Tag: گیس کی بندش

  • کراچی : ضلع وسطی کے بیشتر علاقے 2 روز  سے گیس سے محروم

    کراچی : ضلع وسطی کے بیشتر علاقے 2 روز سے گیس سے محروم

    کراچی : ضلع وسطی کے بیشتر علاقے دو روز سے گیس سے محروم ہے، علاقہ مکینوں نے دہائی دی ہے کہ بدھ کی صبح سے گیس کی فراہمی معطل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی اوراطراف میں پچاس گھنٹے بعد بھی گیس کی بندش ختم نہ ہو سکی۔

    ایس ایس جی سی دو دن گزرنے کے باوجود متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت نہ کرسکی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نارتھ کراچی کے ہزاروں صارفین بدھ کی صبح سے گیس سے محروم ہیں۔

    نارتھ کراچی سیکٹرالیون سی ٹو، تھری، اقبال پلازہ، ناگن چورنگی اور پاور ہاؤس چورنگی میں گیس غائب ہے جبکہ خواجہ اجمیر نگری، کلیانہ ٹاؤن اور اطراف میں بھی گیس کی فراہمی معطل ہے۔

    ایس ایس جی سی کا دعویٰ ہے کہ بدھ کی رات ساڑھے نو بجے تک کام مکمل کر کے گیس کی سپلائی بحال کر دی تھی جبکہ علاقہ مکین کہتے ہیں نارتھ کراچی کا بڑا علاقہ تاحال گیس سے محروم ہے۔

  • گیس کی بندش سے عوام اذیت میں مبتلا ہیں، مرتضیٰ مغل

    گیس کی بندش سے عوام اذیت میں مبتلا ہیں، مرتضیٰ مغل

    اسلام آباد :پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ موسم سرما میں گھریلو صارفین کی گیس بند کر کے انھیں تکلیف دی جا رہی ہے۔

    سردی میں اضافہ کے ساتھ ہی شہروں اور دیہات میں چولھے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور کھانا پکانا نا ممکن ہو گیا ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کم پریشر کی وجہ سے لوگ خالی پیٹ کام پر جا رہے ہیں اور والدین بچوں کو بغیر ناشتے کے اسکول بھیجنے پر مجبور ہیں۔

    جس سے شہری سراپا احتجاج بن گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی سپلائی بند کئے بغیر عوام کو گیس ملنا ناممکن ہے، گیس کے کم پریشر کا سارا ملبہ سی این جی سیکٹر پر ڈالا جاتا تھا مگر اب جب یہ شعبہ کئی ماہ سے بند ہے تو گیس عوام کے بجائے با اثر شعبوں کو دی جا رہی ہے۔

    حکومت نے سی این جی کو بند کر کے گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنے کا نعرہ لگایا گیا تھا مگر اب عوام چولہا جلانے کو ترس گئے ہیں ،نان بائیوں نے بھی تنوروں پرسلنڈر لگا کر قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے جس پر انتظامیہ خاموش ہے۔

  • لاہورہائیکورٹ:سی این جی بندش کیخلاف درخواست مسترد

    لاہورہائیکورٹ:سی این جی بندش کیخلاف درخواست مسترد

    لاہور ہائی کورٹ نے سی این جی اسٹیشنز پر گیس کی بندش کیخلاف درخواست مسترد کردی، عدالت نے قرار دیا کہ گیس کے استعمال پر پہلا حق گھریلو صارفین کا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ نے سی این جی اسٹیشنز پر گیس کی بندش کیخلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کو درست قرار دے دیا، درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی کہ گیس کی بندش سے سی این جی اسٹیشنز کا کاروبار تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔

    مالکان کو خسارے کا سامنا جبکہ ہزاروں ملازمین بے روزگار ہوگئے ہیں جس پر عدالت نے یہ کہتے ہوئے درخواست مسترد کردی کہ گیس کے استعمال پر پہلا حق گھریلو صارفین کا ہے، گیس فراہمی پر حکومتی پالیسی ٹھیک ہے۔