Tag: گھوٹکی

  • بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ، 27افسران نے بیگمات کے نام پر 30لاکھ روپے ہڑپ کرلئے

    بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ، 27افسران نے بیگمات کے نام پر 30لاکھ روپے ہڑپ کرلئے

    گھوٹکی: بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کےتحت گھوٹکی کے 27 افسران نے بیگمات کے نام پر30 لاکھ روپے ہڑپ کرلئے، رقم لینے والوں میں تعلیم، صحت، ایگریکلچر، پاپوليشن کے افسران شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں 27 افسران کا بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے رقم لینے کا انکشاف سامنے آیا، گریڈ17 سے20 تک کے افسران نے بیگمات کے نام پر رقم وصول کی، رقم لینے والوں میں تعلیم، صحت، ایگریکلچر، پاپوليشن کے افسران شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی سے رقم لینے والوں میں اکثر محکمہ تعلیم میں گریڈ 17کے ملازم اور گریڈ 17 سے 20 تک ہیڈ ماسٹر و افسران ہیں۔

    یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ شکارپور کے محکمہ پاپولیشن کے افسر اور اوباڑو اسپتال کے سابق ایم ایس بھی رقم لینےوالوں میں شامل ہیں، بی آئی ایس پی سےسرکاری افسران نے 30لاکھ کی رقم وصول کی، وصولی کے لیےسرکاری ملازمین کو وفاقی ادارے کے نوٹس جاری کردیئے ہیں اور کہا ۔ملازمین نے رقم واپس نہیں کی تو ایکشن ہوگا۔

    یاد رہےبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سےفائدہ اٹھانے والے غیرمستحق افراد سے متعلق تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آئیں تھیں، جس میں بتایا گیا تھا فہرست سے نکالے جانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں جبکہ صوبوں، وفاق کے افسران بھی بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔

    تفصیلات میں بتایا گیا تھا گریڈ17 سے 21 کے 2543 سرکاری افسران کو فہرست سے نکالا گیا، متعدد اعلیٰ سرکاری افسران بیویوں کے نام پر پیسے وصول کرتے رہے، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران بی آئی ایس پی سے مستفید ہوئے۔

  • گھوٹکی: تیز رفتار بس الٹ گئی، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    گھوٹکی: تیز رفتار بس الٹ گئی، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی کی قومی شاہراہ پر تیز رفتار بس الٹ گئی، جس کے باعث 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مسافر بس کراچی سے صادق آباد جا رہی تھی، کہ ڈہرکی کے قریب قومی شاہراہ باگو بھٹو کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں 5 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں، لاشیں ڈہرکی اسپتال جب کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور اور مسافر خاتون شامل ہیں، موٹر وے پولیس کے مطابق کہ مسافر بس کراچی سے صادق آباد جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔

    ادھر پنڈی بھٹیاں میں لاہور روڈ پر ڈمپر کی وین کو ٹکر کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی، منگھوپیر ناردرن بائی پاس کے قریب ٹریفک حادثے میاں بیوی سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے تھے، سرگودھا میں نشتر آباد کے قریب ڈمپر ٹرین کی زد میں آنے کی وجہ سے ڈرائیور جاں بحق ہو گیا تھا اور حادثے کے باعث ٹرین کا انجن پٹڑی سے اتر گیا تھا۔

  • میرپورماتھیلواسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    میرپورماتھیلواسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے علاقے میرپور ماتھیلو اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، متاثرہ ٹریک سے بوگیاں ہٹانے کا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

    کراچی جانے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا، متاثرہ ٹریک سے بوگیاں ہٹانے کا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔

    اس سے قبل رواں ماہ یکم اکتوبر کو روہڑی اسٹیشن پر مال گاڑی کی چار بوگیاں پٹری سے اترگئیں تھی، بوگیاں پٹری سے اترنے سے 400 فٹ پٹری کو نقصان پہنچا۔

    یاد رہے کہ 19 جون کو ایران سے کوئٹہ آنے والی مال گاڑی کی 9 بوگیاں ٹریک سے اترگئیں تھی، مال گاڑی کو حادثہ بلوچستان کے علاقے چاغی کے قریب واقع پدگ میں پیش آیا۔

    مال گاڑی کی بوگیاں اترنے کے باعث کوئٹہ سے ایران جانے اور آنے والا ریلوے ٹریک معطل ہوگیا تھا۔

    گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے ڈاؤن ٹریک بلاک

    واضح رہے کہ رواں سال 30 مئی کو خیرپور کے گمبٹ ریلوے اسٹیشن پرمال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں تھی جس کے باعث ڈاؤن ٹریک بلاک کردیا گیا تھا۔

    ٹریک بند ہونے سے سکھرجانے والی سکھرایکسپریس کوروک لیا گیا تھا، رانی پور ریلوے اسٹیشن پر سکھرایکسپریس کے مسافر شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے تھے۔

  • نمرتا کے ورثا کی پولیس افسران سے ملاقات، مقدمہ درج کرانے سے انکار

    نمرتا کے ورثا کی پولیس افسران سے ملاقات، مقدمہ درج کرانے سے انکار

    لاڑکانہ: میڈیکل کالج کی طالبہ نمرتا کی لاش کی کیمیائی رپورٹ سامنے آ گئی ہے، لاش سے حاصل نمونوں میں زہریلی دوا کے شواہد نہیں ملے، نمرتا کی ہسٹرو پیتھالوجی رپورٹ چند روز میں آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نمرتا کے ورثا نے آج ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سے ملاقات کی، انھوں نے اندراج مقدمہ سے انکار کر دیا، ڈی آئی جی نے ورثا کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرانے کی تصدیق کر دی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نمرتا کی روم میٹس، سائیڈ روم میٹ کے ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کیے گئے، روم میٹس شمونا اور گیتا، نمرتا کے گلے سے دوپٹہ کھولنے والی سخی اپنے پہلے بیان پر قائم ہیں۔

    شمونا اور گیتا نے پولیس کو بیان دیا کہ دروازہ بند ہونے پر چوکیدار کی مدد سے تڑوایا، سخی نے کہا میں نے گلے سے بندھا ٹائٹ دوپٹہ کھولا اور اسپتال لے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈینٹل کالج کی طالبہ نمرتا کی لاش، 2 سہیلیوں کے بیانات سامنے آگئے

    ادھر ایس ایس پی مسعود بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ نمرتا معاملے کو بہت باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں، اگر یہ قتل ہے تو کن عوامل کی وجہ سے ہوا، کس نے کیا اور کیسے کیا، اگر کوئی اور معاملہ ہے تو اس کے محرکات کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

    ایس ایس پی نے کہا 2 سے 3 دن میں موبائل، لیپ ٹاپ فرانزک رپورٹ آ جائے گی، دوپٹے کو فرانزک کے لیے نیشنل لیبارٹری بھیجا گیا ہے، رپورٹ کا انتظار ہے، جیو فرانزک رپورٹ مکمل کر لی گئی، ہاسٹل سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے۔

    انھوں نے کہا ورثا کی کیس میں دل چسپی نہیں اس کے باوجود تفتیش جاری ہے، نمرتا کیس میں 100 فی صد سے بھی زائد میرٹ ہوگا، جس کردار نے اس میں کوئی زیادتی کی ہوگی بچ نہیں پائے گا۔

  • گھوٹکی الیکشن میں مخالف امیدوار کی حمایت، پی پی کے ایم پی اے سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ

    گھوٹکی الیکشن میں مخالف امیدوار کی حمایت، پی پی کے ایم پی اے سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ

    سکھر: گھوٹکی ضمنی الیکشن میں پی پی امیدوار کی کام یابی کے بعد اہم فیصلے کیے گئے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے پی پی کے ایم پی اے سردار علی نواز مہر سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے گھوٹکی ضمنی انتخابات کے بعد پارٹی کی مقامی سطح پر اہم فیصلے کیے ہیں، صوبائی اسمبلی کے رکن سردار علی نواز مہر سے استعفیٰ لیا جائے گا۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو احکامات جاری کر دیے، ایم پی اے نے ضمنی الیکشن میں مخالف امیدوار کی حمایت کی تھی۔

    ڈسٹرکٹ کونسل گھوٹکی کے چیئرمین حاجی خان مہر سے بھی استعفیٰ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈی سی چیئرمین نے بھی پیپلز پارٹی کے مخالفت امیدوار کو سپورٹ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  گھوٹکی: این اے 205 ضمنی انتخاب، سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا

    تاہم استعفوں کے بعد خالی ہونے والی نشستوں سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سردار علی نواز خان عرف راجہ خان مہر پی ایس 21 گھوٹکی سے صوبائی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

    علی نواز خان نے سوشل میڈیا پر عل الاعلان اپنے ان دوستوں اور گھوٹکی کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے پی پی کے مخالف آزاد امیدوار کو ووٹ دیا، ان کا کہنا تھا کہ ہار جیت مقدر سے ہوتی ہے۔

