Tag: گھر

  • لاہور میں گھر سے 4 لاشیں برآمد

    لاہور میں گھر سے 4 لاشیں برآمد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گھر سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں، چاروں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں واقع گھر سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں، مرنے والوں میں باپ اور اس کے 3 بچے شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چاروں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں لاہور کے علاقے امامیہ کالونی میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقتول تحصیل کچہری فیروزوالہ سے مریدکے جا رہے تھے۔

    لاہور : مکان کے تنازعے پر جھگڑا، فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق، چار زخمی

    اس سے قبل 10 نومبر 2019 کو لاہور کے علاقے باٹا پور 8مرلہ مکان کے تنازعہ پر دو گروپوں کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں اسپتال سے گرفتار کیا تھا۔

  • مہنگائی کےطوفان میں دبے عوام کےگھرنہیں توڑ سکتے، وزیراعلیٰ سندھ

    مہنگائی کےطوفان میں دبے عوام کےگھرنہیں توڑ سکتے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان میں دبے عوام کے گھر نہیں توڑ سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت جاری تجاوزات آپریشن میں متبادل کا انتظام کیے بغیرگھر نہیں توڑیں گے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی سے متعلق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو جب بھی عوام کی بھلائی کی بات کرتے ہیں تو نیب کا نوٹس آجاتا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیب میں کل پیش ہوں گے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے لیے نام وفاق کے کہنے پر دیے ہیں، امید ہے وزیراعظم جلد ان 5 ناموں میں سے ایک آئی جی سندھ لگا دیں گے۔

    غیر قانونی قبضہ ختم کرائیں، تمام کے تمام گھر گرا دیں ، چیف جسٹس کا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے چیف جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی کو حکم دیا تھا کہ کڈنی ہل پارک کی زمین پر غیر قانونی قبضہ ختم کرائیں ، تمام کے تمام گھر گرا دیں جبکہ میئرکراچی کو باغ ابن قاسم سے مکمل قبضہ 2 ہفتے میں ختم کرانے کا حکم دیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے کراچی شہر کا دوبارہ ڈیزائن بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا بتایا جائے کراچی کو جدید ترین شہر کیسے بنایا جا سکتا ہے جبکہ سول انجینئرز، ماہرین اور ٹاؤن پلانز سے مدد حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

  • عدالت نے اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی روک دی

    عدالت نے اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی روک دی

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے لاہور میں موجود گھر کی نیلامی سے روکتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے گھر کی نیلامی آج ممکن نہ ہوسکی، اسحاق ڈار کی اہلیہ نے ضلعی انتظامیہ کو نیلامی کے خلاف حکم امتناع تھما دیا، ضلعی انتظامیہ کی ٹیم آدھے گھنٹے بعد واپس روانہ ہوگئی ۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں موجود گھر 14 فروری 1989 کو اسحاق ڈار نے حق مہر کے عوض اپنی اہلیہ کو دیا تھا وکیل کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے تبسم اسحاق کی جانب سے نیب کے اقدام کے خلاف دائر دخواست 7 نومبر 2019 کو خارج کر دی تھی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کر دیا، عدالت نے 7 نومبر کے احتساب عدالت کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نیب کو نیب کو نوٹس جاری کر کے 13 فروری کو جواب طلب کر لیا۔

  • برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر 2 ارب کا گھر لے لیا

    برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر 2 ارب کا گھر لے لیا

    برطانوی شاہی خاندان کے چشم و چراغ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے کینیڈا میں جہاں اپنا نیا گھر خریدا ہے، کہا جارہا ہے کہ وہ گھر برطانوی نوآبادیات کاروں کی چرائی ہوئی زمین پر بنا ہے۔

    ٹوسوکی نامی قبیلے کے افراد کا دعویٰ ہے کہ کینیڈا کا یہ علاقہ ان کے آباؤ اجداد کی ملکیت تھا، 2 صدیوں قبل انہوں نے برطانوی تسلط کاروں سے ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت یہ زمین چند سو ڈالرز کے بدلے انہیں دے دی گئی۔

    قبیلے کی سربراہ تانیہ جمی نے زور دیا ہے کہ برطانوی جوڑے کو اس زمین کی تاریخ اور اہمیت سمجھنی چاہیئے، اس زمین کے نیچے ان کے آباؤ اجداد دفن ہیں۔

    وینکوور نامی یہ جزیرہ سنہ 1849 سے 1866 کے درمیان برطانوی تسلط میں تھا۔ یہاں پر پہلی برطانوی آباد کاری سنہ 1843 میں کی گئی۔

