Tag: گھریلو صارفین

  • گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری

    گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کردی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی  سے ہوگا، قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو500 ارب سے زائدریونیوحاصل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں گھریلوصارفین کیلئےگیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

    گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی ہوجائے گی جبکہ دیگرکیٹیگریز کےلیےگیس قیمتوں میں31 فیصد سےزیادہ اضافے کی منظوری دی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے گیس کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط میں شامل تھا، قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو500 ارب سے زائدریونیوحاصل ہوگا، حکومت دسمبر میں گیس کی قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لے گی۔

    اجلاس میں سعودی عرب سے ادھار تیل کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی، پیپرا رولز کا اطلاق نہیں ہوگا، سعودی عرب سے ادھار تیل کی سہولت یکم جولائی سے شروع ہو گی، پی ایس اوسعودی عرب سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کرے گا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان جیمز جیولری کمپنی کو ضمنی گرانٹس فراہم کرنے کی سمری منظور کرلی گئی۔

    یاد رہے پیٹرولیم ڈویژن نےگیس کی قیمتوں میں اضافےکی سمری ای سی سی کو ارسال کی تھی، جس میں گھریلو صارفین کیلئےگیس کی قیمت میں دوسو فیصد اور کمرشل صارفین کیلئےگیس اکتیس فیصد مہنگی کرنےکی تجویزدی گئی تھی۔

    سمری میں ماہانہ پچاس یونٹ والےگھریلو صارفین کیلئےگیس پچیس فیصد، سو یونٹ ماہانہ والوں کیلئے پچاس فیصد، اور دو سو یونٹ والے گھریلو صارفین کیلئے پچھتر فیصد گیس مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی جبکہ نیٹ ماہانہ تین سو یونٹ والے گھریلو صارفین کے لئے گیس کی قیمت میں سو فیصد اضافہ کرنے کی تجویز تھی۔

    کمرشل صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں اکتیس فیصد مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

  • گھریلو استعمال کی اشیاخریدنے والے صارفین کے لیے  خوشخبری

    گھریلو استعمال کی اشیاخریدنے والے صارفین کے لیے خوشخبری

    لاہور : حکومت نے مصنوعی مہنگائی کے خلاف ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری قیمتوں کی معلومات کے لیے ایپ متعارف کرادی ،عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ صارفین ایپ کے ذریعے مصنوعی مہنگائی کی شکایت کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گھریلو استعمال کی اشیاخریدنے والے صارفین کے لیے اچھی خبر آگئی ، حکومت نے مصنوعی مہنگائی کےخلاف ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کرلیا ہے ، سیالکوٹ میں سرکاری قیمتوں کی معلومات کے لیے ایپ متعارف کرادی گئی ہے۔

    "قیمت ایپ” کے ذریعے کھانے پینے کی اشیاء کے سرکاری نرخ معلوم کیے جاسکیں گے، ناجائز منافع لینے والے دکانداروں کے خلاف ڈپٹی کمشنر کاروائی کرے گا۔

    عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کر رہے ہیں، صارفین ایپ کے ذریعے مصنوعی مہنگائی کی شکایت جبکہ صارف دکانداروں کے رویے یا اضافی قیمت لینے کی شکایت کر سکیں گے۔

    عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے دی گئی، جدید طریقہ کار کے ذریعے ہیرا پھیری کرنے والا دکاندار ٹریس کیا جا سکے گا۔

    انھوں نے کہا ابتدائی طور پرایپ کا استعمال سیالکوٹ سے شروع کیا جا رہا ہے، منصوبہ کامیاب ہو گیا تو صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جا سکے گا۔

    مزید پڑھیں : عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی موثر نگرانی کا فیصلہ

    یاد رہےچند روز قبل  حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیائے خردونوش کی قیمتوں کی موثر نگرانی کا اعلان کیا تھا، وفاقی وزیر خسرو بختیارکا کہنا تھا کہ حکومت ذخیرہ اندوزی، منافع خوری کی روک تھام کے لئے پرعزم ہے۔

    واضح رہے یاد رہے کہ نئے مالی سال 2018-19کے ساتویں ماہ ( جنوری 2019 ) کے چوتھے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.07 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

  • گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری

    گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: موسم سرما کے 3 ماہ کے لیے گھریلو صارفین کو گیس لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہوگا تاہم صبح و شام کے اوقات میں گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سردیوں کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گھریلو صارفین کو دن کے اوقات میں گیس لوڈ شیڈنگ کا سامنا رہے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں گیس لوڈ شیڈنگ کی جائے گی تاہم صبح و شام کے اوقات میں گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق درآمدی صنعتوں کو 3 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے گی، دیگر صنعتوں کو سردیوں میں گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

    مذکورہ گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کا نفاذ 3 ماہ یعنی دسمبر سے مارچ تک کے لیے ہوگا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمت بڑھاتے ہوئے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز میں 300 فیصد سے زائد اضافہ کیا تھا۔ یہ گیس کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار اضافہ تھا۔

    اوگرا نے سرکاری دفاتر، اسپتالوں، مسلح افواج کے میس اور تعلیمی اداروں، رہائشی کالونیوں، کیپٹو پاور پلانٹس سمیت فلاحی اداروں کے لیے بھی گیس مہنگی کردی تھی۔

