Tag: گیس بندش

  • سوئی سدرن گیس نے آج کراچی میں گیس کی بندش میں 8 گھنٹے کا اضافہ کر دیا

    سوئی سدرن گیس نے آج کراچی میں گیس کی بندش میں 8 گھنٹے کا اضافہ کر دیا

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے آج کراچی میں گیس کی بندش میں 8 گھنٹے کا اضافہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے انوکھا اقدام کرتے ہوئے کراچی میں گیس بندش کے وقت میں اضافہ کر دیا ہے، اب نصف شہر کو 24 کی بجائے 32 گھنٹے سے زائد گیس بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ایس ایس جی سی نے پائپ لائن کی تبدیلی کے باعث مختلف علاقوں میں صبح 5 بجے سے 24 گھنٹوں کے لیے گیس بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ شیڈول کے مطابق روزانہ رات 10 بجے سے گیس بند کی جاتی ہے، تاہم ایس ایس جی سی نے اتوار صبح پانچ سے متاثرہ علاقوں میں بھی رات 10 بجے سے گیس بند کر دی۔

    رات میں گیس کی بندش اور اتوار کی صبح سے چوبیس گھنٹے گیس بندش سے گھریلو صارفین ذہنی اذیت کا شکار ہو گئے ہیں، گیس کی بندش سے سرجانی ٹاؤن کے تمام سیکٹر، منگھوپیر، قصبہ ٹاؤن، اورنگی، نارتھ کراچی متاثر ہوں گے۔

    نارتھ ناظم آباد میں بھی چوبیس گھنٹے کے لیے گیس بند رہے گی، فیڈرل بی ایریا، گلبرگ، بفرزون، سائٹ، بلدیہ، اتحاد ٹاؤن، کیماڑی، گلشن معمار، احسن آباد، جنجال گوٹھ اور سپر ہائی وے کے اطراف بھی گیس بند ہوگی۔

    سی این جی اور آر ایل این اسٹیشنز کو بھی اتوار کی صبح سے 24 گھنٹے گیس بند رہے گی، گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتی صارفین کے لیے بھی گیس بند ہوگی، ایس ایس جی سی کے ترجمان نے کہا تھا کہ صارفین عارضی بندش کے دوران متبادل ایندھن کا بندوست کر لیں۔

  • سوئی سدرن نے گیس بندش کا شیڈول تبدیل کر دیا

    سوئی سدرن نے گیس بندش کا شیڈول تبدیل کر دیا

    کراچی: ایس ایس جی سی نے سی این جی اسٹیشنز کی گیس بندش کا شیڈول تبدیل کر دیا، صوبے کے تمام اسٹیشنز 48 گھنٹے کے لیے بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا ہے کہ اسے مختلف گیس فیلڈز سے گیس کی فراہم میں کمی کا سامنا ہے، اور گیس لائن پیک بری طرح متاثر ہونے سے سندھ اور بلوچستان میں گیس سسٹم میں پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے۔

    ایس ایس جی سی کے مطابق سی این جی اسٹیشنز کی گیس بندش کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز اتوار 4 فروری سے 8 بجے صبح سے منگل 6 فروری صبح 8 بجے تک بند رہیں گے۔

  • سمندری طوفان: ایس ایس جی سی کا گیس بندش کے حوالے سے اہم اعلان

    سمندری طوفان: ایس ایس جی سی کا گیس بندش کے حوالے سے اہم اعلان

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے سی این جی اسٹیشنز، کیپٹو پاور، اور فرٹیلائزرز سیکٹر کی گیس تا حکم ثانی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے سمندری طوفان کے پیش نظر سی این جی اسٹیشنز، کیپٹو پاور، اور فرٹیلائزرز سیکٹر کو گیس کی فراہمی تاحکم ثانی بند کر دی۔

    ایس ایس جی سی کے مطابق گیس کی فراہمی آج صبح 7 بجے سے بند کر دی گئی ہے، کمپنی کا کہنا تھا کہ طوفان کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ گیس پاور سیکٹر کو دی جائے گی، یہ اقدام طوفان کے باعث بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

  • سی این جی بندش پر ٹرانسپورٹر اورگیس اسٹیشنز مالکان کی ہڑتال

    سی این جی بندش پر ٹرانسپورٹر اورگیس اسٹیشنز مالکان کی ہڑتال

    سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس بندش کے خلاف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد اور سی این جی اسٹیشنز مالکان آج سے غیر معینہ ہڑتال کررہے ہیں، سی این جی اسٹیشن کھلنے یا بند ہونے کے متعلق عوام الجھن کا شکار ہے۔

    آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا مشترکہ اعلامیہ میں کہنا ہے کہ جب تک گیس بندش کا پرانا شیڈول بحال نہیں کیا جائے گا تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔

    آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین شبیرسلیمان جی کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے بدھ کو اڑتالیس گھنٹے کی بندش کا نیا شیڈول جاری کرکے پیر کو ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جو قابل مذمت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہفتے میں تین روز متبادل دنوں میں چوبیس چوبیس گھنٹوں کے لئے سی این جی اسٹیشن بند کئے جائیں، ایس ایس جی سی کے اقدامات کے خلاف ٹرانسپورٹ تنظیمیں بھی میدان میں آگئیں ہیں اور انھوں نے بھی ہفتے سے غیرمعینہ مدت تک سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ لانے کا اعلان کیا ہے۔