Tag: گیس

  • حکومت کا موسم سرما میں گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام

    حکومت کا موسم سرما میں گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام

    اسلام آباد: حکومت نے گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام شروع کردیا، حکومت وصول کردہ بولیوں پر غور کے بعد دسمبر میں ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے دسمبر سے ایل این جی خریداری کی تیاری شروع کردی ہے، دسمبر میں ایل این جی کے 6 کارگوز کے لیے عالمی کمپنیوں کی مہنگی ترین بولیاں وصول کی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری کمپنی پی ایل ایل نے دسمبر کے لیے بولیاں طلب کر رکھی تھیں، پی ایل ایل نے ایل این جی کے 6 جہازوں کی بولیاں طلب کی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق کمپنیوں نے خام تیل کی قیمت کے 15.87 سے 19.30 فیصد تک بولیاں دیں، حکومت بولیوں پر غور کے بعد دسمبر میں ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل این جی سابق حکومت کے معاہدوں کے تحت خریدی جارہی ہے، ایل این جی خام تیل کی قیمت کے 11.62 سے 13.37 فیصد تک خریدی جا رہی ہے۔

  • ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

    ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے گھریلو اور کمرشل ایل پی جی کی قیمت میں 9.66 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8کلو گرام گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1530.34 روپے مقرر کردی گئی ہے جبکہ کمرشل صارفین کے لئے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 114.05 روپےاضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ چوبیس اکتوبر کو بھی  بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 60 ڈالر فی ٹن اضافے کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

    چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 60 ڈالر فی ٹن اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

    عرفان کھوکھر کے مطابق قیمت کے اضافے کے بعد ایل پی جی 130 روپے فی کلو پہنچ گئی ہے، گھریلو سلنڈر 120، کمرشل سلنڈر 455 روپے مہنگا ہوگیا۔

    ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ سردیوں میں قدرتی گیس کم پریشر اور کم مقدار کی وجہ سے غریب عوام کو میسر نہ ہوگی اور لوگوں کیلئے ایل پی جی کے علاوہ کوئی دوسرا چارہ نہ ہوگا۔

  • سعودی عرب میں سب سے بڑا گیس کا ذخیرہ

    سعودی عرب میں سب سے بڑا گیس کا ذخیرہ

    ریاض: سعودی عرب میں سب سے بڑے گیس ذخیرے کا جلد افتتاح کردیا جائے گا جس کے بعد سعودی عرب دنیا کے گیس پیدا کرنے والے بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سپریم ہائیڈرو کاربنز کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سعودی عرب میں قدرتی گیس کے اخراج، تیاری اور اسے توانائی کے متبادل ذریعے کے طور پر اپنانے کا اعلان کیا گیا۔

    اجلاس میں سعودی عرب کے مشرق میں الجافورہ گیس فیلڈ کو ترقی دینے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، یہ گیس فیلڈ ملک میں گیس کا اب تک دریافت کیا گیا سب سے بڑا ذخیرہ ہے جس کی لمبائی 170 کلومیٹر ہے اور چوڑائی 100 کلو میٹر ہے۔

    ذخیرے میں قدرتی گیس کے ذخائر کے حجم کا تخمینہ 200 ٹریلین مکعب فٹ لگایا گیا ہے جس میں اعلیٰ معیار کا مائع گیس موجود ہے۔

    اجلاس کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس شعبے کی ترقی میں سعودی ارامکو کی کاوشوں کی تعریف کی، ارامکو نے گیس فیلڈ میں 1 کھرب 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

    سنہ 2036 تک الجافورہ گیس فیلڈ سے گیس کے اخراج کا تخمینہ 2.2 ٹریلین مکعب فٹ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

    ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے قومی آمدنی میں اضافہ ہوگا، اگرچہ اس کی تکمیل میں 22 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے مگر یہ گیس فیلڈ حکومت کے لیے سالانہ 8.6 بلین ڈالر کی خالص آمدنی حاصل کرے گا۔

    اس کی تکمیل کے بعد سعودی عرب دنیا کے گیس پیدا کرنے والے بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔

  • کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    کراچی کے علاقے کیماڑی میں پرُ اسرار زہریلی گیس کا معمہ حل ہوگیا، واقعہ سویابین کی گرد کے پھیلاؤ کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں 14 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

