Tag: گھر کا صفایا

  • بھارت: لاک ڈاؤن میں گھر سے لاکھوں کی چوری

    بھارت: لاک ڈاؤن میں گھر سے لاکھوں کی چوری

    رامپور: بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں لاک ڈاؤن کے دوران چوروں نے ایک گھر کا صفایا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق رامپور کے علاقے تھانہ کنڈہ میں واقع ایک گھر سے چوروں نے لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاکھوں کی چوری کر لی۔

    اتوار کے روز کرونا کرفیو کے دوران چوروں نے ایک بند مکان کے تالے توڑے، اور تقریباً 13 تولہ سونا، 30 ہزار روپے نقدی اور اور دیگر سامان اٹھا کر لے گئے، واردات کی ایف آئی آر تھانہ کوتوالی میں درج کرائی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق چوروں نے واردات اس وقت کی جب اتوار کے روز کرفیو کے دوران سڑکوں اور گلی محلوں میں سناٹا چھایا ہوا تھا، متاثرہ کنبے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گھر کے تمام افراد عید کے موقع پر اپنے رشتہ داروں کے گھر دہلی گئے ہوئے تھے۔

    متاثرہ گھرانے کا کہنا تھا کہ جب دہلی سے واپس اپنے گھر لوٹے تو گھر کا تالا ٹوٹا ہوا ملا، اور گھر کے اندر تمام سامان بکھرا پڑا تھا، جب انھوں نے الماری کا لاکر چیک کیا تو اس میں رکھے تقریباً 13 تولہ سونے کے زیورات، اور 30 ہزار نقدی اور دیگر کئی اہم سامان غائب تھا۔

    افضال حسین کی اہلیہ زاہدہ انجم نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی چور چوری کر کے لے گئے۔

  • کراچی : نوسرباز دلہن نے ایک اور گھر کا صفایا کردیا، لاکھوں کی نقدی و زیورات لوٹ کر فرار

    کراچی : نوسرباز دلہن نے ایک اور گھر کا صفایا کردیا، لاکھوں کی نقدی و زیورات لوٹ کر فرار

    کراچی : نئی نویلی دلہن نے ایک اور گھر میں جھاڑو پھیر دی, گلستان جوہر کا رہائشی کاروباری شخص کامران خوبصورت چہرے کے پیچھے سب کچھ لٹا بیٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں خوبصورت دلہن پورے گھر کا صفایا کرگئی، مدعی کامران کے مطابق اس کی اہلیہ سمیعہ نے پہلے کامران کا سامنے کا دانت توڑا، ملزمہ12 لاکھ روپے کیش اور سونے کے کئی زیورات لے کر فرار ہوگئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق سمیعہ اپنے جعلی خاندان کے ذریعے اپنا شکار ڈھونڈتی ہے اور پھر سازش کے تحت شادی کرتی ہے، ملزمہ سمیعہ پہلے بھی کورنگی کے ایک رہائشی کو اپنا نشانہ بنا چکی ہے۔

    سابقہ شوہر اسے ڈھونڈتے ہوئے جعلی سالوں تک پہنچا تو انہوں نے سابقہ شوہر کی نہ صرف پٹائی کی بلکہ ویڈیو بھی بنا کر اس کے بھائیوں کو بھجوادی۔

    پولیس کے مطابق شادی سے قبل ظاہر کیے جانے والے خاندان کا کوئی بھی فرد اب ان پتوں پر موجود نہیں جن کا بتایا گیا تھا جبکہ شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شادی کے نام پر لڑکوں کو لوٹنے والی نوسرباز لڑکی کو سرگودھا پولیس نے گرفتار کیا تھا، ثنا نامی خاتون نے پانچ ماہ میں سات شادیاں کر کے گھروں کا صفایا کیا اور قیمتی سامان لے کر فرار ہوئی۔

    سرگودھا کے علاقے جوہر کالونی کی رہائشی 18سالہ ثنا نے5 ماہ میں7 شادیاں کیں اور اپنے شوہروں کو بے وقوف بنایا اور گروہ کے ساتھ مل کر گھروں کا صفایا کیا۔

    پولیس نے نوسرباز دلہن کے ہاتھوں لٹنے والے دو شہریوں کی درخواست پر کارروائی کی اور لڑکی کو گرفتار کیا، تفتیش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ لڑکی نے جعلی شادی کی کارروائیوں کے لیے ایک گروہ بنا رکھا تھا۔