Tag: گیس

  • سردی میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی، گھریلو اور کمرشل صارفین پریشان

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی، گھریلو اور کمرشل صارفین پریشان

    کراچی: ملک بھر میں سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گیس پریشر میں کمی کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سردی میں اضافے کے ساتھ گیس کمپنیوں نے پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے مسترد کر دیا۔

    گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے کئی علاقوں کے چولھے بھی بجھ گئے ہیں، گھریلو صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

    دوسری طرف گیس کمپنیوں کے گیس بندش کے فیصلے کے بعد کمرشل صارفین بھی خدشات کا شکار ہو گئے ہیں، چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے گیس کمپنیوں کا اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بلا جواز فیصلے سے لاکھوں افراد بری طرح متاثر ہوں گے، وزارت پٹرولیم کو فیصلے کے خلاف خط لکھ دیا گیا ہے، پہلے ہی ہمارے معاشی حالات خراب ہیں اب مزید خراب ہوں گے۔

    ادھر گزشتہ روز سوئی گیس بحران پر وفاقی حکومت اور سوئی ناردرن گیس کمپنی حکام کا اجلاس ہوا، ذرایع کا کہنا تھا کہ 2 دن میں گیس فراہمی کم اور طلب میں اضافہ ہو گیا ہے جس پر پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی بند کرنے کا قدم اٹھایا جائے گا۔ اجلاس میں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے حکومت کو گیس بحران سے آگاہ کیا، بتایا گیا کہ لاہور کو 310 ایم ایم سی ایف کی بجائے 270 ایم ایم سی ایف گیس مل رہی ہے، گیس فراہمی میں کمی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں کم پریشر کی شکایات عام ہو گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ سندھ میں بھی ایس ایس جی سی کے سسٹم میں گیس پریشر میں کمی کے باعث آج (جمعے کو) سی این جی بند رہے گی، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سندھ میں سی این جی اسٹیشن منگل سے مسلسل ہفتہ صبح 8 بجے تک بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ایس ایس جی سی کا مؤقف ہے کہ گیس کے کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو فراہمی میں مشکلات درپیش ہیں، جب کہ کمرشل سیکٹر کی طلب پوری کرنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

    ادھر سندھ حکومت نے گیس 245 فی صد مہنگی کرنے کا ممکنہ فیصلہ مسترد کر دیا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا ہے کہ وفاق سندھ میں گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ واپس لے، سب سے زیادہ گیس کی پیداوار سندھ سے ہوتی ہے۔ صوبائی وزیر اویس شاہ نے کہا کہ گیس مہنگی ہونے سے کرایوں میں اضافے کے ساتھ مہنگائی بھی بڑھ جائے گی، پنجاب کو ہر معاملے پرسب سڈی، سندھ کو ہر ماہ مہنگائی کا تحفہ دیا جاتا ہے، وفاق کو سی این جی سیکٹر میں 31 فی صد اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔

    سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی اوگرا کی جانب سے گیس کے نرخوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے، ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گیس کے نرخوں میں اضافے کے بعد تمام سی این جی اسٹیشن بند اور ڈھائی لاکھ افراد بے روزگار ہو جائیں گے، پاکستان میں 36 لاکھ گاڑیاں سی این جی پر چل رہی ہیں وہ بند ہو جائیں گی، ایس ایس جی سی کی وجہ سے سی این جی اسٹیشن مالکان پریشان ہیں، سی این جی بھی شیڈول سے ہٹ کر بند کی جا رہی ہے۔

  • کیا سندھ میں گیس 245 فیصد مہنگی ہوگی؟

    کیا سندھ میں گیس 245 فیصد مہنگی ہوگی؟

    کراچی: سندھ حکومت نے گیس 245 فیصد مہنگی کرنے کا ممکنہ فیصلہ مسترد کردیا، اور وفاقی حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق سندھ میں گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ واپس لے، سب سے زیادہ گیس کی پیداوار سندھ سے ہوتی ہے، گیس مہنگی ہونے سے کرائے اور مہنگائی بڑھ جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ہر معاملے پر سبسڈی جبکہ سندھ کو ہر ماہ مہنگائی کا تحفہ دیا جاتا ہے، وفاق کو سی این جی سیکٹر میں بھی31 فیصد اضافہ نہیں کرنے دیں گے، وفاقی حکومت نے گیس نرخوں میں اضافہ کیا تو ٹرانسپورٹرز اور عوام سڑکوں پر ہوں گے، سندھ ایسے فیصلہ کبھی قبول نہیں کرے گا۔

    خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے سندھ میں 245 فیصد گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ ممکن ہے۔ دوسری جانب پٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کے لیے گیس قیمتوں کے اضافے کی خبروں کی تردید کردی۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اوگرا کا مجوزہ اضافہ حتمی نہیں اور نہ کسی فورم نے منظوری دی، ترمیم سال میں 2بار متعدد عوامل مدنظر رکھنے کے بعد کی جاتی ہے، اوگرا نے آرڈیننس2002 سیکشن 8 کے تحت نئی قیمتوں کا مشورہ دیا ہے۔

    پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ اوگرا نے مشورہ کمپنیوں کی محصولات کے تخمینے کے پیش نظر دیا، آرڈیننس سیکشن 8 کے تحت وفاق گیس کی حتمی نرخ کا تعین کرے گی، گیس قیمتوں کا حتمی اعلان وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، گیس نرخوں کا حتمی فیصلہ ہونے تک مجوزہ قیمتوں کی تشہیر نہ کی جائے۔

  • آپریشن گرفت، کراچی سے گیس چور ہوٹل مالک گرفتار

    آپریشن گرفت، کراچی سے گیس چور ہوٹل مالک گرفتار

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی ٹیم نے آپریشن گرفت کے تحت کراچی کے علاقے الآصف اسکوائر میں چھاپے کے دوران گیس چور ہوٹل مالک کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گیس چوری کے خلاف ایس ایس جی سی کی جانب سے ہوٹلوں پر چھاپے جاری ہیں، الآصف اسکوائر میں ہوٹلوں پر چھاپے کے دوران ایک ہوٹل مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ایس ایس جی سی کے ترجمان شہباز اسلام نے کہا کہ ہوٹل مالک محبوب شاہ کو گیس چوری کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ہوٹل مالک براہ راست لائن سے گیس چوری کر کے ہوٹل چلا رہا تھا، ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

    ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ گیس چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، گیس چوری سے کمپنی کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، اس لیے گیس چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گیس چوری کے خلاف سنجیدگی سے اقدامات کا عندیہ دیا تھا، اس سلسلے میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی تھی، جس نے ملک بھر میں کریک ڈاؤن کرنے تھے۔ آئی ایم ایف بھی گیس کے نقصان پر سخت تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔

  • سخت سردی میں جھیل میں کیا دکھائی دینے لگا؟

    سخت سردی میں جھیل میں کیا دکھائی دینے لگا؟

    موسم سرما میں آسمان سے گرتے برف کے گالے جہاں ایک طرف تو ٹھنڈ میں اضافہ کردیتے ہیں وہیں ہر شے کو برف کردیتے ہیں۔

    ایسا ہی کچھ حال دریاؤں اور جھیلوں کا بھی ہوجاتا ہے جن کا پانی جم کر برف بن جاتا ہے اور جمی ہوئی جھیلیں نہایت سحر انگیز منظر پیش کرتی ہیں۔

    منفی 35 ڈگری سینٹی گریڈ میں چین کے شہر موہا میں بھی ایک جھیل نہ صرف جم گئی بلکہ اس کے اندر موجود گیسیں بھی منجمد ہوکر انوکھا نظارہ پیش کرنے لگیں۔

    منجمد جھیل کے اندر ایک کے اوپر ایک چھوٹے بڑے جمے ہوئے میتھین گیس کے بلبلوں نے تجریدی آرٹ کے نمونے تخلیق کردیے۔

    یہ جمے ہوئے بلبلے جھیل کے اندر 60 میٹر گہرائی تک میں ایک کے اوپر ایک قطار بنائے چلے گئے ہیں۔ جھیل کا انوکھا نظارہ دیکھنے کے لیے دور دور سے سیاح اور مقامی افراد آنے لگے۔

  • گیس کی قلت پوری کرنے کیلئےسندھ میں ڈرلنگ کا فیصلہ

    گیس کی قلت پوری کرنے کیلئےسندھ میں ڈرلنگ کا فیصلہ

    کراچی: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل) نے گیس کی قلت پوری کرنے کیلئےسندھ میں ڈرلنگ کافیصلہ کیا ہے اور ڈرلنگ کا یہ عمل آئندہ ماہ شروع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اوجی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ گیس کی طلب8ارب مکعب فٹ یومیہ اور پیداوار4ارب مکعب فٹ ہے، ملک میں توانائی کےمیدان میں 50فیصدگیس کی قلت ہے تاہم پاکستان میں 105ٹریلین مکعب فٹ شیل گیس کےذخائرموجودہیں۔

    او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 9.1بلین بیرل شیل آئل کے ذخائر موجود ہیں.