    وزیراعلی سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ میں بتایا کہ پراسرار گیس سے متعلق کراچی یونیورسٹی کے ماہرین نے ابتدائی رپورٹ جمع کرادی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیماڑی واقعہ سویابین کی گرد کے پھیلاؤ کےباعث پیش آیا، یہ سویابین کراچی پورٹ پر لنگرانداز جہاز میں موجود ہے۔

    بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ اس قسم کےواقعات دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پیش آچکے ہیں۔

    ریسرچ آف کیمسٹری جامعہ کراچی نے رپورٹ میں بتایا کہ ہلاک افراد کےخون کےنمونوں کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے اور نمونوں میں سویابین ڈسٹ کا انکشاف ہوا، سویابین ڈسٹ انسانی صحت کیلئےخطرناک ہے، ڈسٹ کاوائرس 2 سال پہلے اسپین میں بھی آیا تھا جس سے  متعدد افراد متاثر ہوئے تھے۔

    ریسرچ آف کیمسٹری جامعہ کراچی تحقیقی رپورٹ کمشنر کراچی کو ارسال کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس سے دو روز کے دوران اب تک 14 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 300 سے زائد افراد متاثر ہوئے جو شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    زہریلی گیس کے باعث علاقہ مکین خوف و ہراس میں مبتلا ہیں، کیماڑی اور اطراف کے علاقوں میں تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ کے پی ٹی میں بھی کام ٹھپ ہے۔

  • ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں 111 روپے کمی

    ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں 111 روپے کمی

    اسلام آباد: پاکستان آئل اینڈ گیس ریگو لیرٹی اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ فروری کیلئے ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں 111 روپے کمی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان ، ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ اوگرا نے ماہ فروری کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں 111 روپے کمی کر دی گئی ہے، کمی کے بعد فروری کیلئے11.8 کلو گھریلو سلینڈر کی نئی قیمت1680.21 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    ماہ جنوری کیلئے11.8 کلو گھریلو سلینڈرکی قیمت1791.48 روپےتھی، ایل پی جی کی یہ قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی۔

    واضح رہے کہ سردیوں میں اضافے کے باعث گیس بحران شدید ہوگیا تھا، گیس پریشر میں کمی اور قلت کے باعث ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا تاہم سردی کی شدت میں کمی آنے کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے۔

  • کوئٹہ: مکان میں گیس بھرنے سے 5 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: مکان میں گیس بھرنے سے 5 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا جبکہ گیس لیکیج واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد 12 میں گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 2 بچے شامل تھے۔

    کوئٹہ، گھر میں گیس لیکیج سے 5 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ 8 جنوری کو کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل تھے۔

  • جس صوبے سے گیس نکلے پہلا حق اس کا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    جس صوبے سے گیس نکلے پہلا حق اس کا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 158 میں واضح ہے جس صوبے سے گیس نکلے پہلا حق اس کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سندھ کو گیس ڈیمانڈ پوری کرنے سے انکار کیا، آرٹیکل 158 میں واضح ہے جس صوبے سے گیس نکلے پہلا حق اس کا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے میرے خط کا پہلا جواب بھیج دیا ہے، آج وزیراعظم کو ایک اور خط لکھ دیا ہے، وفاق چاہتا ہے کہ سندھ کو مہنگی گیس دیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کو 900 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے، سندھ کو 1500 ایم ایم سی ایف ڈی گیس درکار ہے، سندھ حکومت اپنے صوبے کے لوگوں کے حقوق پر نظر رکھتی ہے۔

    سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کےقاسم سراج سومرو کی جانب سے موئن جو دڑو کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔ قرار داد میں کہا گیا کہ تاریخی حوالوں سے پتہ چلتا ہے کہ اصل نام موہن جو دڑو ہے، تاریخی حوالوں سے پتہ چلتا ہے کہ اصل نام موہن جو دڑو ہے۔

    وزیر پارلیمانی امور کی درخواست پر قرارداد موخر کر دی گئی، بعدازاں اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس 22 جنوری تک ملتوی کر دیا۔

  • وزیر توانائی کی سندھ میں گیس بحران کو حل کرنے کی کوشش

    وزیر توانائی کی سندھ میں گیس بحران کو حل کرنے کی کوشش

    کراچی: صوبہ سندھ میں گیس کے بحران کے پیش نظر وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹرز کو خط لکھ دیا، انہوں نے کہا کہ سندھ کو ملکی پیداوار کی 65 فیصد گیس دینے کے باوجود نہایت کم گیس فراہم کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے صوبے میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹرز کو خط لکھ دیا۔

