Tag: گیس پائپ لائن

  • بلوچستان میں شدید بارشیں : 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن سیلابی ریلے میں بہہ گئی

    بلوچستان میں شدید بارشیں : 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن سیلابی ریلے میں بہہ گئی

    کوئٹہ : بلوچستان میں شدید بارشوں سے ضلع بولان میں 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن سیلابی پانی میں بہہ گئی ، جس کے باعث دارلحکومت سمیت پانچ اضلاع کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں شدید بارشوں سے گیس پائپ لائن بھی متاثر ہوگئی۔

    ضلع کچھی بولان میں بی بی نانی پل کے قریب ندی میں شدید سیلابی ریلے سے گیس پائپ لائن ٹوٹ گئی اور پائپ کا بڑا حصہ پانی میں بہہ گیا۔

    جس کے بعد کوئٹہ ،پشین ،زیارت،مستونگ اور قلات کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

    سدرن گیس کمپنی حکام کا کہنا ہے لپ گیس کی 24 انچ قطر کی متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کے لیے ایس ایس جی سی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ سیلابی ریلے کی وجہ سے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا جا سکا، ندی میں پانی کے بہاومیں کمی کے بعد پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔

    ذرائع مواصلات نہ ہونےکےباعث مرمت کے کام کی پیشرفت معلوم ہونے میں کچھ وقت لگے گا، متبادل پائپ لائن سے گیس کی فراہمی بحال کرنےکی کوشش کررہے ہیں۔

  • ایران نے بھارت کو گیس پائپ لائن پروجیکٹ سے بھی الگ کر دیا

    ایران نے بھارت کو گیس پائپ لائن پروجیکٹ سے بھی الگ کر دیا

    نئی دہلی: بھارت کو ایک کے بعد ایک دھچکا لگ رہا ہے، ریل منصوبے کے بعد ایران نے بھارت کو گیس پائپ لائن پروجیکٹ سے بھی الگ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کو فرزاد ایران کے ساتھ گیس فیلڈ منصوبے سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گیا ہے، ایران نے گیس پروجیکٹ سے بھی بھارت کو الگ کر دیا۔

    بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران فرزاد بی گیس فیلڈ کا منصوبہ خود مکمل کرے گا، غیر ملکی میڈیا کے مطابق گیس فیلڈ کا یہ منصوبہ ممکنہ طور پر چین کو مل سکتا ہے۔

    اس سے قبل ایران نے فنڈز میں تاخیر کرنے پر بھارت کو چاہ بہار ریل پراجیکٹ سے بھی علیحدہ کر دیا تھا، جس کے بعد ایرانی حکومت نے اپنے طور پر ریل لائن کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔

    بڑا دھچکا، ایران نے بھارت کو اہم پراجیکٹ سے الگ کر دیا

    ایران اب چاہ بہار ریلوے لائن کو بھارت کے بغیر مکمل کرے گا، بھارت اور ایران کے درمیان یہ معاہدہ 4 سال پہلے طے پایا تھا، منصوبے کے تحت افغان سرحد پر چاہ بہار سے زاہدان تک ریلوے لائن تعمیر ہونی تھی، تاہم بھارت کی جانب سے پروجیکٹ پر کام شروع کرنے اور فنڈز کی فراہمی میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی۔

    ایرانی حکام نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ یہ پراجیکٹ مارچ 2022 تک مکمل ہوگا، ادھر بھارت میں ایران کے فیصلے کے بعد کانگریس رہنما انتہا پسند مودی سرکار پر برس پڑے ہیں، اپوزیشن رہنما مودی سرکار کی پالیسیوں کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

  • ترکی اور روس نے امریکا ایران کشیدگی پر مشترکہ بیان جاری کر دیا

    ترکی اور روس نے امریکا ایران کشیدگی پر مشترکہ بیان جاری کر دیا

    استنبول: ترکی اور روس نے ایک مشترکہ بیان میں امریکا اور ایران سے تحمل کے مظاہرے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق استنبول میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے مشترکہ بیان میں امریکا اور ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ تحمل سے کام لیں۔

    ترکی روس مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور ایران بحران کو بڑھنے نہ دیں، حملوں کے تبادلے سے خطے میں عدم استحکام کا نیا دور شروع ہو جائے گا، ہم خطے میں جاری کشیدگی میں کمی کے لیے پر عزم ہیں، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور سفارت کاری کو ترجیح دیں۔

    تازہ ترین:  ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے آج رائے شماری ہوگی