    او جی ڈی سی ایل کے مطابق کے یوسی 01 تجرباتی پائلٹ پروجیکٹ ہے جو کہ ذخائرکی پیداوار اورٹیکنالوجی ٹیسٹ کیلئے اہم ہوگا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ووٹیکل پائلٹ ہول ہائیڈرالک فریکچرنگ کیلئے800ایم کھوداجائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں توقع سے زیادہ تیل اور شیل گیس ذخائر موجود،امریکی ادارہ

    واضح رہے کہ امریکی تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شیل گیس اور خام تیل کے توقعات سے زائد ذخائر موجود ہیں۔

    امریکی ایجنسی کے مطابق پاکستان میں دس ہزار ایک سو انچاس ٹریلین کیوبک فیٹ شیل گیس اور خام تیل کے تقریبادو ہزار تین سو تئیس ارب بیرل کے ذخائر موجود ہیں، پاکستان میں موجود شیل گیس اور خام تیل کے یہ ذخائر لوئر انڈس بیسن میں موجودہیں۔

    امریکی ادارے کے مطابق ان ذخائر میں سے تقریبا پچانوے ٹریلین کیوبک فیٹ شیل گیس اور چودہ ارب بیرل تیل تکنیکی اعتبار سےحاصل کیا جاسکتا ہے۔

  • اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

    اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

    کراچی: اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے غریب عوام کو ایک اور دھچکا دے دیا۔ فی کلو قیمتوں میں یکمشت 13 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں10710روپے فی میٹرک ٹن گھریلو سلنڈر میں 148روپے کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 569روپے اور13روپے فی کلو قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔اب گھریلو سلنڈر 1476روپے ، کمرشل سلنڈر 5677روپے اور 125.50روپے فی کلو مارکیٹ میں دستیاب رہے گی۔

    اوگرا نے ماہ اکتوبر کے لئے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ ایل پی جی کی پیداواری قیمت میں10710روپے فی میٹرک ٹن گھریلو سلنڈر میں 148روپے کمرشل سلنڈر کی میں 569روپے اور13روپے فی کلو قیمت میں اضافہ کر دیا۔

    اب پیداواری قیمت 56505روپے کی بجائے 67215 روپے ، گھریلو سلنڈر کی قیمت 1328 روپے کی بجائے 1476 روپے ، کمرشل سلنڈر 5108 کی بجائے 5677 روپے اور فی کلو 113 کی بجائے.50 125 روپے مارکیٹ میں دستیاب رہے گی۔

    اس موقع پر عرفان کھوکھر چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان نے کہا کہ ایل پی جی غریب صارفین کا ایندھن ہے اس سے غریب لوگو ں کے روزگار جڑے ہوئے ہیں۔ ایل پی جی پٹرول اور ڈیزل کے مقابلے میں50 فیصد سستی ہے ۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے عالمی منڈیوں میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود فیصلہ کیا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی کمی وبیشی نہیں کی جائے گی اور قیمتوں کو ماہ ستمبر کی سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔

  • اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا

    اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 50 یونٹ گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت 121 روپے فی یونٹ برقرار رکھی گئی ہے جبکہ ماہانا 100یونٹ پرقیمت127سے بڑھا کر300 روپے کردی گئی ہے۔

    ماہانہ 200 یونٹ گیس استعمال کرنے والوں کے لیے قیمت 264 روپے سے بڑھا کر 553 جبکہ ماہانہ 300 یونٹ گیس استعمال کرنے والوں کے لیے قیمت 275 روپے بڑھا کر 738 روپے کی گئی ہے۔

    ماہانہ 400 یونٹ گیس استعمال کرنے والوں کے لیے قیمت 780 روپے سے بڑھا کر 1107 جبکہ ماہانہ 400 یونٹ سے زائد گیس استعمال کرنے والوں کے لیے قیمت 1460 روپے برقرار رکھی گئی ہے۔

    اوگرا کے نوٹی فکیشن کے مطابق کھاد کارخانوں کے لیے بطور فیڈ گیس کی قیمت میں 61 فیصد جبکہ بجلی کارخانوں، سی این جی اور جنرل انڈسٹری کے لیے تمام شعبوں میں گیس کی قیمت 31 فیصد بڑھا دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے گھریلو صارقین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری

    گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کردی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی  سے ہوگا، قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو500 ارب سے زائدریونیوحاصل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں گھریلوصارفین کیلئےگیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

    گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی ہوجائے گی جبکہ دیگرکیٹیگریز کےلیےگیس قیمتوں میں31 فیصد سےزیادہ اضافے کی منظوری دی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے گیس کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط میں شامل تھا، قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو500 ارب سے زائدریونیوحاصل ہوگا، حکومت دسمبر میں گیس کی قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لے گی۔

    اجلاس میں سعودی عرب سے ادھار تیل کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی، پیپرا رولز کا اطلاق نہیں ہوگا، سعودی عرب سے ادھار تیل کی سہولت یکم جولائی سے شروع ہو گی، پی ایس اوسعودی عرب سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کرے گا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان جیمز جیولری کمپنی کو ضمنی گرانٹس فراہم کرنے کی سمری منظور کرلی گئی۔

    یاد رہے پیٹرولیم ڈویژن نےگیس کی قیمتوں میں اضافےکی سمری ای سی سی کو ارسال کی تھی، جس میں گھریلو صارفین کیلئےگیس کی قیمت میں دوسو فیصد اور کمرشل صارفین کیلئےگیس اکتیس فیصد مہنگی کرنےکی تجویزدی گئی تھی۔

    سمری میں ماہانہ پچاس یونٹ والےگھریلو صارفین کیلئےگیس پچیس فیصد، سو یونٹ ماہانہ والوں کیلئے پچاس فیصد، اور دو سو یونٹ والے گھریلو صارفین کیلئے پچھتر فیصد گیس مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی جبکہ نیٹ ماہانہ تین سو یونٹ والے گھریلو صارفین کے لئے گیس کی قیمت میں سو فیصد اضافہ کرنے کی تجویز تھی۔

    کمرشل صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں اکتیس فیصد مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

  • گیس کے نرخوں میں 200 فی صد تک اضافے کی سمری تیار

    گیس کے نرخوں میں 200 فی صد تک اضافے کی سمری تیار

    لاہور: وزارت پیٹرولیم نے گیس کے نرخوں میں 200 فی صد تک اضافے کی سمری تیار کر لی.

    تفصیلات کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے سمری ای سی سی کو بھجوا دی، سمری میں گھریلو صارفین کے لئے گیس 200 فی صد تک مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے.

    [bs-quote quote=”سمری میں گھریلو صارفین کے لئے گیس 200 فی صد تک مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    سمری میں کمرشل صارفین کے لئے گیس 31 فیصد مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی.

    ساتھ ہی ماہانہ 50 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لئے گیس 25 فیصد مہنگی کرنے، ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لئے گیس50 فی صد مہنگی کرنے کی تجویز زیر غور ہے.

    وزارت پیٹرولیم نے ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لئے گیس75 فی صد مہنگی کرنے کی تجویز دی ہے.

    مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا

    تجاویز کے مطابق ماہانہ 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لئے گیس 100 فی صد بڑھانے، جب کہ 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لئے گیس150 فی صد مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے.

    وزارت پیٹرولیم کی جانب سے 400  سے زائد یونٹ استعمال کرنے والوں کے لئے گیس 200 فی صد بڑھانے کی تجویز ہے، ساتھ ہی کمرشل صارفین کے لئے گیس مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی ہے.

  • گیس قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں: شہباز شریف

    گیس قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں: شہباز شریف

    لندن: اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں مزید 45 فی صد اضافے کی سفارش پر شہباز شریف نے ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہم گیس قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل طور پر نا کام ہو چکی ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس اضافہ فوری واپس لیا جائے، گیس، بجلی، پیٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کیسے زندہ رہیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ لاحق ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلز پارٹی نے گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

    شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کو دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30 ہزار روپے کی جائے، اور تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم 10 ہزار کا فوری ریلیف دیا جائے۔

    خیال رہے کہ ماہ رمضان میں عوام کے چولھے ٹھنڈے کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے، گزشتہ روز اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فی صد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فیصد اضافے کی منظوری دے دی

    سوئی ناردرن کے صارفین کے لیے گیس 236 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہوگئی ہے، جب کہ سوئی سدرن کے صارفین کا ٹیرف بھی 159 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگا ہوگیا ہے۔

    گیس قیمتوں میں اضافے کا اطلاق حکومت کی جانب سے نوٹی فیکیشن جاری ہونے کے بعد ہوگا۔