Tag: گھر

  • مکڑی نے خاتون کے کان میں گھر بنا لیا، حیرت انگیز ویڈیو

    مکڑی نے خاتون کے کان میں گھر بنا لیا، حیرت انگیز ویڈیو

    چین میں ناقابل یقین طور پر ایک خاتون کے کان میں ایک مکڑی نے گھر بنا کر رہنا شروع کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی خاتون کو کان میں عجیب و غریب آواز سنائی دی جس پر وہ اسپتال پہنچ گئی وہاں معلوم ہوا کہ اس کے کان میں مکڑی نے اپنا گھر بنا کر رہنا شروع کردیا ہے۔

    برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبہ سیچوان صوبے کے اسپتال میں عملے نے بتایا کہ خاتون کے کام میں مکڑی کے داخل ہونے سے خاتون کو عجیب و غریب آوازیں آرہی تھی اور درد بھی ہورہا تھا۔

    جب ڈاکٹر نے خاتون کے دائیں کان کے اندر کیمرا داخل کر کے صورتحال کا پتا لگایا اور کان صاف کرنا شروع کیا تو اندر سے ایک مکڑی نکل آئی۔

    چینی ڈاکٹر ہان ژنگ لونگ نے بتایا کہ مکڑی کے بنائے ہوئے ٹشو کان کے پردے سے بہت ملتے جلتے ہیں، جب ہم نے قریب سے دیکھا تو لگا کہ وہاں کچھ ہل رہا ہے جس کو آخرکار ہٹا دیا گیا۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق خاتون کے کان میں موجود مکڑی زہریلی نہیں تھی اور خاتون کے کان کو بس معمولی نقصان پہنچا ہے۔

  • جائیداد کا لالچ: بھائی نے فائرنگ کر کے ماں، بھائیوں اور بھابھی کو قتل کردیا

    جائیداد کا لالچ: بھائی نے فائرنگ کر کے ماں، بھائیوں اور بھابھی کو قتل کردیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں جائیداد کے لالچ نے بھائی کا خون سفید کردیا، ملزم نے سحری کے وقت گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور اپنی ہی ماں، 2 بھائیوں، بھابھی اور بھتیجوں کو قتل کر ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن کے نواحی گاؤں بڑی راکھ میں جائیداد کے تنازعہ پر 7 افراد کو قتل کر دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بھائی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بھائیوں اور بھابھی سمیت 7 افراد کو قتل کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے سحری کے وقت بھائی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، فائرنگ سے ملزم کی ماں، بھابھی اور 3 بچوں کو قتل کردیا جبکہ 7 سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔

    بعد ازاں ملزمان نے 2 بھائیوں کو کھیت میں نماز کے لیے بنائی گئی جگہ پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔

    قتل ہونے والوں میں قاتل و مقتولین کی ماں، 2 بھائی شیر باز اور افتخار، افتخار کی اہلیہ اور ان کے 2 بیٹے اور 1 بیٹی شامل ہیں، اندوہناک واقعے میں زخمی 7 سالہ بچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • شاہ رخ خان کے گھر میں مشتبہ افراد داخل، پولیس حرکت میں

    شاہ رخ خان کے گھر میں مشتبہ افراد داخل، پولیس حرکت میں

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے گھر میں رات کے وقت 2 اجنبی افراد سیکیورٹی کو چکمہ دے کر اندر داخل ہوگئے، پولیس نے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت میں 2 اجنبی افراد داخل ہو گئے۔

    یہ واقعہ جمعرات کی رات ساڑھے 9 بجے پیش آیا ہے جس کی تحقیقات مقامی پولیس کر رہی ہے۔

    سورت سے تعلق رکھنے والے دونوں افراد نے سیکیورٹی گارڈز کو چکمہ دیا اور دیوار پھلانگ کر بنگلے میں داخل ہو گئے۔ بعد ازاں یہ افراد بنگلے کی تیسری منزل تک بھی پہنچ گئے۔

    سیکیورٹی اہلکاروں کی نظر پڑنے کے بعد انہیں پکڑ کر ممبئی پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

    ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ وہ گجرات سے آئے تھے اور شاہ رخ سے ملنا چاہتے تھے۔

    دوسری جانب احتیاط کے طور پر شاہ رخ خان کے بنگلے کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

  • ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    ترکیہ: زلزلہ زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر کا کام شروع

    انقرہ: ترکیہ میں زلزلے میں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کردیا گیا، 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق ترکیہ نے رواں ماہ کے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے، دوسری جانب ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ترکیہ میں ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ جمعے کی رات تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 218 ہوگئی جبکہ شام کے تازہ ترین اعلان کردہ اعداد وشمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 914 ہے۔

    ترک صدر رجب طیب اردوگان نے ایک سال کے اندر متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا وعدہ کیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ حکام کو تعمیرات میں حفاظتی معیار کو رفتار سے پہلے رکھنا چاہیئے۔

