Tag: گیس کی پیداوار

  • سندھ حکومت نے گیس بحران پر وفاقی وزیر توانائی کا دعویٰ مسترد کر دیا

    سندھ حکومت نے گیس بحران پر وفاقی وزیر توانائی کا دعویٰ مسترد کر دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے گیس بحران سے متعلق وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کا دعویٰ مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے عمر ایوب کے سندھ حکومت پر عائد الزامات من گھڑت اور بھونڈے قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر نہیں لگایا جا سکتا، سندھ میں گیس قلت کی ذمے دار وفاقی حکومت ہے۔

    وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے بھی کہا کہ گیس کے بحران کے لیے ذمہ دار کسی صوبے کو ٹھہرانا وفاقی حکومت کی بد نیتی ہے، اپنی ناکامی کا ملبہ صوبائی حکومت پر نہیں گرایا جا سکتا، گیس پیداوار سندھ سے زیادہ ہے اور وزرا الزام سندھ پر لگا رہے ہیں، سندھ حکومت نے گیس لائن بچھانے کے لیے کوئی راستہ نہیں روکا۔

    وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر گیس کی قلت کا الزام ہم پر لگا رہے ہیں، آرٹیکل 158 کہتا ہے جہاں سے گیس نکلتی ہے اس صوبے کا پہلا حق ہوتا ہے، سندھ سے 70 فی صد گیس نکلتی ہے لیکن پھر بھی صوبہ قلت کا شکار ہے، گیس فراہمی کا سوال عمر ایوب صاحب کو برا لگتا ہے تو برا لگتا رہے۔

    سندھ میں گیس بحران کی وجہ خود سندھ حکومت ہے: وفاقی وزیر توانائی کا دعویٰ

    سعید غنی نے کہا الزام لگایا گیا کہ ہم نے گیس پائپ لائن ڈالنے کی اجازت نہیں دی، ہم نے 2 گیس فیلڈز سے متعلق آؤٹ آف وے جا کر مسئلے حل کیے، اگر وفاقی حکومت کی جانب سے کسی اور مسئلے پر بھی آگاہ کیا جاتا تو تعاون کرتے، اپنی نا اہلی کا الزام دوسروں پر نہیں لگایا جا سکتا، جیسا کہ بجلی بلوں کی مد میں بھی ساڑھے 14 ارب کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا ہے، حکومت کی نا اہلی عوام کی جڑوں میں بیٹھ گئی ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا سی جی این اسٹیشن کتنے دنوں بعد کھولے گئے ہیں، اس کے لیے وفاقی حکومت ذمہ دار ہے، گھروں میں گیس آ رہی ہے نہ ہی سی این جی سٹیشن کھل رہے ہیں، ہم سب سے زیادہ گیس پیدا کر رہے ہیں تو اس سے محروم کیوں ہیں؟ وفاقی حکومت جس پائپ لائن کا حوالہ دے رہی ہے اس پر ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، نالائقی، نا اہلی سندھ حکومت کے کھاتے میں ڈالنے سے جان نہیں چھوٹے گی۔

  • پی پی ایل نے گیس کی پیداوار میں ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا

    پی پی ایل نے گیس کی پیداوار میں ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا

    کندھ کوٹ: وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی پی ایل نے کندھ کوٹ میں یومیہ 230 ایم ایم ایس سی ایف ریکارڈ پیداوار کا ہدف حاصل کر لیا، پی پی ایل نے 1 سال میں پیداوار بڑھا کر بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔

    یہ بات انہوں نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی جانب سے کندھ کوٹ گیس فیلڈ سے پیداوار میں نمایاں اضافے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہی۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کندھ کوٹ گیس فیلڈ کی اضافی گیس گدو پاور اسٹیشن کو فراہم کی جا رہی ہے جو پاور پلانٹ گیس سے 450 میگا واٹ بجلی بنا رہا ہے۔3

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی پی ایل کے نظام میں بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے وفاقی حکومت پی پی ایل کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہی ہے، ایندھن کی مد میں سالانہ 30 کروڑ ڈالر سرمائے کی بچت ہو گی۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 100 کنویں کھودے ہیں، توانائی کی طلب و رسد کے درمیان فرق کو کم کرنے کے حکومتی عزم کو پورا کرنے میں پی پی ایل کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

    ایم ڈی  اور سی ای او سید وامق بخاری نے بتایا کہ پیداوار کا یومیہ 1 بی سی ایف ای سے تجاوز کرنے کے ساتھ ساتھ رواں سال مختلف علاقوں میں 25 کنوؤں کی ریکارڈ کھدائی شامل ہیں۔

    پرانی فیلڈ کی پیداواری صلاحیت یومیہ 90 ایم ایم ایس سی ایف تک بڑھا دی گئی جو توانائی کی فراہمی میں شامل کر دی جائے گی۔

    پیداوار کو برقرار رکھنے کے لیے اس سا ل 3 اضافی پیداواری کنویں کھودنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

    دریں اثنا تقریب میں وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈویژن، وزارت توانائی جام کمال خان، گورنر سندھ محمد زبیر بھی تقریب میں موجود تھے۔

  • گیس کی دریافت، پاکستان کا پہلا نمبر، عالمی رپورٹ

    گیس کی دریافت، پاکستان کا پہلا نمبر، عالمی رپورٹ

    واشگنٹن: دنیا بھر میں گیس اور تیل کی پیداوار سے متعلق ریسرچ مارکیٹ نے سہہ ماہی رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں پاکستان دنیا کا واحد ملک قرار پایا ہے جو گیس کی دریافت میں سب سے آگے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تیل اور گیس کی پیداوار پر ریسرچ مارکیٹ کی جانب سے سہہ ماہی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں گیس کی پیداوار وافر مقدار میں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا گیس کی پیداوار کے معاملے میں دوسرے جبکہ یورپ تیسرے نمبر پر رہا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2016 کے چھ ماہ کے دوران گیس کے 30 سے زائد ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، امریکا اور ناروے گیس کی دریافت کرنے والے تین بڑے ممالک ہیں، پاکستان میں گزشتہ سال 2016 میں گیس کے سب سے زیادہ ذخائر دریافت ہوئے جبکہ آسٹریلیا اور یورپ میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گہرے پانی کے مقابلے میں زمین پر گیس کے ذخائر زیادہ دریافت ہوئے، علاوہ ازیں براعظم ایشیا گیس کی دریافت میں سرفہرست رہا۔