Tag: گھر

  • ان نقصان دہ اشیا کو اپنے گھر سے نکال باہر کریں

    ان نقصان دہ اشیا کو اپنے گھر سے نکال باہر کریں

    بعض لوگ اپنے گھر کو بہت سے سامان سے بھر دیتے ہیں جس کا مقصد ضرورت کے وقت کسی شے کی دستیابی، گھر کو خوبصورت بنانا اور سہولت پیدا کرنا ہوتا ہے۔

    تاہم ان میں سے کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو نقصان دہ بن سکتی ہیں اور ماہرین ایسی اشیا کو گھر میں نہ رکھنے کی تجویز دیتے ہیں۔ آئیں جانتے ہیں ایسی کون سی اشیا ہیں جو آپ کے گھر میں موجود ہیں اور آپ کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

    پلاسٹک کے ڈبے

    پلاسٹک کے ڈبے کچن اور فریج میں مختلف اشیا محفوظ کرنے کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہوتے ہیں لیکن یہ ڈبے آپ کے قاتل بھی بن سکتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں موجود پلاسٹک کے ڈبوں پر ’پی سی‘ لکھا ہے تو ایسے ڈبوں کو ایک لمحہ بھی سوچے بغیر کوڑے دان کی نذر کردیں۔

    پی سی کا مطلب ہے پولی کاربونیٹ، اس عنصر میں ایک زہریلا کیمیکل بسفینول اے (بی پی اے) شامل کیا جاتا ہے۔ یہ کیمیکل تنفس کے مسائل، امراض قلب، اور بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے۔

    پلاسٹک کے ان ڈبوں کی جگہ آپ شیشے کے ڈبے استعمال کر سکتے ہیں۔

    ایئر فریشنر

    گھر کو خوشبوؤں سے مہکا دینے والا ایئر فریشنر اپنے اندر بے شمار کیمیکلز رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی خوشبو طویل وقت تک موجود رہتی ہے۔ مستقل ایئر فریشنر کا استعمال آپ کی صحت کے لیے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

    خوشبو کے لیے پھولوں والے پودے گھر میں رکھے جاسکتے ہیں۔ گلاب و موتیا کے تازہ پھول بھی کمرے کو خوشبو سے مہکا دیتے ہیں۔

    پرانا ٹوتھ برش

    ٹوتھ برش کے استعمال کے عرصے کو کم رکھیں، ٹوتھ برش جراثیم ذخیرہ کرنے کی آئیڈیل جگہ ہے۔ ماہرین کے مطابق ہر 3 سے 4 ماہ بعد ٹوتھ برش تبدیل کر لینا چاہیئے چاہے وہ بہتر حالت میں ہی کیوں نہ موجود ہو۔

    ماہرین کے مطابق جب ہم بخار، نزلہ، زکام یا کسی اور بیماری کے دوران ٹوتھ برش استعمال کرتے ہیں تو بیماری کے جراثیم برش میں بھی جگہ بنا لیتے ہیں۔

    صحت مند ہونے کے بعد وہی ٹوتھ برش دوبارہ استعمال کرنا اس بیماری کو واپس بلانے کے مترادف ہے۔

    پرانے کپڑے

    پرانے اور غیر ضروری کپڑے جمع کیے رکھنا بے وقوفانہ عمل ہے۔ جن کپڑوں کی آپ کو ضروت نہ ہو انہیں کسی ضرورت مند کو دے دیں۔

    ماہرین کے مطابق ایسی الماری جس میں بے تحاشہ کپڑے ٹھنسے ہوں، ہر بار کھلنے پر آپ کو ذہنی تناؤ میں مبتلا کر دیتی ہے۔

    غیر ضروری کپڑے رکھنے سے آپ کا دماغ آپ کو یہ تاثر بھی دیتا ہے کہ آپ کے پاس بہت سے کپڑے موجود ہیں اور آپ کو خریداری کرنے کی ضرورت نہیں۔

    یہ دھوکہ اس وقت مشکل سے دو چار کر سکتا ہے جب آپ کو پتہ چلے کہ کسی اہم موقع کے لیے آپ کے پاس واقعی کوئی مناسب لباس موجود نہیں۔

