Tag: گھڑیال

  • ویڈیو: دریائے ستلج کے قریب انتہائی نایاب گھڑیال دیکھا گیا

    ویڈیو: دریائے ستلج کے قریب انتہائی نایاب گھڑیال دیکھا گیا

    دریائے ستلج کے قریب انتہائی نایاب نسل کا گھڑیال (مگرمچھ) دیکھا گیا ہے، جس کی ویڈیو ایک مقامی شہری نے بنائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج کے قریب ایک گھڑیال دیکھا گیا ہے، جس کے بارے میں وائلڈ لائف ماہرین کا کہنا ہے کہ مگرمچھ کی یہ نسل انتہائی خطرے سے دوچار ہے، اور اس قیمتی جانور کے تحفظ اور مقامی افراد کو آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

    ترجمان ڈبیلو ڈبلیو ایف نے کہا گھڑیال کا تعلق مگرمچھ کے خاندان سے ہے، اسے یوں دوبارہ دیکھے جانے کا مطلب ہے کہ پاکستان میں اس نسل کی بحالی کے لیے امید کی ایک کرن موجود ہے۔

    ترجمان کے مطابق گھڑیال لمبی اور پتلی تھوتھنی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں، اس آبی جانور کی خوراک میں مچھلی سمیت دیگر چیزیں شامل ہیں، ایک زمانے میں پاکستان میں دریائے سندھ اور اس سے منسلک ندیوں میں گھڑیال بڑے پیمانے پر پائے جاتے تھے۔

    ڈبیلو ڈبلیو ایف ترجمان نے کہا کہ 70 کی دہائی کے وسط تک گھڑیال پاکستان میں معدومیت سے دوچار ہونا شروع ہوئے، اس کی نسل کو شدید نوعیت کے متعدد خطرات کا سامنا ہے، گھڑیال کے مسکن کی تباہی کی وجوہ میں غیر قانونی شکار، درکار مچھلی اور دیگر خوراک کی کمی سمیت دیگر عوامل شامل ہیں۔

  • آرکنساس کے شکاریوں نے ریاست کی تاریخ کا سب سے لمبا مگرمچھ پکڑ لیا

    آرکنساس کے شکاریوں نے ریاست کی تاریخ کا سب سے لمبا مگرمچھ پکڑ لیا

    لٹل راک: امریکی ریاست آرکنساس میں شکاریوں نے ریاست کی تاریخ کا سب سے لمبا مگرمچھ پکڑ لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکی ریاست ارکنساس کے ایک شہر ڈومس میں گھڑیالوں کے شکاریوں کے ایک گروپ نے اس وقت ایک سرکاری ریکارڈ توڑ دیا جب وہ تقریباً 14 فٹ لمبے مگرمچھ کو پکڑنے میں کام یاب ہو گئے۔

    گھڑیال پکڑنے والے شہری ٹریوس بیئرڈن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھائی اور والد کے ساتھ میریساخ جھیل میں شکار کرنے نکلے تھے، ایسے میں انھوں نے پانی میں ایک بڑے گھڑیال کو دیکھا۔

    ٹریوس نے مقامی میڈیا کو بتایا ’جب پہلی بار وہ ہمیں دکھائی دیا تو اس بات کا اندازہ بالکل نہیں تھا کہ وہ اتنا بڑا نکلے گا، لیکن ہم تب حیران رہ گئے جب ہم نے اسے نیزے کے ذریعے پکڑ ا، وہ بہت بڑا تھا۔‘

    شہری کا کہنا تھا کہ مگرمچھ 2 گھنٹوں تک کشتی کے آس پاس اچھلتا رہا اور کشتی اس کی وجہ سے ڈولتی رہی، یہاں تک کہ ایک صاف نشانہ لے کر میں نے اسے بے بس کر دیا۔

    ارکنساس گیم اینڈ فش کمیشن نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ یہ ارکنساس ریاست کی تاریخ کا سب سے بڑا مگرمچھ ہے، جس کا وزن 800 پاؤنڈ، لمبائی 13 فٹ، اور 11.5 انچ ہے۔

    https://www.facebook.com/travis.bearden.90/videos/636243893742910/

    محکمے کے ترجمان ٹری ریڈ کا کہنا تھا ’ہمارے پاس واقعی سرکاری ریکارڈ نہیں ہے، لیکن لمبائی سے متعلق ڈیٹا رکھا گیا ہے، یہ واقعی سب سے لمبا مگرمچھ ہے۔‘

    ٹریوس نے کہا کہ اس کا شکار کا اجازت نامہ سال کے دو ویک اینڈز ہی کے لیے ہوتا ہے، اور اسے استعمال کرنے کا یہ آخری ویک اینڈ تھا، پچھلے ہفتے کے آخر میں، انھوں نے ہر رات کم از کم 10 گھنٹے شکار میں گزارے لیکن ناکام رہے۔