Tag: گیس کی قیمتیں

  • گھریلو صارفین سمیت باقی سیکٹرز کیلئے گیس کی قیمتیوں کا نوٹیفکیشن جاری

    گھریلو صارفین سمیت باقی سیکٹرز کیلئے گیس کی قیمتیوں کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: اوگرا نے گیس کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گھریلو صارفین سمیت باقی تمام سیکٹرز کیلئے گیس کی قیمتیں برقرار ہیں۔

    جاری نوٹیفکیشن میں اوگرا نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس نرخ میں 250 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی نئی قیمت 3 ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی نئی قیمت کا اطلاق آج سے ہوگیا، کھاد کارخانوں، برف کارخانوں اور سیمنٹ سیکٹر کیلئے بھی گیس قیمتیں برقرار رہیں گی۔

    اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کیلئے گیس قیمتیں برقرار ہیں۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سرکاری اور نجی بجلی گھروں کیلئے بھی گیس قیمتیں برقرار رہیں گی، گزشتہ روز ای سی سی نے یکم جولائی سے گیس قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دی تھی۔

  • ٹیکسٹائل صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن معطل

    ٹیکسٹائل صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن معطل

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ٹیکسٹائل صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے نگراں حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ عدالت نے ایس ایس جی سی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیے۔

    عدالت نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن کی معطلی کا اطلاق صرف درخواست گزاروں پر ہوگا، ٹیکسٹائل صنعتیں اضافی بل ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائیں۔

    عدالتی حکم کے مطابق حکم امتناع ان صنعتوں کے لیے ہے جو 7 روز میں اضافے کی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائیں گی، اگر دو گیس بلوں کی اضافی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع نہیں کرائی گئی تو حکم امتناع ختم ہو جائے گا۔

    عدالت نے کہا کہ جب تک درخواستوں کا فیصلہ نہیں ہو جاتا بلوں کی اضافی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع رہے گی، گیس کی قیمت میں اضافے سے پہلے والے ٹیرف کے مطابق درخواست گزار ریگولر بل ادا کرتے رہیں۔

    درخواست گزار نے کہا کہ ایس ایس جی سی نے 8 نومبر 2023 کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فراہم کی جانے والی قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، نگراں حکومت کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اختیار نہیں ہے۔

  • گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فی الحال روک دیا گیا

    گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فی الحال روک دیا گیا

    اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فی الحال روک دیا، ای سی سی فیصلےکی توثیق نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، گیس نرخوں میں اضافے سے متعلق ای سی سی فیصلےکی توثیق نہ ہو سکی۔ کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر مزید غور کرنے کی ہدایت کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان اسٹیل کو نجکاری فہرست سے نکالنے کی منظوری دیدی، وفاقی کابینہ اجلاس میں ای سی سی فیصلوں کی توثیق زیر غور نہیں لائی گئی۔

    وفاقی کابینہ کی جانب سے حج و عمرہ ریگولیشن بل 2023 کی منظوری دیدی گئی۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد اور حکام نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی۔

    کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب سے ملنے والا حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔ پرائیویٹ اور سرکاری حج کوٹہ 50، 50 فیصد رکھا جائے گا۔

    حج درخواستوں کی وصول کاعمل نومبرکے وسط سے شروع ہوجائے گا۔ وفاقی کابینہ نے اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ پولیس اسٹیشن ایف آئی اے قائم کرے گا۔ کابینہ کو غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کونکالنے سے متعلق آرڈر پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    فارن ایکٹ 1947 کے تحت تمام صوبوں کو بے دخلی آرڈر جاری کردیا گیا۔ پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو غیر قانونی غیر ملکیوں کو حراست میں لینے کا پابند کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ معمولی جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزایافتہ غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جائے گا۔ سنگین جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا۔

    ضلعی انتظامیہ پولیس، پراسیکیوشن اور جیل انتظامیہ کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں۔ چاروں صوبوں میں گرفتارغیرملکیوں کورکھنے، بے دخل کرنے کیلیے خصوصی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

