Tag: گیس سلنڈر

  • کراچی : گلشن معمار کے شادی ہال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

    کراچی : گلشن معمار کے شادی ہال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

    کراچی : گلشن معمار سیکٹر ایکس میں واقع ایک شادی ہال میں آگ لگ گئی، تین فائرٹینڈرز کی 3 گاڑیوں نے بمشکل آگ پر قابو پالیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار سیکٹر ایکس میں واقع ایک شادی ہال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، پولیس حکام کے مطابق آگ شادی ہال کے کچن میں موجود گیس سلنڈر سے لگی تھی۔

    ہال سے مہمان جاچکے تھے، میزبانوں میں سے کچھ لوگ اور انتظامیہ کے افراد موجود تھے، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت میرج ہال سے تقریباً تمام مہمان جاچکے تھے۔ فائربریگیڈ کی تین گاڑیوں کے عملے نے آگ پر قابو پالیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    مزید پڑھیں : شادی ہال میں آتش بازی کے باعث خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے ایک میرج ہال میں باراتیوں کی جانب سے کی جانے والی آتش بازی کے باعث آگ لگ گئی تھی۔

    آتشزدگی کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی تھی، آگ اور دھوئیں کی وجہ سے مہمانوں نے فوری طور پر ہال خالی کر دیا تھا۔

  • گیس سلنڈر پھٹنے کی بڑی وجہ کیا ہے؟

    گیس سلنڈر پھٹنے کی بڑی وجہ کیا ہے؟

    ملک میں آئے دن گیس سلنڈر پھٹ رہے ہیں جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع اور زخمی ہو رہی ہیں ان واقعات کی بڑی وجہ سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ہر سال سردیوں میں گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات بہت زیادہ رونما ہوتے ہیں۔ امسال بھی ملک کے کئی علاقوں سے گیس سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک واقعات ہوئے ہیں جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

    گیس سلنڈرز کیوں پھٹ رہے ہیں؟ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن کے رہنما عرفان کھوکھر نے اس کی سب سے بڑی وجہ ملاوٹ شدہ ایل پی جی گیس کو قرار دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان کھوکھر نے کہا کہ مارکیٹ میں ملاوٹ شدہ ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے۔ ناجائز منافع کے لیے انسانی جانوں سے کھیلنے والا مافیا ایل پی جی بوزر سے گیس نکال کر اس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس ملا رہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی سلنڈر کا پریشر 540 تک ہوتا ہے جب کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ شامل کر کے اس سلنڈر کا پریشر 900 سے 1200 کر دیا جاتا ہے اور یہی زائد پریشر سلنڈر پھٹنے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

    ایسوسی ایشن کے مطابق 300 روپے کلو فروخت ہونے والی ایل پی جی میں 15 روپے فی کلو والی کاربن ڈائی آکسائیڈ ملا کر فروخت کی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب اوگرا نے ملاوٹ شدہ ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے اور اسپیشل ٹیموں نے سندھ اور پنجاب میں اب تک درجنوں کمپنیوں کے ملاوٹ شدہ کیمیکل سے بھرے کنٹینر پکڑ لیے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: گیس سلنڈر دھماکے میں 16 افراد جاں بحق

    اوگرا نے مکسنگ پلانٹ اور کاربن ڈائی آکسائیڈ سے بھرے کنٹینر بھی قبضے میں لے لیے ہیں اور ان باؤزر اور پلانٹ سے لیے گئے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔

  • حیدرآباد گیس سلنڈر دھماکے کے مزید 2 زخمی چل بسے

    حیدرآباد گیس سلنڈر دھماکے کے مزید 2 زخمی چل بسے

    کراچی: حیدرآباد گیس سلنڈر دھماکے کے مزید 2 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 16 تک پہنچ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سول برنس وارڈ میں زیر علاج مزید 2 زخمی دوران علاج چل بسے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 15سالہ عمیر، 14 سالہ عباس کے نام سے ہوئی ہے، اسپتال میں زیر علاج 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    واضح رہے کہ 3 روز قبل حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا تھا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی۔

    کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دم گھٹنے سے 11 مزدور جاں بحق

    آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے، دھماکے اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ مرنے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

  • قتلِ خطا: مچھر کالونی میں عمارت گرنے کا مقدمہ مکان مالک کے خلاف درج

    قتلِ خطا: مچھر کالونی میں عمارت گرنے کا مقدمہ مکان مالک کے خلاف درج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مچھر کالونی میں عمارت گرنے کا مقدمہ قتلِ خطا کی دفعہ کے تحت مکان مالک کے خلاف درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں گزشتہ روز جعفر چوک پر واقع حقانی بلڈنگ گرنے سے 3 افراد کی موت، 17 کے زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کا مقدمہ ڈاکس تھانے میں اے ایس آئی رشید کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

    مقدمہ عمارت کے مالک نور اسلام حقانی کے خلاف قتل خطا کی دفعہ 322 کے تحت درج کیا گیا ہے، اس واقعے میں 50 سالہ عبدالوہاب، 17 سالہ محمد زادہ اور 4 سالہ بچی الفت بی بی جاں بحق ہوئی ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد بیان دینے کے قابل نہیں ہیں، اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں، پولیس نے جانچ پڑتال کی تو معلوم ہوا کہ رہائشی علاقے میں مالک مکان نے غیر قانونی گیس کی سپلائی کے لیے دکان کرائے پر دی تھی۔

    مچھر کالونی میں زوردار دھماکے سے دو منزلہ عمارت زمیں بوس، 3 افراد جاں بحق

    متن کے مطابق گیس سلنڈر کی سپلائی کے لیے دکان متوقی عبدالوہاب کو دی گئی تھی اور کوئی اجازت نامہ حاصل نہیں کیا گیا نہ ہی کرایہ نامہ لکھا گیا۔

    متن میں کہا گیا ہے کہ بغیر کسی احتیاطی تدابیر کے دکان چلانے پر واقعہ رونما ہوا۔

  • افطار سے قبل حلوہ پوری کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    افطار سے قبل حلوہ پوری کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کراچی: شہر قائد میں آج افطار سے قبل حلوہ پوری کی ایک دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دل دہلا دینے والا دھماکا ہوا، جس کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لائنز ایریا، سیکٹر 2 بی میں ایک دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا، پہلے حلوہ پوری کی دکان میں آگ لگی اور پھر گیس سلنڈر پھٹ گیا۔

    دھماکے سے دکان میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، تاہم فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر جلد قابو پا لیا گیا۔

    ویڈیو: ڈرائیور کی خوفناک غلطی سے دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، نہ ہی کوئی زخمی ہوا۔

  • غیر معیاری گیس سلنڈرز یا گھروں اور گاڑیوں میں رکھے خطرناک بم؟

    کراچی: ملک بھر میں سوئی گیس کی قلت نے لوگوں کو غیر معیاری گیس سلنڈرز استعمال کرنے پر مجبور کردیا ہے جو کبھی بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں توانائی کے بڑھتے بحران نے لوگوں کو دیگر ذرائع استعمال کرنے پر مجبور کیا ہے جن میں گیس سلنڈرز بھی شامل ہیں۔

    تاہم گھروں اور گاڑیوں میں ان سلنڈرز کا غیر محتاط استعمال بڑے نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔

    ان سلنڈرز کو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر 5 سال بعد سلنڈر تبدیل کیا جائے، ان کی مینٹیننس کا سرٹیفیکٹ ہو، اور انہیں ضلعی انتظامیہ باقاعدگی سے چیک کرتی رہے۔

    تاہم کم آمدنی اور بڑھتی مہنگائی کے سبب اپنی ضروریات پوری کرنے سے قاصر طبقے کے لیے یہ اضافی خرچ ہے اور لوگ کم قیمت میں سیکنڈ ہینڈ سلنڈرز بھی خرید لیتے ہیں۔