    ترکیہ حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کئی پراجیکٹس کے لیے ٹینڈرز اور کنٹریکٹس کیے گئے ہیں، یہ عمل بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کے لیے اضافی خیمے بھیجے گئے ہیں، لیکن متاثرین نے شکایت کی ہے کہ ان کو ٹینٹس کی کمی کا سامنا ہے۔

    ہاسا قصبے میں ایک اسکول کے باہر امداد حاصل کرنے کے لیے قطار میں کھڑے 67 برس کے میلک نے بتایا کہ ان کے 8 بچے ہیں اور وہ ایک خیمے میں رہ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بارشیں بھی جاری ہیں اور زمین بھی نم ہوچکی ہے۔

    ترکیہ حکومت کے ابتدائی منصوبے کے مطابق 2 لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار مکانات تعمیر کیے جانے ہیں جن پر 15 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔

    امریکا کے جے پی مورگن بینک کے تخمینے کے مطابق ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی رہائش گاہوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے لیے 25 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

  • لکی مروت: کراچی پولیس آفس حملے میں شامل دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر لکی مروت میں، کراچی پولیس آفس حملے کے دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران کفایت اللہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں کراچی پولیس آفس حملے کے دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔

    چھاپہ تھانہ صدر لکی مروت کی حدود گاؤں وانڈہ امیر میں مارا گیا، چھاپے کے دوران شدت پسند کفایت اللہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

    ڈی پی او کے مطابق کفایت اللہ گھر سے 3 ماہ قبل فرار ہو گیا تھا، گھر والوں کو علم نہیں تھا کہ کفایت اللہ کہاں چلا گیا، کراچی پولیس دفتر پر حملے کے بعد خاندان والوں کو پتہ چلا کہ کفایت اللہ پاکستان میں ہی تھا۔

    خیال رہے کہ جمعہ 17 فروری کی شب کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں میں شامل خودکش بمبارکی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا، دوسرا دہشت گرد لکی مروت کا رہائشی کفایت اللہ اور تیسرا دہشت گرد شمالی وزیرستان کا رہائشی مجید بلوچ تھا۔

  • ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    ورلڈ بینک سندھ میں سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات تعمیر کروائے گا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے جاری ہے، تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد کی سربراہی ریجنل ڈائریکٹر نے کی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے کسانوں کو بیج دینے کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کیے ہیں، ساڑھے 12 ایکڑ زمین رکھنے والے چھوٹے کاشت کاروں کو زیادہ رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے 25 ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو 5 ہزار فی ایکڑ بیج دینے کا وعدہ کیا ہے، محکمے چھوٹے کاشت کاروں سمیت کسانوں کی کل زمین کا ڈیٹا تشکیل دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں گھروں کی تعمیر کے لیے سروے شروع کردیا گیا ہے، سروے مکمل ہوتے ہی عالمی بینک سے ڈیٹا شیئر کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے گا، ورلڈ بینک نے گھروں کی تعمیر کے لیے 110 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے، کراچی میں بھی متاثرہ سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔

  • شاہ رخ کے گھر ’منت‘ کا کنٹرول کس کے ہاتھ میں ہے؟

    شاہ رخ کے گھر ’منت‘ کا کنٹرول کس کے ہاتھ میں ہے؟

    بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے محل نما گھر میں، جس کا نام منت ہے، نوکروں کی ایک فوج ہے، تاہم شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری اس قدر مصروف رہتے ہیں کہ ان کے گھر کا انتظام کسی اور شخص کے پاس ہے جو خود وہاں رہتا بھی نہیں ہے۔

    شاہ رخ خان کا محل یعنی منت بھی انہی کی طرح بے حد مقبول ہے، منت اس وقت صرف ایک بنگلہ نہیں ہے بلکہ ایک ٹورسٹ اسپاٹ بن چکا ہے۔ اس کے آگے تصویر کھنچوانے کے لیے ہزاروں افراد ہر وقت جمع رہتے ہیں۔

    حال ہی میں شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے بتایا ہے کہ منت کا باس کون ہے۔

    گوری نے بتایا کہ ان کا گھر ان کی والدہ سویتا چھیبا کے اشارے پر چلتا ہے جو دہلی میں رہتی ہیں، ان کی ماں دہلی سے منت کو ریموٹ کنٹرول کرتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ گھر کے اسٹاف کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں، واٹس ایپ کے ذریعے تصویریں شیئر ہوتی رہتی ہیں۔ گھر کا یہ حصہ گندا ہے، اس حصے میں صفائی کی ضرورت ہے، یہ سب چلتا رہتا ہے۔

    گوری کے مطابق ان کی والدہ ان سب میں خود کو مصروف رکھتی ہیں اور ان کے گھر کے اسٹاف کو کنٹرول کرتی رہتی ہیں۔

