لاہور میں گزشتہ دنوں ایک گھر میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی چوری کی واردات ہوئی جس کا ماسٹر مائنڈ سابق ملازم نکلا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں گزشتہ دنوں جوہر ٹاؤن کے علاقے میں ایک گھر میں چوری کی بڑی واردات ہوئی تھی۔ جس میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت نقدی، سونا، غیر ملکی کرنسی اور دیگر سامان لوٹا گیا۔
جوہر ٹاؤن پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا تو انکشاف ہوا کہ اس واردات کا ماسٹر مائنڈ اسی گھر کا سابق ڈرائیور نکلا۔
ایس پی صدر نے اس حوالے سے بتایا کہ اس چوری کا اصل منصوبہ ساز اسی گھر کا سابق ڈرائیور علی رضا ہے، جس نے اپنے دوست راشد کے ساتھ مل کر پرانے مالک کے گھر میں چوری کا منصوبہ بنایا تھا۔
ایس پی کے مطابق علی رضا نے گھر کے افراد کی غیر موجودگی میں دوست کے ساتھ مل کر واردات کی اور مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ ملزمان سے 40 ہزار سعودی ریال، 25 تولے سونا، قیمتی گھڑیاں اور پستول برآمد ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں گھر میں چوری کی بڑی واردات ہوئی تھی۔ جس میں ایک کروڑ روپے اور 80 تولہ سونا چرایا گیا تھا۔
پولیس نے ملزم کو ٹریس کر کے اوکاڑہ سے گرفتار کیا اور وہ بھی اس گھر کا سابق ڈرائیور تھا۔
https://urdu.arynews.tv/theft-gold-lahore-former-driver/