    پلاسٹک کے کٹنگ بورڈ

    کٹنگ یا چوپنگ بورڈ سبزیاں کاٹنے کے عمل میں آسانی پیدا کرتا ہے تاہم اگر یہ پلاسٹک کا ہو تو آپ کی کٹی ہوئی سبزیوں کو جراثیموں سے بھر سکتا ہے۔

    ہر بار جب پلاسٹک کے کٹنگ بورڈ پر چھری سے خراش لگتی ہے تو اس میں جراثیموں کی رہائش کے لیے ایک نئی جگہ پیدا ہوجاتی ہے۔

    پلاسٹک کی جگہ لکڑی کے کٹنگ بورڈ استعمال کریں۔ لکڑی قدرتی طور پر اینٹی بائیوٹک خصوصیات رکھتی ہے لہٰذا اس پر کاٹی جانے والی سبزیوں سے آپ ایک صحت بخش کھانا تیار کرسکتے ہیں۔

  • بورس جانسن کے گھر بحث و تکرار پر پولیس پہنچ گئی

    بورس جانسن کے گھر بحث و تکرار پر پولیس پہنچ گئی

    لندن : برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ کے گھر سے بحث و تکرار کی بلند ہوتی تیز آوازوں نے پڑوسیوں کو پولیس سے مدد طلب کرنے پر مجبور کردیا، اہلخانہ کے تسلّی بخش بیان پر پولیس واپس چلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن اور ان کی ساتھی کیری سائمنڈ کے درمیان جمعے کے روز نامعلوم وجوہات پر تیز آواز میں بحث و تکرار ہونے پر پڑوسیوں نےپولیس کو بلایا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پڑوسیوں نے کیری سائمنڈ کو بلند آواز میں بورس جانسن سے یہ کہتے سنا تھا کہ ’چھوڑو مجھے اور میرے گھر سے نکل جاؤ‘۔

    میٹروپولیٹن پولیس نے خبر رساں ادارے ٍکو بتایا کہ ’گھر میں سب خیرت ہے اہلخانہ نے اطمئنان دلایا جس کے بعد پولیس اہلکار واپس چلے گئے۔

    پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’بورس جانسن کے گھر میں کارروائی کی وجہ نہیں تھی‘ جبکہ بورس جانسن کے ترجمان نے واقعے پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

    پڑوسی نے اخبار کو بتایا کہ ’اس کو گھر سے کسی خاتون کے چیخنے کی آواز آئی اور گھر سے کچھ ٹوٹنے کی بھی آواز آئی تھی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خارجہ خاتون سے کہہ رہے تھے کہ میں گھر سے نہیں جاؤں گا میرا لیپ ٹاپ جلدی میرے والے کرو۔

    برطانوی میڈیا کے کیری سائمنڈ کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ ایم پی نے ریڈ وائن صوفے خراب کردیا’تمہیں کسی چیز کی کوئی پرواہ نہیں کیوں تم خود خراب ہو،تمہیں پیسوں کی پرواہ ہے نہ کسی اور چیز کی‘۔

    خیال رہے کہ 55 سالہ بورس جانسن 10 پاؤنڈ مالیت کے اس گھر میں اپنی دوست کیری سائمنڈکے ساتھ مقیم ہیں۔

    بورس جانسن برطانیہ کی حکمراں جماعت ٹوری پارٹی کی سربراہی کے لیے انتخاب کی دوڑمیں سرِ فہرست ہیں ان کامقابلہ جریمی ہنٹ سے ہوگا، جو کامیاب ہو گا وہی برطانیہ کا اگلا وزیر اعظم ہو گا۔

  • صیہونیوں نے الخلیل سمیت متعدد علاقوں میں گھر مسمار کرکے زمین پر قبضہ کرلیا

    صیہونیوں نے الخلیل سمیت متعدد علاقوں میں گھر مسمار کرکے زمین پر قبضہ کرلیا

    غزہ : یہودیوں کی ناجائز ریاست اسرائیل کی صیہونی فوج نے دیگر علاقوں میں فلسطینیوں کے زیتون کے باغات کے درخت کاٹ کر پورا باغ اجاڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صیہونیوں کی ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کی فلسطینیوں کی سرزمین پر ناجائز قبضے کی پالیسی آج جاری ہے، یہودیوں نے الخلیل اور دیگر علاقوں میں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرکے زمین پر قبضہ کرلیا۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ظالم اسرائیلی فوج نے بلڈوزر لیکر الخلیل میں فلسطینیوں کو بندوق کے زور پر مجبور کیا کہ وہ اپنے گھروں کو خود منہدم کردیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صیہونی فوج نے مزید ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑتے ہوئے دیگر علاقوں میں فلسطینیوں کے زیتون کے باغات کے درخت کاٹ کر پورا باغ اجاڑ دیا۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس کی زمین پر قبضہ کرکے اسے ناجائز صیہونی ریاست کے دارالحکومت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، امریکی حکومت کی پیروی کرتے ہوئے مالدووا نے اعلان کیا کہ وہ اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کردے گا۔

