Tag: گیس کی قیمتوں میں اضافہ

  • گیس کی قیمتوں میں اضافہ، کراچی کے مختلف علاقوں میں سی این جی اسٹیشنز بند ہونا شروع

    گیس کی قیمتوں میں اضافہ، کراچی کے مختلف علاقوں میں سی این جی اسٹیشنز بند ہونا شروع

    کراچی: حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سی این جی اسٹیشنز بند ہونا شروع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سی این جی اسٹیشنز بند ہونا شروع ہوگئے، سی این جی اسٹیشنز بند ہونے سے پبلک، پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کو مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔

    چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن شبیر سلیمان نے کہا ہے کہ سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، حکومت نے 27 ستمبر سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، 27 ستمبر سے نئی قیمتیں لاگو کرنے سے پمپ مالکان کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

    شبیر سلمان کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن سے ایک سی این جی پمپ کو 4 سے 6 لاکھ کا نقصان ہوگیا ہے، سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا، نقصان میں کاروبار نہیں کرسکتے، سی این جی اسٹیشنز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں: حکومت نے گیس کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے سی این جی صارفین کے لیے بھی گیس 40 فیصد مہنگی کردی گئی ہے، کے پی، بلوچستان میں سی این جی 20 روپے فی کلو تک مہنگی ہوگی، کمرشل اور تندور کنکشن ہر گیس 40 فیصد تک مہنگی دی جائے گی۔

    دوسری جانب گیس کی قیمتوں میں اضافے پر سی این جی ایسوسی ایشن کا ردعمل سامنے آیا ہے، غیاث پراچہ نے کہا کہ سی این جی کے لیے گیس کی قیمت بڑھا کر غریب عوام سے زیادتی کی گئی ہے، حکومت فیصلے پر نظرثانی کرکے سی این جی کی قیمتوں میں کمی کرے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف کے لیے پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے، سی این جی بھی تو عوام استعمال کرتے ہیں، نئے نرخ سے سی این جی میں تقریباً 15 روپے کا اضافہ متوقع ہے، اضافہ 27 ستمبر سے کیا گیا، یہ پیسے عوام سے کیسے وصول کیے جائیں گے۔

  • گیس کی قیمتوں میں اضافہ : ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا

    گیس کی قیمتوں میں اضافہ : ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی : سی این جی فورم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا، ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی این جی فورم نے حکومت کی جانب سے گیس کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے جبکہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے گیس مہنگی ہونے پر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

    کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ ہم ٹرانسپورٹ بند کردیں گے تو سی این جی اسٹیشنز بھی بند ہوجائیں گے۔

    سی این جی فورم کے رکن عبدالسمیع خان نے کہا کہ حکومت نے سی این جی سیکٹر کی گیس کی قیمت میں 40 فیصد کا اضافے کے تجویز دی ہے گیس مہنگی ہوئی تو سی این جی 22 روپے تک مہنگی ہوجائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ70 فیصد ٹرانسپورٹ سی این جی چلتی ہے، گیس مہنگی ہونے کے بعد سندھ اور بلوچستان میں فی کلو سی این جی82سے بڑھ کر105روپے فی کلو تک ہوجائے گی جس سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔

    کراچی چیمبر کے صدر جنید ماکڈا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ جب تک قیمت کا تعین نہیں ہوتا گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے۔

    اس موقع پر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ کے صدرشبیر سلیمان جی نے کہا کہ15سال میں پہلی بار گیس 15روپے کلو مہنگی ہونے جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا گیس کی قیمت کا تعین اوگرا کرتی ہے لیکن حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 40فیصد اضافہ کیا ہے۔