  • گیس کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں: سیکریٹری پٹرولیم

    گیس کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں: سیکریٹری پٹرولیم

    اسلام آباد: سیکریٹری پٹرولیم نے کہا ہے کہ 3 ماہ میں عالمی سطح پر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے گیس کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔

    سیکریٹری پٹرولیم ذاکر ارشد نے آج قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو گیس کے شارٹ فال اور قیمتوں میں اضافے پر بریفنگ دی۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں گیس کے زیادہ تر کنوئیں خشک ہو رہے ہیں، سالانہ 7 سے 8 فی صد کنوئیں خشک ہو رہے ہیں، او ڈی جی سی ایل کے 10 گیس کے کنوئیں خشک ہو چکے ہیں۔

    ذاکر ارشد نے کہا تاپی منصوبہ پاکستان کے لیے سستا ترین منصوبہ ہے، 10 ارب ڈالر کے اس منصوبے میں پاکستان نے 20 کروڑ ڈالر دینے ہیں، اور پاکستان کو 1200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملنی ہے۔

    انھوں نے بتایا تاپی منصوبےکی گیس ایل این جی سے سستی ملے گی، یہ گیس 6 ڈالر میں پڑ رہی ہے۔

    سیکریٹری نے کہا ملک میں ایل این جی اورگیس 4 ہزار 600 ایم ایم سی ایف ڈی ہے، جب کہ شارٹ فال 8 سو ایم ایم سی ایف ڈی کا ہے، وزیر اعظم نےگیس کی قیمتوں میں اضافے پر کل بریفنگ کے لیے بلایا تھا، انھوں نے گیس کی قیمتوں میں نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔

    ذاکر ارشد نے کہا ہم ٹائٹ گیس پالیسی پر کام کر رہے ہیں، ٹائٹ گیس پر خرچ 6 ڈالر ہے، جب کہ ایل این جی کی قمیت 12 ڈالر پڑ رہی ہے۔

    احسان اللہ ٹوانہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس میں ایران پاک گیس، تاپی، پاک روس گیس منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ میں سیکریٹری پٹرولیم نے بتایا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن امریکی پابندیوں کی وجہ سے آگے نہیں بڑھ سکا۔

  • عوامی ریلیف کے لئے حکومت کا بڑا فیصلہ

    عوامی ریلیف کے لئے حکومت کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ، فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت کی گیس قیمتوں کابوجھ صارفین پرنہ ڈالا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے اور گیس کے شعبے میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیاگیا ہے ، فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں کیاگیا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گیس کےشعبے میں ضروری ادارہ جاتی اصلاحات کی جائیں گی، گیس صارفین کے مسائل کو کم سے کم کیاجائےگا اور عوام کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائےگی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ صنعتی شعبے کو ایل این جی سمیت دیگر ذرائع سے گیس فراہم کی جائے گی ، گیس کمپنیاں عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے مراکز قائم کریں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے ہدایت کی گیس قیمتوں کابوجھ صارفین پرنہ ڈالا جائے۔

    ،فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا موقف واضح ہے کہ عوام پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، انھوں نے گیس کمپنیوں کے سربراہان کو اخراجات  میں کمی ، گیس چوری کےخاتمے ،لائن لاسز میں کمی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

  • سسٹم میں اضافی گیس سے پائپ لائنیں پھٹنے کا خدشہ، سوئی ناردرن نے پاور ڈویژن کو آگاہ کر دیا

    سسٹم میں اضافی گیس سے پائپ لائنیں پھٹنے کا خدشہ، سوئی ناردرن نے پاور ڈویژن کو آگاہ کر دیا

    اسلام آباد: سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹیڈ نے سسٹم میں اضافی گیس کی وجہ سے پائپ لائنیں پھٹنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے، سوئی ناردرن نے پاور ڈویژن کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن نے کہا ہے کہ سسٹم میں اضافی گیس کے سبب پائپ لائنیں پھٹ سکتی ہیں، کمپنی نے پاور ڈویژن کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی پیداوار کے لیے ایل این جی کی طلب میں اچانک کمی اس کا باعث ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی کھپت کم ہونے سے پائپ لائنز پر بوجھ بڑھ گیا ہے، پائپ لائنوں میں سسٹم پیک 4660 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گیا۔