  • سعودی خاتون نے گھر کو عجائب خانہ بنا دیا

    سعودی خاتون نے گھر کو عجائب خانہ بنا دیا

    ریاض : سعودی خاتون نے نسل نو ماضی کے طرز زندگی سے آگاہ کرنے کےلیے متروک اشیاء اپنے مکان میں جمع کرکے گھر کو عجائب خانے میں تبدیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی سعودی عرب کی رہائشی خاتون شرعا بنت فائز نے نوادرات و متروک ہوجانے والی اشیاء اپنے مسکن میں سجاکر عجائب گھر میں تبدیل کرکے شوق کو حقیقیت میں بدل کا روپ دے دیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی بیشہ گورنری میں مقیم خاتون نے اپنے مکان میں ایسے پندرہ سو نوادرات اور علاقے میں استعمال ہونے والی پرانی اشیاء جمع کررکھی ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ شرعا بنت فائز کے گھر میں موجود علاقے کی متروک ہوجانے والی اشیاء و نوادرات آج بھی مذکورہ علاقے کے باسیوں کے طرز زندگی اور تاریخ کو بیان کرتی ہے۔

    سعودی خاتون نے عرب میڈیا کو بتایا کہ متروک اشیاء جمع کرنے کا شوق بچپن سے ہی تھا جس میں بڑھتی عمر کے ساتھ مزید اضافہ ہوتا گیا۔

    شرعا بنت فائز کا کہنا تھا کہ ’اپنے گھر میں پرانے زمانے کی اشیاؑ اور نوادرات اکٹھا کرنے کا مقصد نئی نسل کو پرانے ماضی کی تہذیب اور اپنے آباؤ اجداد کے طرز زندگی سے آگاہ کرنا ہے کہ تاکہ وہ ان کے طرز زندگی، لباس اور گھروں میں استعمال ہونے والی اشیاء کا معائنہ کرسکیں۔

    سعودی خاتون نے بتایا کہ اس کے گھر میں موجود متعدد اشیاء و نوادرات خرید کر عجائب خانے میں رکھی گئیں ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی خاتون اپنے شوق کو سلائی کڑھائی میں واضح کیا اور اپنی تیار کرتا اشیاء میں موجودہ دور میں پسند کیے جانے والے ڈیزائنز کو نمایاں کیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شرعا بنت فائز نے اپنے گھر کے عجائب خانے میں 130 برس پرانی بندوق اور سینکڑوں ایسی اشیاء موجود ہیں جو گزرے وقتوں میں انسانوں کے طرز زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔

  • سعودی عرب نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے دو متاثرین کو گھر دینے کا اعلان کردیا

    سعودی عرب نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے دو متاثرین کو گھر دینے کا اعلان کردیا

    ریاض : سعودی عرب نے کرائسٹ متاثرین کے خاندانوں کو گھر دینے کا اعلان کردیا، جن میں ایک پاکستانی اور ایک شام سے تعلق رکھنے والی فیملی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی عالمی تنظیم ”مسلم ورلڈ لیگ “نے کرائسٹ چرچ میں مسجد النور میں شہید ہونیوالے افراد کے دو خاندانوں کو گھر خرید کر دینے جبکہ باقی شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو رواں سال اپنے خرچ پر حج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا تھا کہ جن شہداء کے خاندانوں کو گھر دیا جائے گا ان میں ایک پاکستانی اور ایک شام سے تعلق رکھنے والی فیملی شامل ہے۔

