Tag: گھڑ سوار

  • ویڈیو: گھڑ سوار عازمین حج کا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا

    ویڈیو: گھڑ سوار عازمین حج کا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا

    یورپی ملک اسپین سے تین گھڑ سوار عازمین حج 8 ہزار کلو میٹر کا طویل سفر کر کے سعودی عرب پہنچ گئے جن کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    حج سیزن 2025 شروع ہو چکا ہے اور دنیا بھر سے مسلمان حج کی سعادت کے لیے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ غیر ملکی عازمین حج یہ مبارک سفر عموماً فضائی یا بحری ذریعہ سے کرتے ہیں تاہم یورپی ملک اسپین تین افراد نے دور قدیم کی یاد تازہ کرتے ہوئے گھوڑوں پر حجاز مقدس کی جانب سفر شروع کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ مہم جو عازمین تقریباً 7 ماہ میں 8000 کلو میٹر طویل سفر طے کر کے ادائیگی حج کے لیے سر زمین مقدس سعودی عرب میں داخل ہوگئے ہیں۔

    اسپین سے سعودی عرب تک کا طویل سفر کرنے والے عبدالقادر ہرکاسی، عبداللہ ہرنینڈز اور طارق روڈریگز شام کے راستے جب سعودی عرب پہنچے تو سعودی حکام اور رضاکاروں نے پھول، تحائف اور پرجوش نعروں کے ساتھ ان کا شاندار استقبال کیا۔

    سرحدی حکام نے طبی ٹیموں اور معاون عملے کی مدد سے انکا طبی معائنہ کیا۔ اس موقع پر الحدیثہ مرکز کے ڈائریکٹر ممدوح المطیری نے اس سفر کو ’ایمان اور عزم کی اعلیٰ مثال‘ قرار دیا۔

    تینوں عازمین کے مطابق انہوں نے 35 برس قبل اسلام قبول کیا تھا اور اسی وقت ارادہ کیا تھا کہ جب بھی حج کی سعادت حاصل کریں گے تو اپنے آبا واجداد کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے گھوڑوں پر حجاز مقدس تک کا سفر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ خود سے کیا گیا اپنا یہ وعدہ انہیں یاد تھا اور انہوں نے یہ سفر آبا و اجداد کی روایت کو زندہ رکھنے کی خاطر کیا، جو صدیوں سے شام کے راستے حج کے لیے جایا کرتے تھے۔

  • مری کشمیر پوائنٹ پر ٹورازم اسکواڈ اور گھڑ سواروں میں جھگڑا، 3 زخمی

    مری کشمیر پوائنٹ پر ٹورازم اسکواڈ اور گھڑ سواروں میں جھگڑا، 3 زخمی

    راولپنڈی: مری کشمیر پوائنٹ پر ٹورازم اسکواڈ اور گھڑ سواروں میں جھگڑے کے نتیجے میں 3 اہل کار زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مری کشمیر پوائنٹ پر متعدد گھڑ سواروں نے تشدد کر کے ٹورازم اسکواڈ کے 3 اہل کاروں کو زخمی کر دیا ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ایک شہری نے بدتمیزی کی شکایت کی تھی جس پر ٹورازم اسکواڈ نے موقع پر جا کر معاملہ دیکھا، تو کئی افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔

    ٹورازم اسکواڈ نے حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے تھانہ مری میں درخواست دے دی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ عقیل عباسی، قمر شاہ، اور مراد علی نے 15 دیگر نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر ٹورازم اسکواڈ پر حملہ کیا، اور تشدد کرتے ہوئے تین اہل کاروں کو زخمی کر دیا۔

  • سعودی عرب: 9 سالہ بچہ جو ماہر گھڑ سوار بن چکی ہے

    سعودی عرب: 9 سالہ بچہ جو ماہر گھڑ سوار بن چکی ہے

    ریاض: سعودی عرب کی رہائشی 9 سالہ بچی ماہر گھڑ سوار بن گئی، کھیل کھیل میں گھڑ سواری سیکھنے والی بچی کا شمار ماہر گھڑ سواروں میں ہوتا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق کم عمر سعودی لڑکی جود العوفی کھیل ہی کھیل میں ماہر گھڑ سوار بن چکی ہے، اس نے تفریح کے طور پر گھڑ سواری کی، جو شوق میں بدل گئی اور اس میں مہارت حاصل کرلی۔

    9 سالہ جود العوفی کا شمار اس وقت ماہر گھڑ سوار لڑکیوں میں ہونے لگا ہے، جود العوفی اب بیشتر فارغ وقت گھڑ سواری اور گھوڑے کی دیکھ بھال میں گزارتی ہیں۔

