Tag: گھروں

  • الحدیدہ میں حوثیوں کی طرف سے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کردیا گیا

    الحدیدہ میں حوثیوں کی طرف سے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کردیا گیا

    صنعاء : یمن کے عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ غیر معمولی نوعیت کی چڑھائی کے سلسلے میں بہت تیزی سے مورچے قائم کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کے الحدیدہ شہر میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی کمیٹی’ آر سی سی‘ میں شامل حکومتی کمیٹی نے الزام عاید کیا ہے کہ یمن کے مغربی شہر الحدیدہ میں باغی حوثی ملیشیا نے رہائشی عمارتوں میں میں مورچہ بندی کی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت باغی ملیشیا کی جانب سے وسیع پیمانے پر تین حملوں میں ناکامی کے بعد سامنے آئی ہے۔آئینی حکومت کی طرف سے قائم کردہ ٹیم کے سربراہ میجر جنرل صغیرحمود عزیز نے اقوام متحدہ کے عہدیدار جنرل مائیکل لولسیگارڈ سے حوثی ملیشیا کی جانب سے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کرنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یمنی مشترکہ مزاحمت کے زیر انتظام عسکری میڈیا نے الحدیدہ میں الخمسین اسٹریٹ کے نزدیک رہائشی عمارتوں میں حوثی عناصر کی جانب سے مورچے قائم کرنے کی کارروائی کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔

    عسکری ذرائع کے مطابق غیر معمولی نوعیت کی چڑھائی کے سلسلے میں بہت تیزی سے مورچے قائم کیے جا رہے ہیں، اس دوران باغیوں کی جانب سے فائرنگ، گولہ باری اور دراندازی کی کوششوں کے علاوہ آزاد کرائے جانے والے رہائشی علاقوں میں وسیع پیمانے پر حملوں اور پیش قدمی کی سر توڑ کوشش کی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق حوثی ملیشیا اقوام متحدہ کے زیر سرپرستی اعلان کردہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الحدیدہ شہر میں آزاد کرائے جانے والے علاقوں اور محلوں میں رہائشی علاقوں پر بھاری گولہ باری کر رہی ہے، ملیشیا نے دسمبر میں دستخط کیے گئے سویڈن معاہدے پر عمل درامد سے بھی انکار کر دیا ہے۔

    اس سے قبل عسکری ذرائع نے خبردار کیا تھا کہ مغربی ساحل کے محاذوں پر اور الحدیدہ شہر کے اندر مسلح جتّھے نقل و حرکت کر رہے ہیں، اس کے علاوہ صوبے کے باہر سے کُمک بھی منگوائی جا رہی ہے۔

    عسکری ذرائع کے مطابق ادھر اقوام متحدہ الحدیدہ کے حوالے سے سویڈن معاہدے پر عمل درامد میں پیش رفت کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ اس میں الحدیدہ شہر اور اس کی بندرگاہوں سے حوثی ملیشیا کا انخلا شامل ہے۔

  • معاوضہ کیوں نہیں دیا؟ بلڈر نے غصّے میں تیار کردہ گھروں کو مسمار کردیا

    معاوضہ کیوں نہیں دیا؟ بلڈر نے غصّے میں تیار کردہ گھروں کو مسمار کردیا

    لندن : کنسٹرکشن کمپنّی میں ملازمت کرنے والے شخص نے اُجرت ادا نہ کرنے پر ریٹائرڈ لوگوں کےلیے تیار کردہ گھر گرا دئیے اور سارے واقعے ویڈیو بھی بناتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی کنسٹرکشن کمپنی کے غیر ملکی ملازم ڈینئیل نیگو تنخواہ ادا نہ ملنے پر برہم ہوگیا اور اپنی ہی کمپنی کے تیار کردہ گھروں کو مسمار کرنا شروع کردیا، برطانوی عدالت نے ڈینئیل کو ریٹائرڈ لوگوں کے گھر مسمار کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 31 سالہ بلڈر ڈینئیل نیگو اپنی پوری کاروائی کے دوران سیٹیاں بجاتا رہا، گانے سنتا رہا اور ویڈیو بھی بناتا رہا۔

    بلڈر ڈینئیل گھروں کو تباہ کرتے ہوئے کہتا رہا کہ ’خوبصورت گھروں، کم زمین بوس ہورہے ہو پھر دوبارہ بنو گے، تمہاری تباہی کی وجہ میری اُجرت کی ادائیگی نہ کرنا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے ریٹائرڈ لوگوں کےلیے تیار پانچ گھروں کو مسمار کیا ہے جس کی کل مالیت 8 لاکھ 5 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 15 سے 16 کروڑ پاکستانی) بنتی ہے۔

    ڈینئیل کا کہنا تھا کہ ’کمپنی نے مجھے 16 پاؤنڈ تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی اس لیے میں نے انہیں سبق سکھانے کےلیے گھروں کو مسمار کردیا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے مذکورہ شخص کو جائے وقوعہ سے ہی گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا تھا۔

    ڈینیئیل کا کہنا تھا کہ میں واپس رومانیا جانا چاہتا تھا لیکن اُجرت نہ ملنے کے باعث نہیں جا پارپا تھا، اس لیے میں نے ادارے کو سبق سکھایا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عدالت نے بلڈر کو ریٹائرڈ افراد کے گھر مسمار کرنے کے جرم میں 4 برس قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکام دے دیا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈینئیل نیگو سنہ 2015 رومانیہ سے ملازمت کےلیے برطانیہ آیا تھا۔