    دونوں رہنماؤں کے مشترکہ تحریری بیان میں میزائل حملوں کی بھی مذمت کی گئی، بیان میں امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس عمل سے خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہوا، بیان میں بدھ کے روز امریکی ملٹری بیس پر میزائل حملوں پر تہران پر بھی تنقید کی گئی۔

    روس اور ترکی کے مابین گیس پائپ لائن افتتاح سے خطے میں علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کا ایک نیا اشارہ ملا ہے، دونوں صدور نے اس موقع پر خطے میں ایران اور امریکا کشیدگی میں اضافے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کشیدگی سے عراق پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

  • کورنگی سنگر چورنگی کے قریب گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی

    کورنگی سنگر چورنگی کے قریب گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی

    کراچی : کورنگی سنگر چورنگی کے قریب گیس پائپ لائن زوردار دھماکے سے پھٹ گئی، حادثہ مزدوروں کی جانب سے ڈرل کرنے کے دوران پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب گیس پائپ لائن پر ترقیاتی کام جاری تھا کہ گیس لائن زوردار دھماکے سے پھٹ گئی، دھماکے کی آواز سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، تاہم اب تک کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

    حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدوروں کی جانب سے کھدائی کیلئے ڈرل مشین کا استعمال جاری تھا، روڈ پر ڈرلنگ کے دوران بور زیر زمین گزرنے والی گیس پائپ لائن پر جا لگا۔

    ڈرل مشین کے بور سے گیس پائپ لائن میں بڑا سوراخ ہوگیا، واقعے کے بعد گیس پائپ لائن سے بلند آواز کے ساتھ گیس کا اخراج شروع ہوگیا۔

    گیس کے اخراج کے باعث سنگر چورنگی پر ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے حادثے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔

    سوئی گیس کمپنی کو طلب کرلیا گیا، گیس لائن پھٹنے کے باعث سنگر چورنگی روڈ پر جاری کام روک دیا گیا اور کورنگی کے اندرونی علاقے میں جانے والا ایک روڈ بند کردیا گیا

  • پاکستان اور روس کے درمیان 10 ارب ڈالر کا گیس پائپ لائن کا بڑا معاہدہ

    پاکستان اور روس کے درمیان 10 ارب ڈالر کا گیس پائپ لائن کا بڑا معاہدہ

    اسلام آباد: ملک میں سستی توانائی کی فراہمی کیلئے حکومت نے روس سے گیس خریدنے کا فیصلہ کرلیا، روس پاکستان تک آف شور پائپ لائن بچھائے گا، معاہدے پردستخط آج ماسکو میں متوقع ہے۔

    پاکستان اور روس کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے، ملک میں توانائی کے خاتمے کیلئے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان اور روس میں آف شور پائپ لائن کا منصوبہ طے پا گیا ہے، معاہدے کیلئے حکومتی وفد آج ماسکو روانہ ہوگا۔

    پاکستان روس سے گیس درآمد کرے گا، ڈیل کا حجم دس ارب ڈالر تک متوقع ہے، روس گوادر تک زیر سمندر گیس پائپ لائن بچھا ئے گا اور منصوبہ تین سے چار سال میں مکمل ہوگا۔

    پاکستان یومیہ ایک ارب مکعب فٹ تک گیس خریدے گا، روسی گیس درآمدات کا حجم 62کروڑ 10لاکھ کیوبک ہے۔

    روس کی جانب سے اس معاہدے پر عمل درآمد توانائی کی بڑی کمپنی گز پراوم کرے گی جبکہ منصوبے فیزیبلیٹی بنانے کی ذمہ داری میں بھی اسی کمپنی کے پاس ہے۔

    خیال رہے روس کے پاس اس وقت دنیا میں سب سے بڑے گیس کے ذخائر موجود ہیں۔

    پاکستان کی طرف سے گیز پارم کے ساتھ آف شور پائپ لائن منصوبے پر کام کے لیے سرکاری کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم (ISGS) کو نامزد کیا گیا ہے جو ملک میں گیس درآمدی منصوبوں کو دیکھتی ہے۔

    ISGS دس بلین ڈالر کے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا (Tapi) گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے، جو جنوبی اور وسطی ایشیا کو آپس میں جوڑ دے گا، اس منصوبے پر تعمیراتی کام اگلے برس مارچ میں شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ روس کے ساتھ ممکنہ آف شور پائپ لائن منصوبہ دراصل روس کا بنایا ہوا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں توانائی کی مارکیٹ تک رسائی ہے۔

