Tag: گیس کی چوری

  • گیس صارفین کے لیے بری خبر، چوری کے نام پر 11 ارب روپے سے زائد بل بھیج دیے گئے

    گیس صارفین کے لیے بری خبر، چوری کے نام پر 11 ارب روپے سے زائد بل بھیج دیے گئے

    کراچی: ایس ایس جی سی انتظامیہ نے گیس خسارے پر صارفین سے اربوں کی وصولی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق خسارہ اور گیس کی چوری کے نام پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے صارفین کو 11 ارب روپے سے زائد بل بھیج دیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 11 ارب روپے کے بل کی گیس کا مجموعی والیوم 23 بلین کیوبک فٹ گیس کا استعمال ہے، اضافی بل بھیجنے سے کمپنی کا یو ایف جی 18 فی صد سے کم کر کے 10 فی صد دکھایا گیا۔

    ذرائع کے مطابق کم یو ایف جی ظاہر کر کے خسارے میں جانے والی کمپنی کو منافع میں تبدیل کرنا ہے۔

    جولائی 2023 سے مئی 2024 تک صارفین کو اضافی 11 ارب سے زائد بل بھیجے گئے ہیں، چوری، سلو میٹر اور پی یو ایف جی کے نام پر صارفین پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ایس ایس جی سی کے مجموعی صارفین کی تعداد 35 لاکھ سے زائد ہے، جن کو جولائی 2023 سے مئی 2024 تک ایک سال میں 79 ارب روپے کے بل بھیجے گئے، پچھلے سال کے مقابلے میں 44 ارب روپے زیادہ رقم کے بل صارفین کو بھیجے گئے ہیں۔

  • منرل واٹر کمپنی اور ہوٹل پر چھاپے، گیس کی چوری پکڑی گئی

    منرل واٹر کمپنی اور ہوٹل پر چھاپے، گیس کی چوری پکڑی گئی

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) کا گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، سوئی سدرن پولیس نے منرل واٹر کمپنی کے آر او پلانٹ اور ہوٹل پر چھاپے مار کر گیس کی چوری پکڑلی اور 2 ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن پولیس نے گیس چوری کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں کراچی کے علاقے ایف بی ایریا اور کیماڑی میں چھاپے مار کر گیس چوری کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق ایف بی ایریا میں واقع منرل واٹر کمپنی کا مالک مزمل ربڑ کے پائپ کے ذریعے براہ راست 18 کے وی پاور جنریٹر اور دیگر استعمال کے لیے گیس چوری کر رہا تھا۔

    گیس چوری کے الزام میں ملزم مزمل کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔

    دوسری جانب کیماڑی کے علاقے میں مشہور ہوٹل پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے چوری کے الزام میں ملزم علی کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ملزم علی ربڑ کے ٹیوب سے 650 کیوبک فٹ فی گھنٹہ گیس چوری کر رہا تھا، ۔گیس چوری کے الزام میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