Tag: گڑھے

  • پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر 4 بچے جان سے گئے

    پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر 4 بچے جان سے گئے

    بھارت کے مہاراشٹر کے یوت مال ضلع کے دوارہا میں ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، ریلوے فلائی اوور کی تعمیر کے لیے کھودے گئے ایک گہرے گڑھے میں ڈوب کر 4 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بچے فلائی اوور تعمیر کے مقام کے قریب کھیل رہے تھے۔ کھمبے لگانے کے لیے کھودا گیا بڑا گڑھا بارش کے پانی سے بھر گیا تھا۔

    خدشہ ہے کہ بچے کھیلتے کھیلتے اس میں گر گئے یا ممکنہ طور پر تیرنے کی کوشش میں ناکام رہنے کی وجہ سے ڈوب گئے۔ آس پاس کے لوگوں نے بچوں کو گڑھے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق مرنے والے بچوں کی شناخت ریحان اسلم خان (13)، گولو پانڈرنگ نارن ورے (10)، سومیا ستیش کھڈسن (10) اور ویبھو آشیش بودھلے (14) کے طور پر ہوئی ہے۔

    پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، وہیں انتظامیہ نے تعمیراتی کمپنی کی لاپروائی کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    بھارت میں شدید بارشوں سے معمولات زندگی مفلوج، اسکول و کالج بند

    بھارت کے مہاراشٹر میں موسلا دھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، اب تک ریاست میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو سو سے زیادہ افراد بادل پھٹنے اور سیلابی صورتحال میں پھنس گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بارش سے سب سے زیادہ متاثر ممبئی ہوا ہے، جہاں موسلا دھار بارش ہورہی ہے، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، گاڑیاں پانی میں پھنسی ہوئی ہیں۔

    طوفانی بارش میں طیارے کی لینڈنگ کی ویڈیو وائرل

    رپورٹس کے مطابق شدید بارش کے سبب ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے، موسم کی صورتحال دیکھتے ہوئے سبھی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اگست صبح ساڑھے آٹھ بجے سے 19 اگست صبح ساڑھے پانچ بجے تک وکرولی میں 194.5 ملی میٹر، سانتا کروز میں 185 ملی میٹر، جوہو میں 173.5 ملی میٹر اور بائیکولا میں 167 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • گڑھے میں گرنے والی مسافر بس کو ریسکیو کرنے کی ویڈیو وائرل

    گڑھے میں گرنے والی مسافر بس کو ریسکیو کرنے کی ویڈیو وائرل

    نیویارک: امریکا کی شمال مشرقی ریاست میں بس کو خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں خوش قسمتی سے ڈرائیور اور 56 سالہ خاتون مسافر معمولی زخمی ہوئیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی شمال مشرقی ریاست پنسلوانیا کے شہر پٹسوبرگ میں بس سڑک پر سے گزر رہی تھی کہ اس دوران گہرا گڑھا ہوا جس میں گاڑی گری گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے البتہ ڈرائیور اور 56 سالہ مسافر خاتون کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔

    پٹسو برگ سٹی کے حکام نے گڑھے سے بس کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا جس کی ویڈیو ٹویٹر کے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق گڑھے میں گرنے والی بس کو دو کرینوں کی مدد سے باہر نکالا گیا جس کے بعد اُسے گیراج منتقل کردیا، حکام نے سڑک پر ہونے والے گڑھے کو بھرنے کے اقدامات بھی شروع کردیے۔

    پبلک سیفٹی ڈائریکٹر وینڈیل کا کہنا تھا کہ بس کے ساتھ پیش آنے والا حادثہ اتفاقی تھا، ڈرائیور گاڑی کو تیسری لین پر چلا رہا تھا۔

  • زمین میں تباہ کن گڑھے کیوں پڑ جاتے ہیں؟

    زمین میں تباہ کن گڑھے کیوں پڑ جاتے ہیں؟

    زمین میں بڑے بڑے گڑھے پڑ جانا ایک ایسا عمل ہے جو نہایت نقصان کا سبب بنتا ہے۔ اگر یہ کسی رہائشی مقام پر اچانک نمودار ہوجائیں تو گھروں کو گرا دیتے ہیں جن کے باعث لوگوں کی ہلاکت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں زمین میں یہ گڑھے کیوں پڑتے ہیں؟

    عام طور پر یہ ایک قدرتی جغرافیائی عمل سمجھا جاتا ہے لیکن یہ ایک غلط فہمی ہے۔ زمین پر یہ تباہ کن گڑھے ہم انسانوں کی وجہ سے نمودار ہوتے ہیں۔

    دراصل ان کا سبب زمین کے اندر بچھائے جانے والے فراہمی آب یا سیوریج کے بڑے بڑے پائپ ہوتے ہیں۔

    یہ پائپ بعض اوقات کہیں کہیں سے خستہ ہوجاتے ہیں جس کے بعد وہاں سے پانی لیک ہونے لگتا ہے۔

    بعض اوقات یہ پائپ مکمل طور پر ٹوٹ کر 2 حصوں میں بھی تقسیم ہوجاتے ہیں جس کے بعد پانی کے ریلے زیر زمین بہنے لگتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ہماری زمین کی گہرائی میں کیا ہے؟

    یہ پانی اس مقام سے مٹی کو بہا دیتا ہے جس کے بعد آہستہ آہستہ وہ مقام کھوکھلا ہوتا جاتا ہے۔ یہ عمل کئی دن، مہینوں یا ہفتوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

    اس کے بعد ایک وقت ایسا آتا ہے کہ زمین کی اوپری سطح کے نیچے سے مٹی بالکل ختم ہوجاتی ہے اور زمین کی سطح زور دار طریقے سے ٹوٹ جاتی ہے جس سے اس وقت اس مقام پر موجود گاڑیاں یا افراد نیچے گڑھے میں آ گرتے ہیں۔

    یہ عمل بھاری مالی و جانی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