Tag: گیس لوڈ شیڈنگ

  • ’گورنر ہاؤس میں گیس نہیں آ رہی، اس لیے باہر کھانا کھانے آنا پڑا‘

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری گزشتہ رات سرد موسم کا مزہ لینے کیماڑی کی مشہور سی فوڈ اسٹریٹ پہنچ گئے تھے، جہاں انھوں نے کیکڑے کا سوپ، جھینگا کڑھائی اور باربی کیو مچھلی آرڈر کی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ ’’گورنر ہاؤس میں گیس نہیں آ رہی ہے، اس لیے باہر کھانا کھانے آنا پڑا۔‘‘

    کراچی میں سردی شروع ہوتے ہی ایس ایس جی سی کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں کی زندگی بجلی کے بعد ایک اور عذاب سے دوچار ہو گئی ہے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا ’’2 ماہ سے گورنر ہاؤس میں بھی گیس نہیں آ رہی ہے، اور دن میں 3 بار بجلی کی بھی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، مجھے بتایا گیا کہ گورنر ہاؤس میں کھانا تیار ہونے میں دیر لگے گی، اس لیے جھینگے کی کڑھائی اور کیکڑے کا سوپ پینے آیا ہوں۔‘‘

    گورنر سندھ نے اپنا مخصوص جملہ ایک بار پھر دہرایا ’’کھانا جتنا کھانا ہے کھاؤ لیکن کراچی کسی کو نہیں کھانے دیں گے۔‘‘ انھوں نے کہا ’’جس کو سیاست کرنے کا شوق ہے اس کو مشورہ دوں گا کہ وہ کیماڑی آ کر سوپ پیے۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایم کیو ایم دھڑوں کے ملنے کو صفر کا درجہ دینے والے سن لیں، ان صفر کو عوام پلس کر کے دکھائیں گے، اگر حافظ نعیم جوڑ توڑ کر کے میئر بن جاتے ہیں تو انھیں مبارک باد دوں گا، کیوں کہ میں صرف جوڑنے آیا ہوں توڑنے پر یقین نہیں رکھتا۔

    گورنر سندھ نے کہا ’’عوام بجلی، گیس، پانی نہ ہونے اور اسٹریٹ کرائمز کے باوجود خوش ہیں، یہی پاکستان اور میرا کراچی ہے!‘‘

  • گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ زیادتی ہے: امتیاز شیخ

    گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ زیادتی ہے: امتیاز شیخ

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سے گیس بحران پر بات ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاق کےسامنے سندھ کا مؤقف پیش کیا ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ضرورت پیش آئی تو عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گیس ہماری اپنی پیداوار ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے، امید ہے وزیر اعظم اس اہم مسئلے پر نوٹس لیں گے، گیس کے معاملے پر پہلے سندھ کو ترجیح دینی چاہیئے۔

  • صارفین تیار ہوجائیں ! بدترین گیس لوڈ شیڈنگ کا اعلان

    صارفین تیار ہوجائیں ! بدترین گیس لوڈ شیڈنگ کا اعلان

    کراچی : سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے سندھ اور بلوچستان بدترین گیس لوڈ شیڈنگ کا اعلان کردیا، 24 گھنٹے میں سے صرف 8 گھنٹے گیس دستیاب ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اوربلوچستان میں قدرتی گیس استعمال کرنے والوں کیلئے بری خبر آگئی، ایس ایس جی سی نے بدترین گیس لوڈ شیڈنگ کا اعلان کردیا۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں سےصرف8گھنٹے گیس دستیاب ہوگی،ا صبح 6 سے 9، دوپہر 12 سے 2 اور رات 6 سے 9 بجے تک گیس مہیا کی جاسکے گی۔

    کمپنی نے بتایا کہ ایس ایس جی سی کو 350 سے 400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کاسامنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہرقائدکےاکثرعلاقوں میں گیس نہ ہونےاورلوپریشرنےلوگوں کی زندگی اجیرن ہے جبکہ شہر کے گنجان علاقوں میں گیس کے لو پریشر کا فی الحال کچھ بھی نہیں کیا جاسکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گیس کی قلت کےباعث دو دراز علاقوں کیلئےلو پریشر کا مسئلہ جاری رہ سکتا ہے۔

    ایس ایس جی سی کے ایل پی جی سلنڈرز کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے ، ڈیمانڈ میں 2 ہزار فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ایل پی جی سلنڈر کی ڈیمانڈ کا 60 فیصد جبکہ ڈی ایچ اے اور باقی چالیس فیصد پورے شہر میں ہے۔

  • ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی: پیٹرولیم ڈویژن کا دعویٰ

    ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی: پیٹرولیم ڈویژن کا دعویٰ

    اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، گیس دباؤ میں کمی کی شکایات کو حل کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا دعویٰ ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، ترجمان کا کہنا ہے کہ گھریلو، انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کے لیے کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 18 دسمبر کے لیے شیڈول ایل این جی کارگو آج پہنچ جائے گا، گیس دباؤ میں کمی کی شکایات کو حل کیا جا رہا ہے، دونوں گیس کمپنیاں گیس فراہمی نارمل رکھنے میں سرگرم عمل ہیں۔

    ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ گیس کمپریسر کا استعمال غیر قانونی ہے، گیس کمپریسر کے استعمال میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے گیس بحران کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ وفاق قدرتی گیس کی منصفانہ تقسیم نہیں کر رہا، وفاق آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی کر رہا ہے، صوبائی حکومت وفاقی ناانصافیوں پر عدالت جانے پر قانونی مشاورت کر رہی ہے۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ سندھ کے عوام کو ہر صورت انصاف دلا کر رہیں گے، حکمرانوں کی کرپشن کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔

  • فردوس شمیم کا وفاقی حکومت سے کراچی میں بجلی و گیس لوڈشیڈنگ پر سخت ایکشن لینے کا مطالبہ

    فردوس شمیم کا وفاقی حکومت سے کراچی میں بجلی و گیس لوڈشیڈنگ پر سخت ایکشن لینے کا مطالبہ

    کراچی: فردوس شمیم نے وفاقی حکومت سے کراچی میں بجلی و گیس لوڈشیڈنگ پر سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے آج وفاقی وزرا علی زیدی اور شیریں مزاری سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں سندھ کی سیاسی صورت حال اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    فردوس شمیم نقوی نے وفاقی وزرا کو بلدیاتی ایکٹ کا مسودہ بھی پیش کیا اور اس حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ شہر میں بلدیاتی مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں، سندھ حکومت شہر کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بلدیاتی مسائل کے علاوہ کراچی میں بجلی اور گیس کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر رہا ہے، وفاقی حکومت شہر میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ پر سخت ایکشن لے۔

    واضح رہے کہ شہر قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے 12 سے 18 گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، دن کے ساتھ ساتھ رات 12 بجے سے 4 بجے بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کی رات کی نیند اور دن کا چین غارت ہو چکا ہے۔

    خیال رہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ اور نیپرا کے احکامات کے باوجود کے الیکٹرک شہر بھر میں لوڈ شیڈنگ کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اب گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی شروع ہو گئی ہے، مختلف علاقوں میں جیسے ہی بجلی جاتی ہے، گیس بھی بند ہو جاتی ہے۔

  • گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری

    گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: موسم سرما کے 3 ماہ کے لیے گھریلو صارفین کو گیس لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہوگا تاہم صبح و شام کے اوقات میں گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سردیوں کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گھریلو صارفین کو دن کے اوقات میں گیس لوڈ شیڈنگ کا سامنا رہے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں گیس لوڈ شیڈنگ کی جائے گی تاہم صبح و شام کے اوقات میں گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق درآمدی صنعتوں کو 3 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے گی، دیگر صنعتوں کو سردیوں میں گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

    مذکورہ گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کا نفاذ 3 ماہ یعنی دسمبر سے مارچ تک کے لیے ہوگا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمت بڑھاتے ہوئے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز میں 300 فیصد سے زائد اضافہ کیا تھا۔ یہ گیس کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار اضافہ تھا۔

    اوگرا نے سرکاری دفاتر، اسپتالوں، مسلح افواج کے میس اور تعلیمی اداروں، رہائشی کالونیوں، کیپٹو پاور پلانٹس سمیت فلاحی اداروں کے لیے بھی گیس مہنگی کردی تھی۔

    قیمتوں میں اضافے کے بعد گیس کے ماہانہ فکسڈ چارجز 1 ہزار 53 روپے سے بڑھ کر 4 ہزار 680 روپے ہوگئے تھے۔

    علاوہ ازیں کمرشل صارفین، آئس فیکٹریوں، ہوٹلوں اور تجارتی مراکز کے لیے بھی گیس مہنگی کردی گئی تھی۔ ان صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 1 ہزار 225 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار 880 روپے کر دیے گئے تھے۔