Tag: گیس کی سپلائی

  • آج سے صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند

    آج سے صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے صنعتوں کو آج سے گیس کی سپلائی بند کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے آج 11 دسمبر سے تا حکم ثانی صنعتوں کو گیس سپلائی بند کر دی ہے، کراچی چیمبر نے عام صنعتوں کی گیس بندش کے غیر دانش مدانہ فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔

    سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے بھی کراچی چیمبر کے مؤقف کی تائید کی، انھوں نے کہا سندھ حکومت تاجر برادری کے جائز مطالبے کی حمایت کرتی ہے۔

    چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زبیر موتی والا نے ایس ایس جی سی کی جانب سے غیر برآمدی عام صنعتوں کی گیس بندش کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایس ایس جی سی ہفتے میں ایک روز کے لیے متبادل ناغہ کرنے کے ساتھ ساتھ بہتر لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی اختیار کرے۔

    انھوں نے کہا کے سی سی آئی خاموش نہیں بیٹھے گا اور ایس ایس جی سی کے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دینے کے آپشن پر غور کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب سی این جی سیکٹر، عام صنعتیں اور حتیٰ کہ گھریلو صارفین کو بھی گیس میسر نہیں تو 940 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بالآخر کہاں غائب ہو جاتی ہے۔

    کراچی چیمبر کے صدر ادریس میمن کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی جنرل صنعتوں کی گیس بند کر دی گئی ہے جب کہ برآمدی صنعتوں کی سرگرمیاں جاری ہیں، یہ سراسر ناانصافی ہے کیوں کہ یہ عام صنعتیں ہی ہیں جو برآمدی صنعتوں کو خام مال مہیا کرتی ہیں لہٰذا دونوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عام صنعتوں کی گیس بندش کے نتیجے میں نہ صرف بے روزگاری بڑھے گی بلکہ مارکیٹوں میں ضروری اشیا کی قلت کے باعث مہنگائی میں بھی ہوش رُبا اضافہ ہوگا۔

    ایف بی ایریا صنعتی ایسوسی ایشن کے صدر ہارون شمسی نے کہا کہ برآمدکنندہ کے پاس پراسسنگ یونٹس نہیں ہو تے، وہ لوکل صنعتوں کے محتاج ہوتے ہیں،گیس کی سپلائی بند ہونے سے برآمدی آرڈرز کو وقت پر مکمل کرنا ممکن نہیں رہے گا، ہارون شمسی کے مطابق برآمد ی آرڈرز کو وقت پر مکمل نہ کرنا ملکی معشیت کے لیے بھی اچھی بات نہیں ہے، اس طرح کے فیصلوں سے ملکی معشیت پڑنے والے اثرات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

  • سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی کب بحال ہوگی ؟عمر ایوب کا اہم بیان سامنے آگیا

    سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی کب بحال ہوگی ؟عمر ایوب کا اہم بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد : وزیر توانائی عمرایوب نے کہا ہے کہ سی این جی سیکٹر کو جنوری میں وقفے وقفے سے اور فروری میں مکمل طور پر گیس کی سپلائی شروع کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرتوانائی عمرایوب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ سال دسمبر کےمقابلے میں 12 فیصد زائد گیس فراہمی کی گئی ، دسمبر 2018 میں ایس این جی پی ایل نےگھریلوصارفین کو831 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی ، دسمبر کے15 دنوں میں 30فیصد زائد گیس فراہمی کی گئی ، گھریلو صارفین کو اس وقت47 فیصد اضافی گیس فراہم کی جارہی ہے۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سوائے سی این جی سیکٹر کے تمام صارفین کو گیس کی فراہمی جارہی ہے، سی این جی سیکٹر کو جنوری میں وقفے وقفے سے گیس فراہم کی جائےگی، فروری میں مکمل طور پر گیس کی سپلائی شروع کردی جائےگی، ملک میں ریکارڈ توڑ سردی گیس کے دباؤمیں کمی کا باعث بنی ، سردی کا زور ایک ہفتےمیں ٹوٹنےسے صورت حال بہتر ہوگی۔

    وزیرتوانائی نے مزید کہا کہ ایس ایس جی سی کےنظام میں طلب20 فیصد بڑھ گئی ہے، ایل این جی سندھ کی صورتحال کےباعث سپلائی نہیں کی جا رہی، اضافی ایل این جی اور سپلائی میں بہتری سےصورتحال بہتر ہوگی۔

  • کس کو کتنی گیس دینی ہے یہ اختیار وفاق کا ہے، ایس ایس جی سی

    کس کو کتنی گیس دینی ہے یہ اختیار وفاق کا ہے، ایس ایس جی سی

    کراچی : سندھ میں گیس کی سپلائی کے معاملے پر ترجمان ایس ایس جی سی نے کہا ہے کہ کس کو کتنی گیس دینی ہے یہ اختیار وفاقی حکومت کا ہے۔ سندھ حکومت سیکیورٹی کی مد میں ایک ارب روپے ادا کرے، نوری آباد میں واقع پاور پلانٹ کی شرائط پوری نہیں کی اس لئے کنکشن نہیں دیا۔

     تفصیلات کے مطابق آج اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا تھا کہ اگر صوبے کو مطلوبہ مقدار میں گیس نہیں ملی تو سندھ سے جانے والی گیس کی سپلائی بند کردیں گے، سندھ سے نکلنے والی گیس پر پہلا حق اس صوبے کا ہے۔

    اس بیان پر اپنا درعمل دیتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ گیس کی تقسیم میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہوتا، یہ اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے کہ اس نے کس صوبے کو کتنی گیس دینی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نوری آباد میں واقع پاور پلانٹ نے کمپنی کی شرائط پوری نہیں کیں اور نہ ہی پاور پلانٹ نے ایک ارب روپے سیکیورٹی ڈپازٹ جمع کرائے اس لئے اسے کنکشن نہیں دیا گیا۔

    نوری آباد پر واقع مذکورہ پاور پلانٹ تک پائپ لائن بچھا دی گئی ہے اور میٹرنگ اسٹیشن بھی لگ چکا ہے، یہ پلانٹ جیسے ہی ڈپازٹ جمع کرائے گا اسے فوری کنکشن دے دیا جائے گا۔


    مزید پڑھیں : گیس نہیں ملی تو سندھ سے سپلائی بند کردیں گے‘ وزیراعلیٰ سندھ


    ترجمان ایس ایس جی سی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت گیس سیکیورٹی کی مد میں ایک ارب روپے ادا کرے۔ ترجمان ایس ایس جی سی نے بتایا کہ کمرشل اور انڈسٹریل گیس کنکشن پر بھی پابندی تھی، کنکشنز کی ہزاروں درخواستیں اب تک التواء ہیں۔

  • سوئی سدرن گیس کمپنی نے  گیس فراہمی کافی کم کردی،ترجمان کے ای ایس سی

    سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس فراہمی کافی کم کردی،ترجمان کے ای ایس سی

    کراچی الیکٹریک سپلائی کمپنی کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے کے ای اسی سی کو کو گیس فراہمی کافی کمی کر دی ہے۔ کمپنی کے مطابق گیس کی فراہمی ایک سو پچاس میگاواٹ سے کم ہوکر اٹھاسی ایم ایم ایف سی ڈی پر آگئی ہے ۔

    کے ای ایس سی کے مطابق گیس کی سپلائی میں کمی کے باعث پیداواری صلاحیت شدید متاثر ہورہی ہے۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق ایس ایس جی سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور امید ہے کہ گیس پریشر میں بہتری آتے ہی گیس کی سپلائی بھی بہتر ہوجائے گی ۔

    کے ای ایس سی کی پیداواری صلاحیت کم ہونے کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانئے میں اضافہ ہوگیا ہے۔ناظم آباد بلاک ایل میں گذشتہ چھ گھنٹے سے بجلی بند ہونے کے باعث مکینوں نے احتجاج کیا غریب آباد کے علاقے میں بجلی،پانی اور گیس کی لوڈ شنڈنگ کے خلاف مکینوں کا احتجاج کیا اور روڈ بلاک کردیا۔