    اپنے خط میں امتیاز شیخ نے لکھا کہ 65 فیصد گیس پیدا کرنے والے سندھ کو گیس کی فراہمی نے حد کم ہے۔ شدید سردی میں 1 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی سے بھی کم گیس دی جارہی ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ ملکی پیداوار کا 65 فیصد یعنی ڈھائی ہزار سے 26 سو ایم ایم سی ایف ڈی مہیا کرتا ہے جبکہ سندھ کو سالانہ صرف 13 سو سے 14 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جاتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو فراہم شدہ گیس میں بجلی اور کھاد بنانے والی کمپنیاں بھی حصے دار ہیں۔ پی پی ایل، ایس ایس جی سی، پی ایس اور وفاقی اداروں کے بورڈز میں سندھ کی نمائندگی نہیں۔

    خیال رہے کہ سردیوں میں اضافہ ہوتے ہی سندھ میں گیس کا بحران شدید ہوگیا تھا۔ گھروں میں لوگ لکڑی کے چولہے استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    گیس پریشر میں کمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز مستقل کئی روز بند رہے۔ سندھ میں گیس کی صورتحال تاحال بہتر نہیں ہوسکی ہے۔

  • سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    کراچی: ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے شہروں میں گیس لیکج سے ہونے والے دھماکوں میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع لیہ کے شہر چوک اعظم کے علاقے کوٹ سلطان میں گھر کے کمرے میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے، جب کہ ایک متاثرہ بیٹے کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکج کی وجہ سے دھماکا ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

    ادھر سندھ کے شہر نوشہروفیروز کے علاقے محراب پور کے ایک گھر میں بھی گیس لیکج سے دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، کمرے میں آگ لگنے سے جھلسنے والوں میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں نواب شاہ منتقل کیا گیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کمرے میں ہیٹر کے باعث گیس بھر جانے سے آگ لگی۔

    زخمیوں کو پہلے محراب پور اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہاں برن شعبہ نہ ہونے کے باعث انھیں نوابشاہ لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق کمرے میں گیس بھرنے کی وجہ سے صبح آگ جلانے پر گھر میں آگ لگ گئی اور آگ لگتے ہی دھماکا ہوا جس سے کمرے کی چھت کا ایک حصہ بھی اڑ گیا۔

  • سی این جی اسٹیشنز مسلسل 48 گھنٹوں تک بند رہیں گے

    سی این جی اسٹیشنز مسلسل 48 گھنٹوں تک بند رہیں گے

    کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں گیس بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، سی این جی اسٹیشنز آج بھی شیڈول سے ہٹ کر بند کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی این جی اسٹیشن مسلسل 48 گھنٹوں تک بند رہیں گے، آج بھی سی این جی اسٹیشنز شیڈول سے ہٹ کر بند کیے گئے، 15 دن میں سی این جی اسٹیشنز مجموعی طور پر صرف 4 دن کھلے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 4 دن کے دوران گیس کے کم دباؤ پر بیش تر اسٹیشن بند کر دیے گئے ہیں، سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عوام کے دیرینہ مسئلے پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے۔

    دوسری طرف سائٹ، ناظم آباد، نارتھ کراچی، بفرزون، لانڈھی، کورنگی اور دیگر علاقوں گیس کا دباؤ نہایت کم ہو گیا ہے، کراچی کے پانچوں صنعتی زونز گیس کی لوڈ شڈنگ سے شدید متاثر ہو چکے ہیں اور پیداوار بند ہو چکی ہے۔ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے سے برآمدی آرڈر کی بر وقت تکمیل ممکن نہیں رہی، صنعتی پیداوار نہ ہونے سے مزدور بھی بے روزگار ہو رہے ہیں۔

    کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کھل گئے، پنجاب میں کھولنے کا مطالبہ

    دو دن قبل سوئی گیس حکام نے کہا تھا کہ گیس سپلائی بندش کا فیصلہ ریکارڈ سردی کے باعث کیا گیا ہے، دسمبر 2018 میں گھریلو شعبے کو اوسطاً 150 ایم ایم سی ایف ڈی آرایل این جی فراہم کی گئی، رواں سال دسمبر کے آخری ہفتے میں 500 ایم ایم سی ایف ڈی سے تجاوز کر گئی، ترجیحی شعبوں کو گیس فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