    پاور ڈویژن نے 828 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی منگوائی تھی، ایک ہفتے میں صرف 686 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کی گئی، مون سون میں ایل این جی کی کھپت کم ہونے سے سسٹم پیک بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    سوئی ناردرن نے کہا ہے کہ کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے ایل این جی پلانٹس کو ترجیح دی جائے، فرنس آئل کے پاور پلانٹس بھی ایل این جی سے چلائے جائیں۔

    سوئی ناردرن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایل این جی کارگوز کا شیڈول تبدیل کرنا یا ری گیسی فکیشن میں کمی ممکن نہیں، پاور ڈویژن دی گئی طلب کے مطابق ایل این جی استعمال کرے۔

  • اوگرا نے گیس کی قیمتیں بڑھانے کے بعد فکسڈ چارجزمیں بھی اضافہ کردیا

    اوگرا نے گیس کی قیمتیں بڑھانے کے بعد فکسڈ چارجزمیں بھی اضافہ کردیا

    اسلام آباد : اوگرا نے گیس کی قیمت بڑھاتے ہوئے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز میں300 فیصد سے زائد اضافہ کردیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، ایک ماہ کے دوران دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس مزید مہنگی کردی، مختلف گیس صارفین کے لیے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز میں 300 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔

    سرکاری دفاتر، اسپتالوں، مسلح افواج کے میس اور تعلیمی اداروں رہائشی کالونیوں، کیپٹو پاور پلانٹس سمیت فلاحی اداروں کے لیے بھی گیس مہنگی کردی گئی۔

    اوگرا نے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز3 ہزار600 روپے بڑھا دیئے، گیس کے ماہانہ فکسڈ چارجز ایک ہزار53 روپے سے بڑھا کر چار ہزار680روپے کر دیئے گئے۔

    اس کے علاوہ کمرشل صارفین، آئس فیکٹریوں، ہوٹلوں اور تجارتی مراکز کے لیے بھی گیس مہنگی کردی گئی، ان صارفین کے لیے فکسڈ چارجز ایک ہزار225 روپے سے بڑھا کر پانچ ہزار880 روپے کر دیئے گئے ہیں، اوگرا کی جانب سے ترمیمی بل کا اطلاق فوری طور ہو گا۔

  • گیس کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کر دیا ہے: فواد چوہدری

    گیس کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کر دیا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کوشش ہے قیمتوں میں اضافے سے غریب لوگ متاثر نہ ہوں، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا، اضافے کو مؤخر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسان ہماری حکومت کی اقتصادی پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔ ای سی سی نے فیصلہ کیا ہے کسانوں پر اضافہ بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آج اجلاس میں گیس کی قیمتوں سے متعلق بھی بات کی گئی، کسانوں کو سہولت مہیا کرنے کے لیے سبسڈی دی جائے گی۔ یوریا کھاد کی قیمت 1615 روپے ہے۔ درآمد کرنے پر 2575 روپے فی بوری پڑتی ہے۔ ’960 روپے کا فرق حکومت برداشت کرے گی‘۔

    انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کھاد پر سبسڈی دیں گی۔ گیس سلنڈر کی قیمت میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ اس اضافے کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کوشش ہے قیمتوں میں اضافے سے غریب لوگ متاثر نہ ہوں، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ گیس کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن اور ناردرن کو ن لیگ حکومت میں 156 ارب کا نقصان پہنچا، ملک میں یوریا کھاد کی ضرورت 5.833 ملین ٹن ہے۔ ’ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں غریب کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال کے بعد ہم 156 ارب کے نقصان پر کھڑے ہیں، گیس صرف 40 فیصد عوام کو میسر ہے 60 فیصد سلنڈر استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے گیس سے متعلق معاہدے حقیقت کے برعکس ہیں، سبسڈی کا معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھا جائے گا۔