Tag: گیس دریافت

  • شاہ بندر میں کھدائی کے دوران گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا

    شاہ بندر میں کھدائی کے دوران گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا

    کراچی: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے شاہ بندر بلاک میں ہائیڈرو کاربن کی مسلسل تیسری دریافت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی ایل نے سندھ کے ضلع سجاول کے شاہ بندر بلاک میں کنوئیں پتیجی X-1 سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

    پی پی ایل کی آپریٹنگ شپ کے تحت یہ شاہ بندر بلاک میں ہائیڈرو کاربن کی مسلسل تیسری دریافت ہے، ہائیڈرو کاربن کی دریافت سے پاکستان کی توانائی کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کی روایت کو تقویت ملی ہے۔

    پی پی ایل شاہ بندربلاک میں 63 فی صد کاروباری شراکت (ڈبلیو آئی) کے ساتھ آپریٹر ہے، کنوئیں کی کھدائی اور جانچ پی پی ایل کی تکنیکی مہارت اور انسانی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کی گئی۔

    پی پی ایل کے مطابق پتیجی X-1 کی کھدائی کے آغاز کے بعد ہائیڈرو کاربن کی جانچ کے لیے 2،475 میٹر ایم ڈی گہرائی تک کھدائی کی گئی، اور کھدائی کے ڈیٹا کی بنیاد پر ہائیڈرو کاربن کے حامل زون کی نشان دہی کی گئی۔

    جانچ کے دوران کنوئیں سے یومیہ 11.7 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور یومیہ 198 بیرل کنڈنسیٹ کی پیداوار حاصل ہوئی۔

  • سندھ میں گیس کی تلاش : بڑی کامیابی مل گئی

    سندھ میں گیس کی تلاش : بڑی کامیابی مل گئی

    کراچی : پیٹرولیم کی مقامی کمپنی کے ڈہرکی میں قائم کنوئیں ’’غازیج ٹو‘‘ سے بھی گیس دریافت ہوگئی، گزشتہ ماہ غازیج ون کنویں سے گیس دریافت کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق تیل وگیس کے شعبے سے اچھی خبر سامنے آئی ہے، صوبہ سندھ میں ایک اور کنوئیں سے گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ کمپنی نے صوبہ سندھ کے علاقے ڈہرکی میں گیس کی پیداوار کے لیے ایکسٹینڈڈ ویل ٹیسٹنگ کا آغاز کیا ہے۔

    ،ماڑی پٹرولیم کے ’غازیج ٹو‘ کنویں سے گیس کی پیداوار شروع ہوگئی، غازیج ٹو سے سوئی ناردرن کو یومیہ آٹھ ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے،حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غازیج 2 سے سوئی ناردرن کو یومیہ 8 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی جاری ہے۔

    حکام کے مطابق نئی گیس کی فراہمی سے توانائی کی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، نئی گیس شامل ہونے سے موسم سرما میں گیس کی طلب و رسد کا فرق کم ہوگا۔

    واضح رہے کہ یہ پیشرفت 9 اکتوبر کو ماڑی ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز میں غازیج ٹو کنویں کی کامیاب کھدائی اور جانچ پڑتال کے بعد ہوئی، ماڑی پٹرولیم حکام کے مطابق نئی گیس سے زرمبادلہ کے ذخائر کی بھی بچت ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ میں غازیج ون کنویں سے ون 11 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دریافت کی گئی تھی، ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے تیل و گیس کی تلاش کیلئے1016میٹر گہرا کنواں کھودا گیا تھا۔

  • ضلع سانگھڑ میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    ضلع سانگھڑ میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں گیس اور تیل کا نیا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ ذخیرہ وِیل پانڈھی وَن میں دریافت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویل پانڈھی وَن میں 3600 میٹر کی کھدائی کے بعد تیل و گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔

    کنوئیں سے 9 اعشاریہ 12 ملین مکعب فٹ گیس اور 520 بیرل تیل یومیہ حاصل ہوگا، کمپنی کا کہنا ہے کہ پانڈھی ون کے کنوئیں میں 95 فی صد حصص بہ طور آپریٹر او جی ڈی سی ایل کے ہیں، جب کہ 5 فی صد حصص گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ہیں۔

    او جی ڈی سی ایل نے اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط بھی لکھ کر مطلع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ پانڈھی ون کے اسٹرکچر کا خاکہ، اس کی ڈرلنگ اور ٹیسٹ کے مراحل او جی ڈی سی ایل کی اپنی مہارتوں کو استعمال کر کے طے کیے گئے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ پانڈھی ون میں تیل و گیس کی دریافت کمپنی کی طرف سے تلاش کی بھرپور حکمت عملی اور حکومت کی جانب سے مقامی تیل و گیس کی پیداوار اور تلاش کی ہدایت کا نتیجہ ہے۔

    تیل و گیس کی نئی دریافت سے ملک اور او جی ڈی سی ایل کے ہائیڈرو کاربن ذخائر میں اضافہ ہوگا۔