    اب شہزادہ ہیری نے یہیں پر اپنا وسیع و عریض گھر خریدا ہے جس کی مالیت 1 کروڑ 70 لاکھ (10.7 ملین) پاؤنڈز، لگ بھگ 2 ارب 16 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ہے۔

    تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس مینشن کا مالک کون تھا اور شہزادے نے یہ گھر کس سے خریدا ہے۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن اور بیٹے آرچی کے ساتھ جلد ہی کینیڈا میں ایک خود مختار اور آزاد زندگی کا آغاز کریں گے۔

    میگھن اور آرچی کینیڈا پہنچ چکے ہیں اور گزشتہ ہفتے ہیری ان سے ملنے آئے تھے تاہم جلد ہی وہ واپس برطانیہ لوٹ گئے جہاں ان کی شاہی مصروفیات ابھی جاری ہیں۔

    ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری، کچھ عرصہ قبل تک تخت نشینی کی قطار میں چھٹے نمبر پر تھے۔

    انہوں نے سنہ 2018 میں امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی تھی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے چند روز قبل شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے برطانیہ سے کہیں اور منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

  • گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

    گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    تفصیلات کے مطابق دلدوز حادثہ گجرات کے علاقے کوٹلہ میں پیش آیا، ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ اتنی شدید اور اچانک تھی کہ اہلخانہ کو بچاؤ کا موقع نہ مل سکا۔ اہل علاقہ نے گھر سے دھواں اٹھتے دیکھا تو مرکزی دروازہ توڑ کر گھر والوں کی مدد کرنے کی کوشش کی۔

    حادثے میں 3 خواتین اور 3 مرد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں اہلخانہ کے حوالے کردی جائیں گی۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ماں نسیم بی بی، بیٹا کاشف اور فیصل اور 3 بیٹیاں طیب، ضوبیہ اور مدیحہ شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی چلتی گاڑی میں آتشزدگی کے واقعے میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

    مذکورہ واقعہ کراچی میں دو منٹ چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں گاڑی اور رکشے میں ٹکر کے بعد آگ لگی، حادثے میں گاڑی میں سوار میاں بیوی 4 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

  • گھر کو ہی گیس اسٹیشن بنا دیا

    گھر کو ہی گیس اسٹیشن بنا دیا

    لاس ویگاس: امریکی شہر لاس ویگاس میں گھر میں بنایا گیا گیس اسٹیشن پکڑا گیا، پولیس نے غیرقانونی گیس اسٹیشن بنانے والے شخص کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر لاس ویگاس میں گھر کے اندر بنایا گیا گیس اسٹیشن پکڑا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں گیس اسٹیشن بنانا نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ ارد گرد میں موجود آبادی کے لیے بھی خطرہ ہے۔

    گھر میں بنائے گئے گیس اسٹیشن کی تصاویر بھی شہیر کی گئی ہیں جس میں گیس ٹینک دکھائی دے رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی گیس اسٹیشن کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں امریکی ریاست ٹینیسی کے گیس اسٹیشن پر لاکھوں پتنگے دیکھ کر جہاں کچھ لوگ حیران رہ گئے وہیں کچھ ان مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرتے نظر آئے جبکہ اسٹیشن ملازم پتنگوں کو ہٹانے کی کوشش میں ہلکان ہوتے رہے۔

  • رانا ثنا اللہ کو گھر کا کھانا دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    رانا ثنا اللہ کو گھر کا کھانا دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    لاہور: لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کو گھر کا کھانا دینے کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سیشن جج لاہور نے رانا ثنا اللہ کو گھر کا کھانا دینے کے حوالے سے درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو جیل میں کھانا دینے کے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی گئی۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو کئی بار گھر کا کھانے دینے کے حوالے سے درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہو رہی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے حقائق کے برعکس درخواست مسترد کی۔

    رانا ثناءاللہ کے وکیل نے کہا کہ رانا ثنا اللہ بیمار ہیں ان کی صحت کے لیے گھر کا کھانا دینے کی اجازت دی جائے۔ جیل قوانین کے مطابق زیر ٹرائل ملزم کو گھر کا کھانا دیا جا سکتا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما کے وکیل نے کہا کہ استدعا ہے کہ عدالت گھر کا کھانا دینے کا حکم دے۔ عدالت نے رانا ثناءاللہ کو گھر کا کھانا دینے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 22 جولائی کو لاہور کی مقامی عدالت نے رانا ثنااللہ کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

    واضح رہے کہ 2 جولائی کو انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا ، رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

