Tag: گھوڑا

  • گھوڑے کی طرح چھلانگ لگانے والی گائے

    گھوڑے کی طرح چھلانگ لگانے والی گائے

    ویلنگٹن: آپ نے مختلف جانوروں کو مختلف اور عجیب و غریب حرکات کرتے تو ضرور دیکھا ہوگا۔ کچھ جانور دوسرے جانوروں کی نقل کرتے ہوئے انہی کی طرح کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    لیکن شاید آپ نے کسی گائے کو گھوڑے کی طرح چھلانگ لگاتے ہوئے نہیں دیکھا ہوگا۔

    نیوزی لینڈ میں ایک 18 سالہ لڑکی ہنا سمپسن نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اس کی گائے گھوڑے کی طرح چھلانگ لگاتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں ایک بیل خود کو ’ویرو‘ سمجھنے لگا

    ہنا کی گائے جو براؤن سوئس گائے کہلاتی ہے ویڈیو میں کسی گھوڑے کی طرح درخت کے ٹوٹے ہوئے تنے سے چھلانگ لگاتی دکھائی دے رہی ہے۔

    ہنا کا کہنا ہے کہ یہ گائے اس کے گھر کے فارم پر ہی پیدا ہوئی اور بچپن سے ہنا کے ساتھ اس کی خوب دوستی ہے۔ ہنا شروع سے ہی، جب یہ گائے ایک بچھڑا تھی، اس کی پیٹھ پر سواری کرتی آرہی ہے۔

    ہنا نے بتایا کہ اسے ہمیشہ سے گھوڑے پر سواری کا بہت شوق تھا لیکن اس کے والدین گھوڑا نہیں پال سکتے تھے لہٰذا اس نے اپنی دوست گائے کو ایسی تربیت دی کہ اس پر بیٹھ کر اسے گھوڑے کی سواری کا لطف آنے لگا۔

    ہنا نے بتایا کہ اس نے اپنے فارم پر موجود دوسری گائیوں کو بھی ایسی تربیت دینے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہی اور گائے چھلانگ لگاتے ہوئے نہ صرف خود گر پڑتیں بلکہ اپنے اوپر سوار ہنا کو بھی گرا دیتیں۔

  • مالک کی وفات، گھوڑے کے الوداع نے سب کو رلا دیا

    مالک کی وفات، گھوڑے کے الوداع نے سب کو رلا دیا

    گھوڑا نہ صرف وفادار جانور ہے بلکہ وہ ہر قیمت پر اپنی وفاداری نبھانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، جنگ کا میدان ہو یا کھیل گھوڑا اپنے مالک کو فتح دلانے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔

    گھوڑے کی وفاداری کاایک تازہ واقعہ برازیل کے شہر پارائیبا میں پیش آیا جہاں گھوڑے نے مالک کی آخری رسومات میں شرکت کی اور تابوت پر سر رکھ کر دیر تک آنسو بہاتا رہا۔

    horse-3

    جنازے کے شرکاء اس دلخراش منظر کو دیکھ کر اور بھی رنجیدہ ہوگئے اور وہ گھوڑے اور مالک کی جدائی کے درد کو بیان بھی کرنے لگے۔

    برازیل کے رہائشی نوجوان یکم جنوری کو موٹر سائیکل حادثے میں شدید زخمی ہوا تھا، اہل خانہ کے مطابق ’’ویگنز‘‘ کے اسپتال میں داخل ہونے کے بعد سے سیرینو (گھوڑا) کافی اداس تھا۔

    horse-2

    اہل خانہ نے نوجوان کی جان بچانے کے لیے ڈاکٹر کے مشورے پر آپریشن بھی کروایا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا، ویگنز کی آخری رسومات میں گھوڑا گھر کے فرد کے ہمراہ آیا اورملک کی شکل دیکھنے کے بعد تابوت پر سر رکھ کر دیر تک روتا رہا۔

    horse-1

    ویگنز کے دوست کا کہنا ہے کہ ’’یہ گھوڑا میرے دوست کو بہت عزیز تھا کیونکہ یہ اُن کی فیملی کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے بلکہ وہ لوگ گھوڑے کو اپنے گھر کا فرد ہی سمجھتے ہیں‘‘۔

    horse-4

    انہوں نے کہا کہ سیرینو (گھوڑے) اور ویگنز کے درمیان گہری دوستی تھی، دونوں ایک دوسرے کی کل کائنات تھے۔

  • قریب المرگ خاتون کی آخری خواہش انوکھے انداز سے پوری

    قریب المرگ خاتون کی آخری خواہش انوکھے انداز سے پوری

    انسان کی خواہشات کبھی ختم نہیں ہوتیں۔ وہ مرنے سے پہلے اپنی آخری خواہش کی تکمیل بھی چاہتا ہے جسے اس کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    نیدر لینڈز کی ایک قریب المرگ خاتون کی آخری خواہش بھی انوکھے انداز سے پوری ہوئی جس کے بعد ان کے اہل خانہ کو یقین ہے کہ اب وہ سکون سے اپنی آنکھیں بند کرسکیں گی۔

    یہ خاتون نیلی جیکبز ہیں جو پارکنسن کی بیماری کے باعث حرکت کرنے سے معذور ہیں۔ اس بیماری میں اعصاب کو نقصان پہنچتا ہے اور وہ آہستہ آہستہ بے جان ہوتے جاتے ہیں نتیجتاً مریض حرکت کرنے سے معذور ہوجاتا ہے۔

    وہ نیدر لینڈز کے ایک نرسنگ ہوم میں مقیم ہیں جہاں وہیل چیئر ان کی ساتھی ہے اور نرسنگ ہوم کا عملہ ان کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ نیلی کی آخری خواہش ایک آخری بار گھوڑے پر سواری کرنا ہے۔

    horse-5

    دراصل زندگی بھر نیلی کا سب سے پسندیدہ مشغلہ گھڑ سواری رہا۔ وہ اپنی نوجوانی میں ایک بہترین گھڑ سوار تھیں اور گھڑ سواری کے کئی مقابلے جیت چکی تھیں۔

    horse-4

    بڑھتی عمر اور کئی امراض کے باوجود وہ باقاعدگی سے گھڑ سواری کرتی تھیں حتیٰ کہ انہیں پارکنسن کے مرض نے جکڑ لیا اور وہ اپنی جگہ سے حرکت کرنے سے بھی قاصر ہوگئیں۔

    تاہم ایک مقامی نجی ادارے نے ان کی آخری خواہش کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اس ادارے نے ایک عارضی بیڈ بنایا اور اس پر نیلی کو لٹا دیا۔ یہ بیڈ دو گھوڑوں پر رکھ دیا گیا جسے لے کر گھوڑے کافی دیر تک ٹہلتے رہے۔

    horse-1

    اس سواری کے لیے خصوصی طور گھوڑوں کے ساتھ ایک پلیٹ فارم بھی نصب کیا گیا تاکہ بیڈ گرنے سے بچا رہے۔

    horse-3

    ان کے بیٹے جان کا کہنا ہے کہ گھڑ سواری کے دوران ان کے چہرے کے تاثرات بتا رہے تھے کہ وہ گھوڑے کی سواری کے ہر لمحہ سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

    horse-2

    نیلی اپنی اس خواہش کی تکمیل پر بے حد خوش تھیں۔ وہ بول نہیں سکتی تھیں مگر ان کی آنکھوں کی چمک سے ظاہر ہوتا تھا کہ گھوڑے پر ایک بار پھر ’سوار‘ ہو کر وہ بے حد خوش ہیں۔