Tag: گیس

  • ’گیس فراہم نہیں کرنی تھی تو شیڈول کا اعلان کیوں کیا؟‘

    ’گیس فراہم نہیں کرنی تھی تو شیڈول کا اعلان کیوں کیا؟‘

    کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وفاق پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گیس فراہم نہیں کرنی تھی تو شیڈول کا اعلان کیوں کیا؟

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں پنشن، بقایا جات چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعظم، مصطفیٰ کمال، گورنر صاحب اور خالد مقبول سے گیس لوڈ شیڈنگ پر سوال ہونا چاہیے۔

    کراچی سمیت سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن گیس مکمل ہی بند کر دی گئی، جس پر میئر کراچی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ گیس موجود نہیں ہے، اور اربوں روپے گیس انفرااسٹرکچر کو ٹھیک کرنے پر لگائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا وزیر اعظم کراچی آئیں تو پوچھیے گا کہ وعدہ کرتے ہیں تو وفا کیوں نہیں کرتے۔

    ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میئر کراچی نے کہا ایم کیو ایم کو پتا لگتا ہے کہ کوئی کام ہونے جا رہے ہیں تو وہ فوری بینر لگا دیتے ہیں، ایم کیو ایم نے 300 لوگوں کی جگہ 600 لوگ بھرتی کیے، اور پھر واجبات ادا نہیں کر پائے۔ انھوں نے کہا ہم کے ایم سی کے 600 ملازمین کی تنخواہیں، پنشن اور دیگر بقایات جات دے رہے ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے روزگار تو دیا لیکن یہ نہیں سوچا کہ ان کو تنخواہیں کہاں سے دیں گے۔

    گیس لوڈشیڈنگ ، وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو آئینی ذمہ داری یاد دلادی

    ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹاؤن میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کام کرتی نظر آئے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی بڑے بڑے پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے، تجاوزات کے خلاف آپریشن چلتے رہتے ہیں، جیسا کہ پتھاروں کے خلاف، اگرچہ ہم لوگ خود پتھارے والوں سے زیادہ خریداری کرتے ہیں لیکن سچ یہ ہے کہ پتھارے فٹ پاتھ نہیں سڑک بلاک کرتے ہیں۔

  • وزیر اعظم کے 5 ہزار میں صرف چولھا ہی جل سکتا ہے، وہ بھی بغیر گیس، فیصل واوڈا

    وزیر اعظم کے 5 ہزار میں صرف چولھا ہی جل سکتا ہے، وہ بھی بغیر گیس، فیصل واوڈا

    اسلام آباد: فیصل واوڈا نے وزیر اعظم شہباز شریف کے رمضان پیکج پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے 5 ہزار میں صرف چولھا ہی جل سکتا ہے، وہ بھی بغیر گیس۔

    سینیٹر فیصل واوڈا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی جانب سے عید کے بعد بڑے احتجاج کی خبروں کو ٹوپی ڈراما قرار دیا اور کہا تاریخ لکھ لیں نہ دھرنا ہوگا نہ احتجاج ہوگا، یہ پرانی تنخواہ پر کام کریں گے۔ انھوں نے کہا ٹرمپ کارڈ سے یہ اب پلے کارڈ پر آ گئے ہیں، عید کے بعد بکرا عید بھی آ جائے گی اور کچھ نہیں ہوگا۔

    فیصل واوڈا نے کہا بانی پی ٹی آئی کو کوئی ڈیل آفر نہیں ہوئی، میں تحریک انصاف کا نہ حصہ تھا اور نہ اب جانا ہے، میں بانی تحریک انصاف کے ساتھ تھا، وہ آدھی رات کو بھی بلائیں گے تو جاؤں گا۔

    سینیٹر نے میری ٹائم میں کرپشن کے ایک بڑے معاملے کے حوالے سے کہا کہ یہ ایشو اٹھانے کے بعد 72 گھنٹے میں 60 ارب روپے واپس اکاؤنٹ میں آ گئے، 2024 میں جو 500 ایکڑ کی اپروول تھی وہ میرے نوٹس پر کینسل ہوئی، بہتر پرفارمنس ہی تو ہے کہ 60 ارب واپس کرائے، میرا ٹارگٹ 1500 ارب واپس کرانے کا ہے۔