  • خوبصورت زیورات جو گھر میں بھی بنائے جاسکتے ہیں

    خوبصورت زیورات جو گھر میں بھی بنائے جاسکتے ہیں

    کیا آپ کو معلوم ہے بازار میں بکنے والے تمام خوشنما زیورات بڑی بڑی فیکٹریوں میں تیار نہیں کیے جاتے، ان میں سے کچھ باآسانی آپ اپنے گھر میں بھی تیار کر سکتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر آپ ایسے زیورات تیار کرنے کی بہت سی ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں، ان زیورات کی فروخت سے تو زیادہ کمائی نہیں ہوتی البتہ یہ ویڈیوز بے حد پسند کی جاتی ہیں اور انہیں دیکھنے اور پسند کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے۔

    زیر نظر ویڈیو بھی ایسی ہی ہے جسے دیکھ کر آپ بھی اپنے لیے گھر میں نہایت خوبصورت زیورات تیار کرسکتے ہیں۔

    اس کے لیے آپ کو بازار سے زیورات کے کچھ خالی فریمز لینے کی ضرورت پڑے گی۔ ان فریمز میں بے رنگ یا مختلف رنگوں سے مزین گوند ڈال کر اس میں مختلف ننھی منی اشیا سجائی جاسکتی ہیں۔

    ان زیورات میں خشک پھول پودے بھی ڈالے جاسکتے ہیں۔ تیار ہونے کے بعد یہ زیورات نہایت دیدہ زیب معلوم ہوتے ہیں جنہیں آپ ہر قسم کے موقع پر پہن سکتے ہیں۔

  • سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا

    سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا

    لاہور: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا، بنگلے پر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مفرور شدہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا لاہور میں واقع بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا، اسحٰق ڈار کا 4 کنال 17 مرلے کا بنگلہ 7 ایچ ماڈل گلبرگ تھری میں ہے۔

    مذکورہ کارروائی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق نیب کی جانب سے فوری طور پر بنگلے کو قبضے میں لینے کی ہدایت دی گئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ بنگلہ سرکاری تحویل میں لے کر سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس نیب میں زیر سماعت ہے، اسحٰق ڈار کافی عرصے سے مفرور ہیں اور عدالتوں سے بچنے کے لیے بیرون ملک مقیم ہیں۔

    اس سے قبل اسحٰق ڈار کے اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کیے جاچکے ہیں۔ اسحٰق ڈار کے مختلف کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس چند ماہ پہلے منجمد کیے گئے تھے۔ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اسحٰق ڈار کی جائیداد قرقکی جاچکی ہے۔

    اسحٰق ڈار کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس کے مطابق اسحٰق ڈار کی موضع ملوٹ اسلام آباد میں واقع 6 ایکڑ اراضی فروخت کی جاچکی ہے، اراضی کیس کی تفتیش شروع ہونے سے پہلے فروخت کی گئی۔

  • اسرائیلی فوجی ایک بار پھرنہتے فلسطینیوں کے گھرمنہدم کرنے لگے

    اسرائیلی فوجی ایک بار پھرنہتے فلسطینیوں کے گھرمنہدم کرنے لگے

    بیت المقدس : مقبوضہ بیت المقدس کی وادی الحمص کے سربراہ نے بتایا ہے کہ اسرائیلی عدالت نے متاثرہ خاندانوں کو 18 جولائی تک مکانات مسمار کرنے کی مہلت دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے دارالحکومت یروشلم میں اسرائیلی بلدیہ کے عملے نے پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں صور باھر قصبے کے ساتھ واقع وادی الحمص پر دھاوا بولا اور گھروں کو مسمار کرنے کی دھمکی کے ساتھ گھروں کی پیمائش کی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ وادی الحمص کمیٹی کے سربراہ حمادہ حمادہ نے کہا کہ مکانات مسماری کی منصوبہ بندی میں 237 رہائشی اپارٹمنٹس شامل ہیں جہاں 500 لوگ آباد ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حمادہ نے کہا کہ یروشلم کی بلدیہ نے رہائشیوں سے اپنے مکانات خود مسماری کرنے کا کہا نہیں تو انہیں مسمار کر دیا جائے گا اور زبردستی جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی عدالت نے خاندانوں کو 18 جولائی تک کی مہلت دی ہے کہ وہ اپنے مکانات مسمار کر دیں۔ مطلوبہ مکانات کو دیوار علیحدگی کے ساتتھ واقع ہونے اور سکیورٹی کے لیے خطرہ ہونے کا بہانہ بنا کر مسمار کای ھا رہا ہے۔

    اسرائیلی قانون کے مطابق فلسطینیوں کے گھر دیوار سے 250 میٹر دور ہوں۔وادی الحمص میں 6000 فلسطینی آباد ہیں، مسماری کے بعد 500 لوگوں کو زیردستی وہان سے نکال دیا جائے گا۔