    غیر معیاری سلنڈرز کی وجہ سے شہر قائد میں گزشتہ کئی روز کے دوران سلنڈرز پھٹنے کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں جن میں جانی نقصان بھی ہوچکا ہے۔

  • سوئی سدرن گیس کمپنی نے سلنڈر فروخت کرنا شروع کر دیا

    کراچی: ایس ایس جی سی نے اپنی ہی قائم کردہ کمپنی سے سلنڈر فروخت کرنے کی مہم شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی گیس کمپنی اندھیر نگری چوپٹ راج کے مصداق شہریوں پر لائن میں گیس بند کر کے سلنڈر خریدنے کی ترغیب دینے لگی ہے، وہ بھی اپنی قائم کردہ کمپنی کے سلنڈر۔

    رپورٹ کے مطابق ایس ایس جی سی شہر میں گیس کی کمی کو دور کرنے کے لیے شہریوں کو اپنی ہی قائم کردہ کمپنی سے سلنڈر خریدنے کی ترغیب دینے لگی ہے، شہر میں گیس لیکیج اور چوری پر قابو پانے میں ناکامی پر گیس کمپنی نے ایل پی جی کمپنی کھول لی ہے۔

    ایس یس جی سی ایل پی جی کمپنی نے ڈی ایچ اے میں ایل پی جی فروخت کرنے کے لیے جدید طرز کی دکان کھولی ہے، کراچی میں گیس بحران میں شہری نڈھال ہیں جب کہ کمپنی نے مہنگے ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں۔

    مالی خسارے کے شکار ایس ایس جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے شہر کے سب سے مہنگے علاقے ڈی ایچ اے میں پہلے شوروم کا افتتاح کیا، ہوم ڈلیوری بھی کی جا رہی ہے۔

    اس دکان سے 6 کلو، 10 کلو، 11.8 کلو، 15 اور 45 کلو کے سلنڈر دستیاب ہیں، سلنڈر کی قیمت 5 ہزار روپے سے 16 ہزار روپے تک ہے، رہائشی اور کمرشل صارفین کو 240 روپے فی کلو کے حساب سے گیس دستیاب ہوگی۔

  • گیس سلنڈرز سے بھرا ٹرک خود ہی چل پڑا، لوگ دہشت زدہ (ویڈیو)

    گیس سلنڈرز سے بھرا ٹرک خود ہی چل پڑا، لوگ دہشت زدہ (ویڈیو)

    برازیل: کیا آپ نے فائنل ڈسٹنیشن نامی فلم سیریز دیکھی؟ یہ فلم ہمارے ذہن میں یہ خیال بٹھاتی ہے کہ چیزیں دہشت ناک طور پر گڑ بڑ ہو سکتی ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ برازیل میں پیش آیا۔

    برازیل کے شہر ابریتی میں گیس سلنڈرز کے ایک گودام پر یہ واقعہ 7 اپریل کو پیش آیا، جب ٹرک پر سلنڈرز لوڈ کیے جا رہے تھے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرک اچانک خود بہ خود چل پڑا، اور گودام پر موجود لوگ دہشت زدہ ہو کر اسے روکنے کے لیے دوڑے پڑے۔

    ویڈیو کے مطابق بھرا ہوا ٹرک جب اپنے آپ چل پڑا تو سب سے پہلے ٹرک ڈرائیور جو باہر کھڑا تھا، چیخ کر اس کی طرف دوڑا، اور اسے روکنے کی جدوجہد کرنے لگا۔

    بلاشبہ یہ ہڈیوں میں سنسنی دوڑانے والی ویڈیو تھی، کیوں کہ ٹرک گیس سلنڈرز سے بھرا ہوا تھا اور اگر ٹرک آگے پہاڑی سے ٹکرا جاتا تو کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا تھا، اس لیے ڈرائیور نے پہلے بد حواسی میں سامنے سے ٹرک کو روکنے کی کوشش کی۔

    بعد ازاں، ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ٹرک کا رخ بدلنے کے لیے ٹرک کے کھلے دروازے سے اسٹیئرنگ گھمانے کی مسلسل کوشش کی، اس سے پہلے کہ ٹرک ڈھلوان پر پہاڑی تک پہنچتا، ڈرائیور اسے روکنے میں کامیاب ہو گیا۔

