں۔

    اب اس میں 2 چائے کا چمچ گلیسرین، 2 چائے کا چمچ دہی اور شہد ملائیں اور اچھی طرح یکجان کرلیں۔

    پیسٹ بنانے کے بعد اسے بالوں میں اچھی طرح جڑوں سے سروں تک لگائیں، تھوڑی دیر تک مساج کریں اس کے بعد بال لپیٹ کر شاور کیپ سے ڈھانپ لیں۔

    نصف گھنٹے بعد روزمرہ استعمال کے شیمپو سے بال دھو لیں۔

    ڈاکٹر ام راحیل کے مطابق یہ آمیزہ بالوں میں نئی جان پیدا کردے گا، اس سے خشکی ختم ہوتی جائے گی جبکہ ایلو ویرا اور میتھی سے بال جھڑنے کم ہوجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سردیوں میں دہی لگانا ٹھنڈ لگنے کا سبب بن سکتا ہے تاہم اس آمیزے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شامل شہد اور میتھی سے دہی کی تاثیر ختم ہوجائے گی۔

    ہفتے میں 2 بار اس نسخے کو استعمال کرنا بالوں کے تمام مسائل سے چھٹکارہ دلا دے گا۔

  • دیسی گھی کا گاجر کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب

    دیسی گھی کا گاجر کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب

    گاجر کا حلوہ سردیوں کی خاص سوغات ہے اور یہ صحت کے لیے نہایت مفید بھی ہے، آج ہم آپ کو دیسی گھی میں گاجر کا حلوہ بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    گاجر کا حلوہ بنانے کے لیے مندرجہ ذیل اجزا کی ضرورت ہوگی۔

    اجزا

    کچی اور چھوٹی گاجریں: 2 کلو

    چینی: 400 گرام

    ثابت الائچی: 3 سے 4 دانے

    دودھ: 2 کلو

    دیسی گھی: 200 گرام

    زعفران: 1 چٹکی

    عرق گلاب: 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    سب سے پہلے گاجروں کو کدوکش کرلیں، کدوکش کرنے سے پہلے اور بعد میں انہیں اچھی طرح دھو لیں۔

    گاجروں کو چولہے پر چڑھائیں اور چینی ڈال دیں، جب چینی پانی چھوڑنا شروع کرے تو اسے ڈھک کر ہلکی آنچ پر چھوڑ دیں۔ 50 منٹ تک ہلکی آنچ پر رہنے دیں اور اس دوران تھوڑی تھوڑی دیر بعد ایک بار چمچہ چلا لیں۔

    ثابت الائچی بھی اسی دوران شامل کردیں۔

    چینی کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں دیسی گھی شامل کریں اور اس کو 5 منٹ تک بھونیں۔

    اس دوران دودھ سے کھویا بنا لیں، 2 کلو دودھ سے 400 گرام کھویا بنے گا، کھویا بناتے ہوئے اس میں چند قطرے دیسی گھی کے ڈال دیں اس سے کھویا برتن میں نہیں لگے گا۔

    گاجر کو بھوننے کے بعد اس میں کھویا شامل کردیں، بعد ازاں عرق گلاب میں زعفران ملائیں اور اسے حلوے میں شامل کردیں۔

    پستہ، بادام چھڑک کر مزیدار گرما گرم حلوہ سرو کریں۔

  • دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے نادیہ حسین کی کارآمد ٹپس

    دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے نادیہ حسین کی کارآمد ٹپس

    کراچی: معروف بیوٹیشنز نادیہ حسین اور دیگر نے دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے نہایت کارآمد ٹپس بتائیں جنہیں اپنا کر برائیڈل میک اپ میں مزید خوبصورتی پیدا ہوسکے گی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں نادیہ حسین، اینجی مارشل اور بینش پرویز نے شرکت کی اور جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والی دلہنوں کے لیے نہایت فائدہ مند ٹپس بتائیں۔

    اینجی نے بتایا کہ دلہنوں میں ابٹن کا استعمال بہت عام ہے لیکن اس سے جلد خشک ہوجاتی ہے، اس کی وجہ سے برائیڈل میک اپ میں کافی دشواری پیش آتی ہے، انہوں نے بتایا کہ دلہنیں ابٹن کا استعمال چہرے پر نہ کریں۔

    نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ اکثر لڑکیاں جب برائیڈل میک اپ کرنے آتی ہیں تو وہ گھر سے ہی معمولی سا میک اپ کر کے آتی ہیں۔ اس کی وجہ سے چہرے پر کلینزر لگا کر اسے صاف کرنا، جلد کو نارمل ہونے دینا اور پھر میک اپ کرنا نہ صرف وقت لیتا ہے بلکہ جلد کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

    بینش پرویز نے بتایا کہ دلہنوں کی تیاری کئی ماہ پہلے سے شروع ہوجانی چاہیئے اور ہر ماہ کم از کم چہرے کا فیشل ضرور ہو، دلہن بننے سے قبل آخری فیشل 2 سے 3 دن قبل کیا جاتا ہے۔

    نادیہ نے بتایا کہ اکثر دلہنیں چہرے اور آئی بروز کی تھریڈنگ برائیڈل میک اپ کروانے والے دن ہی کرواتی ہیں جس سے میک اپ سیٹ نہیں ہونے پاتا، یہ کام ایک دن قبل انجام دے لینا چاہیئے۔

    علاوہ ازیں اگر کسی نے لیزر ٹریٹمنٹ کروانی ہے تو وہ کم از کم 15 سے 20 دن قبل کروائے کیونکہ لیزر ٹریٹمنٹ کے بعد جلد کو مندمل ہونے میں کم از کم 15 روز کا وقت لگتا ہے۔

  • موسم سرما میں جلد کو خشکی سے بچانے کا نہایت آسان طریقہ

    موسم سرما میں جلد کو خشکی سے بچانے کا نہایت آسان طریقہ

    موسم سرما میں جلد کی خشکی نہایت عام مسئلہ ہے جس کے لیے مختلف ٹوٹکے اور کریمز استعمال کیے جاتے ہیں، تاہم گھر میں موجود معمولی اشیا اس مسئلے سے نہایت آسانی سے نجات دلا سکتی ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بلقیس نے سردیوں میں جلد کو خشکی سے بچانے کے لیے نہایت آسان طریقہ بتایا۔

    ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ ایک عدد انڈے کی زردی، 1 چمچ ویسلین اور 1 چمچ سرسوں کا تیل ملا لیں اور اسے ہاتھوں اور چہرے پر لگائیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس آمیزے سے انڈے کی بو بالکل نہیں آئے گی کیونکہ سرسوں کے تیل کی بو انڈے کی بو کو ختم کردے گی۔ اسے سیرم کی لگایا جائے یعنی لگا کر مساج کی طرح سے جذب کرلیا جائے۔

    ڈاکٹر بلقیس کا کہنا تھا کہ یہ جلد کے خلیات میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کے لیے بہترین ہے اور خلیوں کی مرمت کرتا ہے جس سے جلد تر و تازہ اور نم رہتی ہے۔

    یہ آمیزہ آنکھوں کے گرد بھی لگایا جاسکتا ہے جبکہ ہاتھوں پیروں اور پورے جسم پر لگایا جاسکتا ہے، اسے رات میں لگا کر صبح معمول کے مطابق غسل کرلیا جائے تو یہ آمیزہ بہترین نتائج دے گا۔

  • بالوں کو گھر میں بلو ڈرائی کرنا نہایت آسان

    بالوں کو گھر میں بلو ڈرائی کرنا نہایت آسان

    بال شخصیت کا ایک شاندار پہلو ہوتے ہیں اور خوبصورتی سے سیٹ کیے بال شخصیت میں چار چاند لگا دیتے ہیں، بالوں کو بلو ڈرائی کرنا انہیں سیٹ کرنے کا ایسا طریقہ ہے جس سے بال بہت کم وقت میں بہترین طریقے سے سیٹ ہوجاتے ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں میک اپ آرٹسٹ وقار حسین نے گھر پر بلو ڈرائی کرنے کا نہایت آسان طریقہ بتایا۔

    بلو ڈرائی ڈرائر سے بالوں کو اس طرح خشک کرنے کو کہا جاتا ہے جس سے وہ چہرے کو ایک خوبصورت لک دے دیتے ہیں اور بالوں پر مزید وقت لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

    وقار نے بتایا کہ گھر پر خود سے بلو ڈرائی کرنے کے لیے ڈرائر کو 90 ڈگری زاویے پر پکڑا جائے اور بالوں کو سلجھاتے جائیں۔

