Tag: گھنٹی

  • خاتون نے فریاد لے کر گورنر ہاؤس کے باہر لگی گھنٹی بجا دی

    خاتون نے فریاد لے کر گورنر ہاؤس کے باہر لگی گھنٹی بجا دی

    کراچی: گورنر ہاؤس کے باہر لگی گھنٹی شہریوں کی امید بن گئی ہے، کراچی کے علاقے بفرزون کی رہائشی فریاد لے کر گورنر ہاؤس پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر لگی گھنٹی کا مقصد پورا ہونے لگا ہے، ایک خاتون نے فریاد لے کر گورنر ہاؤس کے باہر لگی گھنٹی بجا دی۔

    خاتون نے گورنر سندھ سے شکایت کی کہ انھیں پولیس کی مدد سے گھر سے زبردستی بے دخل کر دیا گیا ہے، شکایت پر گورنرسندھ نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا، بعد ازاں تیموریہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خاتون کو گھر سے بے دخل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی، جس پر فوری طور پر عمل کیا گیا اور متاثرہ خاتون کو دوبارہ گھر میں رہائش کروائی گئی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دو دن کے دوران 40 سے زائد شکایات آ چکی ہیں، تقریباً 17 سے زائد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ جب تک کرسی پر ہوں میں اور گورنر ہاؤس عوام کے لیے حاضر رہے گا۔

  • گھنٹی کیوں بجائی؟ امریکی نے تین معصوموں کو بے دردی سے کچل دیا

    گھنٹی کیوں بجائی؟ امریکی نے تین معصوموں کو بے دردی سے کچل دیا

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک شقی القلب امریکی نے تین لڑکوں کو کار سے اس لیے بے دردی سے کچل دیا کیوں کہ وہ اس کے گھر کی گھنٹی بجا کر بھاگ گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق معصوم سی شرارت 3 بچوں کی جان لے گئی، ریاست کیلی فورنیا کے رہایشی تین دوستوں کو گھر کی بیل بجا کر بھاگنا ایک بھیانک انجام سے دوچار کر گیا، پڑوسی نے طیش میں آ کر تینوں کو گاڑی سے کچل ڈالا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 لڑکے کیلی فورنیا کے علاقے ریور سائڈ میں ڈنگ ڈانگ پرینک کر رہے تھے، وہ پڑوسی کے گھر کی گھنٹی بجا کر بھاگے تو غصیلے پڑوسی نے تعاقب میں گاڑی دوڑا دی اور چند فرلانگ کے فاصلے پر انھیں کچل ڈالا۔

    مقامی پولیس نے ملزم 42 سالہ انوراگ چندرا کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے، جہاں اس پر عمداً قتل کا مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ بچوں کے والدین نے غم زدہ لہجے میں میڈیا کو بتایا کہ نٹ کھٹ بچوں کو ہنسنے ہنسانے کا شوق تھا جو ان کی جان لے گیا۔

    مقامی حکام کے مطابق لڑکوں نے انوراگ چندرا کے گھر کی گھنٹی بجائی اور پھر بھاگ کر اپنی گاڑی میں چلے گئے، تاہم گھر کے مالک نے اپنی کار نکال کر ان کا پیچھا کیا اور پوری رفتار کے ساتھ گاڑی ان کی گاڑی سے ٹکرا دی، جس سے تین لڑکے ہلاک جب کہ تین زخمی ہو گئے۔

    خیال رہے کہ امریکا میں ڈنگ ڈانگ ڈچ کی شرارت میں لوگ کسی کے گھر کی گھنٹی بجا کر بھاگ جاتے ہیں، یہ شرارت ہمارے ہاں بھی بہت مقبول ہے اور عموماً بچپن میں اکثر لوگوں نے یہ شرارت کی ہے۔