  • گھریلو ملازمین نے برطانیہ سے آئے شہری کے گھر کا صفایا کر دیا

    گھریلو ملازمین نے برطانیہ سے آئے شہری کے گھر کا صفایا کر دیا

    لاہور : برطانیہ سے آئے شہری کے گھر سے گھریلو ملازمین سوا 3کروڑ روپے لے اڑے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں تھانہ ڈیفنس اے کی حدود میں برطانیہ سے آئے شہری کے گھر میں سوا 3 کروڑ روپے کی چوری کی واردات ہوئی۔

    پولیس نے بتایا کہ چوری کی واردات شہری ڈاکٹر فیصل کے گھر پر گھریلوملازمین نے کی، جس میں چور شہری کے گھر سے ڈھائی کروڑ کے زیورات اور 2ہزار پاؤنڈز بھی لے گئے۔

    پولیس نے درخواست کے بعد شہری کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    مقدمے میں 3گھریلو ملازمین کو نامزدکیاگیا ہے تاہم پولیس نے ایک نامزد ملزم کو گرفتار بھی کر لیا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں دوسری بڑی وارداتیں ہوئیں تھیں، جس میں ملزمان 5 کروڑ روپے لے کر فرار ہوگئے تھے۔

    ایک گھر میں ڈھائی کروڑ روپے کی چوری ہوئی تھی ، جہاں گھریلو ملازمہ ساتھیوں کےہمراہ غیرملکی کرنسی ، سونا،لاکھوں روپے چوری کرکے فرار ہوئی۔

    دوسری بڑی واردات میں بھی ایک گھر سے ڈھائی کروڑ روپے کی ڈکیتی ہوئی ، جہاں 2 ڈاکوؤں نے گھرسے غیر ملکی کرنسی ، سونا لاکھوں روپے لوٹے۔

  • یہ پہیلی آپ کا دماغ چکرا کر رکھ دے گی

    یہ پہیلی آپ کا دماغ چکرا کر رکھ دے گی

    تصویری یا لفظی پہیلیاں بوجھنا دماغ کے لیے ایک اچھی خاصی مشق ہوتی ہے۔

    پہیلیاں بوجھنا دراصل ہمارے دماغ کو متحرک اور فعال کرتا ہے جس سے اس کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

    آج آپ کے لیے ایسی ہی ایک تصویری پہیلی پیش کی جارہی ہے جسے بوجھنا آپ کی ذہانت کی نشاندہی کرے گا۔

    اوپر تصویر میں آپ کو بہت سے گھر دکھائی دے رہے ہیں جو سب ہی ایک جیسے ہیں۔

    لیکن ایک گھر ذرا سا مختلف ہے، آپ نے اسی گھر کو ڈھونڈنا ہے، اور اس گھر کو ڈھونڈنے کے لیے آپ کے پاس صرف 10 سیکنڈز کا وقت ہے۔

    کیا آپ کامیاب ہوگئے؟

    آپ کی آسانی کے لیے ایک اشارہ دیا جارہا ہے کہ اس گھر کو دوسری قطار میں تلاش کریں۔

    صحیح جواب ہے۔

  • سوئمنگ پول میں اچانک گڑھا پڑ گیا، نہانے والے پھسل کر نیچے گرنے لگے، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سوئمنگ پول میں اچانک گڑھا پڑ گیا، نہانے والے پھسل کر نیچے گرنے لگے، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    اسرائیل میں ایک حیرت انگیز اور غیر معمولی واقعے میں اس وقت ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب سوئمنگ پول کے بیچوں بیچ اچانک گڑھا نمودار ہوا اور وہ شخص اس کے اندر گر گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق واقعہ مرکزی اسرائیل کے علاقے میں ایک گھر میں پیش آیا جہاں پول پارٹی جاری تھی۔

    گھر میں ایک جوڑا رہائش پذیر تھا تاہم پارٹی میں متعدد مہمان مدعو تھے جو سوئمنگ اور مشروبات سے لطف اندوز ہورہے تھے۔

    عینی شاہدین کے مطابق اچانک سوئمنگ پول کے درمیان زمین دھنس گئی اور گہرا گڑھا نمودار ہوا، وہاں موجود 30 سالہ شخص نیچے جا گرا جبکہ پول کا سارا پانی بھی نیچے چلا گیا۔

    موقع پر موجود افراد نے فوراً ریسکیو اداروں کو کال کی، ریسکیو اہلکاروں نے پول کے مزید گرنے کے خدشے کے تحت فوراً پول کے اندر جانے سے گریز کیا اور پہلے کیمرے کی مدد سے مذکورہ شخص کو تلاش کیا۔

    کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد مذکورہ شخص کو 15 میٹر نیچے ایک سرنگ سے نکالا گیا، تب تک اس شخص کی موت واقع ہوچکی تھی۔

    مقامی پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے جبکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ آیا مذکورہ جوڑے نے اپنے گھر میں موجود تمام سہولیات کے لیے ضروری لائسنس حاصل کیا تھا یا نہیں۔