    اگر بالوں میں لہر دار لک پیدا کرنا ہے تو سر جھکا کر بال سامنے کی طرف لائیں اور ڈرائر کو پیچھے کی طرف سے استعمال کریں۔

    اس کے بعد بالوں کی معمولی سی بیک کومبنگ کی جائے، اس سے سر کی ایک شیپ بن جاتی ہے اور خوبصورت لک آتا ہے۔

    وقار نے بتایا کہ عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ ڈرائر کی گرم ہوا سے بال خشکی کا شکار ہوجائیں گے اور جھڑنے لگیں گے، ڈرائر میں 3 آپشنز ہوتے ہیں میڈیم، ہیٹ اور کولڈ۔ ڈرائر لگاتے ہوئے اس کا کولڈ آپشن استعمال کریں۔

    وقار کا کہنا تھا کہ گھنگھریالے بالوں کے لیے بازار میں ایسی پروڈکٹس ملتی ہیں جنہیں نہانے کے بعد گیلے بالوں میں استعمال کیا جائے تو وہ بالوں کو نم رکھتی ہیں جبکہ اس سے کرل بھی سمٹے ہوئے اور ترتیب میں رہتے ہیں۔

    مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو دیکھیں۔

  • "جو ٹھان لیتی ہوں، کر گزرتی ہوں”

    "جو ٹھان لیتی ہوں، کر گزرتی ہوں”

    کراچی: قلیل عرصے میں خود کو منوانے والی نامور اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنے حالات زندگی شائقین سے شیئر کئے ہیں۔

    معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے معروف پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی، جس میں انہوں نے زندگی کے نشیب وفراز سمیت ٹی وی اسکرین پر جلوہ گر ہونے سے متعلق اپنے تاثرات بیان کئے۔

    ٹی وی اسکرین پر حادثاتی انٹری

    میزبان ندا یاسر کی جانب سے اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ ٹی وی پر کیسے آئیں، جس پر نازش جہانگیر نے بتایا کہ انہیں شروع سے ہی تھیٹر کا شوق تھا، یونیورسٹی میں آرٹس کے ٹیچر سر جمال شاہ تھے جو اکثر مجھے کہتے تھے کہ تم میں بہت ٹیلنٹ ہے، ٹی وی اسکرین کے طرف جاؤ، مگر میرا ہمیشہ یہی جواب ہوتا تھا کہ تھیٹر کا شوق ہے، ٹی وی کی جانب نہیں جانا چاہتی ، جس پر سر جمال شاہ کہتے تھے کہ ایک دن ضرور ٹی وی اسکرین پر نمودار ہوگی۔

    نازش جہانگیر نے بتایا کہ تین سال قبل ٹی وی اسکرین پر آمد اچانک ہوئی ، ایک بار جناب انور مقصود کے ساتھ کمرشل تھیٹر کیا، پھر کیا تھا پروجیکٹ کی بھر مار ہونے لگی، ایک روز ٹی وی اسکرپٹ والد کو دکھایا تو انہوں نے کہا کہ تھیٹر کی اجازت دی تھی، یہ ٹی وی اسکرین کی بات کہاں سے آگئی، والد صاحب کو بتایا کہ اسکرپٹ جاندار نہ ہوا تو واپس کردونگی، جس پر والد نے کہا کہ جو تم دل میں ٹھان لیتی ہو کر گزرتی ہو، والد نے مجھے سپورٹ کیا بس وہ میرے لئے زندگی کا یادگار دن تھا۔

    خوب صورتی کا راز

    میزبان ندا یاسر نے اداکارہ کی خوب صورتی سے متعلق سوالات کئے، جس پر نازش جہانگیر نے بتایا کہ کشمیری ہونا ان کی خوبصورتی کی بڑی وجہ ہے، اس کے علاوہ پانی کا بہت استعمال کرتی ہوں، وافر مقدار میں پروٹین غذائیں استعمال کرتی ہوں اور جلد کے حوالے سے انتہائی حساس ہوں۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے شکوہ کیا کہ کراچی کا پانی انہیں راز نہیں آتا ، جس کی وجہ سے بالوں کے مسائل پیدا ہوئے، تاہم اس کا حل بھی موجود ہے کہ اپنے بالوں کی قدرتی حسن برقرار رکھنے کے لئے ہر ہفتے باقاعدگی سے آئلنگ کرتی ہوں۔

