Tag: گیس چوروں

  • کراچی : گیس چوری میں ملوث  معروف ہوٹل کا مالک گرفتار

    کراچی : گیس چوری میں ملوث معروف ہوٹل کا مالک گرفتار

    کراچی : گیس چوری میں ملوث معروف ہوٹل کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم گیس کی سروس لائین سے براہ راست چوری کر کے ہوٹل چلا رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن کا گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، گیس چوری میں ملوث چائے گلاب ہوٹل کے نام سے معروف ہوٹل کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا۔

    گیس چوروں کے خلاف ادارے سی جی ٹی او اور ریکوری نے کراچی کے علاقے پٹھان کالونی میں چائے کے ہوٹل پر چھاپہ مارا۔

    ملزم گیس کی سروس لائین سے براہ راست گیس کی چوری کر کے ہوٹل چلا رہا تھا ، چائے گلاب ہوٹل کے مالک شمس الحق کو رنگے ہاتھ گرفتار کیا گیا۔

    ایس ایس جی سی پولیس نے ملزم شمس الحق کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ چھاپہ مار ٹیم نے چوری میں استعمال ہونے والا پائپ اور دیگر سامان تحویل میں لے لیا۔

    ترجمان سوئی سدرن گیس کا کہنا ہے کہ ملزم شمس الحق پر چوری کئے جانے والے گیس لوڈ کے حساب سے ہرجانہ عائد کیا جائے گا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ گیس کی چوری روکنے کیلئے سوئی سدرن پر عزم ہیں ،اس  سے ملک اور ادارے کو نقصان پہنچ رہا ہے، گیس چوروں کیخلاف مزید کاروائیاں جاری رہیں گی۔

  • گیس چوروں کو ضمانت نہیں دے سکتے، سپریم کورٹ  کا واضح فیصلہ

    گیس چوروں کو ضمانت نہیں دے سکتے، سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ گیس چوروں کو ضمانت نہیں دے سکتے، ملزم پر عائد جرم ثابت ہوگیا تو 14 سال قید کی سزا  بنتی ہے ، گیس چوروں کے لیے14 سال سزا کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لکی مروت کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    سماعت میں جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ملزم چوری کی گیس سےبجلی بنا کر فروخت کرتاتھا، متعلقہ محکمہ پوچھنے آئے تو پستول تان لیتا تھا اور ملزم کے گھر سے جنریٹر بھی برآمد ہوا۔

    وکیل صفائی نے بتایا لکی مروت میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، اتنی لوڈشیڈنگ میں جنریٹر رکھنا سب کی مجبوری ہے، جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا ملزم پورے محلے کو بجلی فروخت کرتا تھا۔

    عدالت نے لکی مروت کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی ، قائم مقام چیف جسٹس جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس میں کہا گیس چوروں کو ضمانت نہیں دے سکتے، ملزم پرعائدجرم ثابت ہوگیا تو14 سال قیدکی سزابنتی ہے ، گیس چوروں کےلیے14سال سزا کم ہے۔

    خیال رہے لکی مروت سےتعلق رکھنے والے ملزم پر رواں سال مارچ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ روز جسٹس شیخ عظمت سعید نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا تھا، جسٹس شیخ عظمت سعید چیف جسٹس آصف کھوسہ کے بیرون ملک دورے کے دوران فرائض انجام دیں گے۔