    رمضان المبارک کی پہلی سحری میں ہی گیس غائب

    واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق رمضان پیکج کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس پیکج کے تحت 40 لاکھ خاندانوں کو رقوم ڈیجٹل والٹ کے ذریعے منتقل کی جائیں گی، اور فی کس خاندان کو 5 ہزار روپے ملیں گے۔

  • گیس چوری کرکے جنریٹر سے بجلی بنا کر فروخت کرنے والا گرفتار

    گیس چوری کرکے جنریٹر سے بجلی بنا کر فروخت کرنے والا گرفتار

    کراچی میں گیس چوری کر کے جنریٹر سے بجلی بنانے والا خانگی پاور ہاؤس پکڑا گیا مالک کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس جی سی کی چھاپہ مار ٹیم نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں گیس چوری کرکے بڑے پیمانے پر بجلی بنائی جا رہی تھی۔

    ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق مذکورہ خانگی پاور ہاؤس میں گیس چوری کرکے جنریٹر سے بڑے پیمانے پر بجلی بنانے کے بعد علاقے کے گھروں اور دکانوں کی فروخت کی جاتی تھی۔

    ملزم جس کی شناخت پرویز علی کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ ایس ایس جی سی کی مین لائن سے براہ راست گیس چوری کر رہا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس پر چوری شدہ گیس لوڈ کے حساب سے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

  • کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ نہ ہو سکا، حکومت مخمصے کا شکار

    کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ نہ ہو سکا، حکومت مخمصے کا شکار

    اسلام آباد: کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ نہ ہو سکا، حکومت اس سلسلے میں مخمصے کا شکار ہو گئی ہے۔

    ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے پر فیصلہ نہ ہو سکا، پلانٹس ٹیرف میں اضافے کی تجویز ماننے سے انکاری ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کی بجائے گیس کنکشنز کو ڈس کنکشنز کی تجویز دی گئی ہے، تاہم مسئلہ یہ ہے کہ گیس کنکشنز کو ڈس کنکشنز کرنے کی تجویز آئی ایم ایف کو قبول نہیں ہے، جب کہ آئی ایم ایف پروگرام کو آن ٹریک رکھنے کے لیے گیس ٹیرف ریبیسنگ رواں ماہ کی جائے گی۔

    کیپٹو پاور پلانٹس گیس ٹیرف بڑھانے کی بجائے موجودہ قیمتیں برقرار رکھنا چاہتے ہیں، وزیر اعظم کے پاس کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس قیمتوں میں اضافے کی سمری پر فیصلہ نہیں ہو سکا۔

    ڈی ٹیکشن بل : صارفین سے اربوں روپے کی اوور بلنگ کا انکشاف

    ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کنکشنز کو ڈس کنکشن کیا گیا تو عدالت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جب کہ ٹیرف میں اضافے پر کیپٹو پاور پلانٹس ٹیرف نوٹیفائی کے مطابق ادائیگیاں کریں گے۔

    رواں ماہ گیس قیمتوں میں اضافے کے بعد فروری سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگا، ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس قیمتوں میں 1100 روپے تک فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہو سکتا ہے۔

  • سردیوں میں کم گیس پریشر میں گیزر چلانے کا آسان طریقہ

    سردیوں میں کم گیس پریشر میں گیزر چلانے کا آسان طریقہ

    سردیوں کے موسم میں عام طور پر گیس پریشر کم ہوجاتا ہے، جس کے سبب گیزر نہیں چل پاتا، مگر آج ہم آپ کو ایسا طریقہ بتانے جارہے ہیں، جس سے آپ کو اس پریشانی سے نجات مل جائے گی۔

    سردیوں میں ہر کسی کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ نہانے کے لئے گرم پانی مل جائے، گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گیس یا تو آتی نہیں اور آتی ہے تو اتنی کم کے گیزر لگانے کا مقصد پورا نہیں ہوتا، آئیے اس مسئلے کا حل جانتے ہیں۔

    کم گیس میں گیزر چلانے کا طریقہ:

    اس کے تھرموکپل کو سب سے پہلے کھول کر الگ کرلیں اور پھر تھرموسٹیٹ میں لگا سیل باہر نکال کر اس میں سے اسپرنگ کو باہر نکال دیں، اس سے گیس کا راستہ کھل جائے گا اور اب سیل واپس لگا کر اسکرو ڈرائیور سے سیل کو بند کردیں۔ اب تھرموسٹیٹ کو مکمل بند کردیں اور گیزر کے پیچھے دیا گیا گیس کا مین وال کھول دیں۔