    واضح رہے کہ ابھرتی اداکارہ نازش جہانگیر بھروسہ، کہیں دیپ جلے، کم ظرف، میرے محسن، الف اللہ اور انسان جیسے شاندار ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکی ہے۔

    اس کے علاوہ اداکارہ نازش جہانگیر فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر متحرک رہتی ہیں۔

  • علی ظفر نے اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا

    علی ظفر نے اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا

    لاہور: معروف گلوکار علی ظفر نے اپنی زندگی کے اہم رازوں سے پردہ اٹھایا دیا۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان کی میزبان ندا یاسر نے لاہور میں علی ظفر کے گھر کا سرپرائز دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے علی ظفر اور ان کی اہلیہ عائشہ فضلی سے ان کی نجی زندگی، علی ظفر کی پروفیشنل کیریئر سے متعلق دل چسپ سوالات کئے۔

    گڈ مارننگ پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے انکشاف کیا کہ عائشہ فضلی میرے پاس ایک اسکیچ بنانے کے لئے آئی تھی، بعد ازاں ہماری دوستی ہوئی اور اس کے بعد ہم نے ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔

    ندا یاسر نے علی ظفر کی اہلیہ سے سوال کیا کہ گلوکار کی وہ صفت بتائیں جس نے آپ کو متاثر کیا، جس پر عائشہ فضلی نے بتایا کہ علی ظفر کی آنکھیں مجھے پسند ہے، ہمیں کوئی بھی بات کہنی ہو تو آنکھوں کی ہی آنکھوں کہ دیتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ میں کم گو ہوں۔

    گڈ مارننگ پاکستان کی میزبان ندا یاسر نے علی ظفر سے سوال کیا کہ کبھی زندگی میں پریشانی کے باعث گھبرائے، جس پر علی ظفر کا کہنا تھا کہ مشکل وقت آپ کو مضبوط بناتا اور خدا پر بھروسے کو مزید بڑھاتا ہے، جب بھی مشکل وقت آیا اپنے رب سے رجوع کیا اور اس مشکل سے نکل آیا۔

    کھانے سے متعلق علی ظفر کا کہنا تھا کہ قیمہ کریلے بہت شوق سے کھاتا ہوں، اس کے علاوہ سی فوڈ جو کہ صحت کے لئے بہت مفید اور پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں، یہ ہماری غذا کا لازمی جز ہے۔

  • ‘نفرت’ محبت میں کیسے بدلی؟: احمد گوڈیل اور اہلیہ کی دلچسپ گفتگو

    ‘نفرت’ محبت میں کیسے بدلی؟: احمد گوڈیل اور اہلیہ کی دلچسپ گفتگو

    کراچی: وی جے احمد گوڈیل نے اپنی اہلیہ اسریٰ سے اپنی پہلی ملاقات کی داستان سناتے ہوئے کہا کہ اسریٰ شروع میں ان سے نفرت کرتی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں پاکستان سپر لیگ کے میزبان اور وی جے احمد گوڈیل اپنی اہلیہ اسریٰ کے ساتھ شریک ہوئے۔

    ندا یاسر کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے احمد نے بتایا کہ ان کی اور اسریٰ کی پہلی ملاقات ایک شاپنگ مال میں ہوئی تھی جہاں وہ اپنا شو کرنے گئے ہوئے تھے۔

    اسریٰ نے بتایا کہ انہیں پہلے پہل احمد سے سخت چڑ ہوگئی تھی کیونکہ مال میں اسپیکر پر ان کی آواز گونجتی رہتی تھی اور ان کا کام ڈسٹرب ہوتا تھا۔

    احمد گوڈیل نے کہا کہ بہت مزے کی بات ہے کہ ان کو مجھ سے شروع سے نفرت تھی کیونکہ جب بھی میں شو کررہا ہوتا تھا تو میرے بولنے کی وجہ سے یہ اپنا کام کرتے ہوئے بہت ڈسٹرب ہوجایا کرتی تھیں، اس بات کی تائید اسریٰ نے بھی کی۔