    کم عمر گھڑ سوار نے بتایا کہ وہ 2 برس قبل اپنے والد کے ہمراہ اصطبل میں گئی جہاں تفریح کے لیے گھوڑے پر سواری کی، اس کے بعد سے اسے گھڑ سوار بننے کا شوق ہوا جس کا اظہار والد سے کیا جنہوں نے میرے شوق کو دیکھتے ہوئے اس کا اہتمام کردیا۔

    اس کا کہنا ہے کہ والد نے مجھے ایک عربی النسل کا گھوڑا خرید کر دیا اورایک ٹرینر کی زیر نگرانی میں اپنے شوق کی تکمیل میں مصروف ہوگئی۔

    بچی کا کہنا ہے کہ گھڑ سواری کی ابتدائی تربیت والد سے حاصل کی، اس وقت صرف ویک اینڈ پر والد کے ہمراہ گھڑ سواری سیکھنے کے لیے جایا کرتی تھی، بعد ازاں باقاعدہ گھڑ سواری کی تربیت حاصل کرنا شروع کر دی۔

    جود العوفی اس وقت باقاعدہ گھڑ سوار کے طور پر جانی جاتی ہیں، وہ رکاوٹوں کو عبور کرنے اور گ کے اوپر سے چھلانگ لگانے کے علاوہ تنگ راستوں پر گھوڑے کو ماہرانہ انداز میں دوڑاتی ہیں۔

    کم عمر گھڑ سوار کا کہنا ہے کہ گھڑ سواری سے انہیں خود اعتمادی حاصل ہوئی ہے، گھڑ سواری ایک بہترین کھیل اور تفریح ہے مگرضروری ہے کہ اسے ماہر ٹریننر کے ذریعے سیکھا جائے۔

  • ایک قدیم کھیل میں پاکستانی گھڑ سوار ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب

    ایک قدیم کھیل میں پاکستانی گھڑ سوار ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب

    تلمبہ: پنجاب کے چھوٹے سے شہر تلمبہ میں روایتی ڈھول تاشے اور شہنائی کی آوازوں کی گونج میں پاکستانی گھڑ سوار قدیم کھیل ٹینٹ پیگنگ میں ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

    کھیل کے دوران مختلف رنگوں کے شوخ ویسکوٹ پہنے گھڑ سواروں نے اپنے نیزے زمین میں گڑے لکڑی کے کھونٹوں کو نشانہ بنا کر اپنی مہارت کا ثبوت دیا، کیوں کہ مٹی میں کھیلے جانے والے اس کھیل میں گرد میں چھپ جانے والے کھونٹے کو نشانہ بنانا آسان نہیں ہوتا۔

    گھڑ سواری کے اس کھیل کے لیے ایک مشاق گھڑ سوار کی ضرورت ہوتی ہے جسے سرپٹ دوڑتے گھوڑے کی پشت پر سے نیزہ زمین میں گڑے کھونٹے میں چھیدنا پڑتا ہے۔

    مقامی سیاست دان شوکت حیات بوسان کا کہنا ہے کہ یہ جوان شیروں کا کھیل ہے، جس کے لیے نہ صرف ایک اچھے گھوڑے کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ ایک اچھے سوار کی بھی۔

    کھیل کے آرگنائزر صاحب زادہ سلطان محمد علی کا کہنا ہے کہ ٹینٹ پیگنگ کے اس کھیل سے متعلق کوئی ریکارڈ گنیز بک میں نہیں تھا، لیکن اب ہم نے 120 گھوڑوں کے 166 سیکنڈز میں فنش لائن تک پہنچنے کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیگر عالمی ریکارڈز میں یہ ریکارڈ بھی شامل ہے کہ 90 کھونٹے ایک ساتھ نیزوں کے ذریعے نکالے گئے۔ انھوں نے بتایا کہ ریکارڈز بنائے جا چکے ہیں تاہم اب انھیں گنیز بک کے حکام کی طرف سے توثیق کا انتظار ہے۔

    خیال رہے کہ ٹینٹ پیگنگ کا کھیل برّ صغیر کا صدیوں پرانا ایک ایسا کھیل ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ختم ہو رہا ہے، جو صرف پنجاب میں زندہ ہے، تاہم عالمی ریکارڈز قائم ہونے کے بعد امید ہے کہ عالمی سطح پر اس کھیل کو توجہ میسر آئے گی۔

    کھیل میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کھیل کو وہ اپنے بل بوتے پر فروغ دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 2018 میں پاکستان نے پہلی بار متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