Tag: گیس لیکج دھماکے

  • کراچی : گھر میں لگی گیس پریشر مشین سے خوفناک دھماکا ، مکان کا آدھا حصہ تباہ

    کراچی : گھر میں لگی گیس پریشر مشین سے خوفناک دھماکا ، مکان کا آدھا حصہ تباہ

    کراچی : دستگیر میں ایک گھر میں گیس لیکج دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا اور مکان کا آدھا حصہ تباہ ہو گیا، ابتدائی طور پر دھماکا گیس پریشر مشین کے باعث ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا دستگیر بلاک 14 میں علامہ اقبال پارک کے قریب گھر میں سلنڈر دھماکا ہوا ، دھماکے سے گھر میں آگ لگ گئی اور گھر کا آدھا حصہ منہدم ہوگیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث ایک شخص زخمی ہوا ، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمی شخص کی شناخت ارشدکے نام سےہوئی تاہم فائربریگیڈ کی ایک گاڑی نےآگ پرقابو پایا۔

    گھرمیں دھماکے کا معاملے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بتایا کہ گھر میں گیس سلنڈر موجود نہیں تھا ،گیس پریشرمشین لگی تھی ، ابتدائی طورپر لگتا ہے دھماکا گیس پریشر مشین کے باعث ہوا۔

    علاقہ مکین کا کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کافی زیادہ تھی، مکان کےپلرکوبھی نقصان پہنچا جبکہ دھماکے سے اطراف کے مکانات کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

  • سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    کراچی: ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے شہروں میں گیس لیکج سے ہونے والے دھماکوں میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع لیہ کے شہر چوک اعظم کے علاقے کوٹ سلطان میں گھر کے کمرے میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے، جب کہ ایک متاثرہ بیٹے کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکج کی وجہ سے دھماکا ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

    ادھر سندھ کے شہر نوشہروفیروز کے علاقے محراب پور کے ایک گھر میں بھی گیس لیکج سے دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، کمرے میں آگ لگنے سے جھلسنے والوں میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں نواب شاہ منتقل کیا گیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کمرے میں ہیٹر کے باعث گیس بھر جانے سے آگ لگی۔

    زخمیوں کو پہلے محراب پور اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہاں برن شعبہ نہ ہونے کے باعث انھیں نوابشاہ لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق کمرے میں گیس بھرنے کی وجہ سے صبح آگ جلانے پر گھر میں آگ لگ گئی اور آگ لگتے ہی دھماکا ہوا جس سے کمرے کی چھت کا ایک حصہ بھی اڑ گیا۔