Tag: ہاؤسنگ سوسائٹیز

  • سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوش خبری

    سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوش خبری

    وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قسطوں پر پلاٹ حاصل کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کیلئے حکومت سندھ ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے جارہی ہے، اب سرکاری ملازمین کم قیمت پر قسطوں پر پلاٹ حاصل کرسکیں گے، ہم نے صحافیوں کو بھی پلاٹس دیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ لو گریڈ اور اپر گریڈ سرکاری ملازمین کیلئے یہ اسکیم ہوگی، پولیس، ٹریفک پولیس کے محکمے بھی اسکیم میں شامل ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کو بند نہیں کیا جائیگا اور نہ پرائیویٹائز کیا جائےگا، اسٹیل مل کی زمین پر سندھ حکومت ایکسپورٹ پروسیسنگ زون بنانے جارہی ہے، وفاق اور سندھ حکومت مل کر پاکستان اسٹیل مل کو چلائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی کمائی سے اسٹیل مل کو پیروں پر کھڑا کیا جائےگا، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ گورننس مزید بہتر ہو، سرکاری ملازمین اچھے ماحول میں کام کرسکیں۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں الیکٹرک بسوں کے نئے روٹس کی کابینہ نے منظوری دی ہے، کراچی میں مزید الیکٹرک بسیں سڑکوں پر چلائی جائیں گی، کراچی کو 8 ہزار بسوں کی ضرورت ہے۔

    وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ سالڈویسٹ مینجمنٹ سندھ بھر میں اپناکام کررہا ہے، بلڈرز گھروں کا ملبہ سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں، اب اگرکسی نے ملبہ سڑک پر پھینکا تو ایکشن لیا جائےگا، کبھی کبھی وہ ملبہ نالوں میں پھینک رہے ہوتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے پولیس ڈیپارٹمنٹ سے نظر رکھنے کو کہا ہے، پولیس کو ہدایت دی ہے کہ جو ملبہ پھینکتا نظر آئے گرفتار کیا جائے۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں ون اسٹاپ ون شاپ کے ڈیجیٹل پلان کی منظوری دی ہے، سندھ میں کل 48 محکمے ہیں جن میں سے 16 کو ڈیجیٹلائز کرنے جارہے ہیں، ان محکموں کا کام آن لائن ہوگا ورلڈ بینک کی مدد سے یہ پراجیکٹ مکمل کیا جائے گا۔ اسی سال 16 محکمے ڈیجