Tag: گھوٹکی

  • گھوٹکی میں سڑک کنارے گنے کی کاشت پر پابندی عائد، وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    گھوٹکی میں سڑک کنارے گنے کی کاشت پر پابندی عائد، وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    سکھر: گھوٹکی میں سڑک کنارے 1500 میٹر کے فاصلے تک گنے کی کاشت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے کمشنر نے ایک انوکھا حکم جاری کیا ہے، گھوٹکی شہر کے مقامی کاشت کاروں کو کہا گیا ہے کہ وہ سڑک کنارے پندرہ سو میٹر کے فاصلے تک گنے کی کاشت نہیں کریں گے۔

    کمشنر سکھر فیاض عباسی نے کہا ’’موٹر وے، قومی شاہراہ سے 1500 میٹر کے فاصلے تک گنے کی کاشت نہ کی جائے، گنے کی فصل کی وجہ سے واردات کے بعد ملزمان آسانی سے فرار ہو جاتے ہیں۔‘‘

    انھوں نے بتایا کہ یہ پابندی ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور ایس ایس پی کی سفارش پر لگائی گئی ہے، اور امن و امان کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت صوبہ سندھ میں کچے کے علاقے کے ڈاکو حکومت اور انتظامیہ کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں، متعدد آپریشنز کے باوجود پولیس اور رینجرز ڈاکوؤں پر قابو نہیں پا سکے ہیں، دوسری طرف کچے کے ڈاکوؤں کی وارداتیں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، نہ صرف سندھ بلکہ پنجاب اور کے پی کے مختلف علاقوں سے بھی شہریوں کے اغوا کی وارداتیں ہو رہی ہیں۔

  • قبائلی تنازع نے 5 افراد کی جان لے لی

    قبائلی تنازع نے 5 افراد کی جان لے لی

    گھوٹکی: سرحد تھانہ کی حدود گنگی کے قریب قبائلی تنازع نے 5 افراد کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تھانہ سرحد کی حدوں گاؤں جام بجار ساوند پر ملزمان نے دھاوا بول دیا، فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے  جبکہ تین افراد شدید زخمی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے،  واقعہ دو قبائل کی دشمنی کا نتیجہ ہے، گزشتہ روز بھی قادرپور کے علاقے میں سندرانی قبیلے کے ایک شخص کو قتل کیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں کشیدگی کی روکنے کے لیے علاقے کا گھیراؤ کرلیا۔

  • اگلے 30 سال بلاول بھٹو وزیراعظم بن کر عوام کی خدمت کریں گے: مراد علی شاہ

    اگلے 30 سال بلاول بھٹو وزیراعظم بن کر عوام کی خدمت کریں گے: مراد علی شاہ

    گھوٹکی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی نے کہا ہے کہ اگلے 30 سال بلاول بھٹو  وزیر اعظم بن کر عوام کی خدمت کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر کے آغاز کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں گھوٹکی سیلاب متاثرہ علاقوں میں سے ایک تھا، میں ہر سیلاب متاثرہ ضلع میں دو بار گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری پہلی کوشش تھی کہ لوگوں کو ریسکیو کیا جائے، میں یہ نہیں کہتا کہ ہم نے سب کو ہر چیز  پہنچائی لیکن ہم ہر ایک شخص تک پہنچے، تھوڑا یا بہت ان کو ریلیف دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ سیلابی پانی متاثرہ علاقوں سے نکالا جائے، سیلابی پانی کے باعث کاشت کاروں کو زیادہ نقصان ہوا جس کے بعد ہم نے گندم کی سپورٹ قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کی اس وجہ سے کاشت کاروں نے زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کیں۔

     مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں سندھ حکومت ایسا کام کرکے جائے کہ انفرا اسٹرکچر بہتر ہو، ہم نے سڑکوں کی مرمت کے لئے پیسوں کا بندوبست کرلیا ہے، وفاق سے کچھ نہیں ملا، اسکولوں کیلئے بھی پیسوں کا بندوبست کرلیا۔

    مراد علی شاہ ہم نے وہ سارے کام کئے جو لگتا تھا کہ ممکن نہیں، وزیرخارجہ کی کوششوں کی بدولت عالمی برادری نے سیلاب متاثرین کی مدد کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی سیلاب آئے مگر 2022 میں سیلاب سب سے بڑا آیا، پچھلے سیلابوں میں کسی حکومت نے گھر نہیں بنا کر دئیے، چیئرمین بلاول بھٹو نےکہا میں دیکھ رہا ہوں لوگ گھر نہیں بنا سکیں گے اس کی ہدایت پر ہم نے گھر بنا کر دیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں جو کام ہوا اس کا باقی تین صوبوں سے موازنہ کرالیں، ہم نے اپنے لوگوں کی خدمت کی ہے اور اگلے 30 سال بلاول بھٹو  وزیر اعظم بن کر عوام کی خدمت کرینگے۔

  • 10 سالہ بچی سمیت 3 افراد قتل، قبائلی جھگڑے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    10 سالہ بچی سمیت 3 افراد قتل، قبائلی جھگڑے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    گھوٹکی: سندھ کے ضلع میں قبائلی تنازع پر بچی سمیت تین افراد کو  قتل کردیا گیا، حملہ آوروں کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع گھوٹکی میں قبائلی تنازع پر 10 سالہ بچی سمیت تین افراد کو  قتل کردیا گیا، لرزہ خیز واردات کی کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    یہ واقعہ گزشتہ رات گھوٹکی کے انورآباد میں موجود ایک دکان میں پیش آیا، فوٹیجز میں دو موٹر سائیکل پر سوار 4 ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے، دو نقاب پوش ملسح ملزمان اندھا دھن فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوجاتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ماموں اور کمسن 10 سالہ بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے، جس میں تیسرا افراد راہگیر ہے جبکہ زخمی افراد میں بھی راہ گیر شامل ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قبائلی تنازع پر یہ واقعہ پیش آیا، مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی جائے گی۔

  • گرین لائن ایکسپریس گھوٹکی میں حادثے کا شکار ہو گئی

    گرین لائن ایکسپریس گھوٹکی میں حادثے کا شکار ہو گئی

    سکھر: گرین لائن ایکسپریس گھوٹکی میں حادثے کا شکار ہو گئی ہے، فل اسپیڈ سے چلتی ٹرین کا انجن ٹریک سے اچانک اتر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کا انجن گھوٹکی میں پٹری سے اتر گیا، حادثے کے باعث اپ ٹریک بلاک ہو گیا ہے، اور ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ روہڑی سے ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے، جلد ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق انجن کے پٹری سےاترنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اپ ٹریک متاثر ہونے سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، خیبر میل کو پنو عاقل اسٹیشن پر روکا گیا ہے، ٹریک کی بحالی کے لیے مزید وقت لگ سکتا ہے۔

  • گھوٹکی اور کشمور میں ڈاکوؤں کے کتنے گروپ سرگرم ہیں؟ ہوشربا انکشاف

    گھوٹکی اور کشمور میں ڈاکوؤں کے کتنے گروپ سرگرم ہیں؟ ہوشربا انکشاف

    گھوٹکی اور کشمور میں ڈاکوؤں کے سرگرم گروپ کے حوالے سے اہم انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکوؤں کے گھوٹکی میں 6 اور کشمور میں 11گروپ سرگرم ہیں، جس میں سب سے زیادہ متاثر ضلع کشمور ہے جہاں کئی پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گھوٹکی، سکھر میں پولیس چوکیاں بننے سے اغوا کے کیسز تھم گئے، لیکن کشمور میں کئی افراد اغوا ہیں، راہب شر، جانو اندھر، سومارشر، رانو شر، چاندی شر اور پرویز جاگیرانی گینگ ایکٹو ہیں۔

    کچے کے ڈاکو بی 10 اینٹی ٹینک گن، آر پی جی 7 اور 12.7 اینٹی ایئر کرافٹ گن استعمال کرتے ہیں، ڈاکوؤں کے لیے سندھ پولیس بھی اسی طرح کے ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہے۔

    گھوٹکی سے پنجاب تک7 چیک پوسٹیں تیار، مجموعی طور پر 140 پوسٹیں بنانی ہیں

    74 چیک  پوسٹوں  پر 500 سے زائد اہلکار تعینات کردئیے گئے، ڈاکوؤں سے لڑنے والے اہلکاروں کے لیے کچا الاؤنس کی سمری بھیجی گئی ہے، ممکنہ طور پر بجٹ میں 5 ہزار روپے ماہانہ الاؤنس دیاجائےگا۔

    رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس کی 3 چیک پوسٹ پنجاب کی حدود میں ہیں، 8 ماہ کے دوران  5 ہزار 400 ایکڑ کا علاقہ کلیئر کرایا ہے، اس کے علاوہ اب تک 65 مغویوں کو بازیاب کرتے ہوئے 37 ڈاکوؤں کو جہنم واصل کیاگیا،  11 ڈاکو زخمی، 85 سہولت کار اور 100 جرائم  پیشہ عناصر کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • گھوٹکی :  پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ، 2 اہلکار شہید، ایک زخمی

    گھوٹکی : پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ، 2 اہلکار شہید، ایک زخمی

    گھوٹکی: سلام گوٹھ پولیس چوکی پر ایک درجن سے زائد ڈاکوؤں کے حملے میں 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے تھانہ گیمڑو کی حدود میں سحری کی وقت اسلام گوٹھ پولیس چوکی پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا ،جس کے نتیجے میں پولیس کے دو جوان پنو عاقل کا رہائشی علی گوہر دایو اور رتوڈیرو کا رہائشی کشور کمار جاں بحق ہوئے جبکہ ایک اہلکار عزیز میرانی زخمی ہوگیا۔

    ڈی آئی جی جاوید جسکانی نے بتایا کہ پولیس چوکی پر ایک درجن سے زائد ڈاکوؤں نے حملہ کیا، پولیس چوکی پر حملے کے بعد ڈاکو کچے کی طرف فرار ہوگئے۔

    ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افسوسناک واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہی ہے۔

    دوسری جانب شہید اہلکاروں کی لاشیں اور زخمی اہلکار کو گھوٹکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں سے زخمی اہلکار کو سکھر سول ہسپتال کے لیئے ریفر کیا گیا ہے۔

  • گھوٹکی: کباڑ میں کتابوں کی فروخت کا معاملہ، اے آر وائی نیوز نے رپورٹ حاصل کر لی

    گھوٹکی: کباڑ میں کتابوں کی فروخت کا معاملہ، اے آر وائی نیوز نے رپورٹ حاصل کر لی

    گھوٹکی: سندھ کے شہر گھوٹکی میں کباڑ میں کتابوں کی فروخت کے معاملے میں اے آر وائی نیوز نے سندھ حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں کتابیں فروخت ہونے کے معاملے پر سندھ حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ فروخت کی گئی کتابیں 2016 سے 2020 کے درمیان چھاپی گئی تھیں۔

    سندھ حکومت کی تحقیقات نے محکمہ تعلیم کے افسران کو کلین چٹ دے دی ہے، انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی کتابیں فروخت نہیں کی گئیں، بلکہ کباڑ میں فروخت کی گئی کتابیں نجی پبلشر کی ہیں۔

    انکوائری رپورٹ کے مطابق سیمی گورنمنٹ ادارے کتابیں چھپواتے ہیں، یہ کتابیں سرکار کی ملکیت نہیں ہیں، فروخت کرنے والا شخص بھی محکمہ تعلیم کا ملازم نہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کی تحقیقات اور لوگوں سے تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ کتابوں کی فروخت میں محکمہ تعلیم کا عملہ ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے، نہ ہی ان کا تعلق کسی سرکاری ادارے سے تھا۔

    واضح رہے کہ گھوٹکی میں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی 150 من کتابیں کباڑ میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا تھا، جس پر سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور نے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین اینٹی کرپشن کو تحقیقات کا حکم دے دیا تھا۔ اور ہدایت کی کہ ’ایمان دار‘ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔

    سندھ ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو 11 ویں اور 12 ویں کی کتابوں کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، اور چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بورڈ کو عدالت میں طلب کیا۔

  • گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے میں 5 پولیس اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ درج

    گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے میں 5 پولیس اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ درج

    گھوٹکی : ڈاکوؤں کے حملے میں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ 70 نامزد اور 30 نامعلوم ڈاکوؤں کیخلاف درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے میں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تھانہ رونتی میں 70نامزد اور30 نامعلوم ڈاکوؤں کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور مقدمے میں قتل، پولیس مقابلہ اور سرکاری اسلحہ چھیننے سمیت دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    مقدمےمیں ڈاکو جانو انڈھڑ، راحب شر ،ثنااللہ، رانوشرسمیت 70ملزمان نامزد ہیں اور نامزد مرکزی ملزمان پر کروڑوں روپے انعام بھی مقرر ہے۔

    واضح رہے ہفتےاوراتوارکی درمیانی شب کو150 سے زائدڈاکوؤں نے پولیس حملہ کیا تھا، حملے میں ڈی ایس پی ،2ایس ایچ او سمیت 5پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ رونتی کے علاقے میں شہید ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے کہ راکٹ لانچروں سے حملہ کرنے کے بعد ڈاکوؤں نے کیمپ پر قبضہ کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے جس وقت پولیس کیمپ پر حملہ کیا اس وقت وہاں 50 سے زائد پولیس اہلکار، افسران ودیگر افراد موجود تھے۔

  • گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے میں 5 پولیس واہلکاروں کی شہادت، اہم اجلاس طلب

    گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے میں 5 پولیس واہلکاروں کی شہادت، اہم اجلاس طلب

    کراچی : آئی جی سندھ نے گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے میں 5 پولیس واہلکاروں کی شہادت پر اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے میں 5 پولیس واہلکاروں کی شہادت کے بعد آئی جی سندھ نے آج دن گیارہ بجے سکھر،لاڑکانہ رینج کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز شریک ہوں گے، غلام بنی میمن پولیس افسران سے کچے پر مکمل بریفنگ لیں گے اور متعلقہ افسران تجاویز پیش کریں گے۔

    اجلاس میں ڈاکوؤں کے زیراستعمال ہتھیاروں پر بھی بریفنگ دی جائےگی اور کچےمیں موجود ڈاکوؤں کے خلاف حکمت عملی بنائی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کی روشنی میں منصوبہ بندی کی جائے گی، جوانوں کی شہادت میں ملوث عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

    یاد رہے گھوٹکی میں رونتی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس کیمپ پر حملہ کردیا تھا ، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ اوز سمیت 7 اہلکار شہید ہوگئے تھے

    پولیس نے بتایا تھا کہ رونتی کے علاقے میں شہید ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے کہ راکٹ لانچروں سے حملہ کرنے کے بعد ڈاکوؤں نے کیمپ پر قبضہ کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے جس وقت پولیس کیمپ پر حملہ کیا اس وقت وہاں 50 سے زائد پولیس اہلکار، افسران ودیگر افراد موجود تھے۔