    دوبارہ گیزر کا چولہا کیسے جلائیں؟

    اب آرام سے گیزر کھولیں اور چولہے کے پاس ماچس جلا کر لے جائیں دوسرے ہاتھ سے تھرموسٹیٹ کو کھولیں۔ آگ جلنا شروع ہوجائے گی۔

    گیس بحران حل ہونے کی نوید: پاکستان نے بڑا معاہدہ کر لیا

    اب گیس کتنی بھی کم کیوں نہ آرہی ہو گیزر اپنا کام شروع کردے گا اور آپ کو گرم پانی ملنا شروع ہوجائے گا، البتہ گیس بند ہونے کی صورت میں گیزر کے چولہے کو دوبارہ جلانے کی ضرورت پڑے گی۔

  • گیس کے ذخائر میں بڑی کمی، سوئی سدرن نے خبردار کر دیا

    گیس کے ذخائر میں بڑی کمی، سوئی سدرن نے خبردار کر دیا

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اس کے قدرتی گیس کے ذخائر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سوئی سدرن نے کہا ہے کہ گزشتہ 7 سالوں میں ذخائر میں 465 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی ہوئی ہے، قدرتی گیس کے ذخائر میں سالانہ کمی کی وجہ سے کمپنی کو گیس کی کمی کا سامنا ہے۔

    ترجمان کے مطابق قدرتی وساٸل میں کمی کے سبب طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے، 2017 اور 18 سے سوئی سدرن کو حاصل ہونے والی گیس کی فراہمی میں 40 فی صد کمی ہوئی ہے، اور گزشتہ سات سالوں کے دوران تقریباً 465 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ منظور شدہ لوڈ منیجمنٹ پلان کے مطابق گھریلو صارفین کو ترجیح دی جاتی ہے، اور سوئی سدرن کے علاقوں میں گھریلو شعبے میں گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی، رات کے وقت بھی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی، گھریلو صارفین کو بہتر پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرنے کے لیے رات کے وقت پریشر پروفاٸلنگ کی جاتی ہے۔

    ترجمان کے مطابق قدرتی گیس کی مسلسل کمی کی صورت حال میں ادارہ اپنے گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات کے دوران، مطلوبہ گیس فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے، بلوچستان میں سردیوں کے موسم کے دوران قدرتی گیس کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے، کھانا پکانے کے علاوہ قدرتی گیس کو سخت ترین سردی سے بچاؤ کے لیے ماحول کو گرم رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران تھل، شہداد کوٹ، سکرنڈ، ڈیرہ بگٹی اور کراچی کے مختلف علاقوں میں 2,200 کلومیٹر طویل گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی بحالی مکمل کی ہے، مستقبل میں مزید بہتری لانے کے لیے سوئی سدرن اگلے 3 سالوں کے دوران 4,500 کلومیٹر گیس ڈسٹری بیوشن پائپ لائن نیٹ ورک کی بحالی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

    ٹیل اینڈ میں واقع پرانے نیٹ ورکس کو ترجیح دی گئی ہے، کراچی کے 2 ٹیل اینڈ علاقوں ڈیفنس اور لیاری کو بحالی منصوبے کے تحت ترجیح دی گئی، لیاری میں 50 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام جون 2025 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

    ترجمان کے مطابق کراچی کے علاقوں شمالی ناظم آباد اور شمالی کراچی، ہالا، سنجھورو، پرانا سکھر، کندھ کوٹ اور حیدر آباد شہر کے کچھ علاقوں میں ڈسٹری بیوشن پائپ لائنز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، سوئی سدرن کی ٹیمیں متحرک رہتی ہیں اور چوبیس گھنٹے گیس کی فراہمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے تیار رہتی ہیں۔

  • موسم سرما میں گیس کی فراہمی، شہریوں کے لیے اچھی خبر

    موسم سرما میں گیس کی فراہمی، شہریوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: موسم سرما میں قدرتی گیس کی کمی کے شکار شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی نے تیل و گیس کے ذخائر سے پیداوار کا عمل شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچیبج کو ایک خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ قدرتی گیس، ایل پی جی اور خام تیل کے ذخائر کی پیدوار کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    کمپنی کے خط میں بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد میں کُنر ویل تھری سے حاصل ہونے والے گیس ذخائر کی مقدار یومیہ 3.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی ہے، اور کنوئیں سے حاصل ہونے والی گیس کی پیداوار کا عمل 1200 فلوئنگ پریشر سے شروع ہو گیا ہے۔