    مسلم ورلڈ لیگ کے ریجنل ڈائریکٹر مصحب ایبن نے میڈیا کو بتایا کہ ہم کرائسٹ چرچ کی مسلم کمیونٹی کو متحد اور مضبوط کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگست میں تمام متاثرین حج کیلئے تیار ہوں گے،وہ لوگ، شہید ہونیوالے دو خاندانوں کیلئے گھر بھی اگست تک تیار ہو جائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ جو اس سال زخمی ہونے کے باعث سفر نہیں کرسکیں گے ان کو آئندہ سال حج کرایا جائے گا، تقریبا سو سے زائد لوگ ہیں جن کو ہم نے رواں سال حج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس موقع پر النور مسجد میں شہید ہونیوالے پاکستانی شہری نعیم راشد کی بیوہ عنبرین نے بتایاکہ نیا گھر ملنا اورحج کےلئے جانا ہماری فیملی کےلئے لائف چینجنگ ہوگا، ابھی تک ہم غم سے باہر نہیں آسکے لیکن اپنا گھر اوراللہ تعالیٰ کے گھر میں جانے کی سعادت حاصل کرنا ہماری فیملی کے لیے بہت بڑا ریلیف ہوگا۔

    انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ تنظیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ اس تنظیم نے مشکل گھڑی میں ہماری مدد کی ہے، شام سے تعلق رکھنے والی فیملی کے رکن خالد مصطفی اورحمزہ مصطفی بھی مسجد النور میں فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہو گئے تھے ،تنظیم اس شامی فیملی کو بھی گھر دےگی۔

  • لاس اینجلس میں پولیس کی کارروائی، گھر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

    لاس اینجلس میں پولیس کی کارروائی، گھر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

    واشنگٹن : کیلی فورنیا پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار ہتھیار برآمد کرکے 57 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پولیس نے ایک نامعلوم ٹیلی فون کال پر لاس اینجلس شہر کے علاقے شمالی بیورلے گلین بلوارڈ کے ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ پولیس اہلکار جب دیگر اداروں کے ہمراہ صبح چار بجے 5 بیڈ رومز پر مشتمل مکان میں داخل ہوئی تو اسے غیر متوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گھر کے کمروں میں ہر طرف بندوقیں بکھری پڑی تھیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ 30 سکیورٹی اہلکاروں نے مسلسل 12 گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد مکان کے مختلف کمروں سے بندوقیں، پستول اور دیگر خود کار ہتھیار اکھٹے کر کے ان کی فہرست ترتیب دینے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گھر میں موجود شخص جیراڈ سائنز کو کیلی فورنیا کے اسلحہ رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی اور ممنوعہ ساخت کی بندوقیں رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں جدید خود کار ہتھیار اور 50 بور کی مشین گنز شامل ہیں، کیلی فورنیا کے قوانین کے تحت مخصوص حالات کے علاوہ جدید خودکار ہتھیاروں اور 50 بور کی مشین گن کی تیاری، فروخت اور منتقلی پر پابندی ہے۔

    حکام کے مطابق جیراڈ سائنز نے یہ اسلحہ فروخت کرنے کے لیے گھر کے مختلف حصوں میں چھپا رکھا تھا، لاس اینجلس پولیس کے لیفٹیننٹ کرس ریمرائز نے موقع پر موجود رپورٹرز کو بتایا کہ اسلحے کا ذخیرہ ٹرک میں ڈال کر گھر سے منتقل کر دیا ہے جسے ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    لیفٹیننٹ کرس ریمرائز کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا ذخیرہ ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی شخص اسلحے کا اتنا بڑا ذخیرہ کس طرح اپنے گھر میں جمع کر سکتا ہے، پولیس نے اسلحہ برآمد کرنے کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔

    فیڈرل لا انفورسمنٹ آرگنائزیشن کے ایک بیان میں کہا گیا کہ جیراڈ سائنز فیڈرل لائسنس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر میں ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس فروخت کر رہا تھا۔ گرفتار ہونے والے جیراڈ سائنز کو 50 ہزار ڈالرز کے مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا۔

    لاس اینجلس میں جائیداد کا ریکارڈ رکھنے والے محکمے کے مطابق جس گھر سے اسلحہ برآمد ہوا وہ گھر بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی کی پارٹنر سنتھیا بیک کی ملکیت ہے، سنتھیا بیک کی گورڈن گیٹی سے تین بیٹیاں بھی ہیں۔