    معلوم ہوا کہ ٹرک ڈرائیور نے ٹرک کو نیوٹرل موڈ میں چھوڑ دیا تھا، لیکن اچانک وہ ناقابل توجیہہ طور پر گیئر سے نکل گیا، تاہم ڈرائیور اسے پہاڑی سے ٹکرانے سے قبل روکنے میں کامیاب ہو گیا ورنہ کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔

    ویڈیو دیکھنے والے صارفین نے ڈرائیور کی بہادری کو سراہا، لوگوں نے اس پر کمنٹس بھی کیے، ایک صارف نے لکھا ڈرائیور نے شان دار کام کیا۔

  • ریاض کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکا، 1 شخص جاں بحق

    ریاض کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکا، 1 شخص جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایک ہوٹل میں گیس سلنڈر میں ہونے والے دھماکے سے 1 شخص جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق واقعہ المونسیہ کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں پیش آیا، گیس سلنڈر دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ہوٹل کا فرنیچر اور سجاوٹ کی اشیا وغیرہ ٹوٹ کر بکھر گئیں، ہوٹل کے شیشے بھی دھماکے سے ٹوٹ گئے۔

    ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کی شدت سے برابر کی دکانوں کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد علاج کے لیے اسپتال پہنچا دیا۔

    جاں بحق شخص کی لاش بھی اسپتال کے سرد خانے پہنچا دی گئی۔

    شہری دفاع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ دھماکے کی تحقیقات کے لیے متاثرہ ہوٹل کو متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

  • ریلوے پولیس کی گیس سلنڈرز کے خلاف بڑی کارروائی، ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے

    ریلوے پولیس کی گیس سلنڈرز کے خلاف بڑی کارروائی، ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے

    کراچی: ریلوے پولیس نے ملک بھر میں گیس سلنڈرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سلنڈر قبضے میں لے لیے، اس کارروائی میں ریل گاڑیوں میں ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے، جن کے پاس اجازت نامے بھی موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے گیس سلنڈرز کے خلاف آنکھیں بند کر کے کارروائیاں کرنے لگا، ٹرین کی ڈائننگ کار میں سلنڈر کی اجازت دینے کے بعد گیس سیلنڈر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، ڈائننگ کار والوں کے پاس ریلوے ہیڈ کوارٹرز کا جازت نامہ بھی موجود ہے، تاہم ریلوے پولیس نے ان کے خلاف بھی کارروائیاں کیں اور مقدمات درج کیے۔

    پاکستان ریلوے پولیس نے ملک بھر میں گیس سلنڈرز، چولھوں اور دیگر آتش گیر مادوں اور ممنوع اشیا کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا، اس دوران ریلوے اسٹیشنز پر معروف کھانے پینے کی آؤٹ لیٹس سے بھی گیس سیلنڈر ہٹا دیے گئے، ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز، ٹرینوں اور ڈائننگ کاروں سے 69 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے گئے جب کہ گیس سلنڈر رکھنے کے الزام میں 54 مقدمات کا بھی اندراج کیا گیا۔

    کراچی ڈویژن نے 6 مقدمات کا اندراج کیا اور 10 گیس سلنڈرز کو قبضے میں لیا، سکھر ڈویژن نے 5 مقدمات کا اندراج کیا اور پانچ گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے، لاہور ڈویژن نے 15 مقدمات کا اندراج کیا اور 23 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے، راولپنڈی ڈویژن نے 4 مقدمات کا اندراج کیا اور 5 گیس سلنڈرز اور چولھے تحویل میں لیے، ملتان ڈویژن نے 24 مقدمات کا اندراج کیا اور 24 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے۔

    محکمہ ریلوے کے مطابق یہ کارروائی ریلوے مسافروں، اسٹیشنز، ٹرینوں اور دیگر احاطہ جات کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کے لیے کی گئی ہے۔