    خط کے مطابق کنوئیں سے ایل پی جی کے 3.8 میٹرک ٹن ذخائر کی پیداوار کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے، کُنر مائننگ سے حاصل ہونے والے گیس ذخائر کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم میں شامل کر دیا گیا ہے۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مائننگ سے ہلکے تیل کے ذخائر یومیہ 30 بیرل کی مقدار میں حاصل ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ کنوئیں سے ملنے والے قدرتی ذخائر کا سو فی صد آپریشنل کنٹرول او جی ڈی سی ایل کے پاس ہے۔

  • شاہ بندر میں کھدائی کے دوران گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا

    شاہ بندر میں کھدائی کے دوران گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا

    کراچی: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے شاہ بندر بلاک میں ہائیڈرو کاربن کی مسلسل تیسری دریافت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی ایل نے سندھ کے ضلع سجاول کے شاہ بندر بلاک میں کنوئیں پتیجی X-1 سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

    پی پی ایل کی آپریٹنگ شپ کے تحت یہ شاہ بندر بلاک میں ہائیڈرو کاربن کی مسلسل تیسری دریافت ہے، ہائیڈرو کاربن کی دریافت سے پاکستان کی توانائی کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کی روایت کو تقویت ملی ہے۔

    پی پی ایل شاہ بندربلاک میں 63 فی صد کاروباری شراکت (ڈبلیو آئی) کے ساتھ آپریٹر ہے، کنوئیں کی کھدائی اور جانچ پی پی ایل کی تکنیکی مہارت اور انسانی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کی گئی۔

    پی پی ایل کے مطابق پتیجی X-1 کی کھدائی کے آغاز کے بعد ہائیڈرو کاربن کی جانچ کے لیے 2،475 میٹر ایم ڈی گہرائی تک کھدائی کی گئی، اور کھدائی کے ڈیٹا کی بنیاد پر ہائیڈرو کاربن کے حامل زون کی نشان دہی کی گئی۔

    جانچ کے دوران کنوئیں سے یومیہ 11.7 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور یومیہ 198 بیرل کنڈنسیٹ کی پیداوار حاصل ہوئی۔

  • کراچی میں عید پر بلاتعطل گیس فراہمی کا اعلان دعویٰ ہی رہا

    کراچی میں عید پر بلاتعطل گیس فراہمی کا اعلان دعویٰ ہی رہا

    کراچی: شہر قائد میں عید الاضحیٰ پر بلاتعطل گیس فراہمی کا اعلان بے بنیاد ثابت ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی کی جانب سے 16 سے 20 جون تک گیس بلا تعطل فراہم کرنے کے دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔

    ایس ایس جی سی نے 16 جون سے گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور رات 12 بجے سے گیس فراہمی کا اعلان کر دیا تھا، تاہم ایس ایس جی سی نے پہلی ہی رات گیس فراہمی کے اپنے ہی دعوے کو بے بنیاد ثابت کر دیا۔

    کراچی شہر کے بیش تر علاقوں نارتھ کراچی، ناظم آباد، کورنگی، لانڈھی میں گیس بند کر دی گئی، ملیر، گلبہار، گولیمار، پٹیل پاڑہ، لیاقت آباد، اور گلشن معمار میں بھی گیس کی فراہمی معطل رہی۔

    کمرشل صارفین، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو بھی گیس فراہمی بند رہی، جس سے کاروبار متاثر ہوا۔

  • گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کے حوالے سے اہم خبر

    گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کے حوالے سے اہم خبر

    اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کی منظوری کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں امکان ہے کہ گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کی منظوری دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گندم کی ایکسپورٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا، فوجی بن قاسم کھاد کارخانے کو گیس دینے کی سمری پر بھی غور ہوگا، اور ملک میں مہنگائی کی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق 1263 میگا واٹ کے تھرمل پلانٹ کی کمیشننگ کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آئے گا، اور درآمدی یوریا کھاد کی سبسڈی پر بھی بات چیت ہوگی، نیز سبسڈی کے لیے وفاق اور صوبوں میں 50،50 فی صد شیئرنگ پر غور ہوگا۔