  • گھوٹکی: این اے 205 ضمنی انتخاب، سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا

    گھوٹکی: این اے 205 ضمنی انتخاب، سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا

    گھوٹکی: این اے 205 میں ضمنی الیکشن میں غیر سرکاری، غیر حتمی نتیجے کے مطابق پی پی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر نے نشست اپنے نام کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے انتخابی حلقے این اے 205 گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار احمد علی مہر مدِ مقابل تھے، یہ نشست پی ٹی آئی کے سردار علی محمد مہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

    غیر سرکاری، غیر حتمی نتیجہ آ چکا ہے جس کے مطابق پیپلز پارٹی امیدوار  89359 ووٹ لے یہ نشست جیت چکے ہیں۔

    غیر حتمی نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر 70848 نے ووٹ لیے، اور یوں یہ سیٹ پی ٹی آئی کے قبضے سے نکل گئی۔

    خیال رہے کہ گھوٹکی کے اس انتخابی حلقے میں صبح سے پولنگ کا عمل آزادانہ طور پر جاری رہا، نوجوان، بوڑھے اور خواتین کی بڑی تعداد نے پولنگ میں حصہ لیا۔

    گھوٹکی میں پہلی بار مہر خاندان کے دو افراد مد مقابل ہیں، پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر کا اپنے بھانجے آزاد امیدوار احمد علی مہر سے مقابلہ ہے۔

    سیٹ کے لیے الیکشن لڑنے والے دونوں حریف امیدوار گورنمنٹ پرائمری اسکول خان گڑھ میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد گلے ملے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اس انتخابی حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 4980 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 55895 ہے۔

    خیال رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں آج کہا تھا کہ گھوٹکی میں انتخابی مہم نے یہاں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ہے، اب نتیجہ کچھ بھی ہو مجھے انتخابی مہم پر فخر ہے۔

    دوسری طرف پی ٹی آئی کی دعا بھٹو نے کہا ہے کہ گھوٹکی الیکشن ہارنے کا پیپلز پارٹی پر خوف ابھی سے طاری ہو گیا ہے، اس لیے وہ جھوٹے الزام لگا رہے ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی رکن پولنگ اسٹیشن کے اندر نہیں گیا، 4 ہزار اہل کار پی پی نے تعینات کیے جو ووٹرز کو ہراساں کر رہے تھے۔

  • گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں، بلاول بھٹو

    گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ جیت تیر کی ہوگی۔

    پیپلزپارٹی کے سربراہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انتخابی مہم نے گھوٹکی کی سیاست کوہمیشہ کے لیے بدل دیا، نتیجہ کچھ بھی ہو مجھے انتخانی مہم پرفخر ہے۔

    گھوٹکی میں این اے 205 پرضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    واضح رہے کہ این اے دو سو پانچ میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ، پیپلزپارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار احمد علی مہر مد مقابل ہے ، نشست سردارعلی محمدمہرکےانتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

    این اے 205 میں دوسونوے پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جس میں ایک سو پچیس انتہائی حساس قراردیاگیا ہے، پولنگ اسٹیشنز پرسیکیورٹی سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • گھوٹکی میں  این اے 205 پرضمنی الیکشن  کیلئے پولنگ جاری

    گھوٹکی میں این اے 205 پرضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    گھوٹکی : این اے دو سو پانچ میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے ، پیپلزپارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار احمد علی مہر مد مقابل ہے ، نشست سردارعلی محمدمہرکےانتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں ضمنی الیکشن کا دنگل سج گیا، این اے دو سو پانچ کیلئے پولنگ صبح آٹھ بجے سےجاری ہے، پولنگ کیلئے نہ صرف نوجوان،بوڑھے اورخواتین کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز کارخ کررہی ہیں۔

    گھوٹکی میں پہلی بار مہر خاندان کے دو افراد مد مقابل ہیں، پیپلز پارٹی کےسردار محمد بخش مہر کا اپنے بھانجے آزاد امیدوار احمد علی مہر سے مقابلہ ہیں۔

    حلقہ میں دوسونوے پولنگ اسٹیشن بنائےگئے ہیں جس میں ایک سو پچیس انتہائی حساس قراردیاگیا ہے، پولنگ اسٹیشنز پرسیکیورٹی سخت ترین انتظامات کئےگئے ہیں۔

    رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال پر قابو پانے کیلئے فوجی جوانوں کو بھی تعینات کیاگیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش خان مہر نے ووٹ کاسٹ کرلیا ہے ، محمدبخش خان مہرنےگورنمنٹ پرائمری اسکول خانگڑھ میں ووٹ کاسٹ کیا اور کہا جیت کے لیے پر امیدہوں، لوگ بلا خوف ووٹ دینے نکلیں۔

    دوسری جانب آزاد امیدوار حاجی خان مہر نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، دونوں حریف امیدوارپولنگ اسٹیشن کے اندر ایک دوسرے سے گلے ملے ۔

    یاد رہے  قومی اسمبلی کی یہ نشست تحریک انصاف کے ایم این اے سردار علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

  • این اے 205 گھوٹکی انتخابات، پیپلز پارٹی کا چیف جسٹس کو خط، انتخابات مؤخر ہونے کی مخالفت

    این اے 205 گھوٹکی انتخابات، پیپلز پارٹی کا چیف جسٹس کو خط، انتخابات مؤخر ہونے کی مخالفت

    گھوٹکی: پاکستان پیپلز پارٹی نے این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انتخابات مؤخر کیے جانے کی مخالفت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر نے این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی انتخاب مؤخر کرنے کے لیے ای سی پی کو درخواست دے دی ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے اس سلسلے میں چیف جسٹس کو خط لکھ دیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گھوٹکی میں اسکروٹنی کے بعد پی پی امیدوار کے کاغذات منظور ہوئے ہیں، کاغذات منظوری کے ساتھ ہی مقامی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، اور گھوٹکی کے 2 مختیار کاروں کو جبری لاپتا کر دیا گیا ہے۔

    متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مختیار کاروں کو لا پتا کرنے کی ایف آئی آرز بھی درج کرائی گئی ہیں۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  گھوٹکی: صوبائی الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخاب موخر کرنے کی درخواست دے دی

    خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل این اے 205 میں درخواست کو خارج کر چکا ہے، پی پی امیدوار کے خلاف جعلی دستاویزات تیار کرائی جا رہی ہیں، پی پی امیدوار کے خلاف سماعت ہوئی، اور اب فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

    پی پی نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ محفوظ فیصلہ انتخابات سے بالکل پہلے سنانے پر چیلنج کرنے کا وقت نہیں ہوگا، فیصلے کو بنیاد بنا کر انتخابات کو مؤخر بھی کیا جا سکتا ہے جو ہم نہیں چاہتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مخالفین گھوٹکی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    خیال رہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سے متعلق حتمی فیصلے میں تاخیر ہوئی۔

    مزید کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق عدالتی فیصلہ 16 جولائی کو سنایا جائے گا، جس کے باعث 18 جولائی کو انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے، دو روز میں بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور ترسیل نہیں ہو سکے گی۔

    صوبائی الیکشن کشمنر نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ضمنی انتخابات کی پولنگ 25 جولائی کو کرائی جائے۔

  • گھوٹکی: صوبائی الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخاب موخر کرنے کی درخواست دے دی

    گھوٹکی: صوبائی الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخاب موخر کرنے کی درخواست دے دی

    گھوٹکی :صوبائی الیکشن کمشنر نے این اے205 گھوٹکی کے ضمنی انتخاب مؤخرکرنے کی درخواست دے دی.

    تفصیلات کے مطابق ادارے کی جانب سے این اے 205 گھوٹکی ضمنی انتخابات کی پولنگ 25 جولائی کو کرانے کی درخواست دی گئی ہے.

    اس ضمن میں صوبائی الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے. اس حلقے میں 18 جولائی کو انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    خط میں‌موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سے متعلق حتمی فیصلے میں تاخیر ہوئی. تاخیر ہونے کے سبب الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی ہے.

    کاغذات نامزدگی سے متعلق عدالتی فیصلہ 16 جولائی کو سنایا جائے گا، صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق دو روز میں بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور ترسیل ممکن نہیں.

    پولنگ کی تاریخ میں تبدیلی کاحتمی فیصلہ الیکشن کمیشن پاکستان کرے گا، جس کا جلد اعلان کیا جائے گا.

    یاد رہے کہ آج اپنے ایک بیان میں‌ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مخالفین گھوٹکی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، دباؤ بھی ہے اور سازشیں بھی، جنھیں ہم ناکام بنائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مخالفین گھوٹکی الیکشن میں اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، وہ الیکشن نہیں سلیکشن چاہتے ہیں، سردار مہر پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ پی پی چھوڑ کر الیکشن لڑیں۔