Tag: گھر میں ڈاکو

  • کراچی سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک بھائی جاں بحق 3 زخمی

    کراچی سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک بھائی جاں بحق 3 زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق، 3 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن، شاہ بیگ گوٹھ کے قریب ایک گھر میں گھسے ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کے تین بھائی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

    زخمی بلال نے میڈیا کو بتایا ’’ہم چاروں بھائیوں کو گھر کے اندر ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں ماری گئیں، ہم سو رہے تھے کہ ماسک پہنے 5 سے 6 ڈاکو گھر میں گھس آئے۔‘‘ بلال نے بتایا ’’ڈاکوؤں کے پاس اسلحہ اور چھریاں موجود تھیں، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کی، اور گھر سے 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔‘‘

    زخمی بلال کے مطابق انھوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے بھی کر دیا ہے، انھوں نے بتایا کہ احسن آباد کے علاقے میں ان کی گوشت کی دکان ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک و زخمی تمام افراد اسپتال منتقل کیے گئے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ واقعےمیں زخمی ساجد کو کمر اور پیٹ میں 2 گولیاں لگی ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت دانیال کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں کے نام ساجد، بلال اور عامل ہیں، 7 ڈاکورات گئے گھر میں داخل ہوئے اور خواتین سے دست درازی کی، جس پر تینوں بھائی مشتعل ہو گئے اور مزاحمت کی، پولیس حکام کے مطابق اہل محلہ نے ایک ڈاکو پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا، شواہد کی مدد سے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • چونیاں: گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں کی درگت بن گئی

    چونیاں: گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں کی درگت بن گئی

    چونیاں: پنجاب کے تاریخی شہر چونیاں میں لوٹ مار کے لیے ایک گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں کی مراد بر نہیں آئی، الٹا ان کی دُرگت بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چونیاں کے علاقے الہ آباد کے نواحی گاؤں میں ایک گھر میں گھسنے والے تین ڈاکو اہل محلہ کے ہتھے چڑھ گئے، علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کی درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    تین ڈاکوؤں نے گاؤں کے رہایشی مقصود کے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بھی بنا لیا تھا تاہم گھر والوں نے شور مچا دیا، جسے سن کر علاقہ مکین اکھٹے ہو گئے۔

    محلے والوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر زد و کوب کیا، تشدد کے بعد ڈاکوؤں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا، پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ چونیاں کے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا

    یاد رہے کہ ستمبر 2019 میں قصور کی تحصیل چونیاں میں ویران جگہ سے لا پتا بچوں‌ کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں، اس کیس کے منظر عام پر آنے کے بعد پورے ملک میں سنسنی پھیل گئی تھی، بچوں کی لاشوں میں سے ایک لاش مکمل جب کہ دو کے صرف اعضا اور ہڈیاں ملی تھیں، وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت برتنے پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل اور ڈی پی او قصور کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

    بعد ازاں 26 ستمبر کی رات تفتیشی ٹیم نے جیو فرانزک کی مدد سے پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا، جس کی شناخت سہیل شہزاد کے نام سے ہوئی تھی۔ سہیل نے تفتیش کے دوران مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 5 بچوں کے قتل کا اعتراف کیا تھا۔