Tag: گھر کا کھانا

  • گھر کا کھانا بنانے والا روبوٹ تیار

    گھر کا کھانا بنانے والا روبوٹ تیار

    دنیا بھر میں مختلف روبوٹس تیار کیے جارہے ہیں جو مختلف کام سرانجام دیتے ہیں، اب حال ہی میں ماہرین نے ایسا روبوٹ بھی تیار کرلیا جو گھر کا کھانا بنا سکتا ہے۔

    یہ باقاعدہ ہاتھ اور پاؤں والا روبوٹ نہیں بلکہ ایک اسمارٹ آلہ ہے جو 3 آسان مراحل میں کام کرتا ہے، اول کھانے کی ترکیب منتخب کریں، دوم اجزا ایک جگہ رکھیں، سوم چھوٹے مرتبان اجزا سے بھریں اور بٹن دبا دیں۔

    اس طرح اولیور ریسپی کو دیکھتے ہوئے بقیہ کام از خود کرلے گا۔ اس میں ایک ذہین باورچی چھپا ہے جو مزیدار کھانے، سالن، سوپ، چاول، پاستا، فجیتا اور دیگر بے شمار اقسام کے کھانے تیار کرسکتا ہے۔

    اس کے اوپر رکھے برتنوں سے وقفے وقفے سے اجزا نکل کر شامل ہوتے رہتے ہیں اور اندر موجود روبوٹک چمچ کھانے کو اپنے انداز سے تیار کرتا رہتا ہے۔

    کھانا بننے کے بعد اسے کھولنا، بند کرنا اور دھونا بہت آسان ہے کیونکہ اس کے اندر چمچہ اور ہانڈی بھی یہی روبوٹ ہے۔

    اس کے ایک یونٹ کی قیمت 630 ڈالر ہے جبکہ اس کی 2 سالہ وارنٹی بھی دی جارہی ہے۔

  • حمزہ شہباز گھر یا جیل کا کھانا کھائیں گے؟ عدالتی حکم جاری

    حمزہ شہباز گھر یا جیل کا کھانا کھائیں گے؟ عدالتی حکم جاری

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے گرفتار رہنما حمزہ شہباز جیل میں گھر یا جیل کا کھانا کھائیں گے، اس سلسلے میں احتساب عدالت نے اپنا فرمان جاری کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کی جیل میں گھر کے کھانے کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔

    احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا ہے کہ عدالت سپرنٹنڈنٹ جیل کو حمزہ شہباز کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کا حکم دیتی ہے۔

    احتساب عدالت نے کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو گھر کا کھانا فراہم نہ کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔

    جج نے ریمارکس دیے کہ سپرنٹنڈنٹ کس قانون کے تحت گھر کا کھانا دینے سے منع کرتا ہے، عدالت حمزہ شہباز کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

    اسپتال منتقلی کی حمزہ شہباز کی درخواست مسترد ہو گئی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کوٹ لکھپت جیل میں قید کے دوران پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی طبیعت خراب ہو گئی تھی، انھیں پیٹ میں درد اور قے کی شکایات تھیں، ٹیسٹ کرائے گئے تو حمزہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

    مسلم لیگ ن کی جانب سے حمزہ شہباز کو کرونا ہونے پر اتفاق اسپتال منتقلی کی درخواست دی گئی تھی، تاہم صوبائی محکمہ داخلہ نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا ہے۔

  • میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو گھر سے کھانا لانے کی اجازت دے دی

    میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو گھر سے کھانا لانے کی اجازت دے دی

    اسلام آباد: میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو گھر سے کھانا لانے کی اجازت دے دی، ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے سابق صدر کو پرہیز سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پمز کے ذرایع نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے تشکیل دیے جانے والے میڈیکل بورڈ نے پرہیز سمیت کئی قسم کی احتیاطیں تجویز کر دی ہیں۔

    ڈاکٹرز نے سابق صدر کو تا دیر کھڑے ہونے سے گریز کی ہدایت کے ساتھ گردن میں تکلیف پر نرم سرہانہ استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی، اور کھانے میں خصوصی احتیاط کی تجویز دی۔

    اسپتال ذرایع کے مطابق ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو گھر سے کھانا لانے کی اجازت دے دی ہے، ڈاکٹرز نے ہدایت کی کہ چکنائی اور نمک کا کم استعمال کیا جائے، مچھلی اور تھوڑی مقدار میں چکن بھی کھا سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع

    میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو دن میں 2 بار الیکٹرک مساج چیئر کے استعمال کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر کے طبی معائنے کے لیے چار رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، جس نے آصف زرداری کا بلڈ پریشر، شوگر ٹیسٹ کر وایا، ان کا بلڈ پریشر نارمل جب کہ شوگر لیول معمول سے کم نکلا، آصف زرداری کو گردن اور مہروں میں شدید تکلیف کے ساتھ کم زوری اور دھڑکن بے ترتیب ہونے کی شکایت ہے۔

    دوسری طرف احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