  • اشک آباد: تاپی گیس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    اشک آباد: تاپی گیس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    اشک آباد: ترکمانستان کے سرحدی شہر سرحد آباد میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، انڈیا (تاپی) گیس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکمانستان میں تاپی گیس پائپ لائن سے منسلک منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔

    تقریب میں ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف، افغان صدر اشرف غنی اور بھارتی وزیر مملکت برائے خارجہ موجود تھے۔

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منصوبے سے توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری ہوں گی۔ خطے کے قدیم روابط بحال ہونے کا یہ تاریخی موقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ منصوبے سے خطے میں مجموعی طور پر خوشحالی آئے گی۔ پاکستان نے بہت سے اقتصادی چیلنجز پر قابو پایا ہے۔ گیس، ریل، روڈ اور مواصلات کا نظام شامل ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری حقیقت کا روپ دھار چکی ہے۔ دنیا بھر کے تاجروں کو سرمایہ کاری کے محفوظ مواقع فراہم کرتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جعفر آباد: نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائنیں دھماکے سےاُڑادیں

    جعفر آباد: نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائنیں دھماکے سےاُڑادیں

    جعفر آباد :  نامعلوم افراد نے دو گیس پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔تفصیلات کے مطابق  ڈیرہ بگٹی کے علاقے جعفر آباد میں نامعلوم افراد نے لوٹی اور پیر کوہ پلانٹوں کو جانے والی دو گیس پائپ لائنوں کو دھماکے سے تباہ کردیا ۔

    دھماکے اتنے شدید تھے کہ آواز دور دور تک سنی گئی، لیویز ذرائع کے مطابق آٹھ ،آٹھ انچ قطر کی پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑانے کے باعث لوٹی اور پیر کوہ پلانٹس کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    دھماکوں کے بعد گیس پائپ لائنوں میں آگ لگ گئی۔  تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    پائپ لائنوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

  • توانائی کمیٹی کا اجلاس: روس ،قطر ،چین کیساتھ گیس پائپ لائن معاہدہ منظور

    توانائی کمیٹی کا اجلاس: روس ،قطر ،چین کیساتھ گیس پائپ لائن معاہدہ منظور

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی نے روس قطر اور چین کے ساتھ گیس پائپ لائن معاہدے کی منظوری دے دی، وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے منصوبوں کی تکمیل جلد کی جائے۔

    اسلام آبا میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں معاہدے کی منظوری کے بعد وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے ،طویل اور مختصر مدت کے پاور پراجیکٹ سے متعلق تفصیلات کمیٹی میں پیش کی جائیں۔

    کابینہ کمیٹی کے مطابق بیالیس انچ کی گیس پائپ لائن این فائیو کیساتھ نصب کی جائیگی، کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں تاپی گیس پائپ لائن اور ایران سےبجلی درآمد سےمتعلق امور بھی زیر غور آئے۔

    اجلاس میں کوئلے اور ایل این جی منصوبوں سمیت ملک میں توانائی بحران پر فوری قابو پانے اور جاری منصوبوں پرہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

  • گیس پائپ لائن منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے، آئی سی سی آئی

    گیس پائپ لائن منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے، آئی سی سی آئی

    اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد شکیل منیر نے کہا ہے کہ حکومت تاجر رہنماؤں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر گیس بحران سے نمٹنے کیلئے توانائی کا ایک جامع منصوبہ تشکیل دے۔

    ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر قطر سے ایل این جی درآمد کرنے کی کوشش کرے، اس کے علاوہ ایران، پاکستان گیس پائپ لائن اور ترکمانستان ، افغانستان، پاکستان ، انڈیا گیس پائپ لائن منصوبوں کو جلد عملی جامہ پہنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے کیونکہ یہ منصوبے کافی عرصے سے زیر غور ہیں لیکن ان پر عمل درآمد کیلئے ابھی تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

    آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین عبدالرؤف نے اپنے خطاب میں کہا کہ گیس کا بحران معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے کیونکہ اس سے کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں بہت متاثر ہو رہی ہیں ،حکومت گیس بحران پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

  • ڈیرہ بگٹی: گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا

    ڈیرہ بگٹی: گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا

    ڈیرہ بگٹی:  گوپٹ کے مقام پر نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ، کسندھ کے کئی علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔

    سوئی کے علاقے گوپٹ کے مقام پر سوئی سے کراچی جانے والی 20انچ قطر گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑادیا گیا جس کے بعد پائپ لائن میں آگ لگ گئی اور کراچی،حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور امدادی ٹیمیں آگ پے قابو پانے کے لیے روانی ہو چکی ہیں ۔