Tag: گیم آف تھرونز

  • ہاؤس آف ڈریگن کا دوسرا سیزن کب ریلیز ہوگا؟

    ہاؤس آف ڈریگن کا دوسرا سیزن کب ریلیز ہوگا؟

    دنیا بھر میں مشہور گیم آف تھرونز کے پریکوئل ہاؤس آف ڈریگن کے دوسرے سیزن کی شوٹنگ شروع ہوچکی ہے جسے اگلے برس ریلیز کردیا جائے گا۔

    امریکی ٹی وی نیٹ ورک ایچ بی او کی سیریز ہاؤس آف ڈریگن کے دوسرے سیزن کی شوٹنگ برطانیہ میں شروع ہو چکی ہے اور اسے 2024 میں نشر کیا جائے گا۔

    ہالی ووڈ پر رپورٹنگ کرنے والی ویب سائٹ ڈیڈ لائن کے مطابق سیریز کا دوسرا سیزن پہلے سیزن کے مقابلے میں مختصر ہوگا۔

    متعدد ذرائع کی طرف سے یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ ایچ بی او کی جانب سے ہاؤس آف ڈریگن کا تیسرا سیزن بھی بنایا جائے گا، ایچ بی او کی ایک ترجمان نے بتایا کہ سیزن 2 میں دو اقساط کم کرنے کا فیصلہ سٹوری کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    خیال رہے ہاؤس آف ڈریگن ایچ بی او کے مشہور زمانہ شو گیم آف تھرونز کا پریکوئل اور اس میں دکھائے گئے واقعات سے تقریباً 200 سال پہلے کی کہانی ہے جب ٹارگیریئن خاندان کی حکومت کا آغاز ہوا تھا۔

    ہاؤس آف ٹارگیریئن وہی خاندان ہے جس سے گیم آف تھرونز میں ڈینیرس ٹارگیریئن عرف ملکہ کھلیسی تعلق رکھتی ہیں اور اس سیریز میں ملکہ کھلیسی کے آباؤ اجداد کی بادشاہت کی کہانی بتائی گئی ہے۔

    اس خاندان کی خاص بات یہ ہے کہ ملکہ کے بطن سے ڈریگن پیدا ہوتے ہیں جنہیں پال کر ان سے کام لیا جاتا ہے، ہاؤس آف دی ڈریگن کی پہلی قسط میں بھی ٹارگیریئن ہاؤس کے ڈریگن دکھائے گئے ہیں۔

    ہاؤس آف دی ڈریگن کی مرکزی کاسٹ میں ملی اے کلاک، میٹ سمتھ، ایما ڈارسی، اولویا کک اور پیڈی کونسیڈائن شامل ہیں جبکہ اس کہانی کو بھی جارج آر آر مارٹن کی کتاب فائر اینڈ بلڈ سے ہی لیا گیا ہے۔

    گزشتہ سال اگست میں ہاؤس آف دی ڈریگن کی ریلیز ہونے والی پہلی قسط نے ہی مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا، جبکہ فلموں اور سیریز کی ریٹنگ کی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی پر اسے 9.1 ریٹ کیا گیا۔

  • امریکا میں انسانی تباہی کا سبب ’گیم آف تھرونز‘

    امریکا میں انسانی تباہی کا سبب ’گیم آف تھرونز‘

    بیجنگ: چینی تھنک ٹینکس نے کہا ہے کہ امریکا میں کرونا وبا سے انسانی تباہی پھیلی لیکن حکام نے اسے سیاسی رنگ دیا، اصل میں یہ "گیم آف تھرونز” امریکا میں انسانی تباہی کا سبب بنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے تین معروف تھنک ٹینکس سی آر آئی نے مشترکہ طور پر پیر کو ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کا عنوان ہے امریکا نمبر ون ۔ انسداد وبا کے حوالے سے امریکا کی حقیقت۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلوم برگ نے حال ہی میں امریکا کو انسداد وبا میں سرفہرست ملک قرار دیا تھا، اس مضحکہ خیز دعوے کے جواب میں چین کے معروف تھنک ٹینکس نے مشترکہ رپورٹ جاری کی جس میں جامع تحقیق، درست اعداد و شمار اور معروضی اشاریوں کی بنیاد پر امریکا میں انسداد وبا کی حقیقی صورت حال دکھائی گئی ہے۔

    رپورٹ میں نہ صرف ‘امریکا انسداد وبا میں سرفہرست’ کے پس پردہ حقائق کو بے نقاب کیا گیا ہے، بلکہ دنیا کو دکھایا گیا ہے کہ معصوم امریکی عوام کیسے "گیم آف تھرونز” کا شکار ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں کووڈ-19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، اور اموات کی تعداد 6 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، اور امریکا دونوں لحاظ سے دنیا میں سرفہرست ملک ہے۔

    امریکی ادارے سی ڈی سی کے سابق سربراہ ولیم فاؤج نے ملکی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک قتل عام ہے۔

    انھوں نے کہا درحقیقت امریکی شہریوں کے لیے وبا ایک قدرتی آفت کے ساتھ ساتھ انسانی ساختہ آفت بھی ہے، ملک میں گہری متعصبانہ روش نے اس وبا کو سیاسی رنگ دیا اور امریکی عوام، زندہ رہنا جن کا حق تھا، اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے۔