    سنتھیا بیک نے یہ گھر جنوری 2001 میں خریدا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان واقعات سے سنتھیا کا کوئی تعلق ہے یا نہیں، بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی اور سنتھیا بیک سنہ 1999 میں اس وقت خبروں میں آئے جب یہ راز افشا ہوا کہ گیٹی نے ایک ہی شہر میں رہتے ہوئے دو شادیاں کر رکھی ہیں اور دوںوں کو خفیہ رکھنے میں طویل عرصے تک کامیاب رہے۔

    ریکارڈ کے مطابق حالیہ برسوں میں سنتھیا بیک نے لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں کئی جائیدادیں خریدیں۔ انہوں نے چند جائیدادیں جیراڈ سائنز کے ساتھ مل کر بھی خریدیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا بیک اسی گھر میں ہی رہتی ہیں جہاں سے اسلحہ برآمد ہوا یا نہیں۔ بیک کا موقف معلوم کرنے کے لیے ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

  • خاشقجی کے بچوں کو خون بہا میں گھر، لاکھوں ڈالر دئیے گئے، امریکی اخبار کا دعویٰ

    خاشقجی کے بچوں کو خون بہا میں گھر، لاکھوں ڈالر دئیے گئے، امریکی اخبار کا دعویٰ

    واشنگٹن : امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ سعودی عرب نے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے چاربچوں کو خون بہامیں لاکھوں ڈالر مالیت کے گھر اور ماہانہ بنیادوں پر لاکھوں ڈالر رقم دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام اور دیگر افراد نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمال خاشقجی کے دو بیٹوں اور دوبیٹیوں کو آئندہ چند ماہ میں سعودی صحافی کے قاتلوں کا ٹرائل مکمل ہونے پر خون بہا سے متعلق مذاکرات کے تحت مزید لاکھوں ڈالر دیئے جاسکتے ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت، جمال خاشقجی کے اہلخانہ سے طویل المدتی مفاہمت کی کوشش کر رہی ہے تاکہ انہیں سعودی صحافی کے قتل پر تنقید سے باز رہنے پر آمادہ کیا جاسکے۔

    سابق عہدیدار کے مطابق گزشتہ برس کے آخر میں شاہ سلمان کی جانب سے ان گھروں اور 10 ہزار ڈالر یا اس سے زائد ماہانہ آمدن کی منظوری دی گئی تھی اور اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ ایک بڑی ناانصافی ہوچکی ہے اور یہ غلط کو صحیح کرنے کی کوشش ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان محمد بن سلمان اور کی پالیسیوں کے سخت ناقد صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دولت کا سہارا لے رہا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عہدیدار نے جمال خاشقجی کے اہلخانہ کو دی گئی رقم کو ملک میں طویل عرصے سے انتہا پسند جرائم یا قدرتی آفات کے متاثرین کو فراہم کی جانے والے مالی تعاون کی روایت قرار دیا۔

    انہوں نے اس بات کو مسترد کردیا کہ ان ادائیگیوں کے بدلے جمال خاشقجی کے خاندان کو خاموشی اختیار کرنی ہوگی۔

    عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ تعاون ہماری روایت اور ثقافت کا حصہ ہے یہ کسی اور چیز سے نہیں جڑا ہوا۔

    ابتدائی طور پر جمال خاشقجی کے تمام بچوں کو جدہ میں گھر دیئے گئے ہیں اور ہر گھر کی مالیت 40 لاکھ ڈالر ہے، یہ جائیدادیں ایک ہی کمپانڈ میں موجود ہیں جن میں ان کے بڑے بیٹے صلاح خاشقجی کو مرکزی حصہ دیا گیا ہے۔

    جمال خاشقجی کے اہل خانہ کے قریبی ذرائع کے مطابق صلاح خاشقجی جدہ میں بینکر کے طور پر کام کررہے ہیں اور مستقبل میں سعودی عرب میں ہی رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی صحافی کے باقی بچے امریکا میں مقیم ہیں اور ان کی جانب سے یہ نئی جائیدادیں بیچنے کی توقع ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی کے بڑے بیٹے صلاح سمیت دیگر بچوں سے اس معاملے پر رابطے کی کوشش کی گئی تھی تاہم انہوں نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا یہاں تک کہ ان کے وکیل ولیم ٹیلر نے بھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد کے بھائی اور امریکا میں سعودی عرب کے سابق سفیر خالد بن سلمان نے صحافی کے اہلخانہ سے مذاکرات کیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: جمال خاشقجی قتل کیس، تحقیقاتی رپورٹ جون میں جاری ہوگی، تحقیقاتی ٹیم اقوام متحدہ

    یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ سال ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں داخل ہوئے جس کے بعد وہ گمشدہ ہوگئے تھے، بعد ازاں اُن کے قتل کی خبر آئی۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی سعودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے صحافی کے قتل کی ترکی میں شفاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • وہ پودے جو سخت گرمی میں آپ کے گھر کو ٹھنڈا رکھیں گے

    وہ پودے جو سخت گرمی میں آپ کے گھر کو ٹھنڈا رکھیں گے

    موسم گرما کی آمد آمد ہے اور رواں برس جس طرح موسم سرما اپنے عروج پر رہا ایسے ہی موسم گرما بھی اپنی تمام تر شدت کے ساتھ ظاہر ہوگا۔

    گرمیوں کے موسم میں پنکھوں اور اے سی کا استعمال بڑھ جاتا ہے جس کے باعث بجلی کے بل میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

    ویسے تو گھروں میں پودے لگانا اور انہیں سرسبز رکھنا گھر کے مجموعی درجہ حرارت اور بجلی کے بل کو کم رکھتا ہے تاہم کچھ پودے ایسے بھی ہیں جو نہایت کم قیمت میں فوری طور پر آپ کے گھر کو ٹھنڈا کر سکتے ہیں۔

    آج ہم آپ کو ایسے ہی پودوں سے متعارف کروانے جارہے ہیں۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا کا پودا اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے، ایلو ویرا ہوا کو جراثیموں اور زہریلے اشیا سے پاک کر کے اسے صاف بناتا ہے جبکہ یہ کمرے کے درجہ حرارت میں بھی کمی کرتا ہے۔

    آریکا پام ٹری

    یہ پودا کم روشنی میں بھی ہرا بھرا رہتا ہے اور ہوا کو صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں کمی کرتا ہے۔

    ویپنگ فگ

    ویپنگ فگ نامی پودا گرمی سے پیدا ہونے والی بدبو کو ختم کر کے کمرے کی فضا کو خوشبو دار بناتا ہے جبکہ گرمی میں بھی کمی کرتا ہے۔

    بے بی ربڑ پلانٹ

    یہ پودا بھی کمرے کو ٹھنڈا رکھنے اور گرمی کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

  • ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5 بچے جاں بحق

    ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5 بچے جاں بحق

    ہرنائی: صوبہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں سمیت 6 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث ہرنائی کے علاقے زندہ پیر میں گھرلینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا، ماں اور 5 بچے جاں بحق جبکہ 2 سال کی بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

    ڈپٹی کمشنر عظیم جان دمڑ کے مطابق افسوس ناک حادثہ شدید بارش کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے پیش آیا جس کے نتیجے میں گھر کا ایک کمرہ مکمل طورپرملبے تلے دب گیا۔

    عظیم جان دمڑ کہنا ہے کہ لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال ہرنائی منتقل کردیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اٹک کے گاؤں اڑانگ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پشین میں مکان کی چھت گرنے سے4 بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ 5 فروری 2019 کو بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے یعقوب کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

  • لاہور: گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    لاہور: گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    آگ لگنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ جائے وقوع پر پہنچا اور دوران آپریشن میاں بیوی کی لاشوں کو نکال کراسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 37 سالہ منظور اور 32 سالہ نازیہ شامل ہیں، فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد آگ کی وجہ معلوم ہوگی۔

    جاں بحق افراد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ میاں بیوی لوگوں کے گھر کام کر کے گزربسرکرتے تھے، 5 بچے دوسرے کمرے میں موجود ہونے کے باعث محفوظ رہے۔

    راولپنڈی : شادی کے گھر میں آتشزدگی: پانچ خواتین جل کرجاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سکستھ روڈ پر واقع گھر میں آگ لگنے سے دلہن سمیت پانچ خواتین جل کر جاں بحق اور تین زخمی ہوگئی تھیں۔

    واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک لڑکی 24 سالہ ثناء طارق بھی شامل تھی، جس کی شادی دو روز بعد ہونا تھی۔

    لاہور: بیکری میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہورمیں برکت مارکیٹ کی بیکری میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