    قیمتوں میں اضافے کے بعد گیس کے ماہانہ فکسڈ چارجز 1 ہزار 53 روپے سے بڑھ کر 4 ہزار 680 روپے ہوگئے تھے۔

    علاوہ ازیں کمرشل صارفین، آئس فیکٹریوں، ہوٹلوں اور تجارتی مراکز کے لیے بھی گیس مہنگی کردی گئی تھی۔ ان صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 1 ہزار 225 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار 880 روپے کر دیے گئے تھے۔

  • گیس صارفین پر یکم اپریل سے گیس بم گرانے کا فیصلہ

    گیس صارفین پر یکم اپریل سے گیس بم گرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے تمام قسم کے صارفین کیلئے گیس مہنگی کرکے یکم اپریل سےعوام پر گیس بم گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، پندرہ سے ساٹھ فیصد تک گیس مہنگی کی جائیگی۔

    نواز حکومت نے ملک بھر کے گیس صارفین پر یکم اپریل سے گیس بم گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزارتِ پیٹرولیم کے حکام کے مطابق صنعتی صارفین کیلئے گیس 53فیصد مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

    کمرشل صارفین کیلئےگیس 18فیصد مہنگی کی جارہی ہے، کھاد کے کارخانوں کیلئے گیس کے نرخوں میں 64 فیصد تک کا ہوشربا اضافہ متوقع ہے، سی این جی صارفین کیلئےگیس 25فیصد تک مہنگی کئے جانے کا امکان ہے۔

    وزارتِ پیٹرولیم کے حکام کے مطابق کیپٹوپاورپلانٹس کیلئے گیس 30فیصد تک مہنگی ہونے کا امکان ہے، حکومت گھریلو صارفین کو بھی بخشنے کیلئےتیار نہیں ہے، گھریلو صارفین کے تیسرے سلیب کیلئے گیس 15فیصد تک مہنگی کی جارہی ہے۔

    گیس نرخوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن 22مارچ کے بعد جاری کردیا جائے گا۔

  • کوئٹہ:گیس پریشر میں کمی،سی این جی اسٹیشنز کی بندش کو 6روز ہوگئے

    کوئٹہ:گیس پریشر میں کمی،سی این جی اسٹیشنز کی بندش کو 6روز ہوگئے

    شدید سردی میں گھریلو صارفین کے لئے گیس پریشر میں کمی کو دور کرنے کے لئے کوئٹہ میں سی این جی اسٹیشنز آج چھٹے روز بھی بند ہیں، گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ تاحال جوں کا توں ہے۔

    کوئٹہ میں گزشتہ ہفتے چلنے والی شدید سردی کی لہر کے ساتھ ہی شہر میں گھریلو صارفین کے لئے گیس پریشر میں کمی کو دور کرنے کے لئے حکومت نے شہر کے بارہ سی این جی اسیٹشنز کو گیس کی سپلائی غیر معینہ کے لئے بند کردی تھی۔

    گزشتہ چھ روز سے سی این جی اسٹیشنز بند رہنے کے باعث سی این جی پر چلنے والی سینکڑوں گاڑیوں کا پہیہ رک گیا ہے لیکن سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی بند کرنے کے باوجود نواں کلی ‘ بروری روڈ اور سریاب روڈ کے مختلف علاقوں سمیت شہر کے نواحی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ دور نہیں ہوسکا ہے۔
       

  • سردی میں اضافہ:گیس کے گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے

    سردی میں اضافہ:گیس کے گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے

    سردی بڑھتے ہی طلب میں اضافے اور سوئی سدرن کے سسٹم میں پریشرکم ہونے نےکراچی سمیت سندھ اوربلوچستان کےکئی علاقوں میں گھریلو صارفین کے چولہوں کو ٹھنڈا کردیا۔

    سردی کیا بڑھی جیسے گیس استعمال کرنے والوں کی شامت ہی آگئی۔ سی این جی اسٹیشنز اور صنعتیں تو متاثر تھیں ہی اب گیس کی قلت اور سسٹم کی خرابی نے گھریلو صارفین کے چولہوں کو بھی ٹھنڈا کردیا۔

    سندھ اور بلوچستان کے زیادہ سردی والے علاقوں کی عوام کیلئے صورتحال اور بھی زیادہ خراب ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہےکہ گھریلوصارفین کیلئےگیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کررہے تاہم سردی بڑھتے ہی گیس کی طلب 150 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھکر 300 ایم ایم سی ایف ڈی ہوگئی ہے۔

    اس کے ساتھ دو گیس فیلڈ میں آنے والی خرابی نے بھی صورتحال خراب کرنے میں کردار ادا کیا۔ گیس پریشر میں کمی کے باعث بھی گیس صارفین تک نہیں پہنچ پارہی ہے۔ کراچی کے جن علاقوں میں گیس نہیں آرہی ہےاُن میں لیاری،کلفٹن،ڈیفینس کےبعض علاقے، کیماڑی،لائینز ایریا،بلدیہ اور اُورنگی ٹاؤن شامل ہیں۔

    سوئی سدرن کے اعلٰی حکام کے مطابق گیس لوڈ مینج کرنے کیلئے کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی میں کمی آئی ہے۔ جمعے کو سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے تاہم کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے کی شام چھے بجے سے پیر کو صبح آٹھ بجے تک اڑتیس گھنٹوں کیلئے گیس کی فراہمی بند رہے گی جبکہ اتوار کو صنعتی علاقوں کو گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