  • ’گیم آف تھرونز‘ کے لیے مشہور ارب پتی پراسرار طور پر ہلاک

    ’گیم آف تھرونز‘ کے لیے مشہور ارب پتی پراسرار طور پر ہلاک

    بیجنگ: ارب پتی نیٹ فلیکس پروڈیوسر اور گیم آف تھرونز کی ویڈیو گیم بنانے کے لیے مشہور چینی ٹائیکون پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گیم آف تھرونز کی ویڈیو گیم بنانے والا چینی ارب پتی پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا، برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ 39 سالہ چینی ٹائیکون لِن چی کی موت کرسمس کے روز ڈرامائی طور پر ہوئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گیم ڈیولپر لن چی کو مبینہ طور پر ان کے ایک ساتھی نے زہر دے کر مارا، یوزو گروپ کمپنی کے بانی اور چیئرمین کو 16 دسمبر کو زہر دیا گیا تھا اور ان کی موت کرسمس کے روز ہوئی۔

    لِن چی کا شمار چین کی امیر ترین شخصیات میں ہوتا تھا جن کی دولت اندازاً 1.3 بلین ڈالرز ہے، انھوں نے 2009 میں یوزو کمپنی کی بنیاد رکھی تھی اور گیمنگ انڈسٹری میں انتہائی کامیابی حاصل کی۔ یوزو گروپ ’گیم آف تھرونز ونٹر از کمنگ‘ گیم کے لیے مشہور ہے۔

    پولیس نے لن چی کو زہر دینے کے شبہے میں یوزو گروپ کے فلم اور ٹیلی وژن شعبے کے ایک سینئر ایگزیکٹو ژو یاؤ کو گرفتار کر رکھا ہے، یہ گرفتاری کمپنی کے ایگزیکٹو رینک کے ملازمین کے درمیان جھگڑے کی افواہوں کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ لِن چی کو چائے میں زہر ملا کر دیا گیا تھا۔ ان کی اچانک موت پر کمپنی کے موجودہ اور سابق ملازمین نے دفتر کے باہر جمع ہوکر سوگ منایا۔

  • ایمی ایوارڈز 2016: ’گیم آف تھرونز‘ بہترین سیریز قرار

    ایمی ایوارڈز 2016: ’گیم آف تھرونز‘ بہترین سیریز قرار

    لاس اینجلس: امریکی شہر لاس اینجلس میں اڑسٹھویں ایمی ایوارڈز کا رنگا رنگ میلہ منعقد ہوا جس میں ستاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ شو میں مشہور امریکی ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ نے میدان مار لیا۔

    ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ نے سب سے زیادہ ایمی ایوارڈز حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کرلیا۔ رواں برس 12 ایمی ایوارڈز کے ساتھ اس سیریز کے حاصل کردہ ایمیز کی تعداد 38 ہوچکی ہے۔

    رواں برس سیریز لگاتار دوسری بار بہترین ڈرامہ سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی۔

    واضح رہے کہ ’گیم آف تھرونز‘ ایک تصوراتی افسانوی سیریز ہے جس میں اداکاروں کو ایک خیالی دنیا میں قوت و اقتدار کے لیے ایک دوسرے سے برسر پیکار دکھایا گیا ہے۔

    ایک اور امریکن سیریز ’ویپ‘ کو بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس سیریز کا بھی یہ لگاتار دوسرا ایمی ایوارڈ ہے۔

    جولیا لوئی ڈریفس

    سیریز کی اداکارہ جولیا لوئی ڈریفس کو سیریز میں اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ (کامیڈی) کا ایوارڈ ملا جبکہ بہترین اداکار (کامیڈی) کا انعام ’ٹرانسپیرنٹ‘ کے لیے جیفری ٹمبر کو دیا گیا۔

    رامی ملک

    ٹیٹیانا میسلانی کو ’آرفن بلیک‘ میں اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ جبکہ ’مسٹر روبوٹ‘ کے مرکزی کردار رامی ملک کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

    سیریز ’ڈاؤنٹن ایبی‘ بھی ایک ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی جس کی میگی اسمتھ کو بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    emmy-1

    رنگا رنگ ایوارڈ شو میں بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ بھی شریک ہوئیں۔

  • علی ظفر مارلن منرو کے ساتھ؟

    علی ظفر مارلن منرو کے ساتھ؟

    معروف گلوکار علی ظفر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ماضی کی مشہور ہالی ووڈ اداکارہ مارلن منرو کی شباہت رکھنے والی کسی خاتون کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔

    وہ خاتون کون ہیں؟ نہ خود علی ظفر نے بتایا، نہ کوئی پہچان سکا۔

    Guess who I met?

    A photo posted by Ali Zafar (@ali_zafar) on

    #marilyn

    A photo posted by Ali Zafar (@ali_zafar) on

    علی ظفر آج کل امریکا اور کینیڈا کے دورہ پر ہیں اور ان کی تصاویر دیکھ کر لگ رہا ہے کہ وہ وہاں ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے لوگوں سے بھی مل رہے ہیں۔

    انہوں نے مشہور امریکی ڈرامہ ’سیریز گیم آف تھرونز‘ میں اپنی پسندیدہ اداکار سوفی ٹرنر سے بھی ملاقات کی جو سیریز میں سانسا اسٹارک کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

    Game of Thrones fan? A photo posted by Ali Zafar (@ali_zafar) on

    علی ظفر نے اس ملاقات کی تصویریں اپنے انسٹا گرام پر شیئر کیں اور بظاہر یوں محسوس ہورہا ہے جیسے وہ گیم آف تھرونز کے مداحوں کو حسد میں مبتلا کر رہے ہیں۔

    #NYC. C u all tomorrow at Shaheen Plaza, Hicksville, NY A video posted by Ali Zafar (@ali_zafar) on

    امریکا جانے سے قبل انہوں نے ایک دلچسپ ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے مداحوں کو نیویارک جانے کا بتا رہے ہیں۔