    جب دونوں کی ملاقات ہوئی تو احمد نے انہیں وی جے کا آڈیشن دینے کے لیے کہا اور اپنا نمبر دیا۔

    احمد بتاتے ہیں کہ انہیں اسریٰ پہلی نظر میں بہت اچھی لگی، نمبر دینے کے اگلے دن وہ بہت تیار ہو کر ان سے ملنے گئے لیکن ان کے ارمانوں پر اس وقت اوس پڑ گئی جب انہیں پتہ چلا کہ اسریٰ اس دن وہاں نہیں تھیں۔

    وہ اس دن اسریٰ کو ہر جگہ ڈھونڈتے پھرے، اس کے اگلے دن ملاقات ہوئی تو علم ہوا کہ اسریٰ نے ان کا غلط نمبر لکھ لیا تھا۔

    اس کے بعد دونوں کی دوستی بڑھتی گئی اور 5 سال کے بعد دونوں نے ایک ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

    احمد گوڈیل نے رواں برس ستمبر میں شادی کی۔ فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انہوں نے اپنے نکاح کی تصویریں شیئر کی تھیں جس میں انہوں نے آف وائٹ شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی جبکہ ان کی اہلیہ بھی آف وائٹ رنگ کے عروسی جوڑے میں ملبوس ہیں۔

    احمد گوڈیل نے مداحوں کو اپنی شادی کی خوشخبری دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’2020 میں کہ جب ہر بُری چیز وقوع پذیر ہورہی ہے تو ایسے میں مَیں ایک خوشخبری آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے لگا ہوں اور وہ یہ ہے کہ میں نے شادی کر لی ہے۔‘

  • سلمان سعید اور علینہ کی شادی کیسے ہوئی؟

    سلمان سعید اور علینہ کی شادی کیسے ہوئی؟

    کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی سلمان سعید نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کیں۔

    معروف اداکار ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی سلمان سعید اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شریک ہوئے اور اپنی نئی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بہت کچھ بتایا۔

    سلمان سعید نے، جو خود بھی اداکار ہیں اور متعدد ڈراموں میں مختصر کردار ادا کرچکے ہیں، ندا یاسر کے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیے۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ علینہ فاطمہ بھی موجود تھیں۔

    ندا نے علینہ سے پوچھا کہ کیا ان کے گھر والوں کو شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیت سے رشتہ جوڑنے پر اعتراض تو نہیں تھا؟ جس پر علینہ نے بتایا کہ وہ اور سلمان بہت اچھے دوست تھے اور اسی وجہ سے ان کے گھر والوں نے بھی اس رشتے کو قبول کرلیا۔

    علینہ نے بتایا کہ سلمان ان کا بہت خیال رکھتے ہیں اور انہیں سمجھتے ہیں اسی وجہ سے انہیں اندازہ ہوا کہ یہی ان کی زندگی کے بہترین ساتھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

    ندا کے پوچھنے پر سلمان نے اہلیہ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، انہوں نے کہا کہ علینہ بہت سادہ، سچ بولنے والی، محبت کرنے والی اور سب کا خیال رکھنے والی شخصیت ہیں۔

    پروگرام کے دوران نوبیاہتا جوڑے نے ندا یاسر کے دیگر سوالات کے بھی دلچسپ جوابات دیے۔

    خیال رہے کہ سلمان سعید کی شادی کی تصاویر کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ ان کی شادی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی تھی۔

  • آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کا آسان ٹوٹکا

    آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کا آسان ٹوٹکا

    آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے چہرے کی خوبصورتی کو ماند کردیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سیاہ حلقوں کو ختم کرنے کے لیے طرح طرح کے ٹوٹکے آزمائے جاتے ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں سیاہ حلقے ختم کرنے کا نہایت آسان اور آزمودہ طریقہ بتایا گیا جسے آپ بھی آزما سکتے ہیں۔

    اس کے لیے دو چمچ کچے دودھ میں ایک چمچ عرق گلاب ملائیں اور اس میں کاٹن پیڈ بھگو کر فریج میں رکھ دیں۔

    ٹھنڈا ہونے کے بعد کاٹن پیڈ نچوڑیں اور 10 سے 15 منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھیں۔ یہ ٹوٹکا روزانہ آزمانے سے 10 دن میں سیاہ حلقوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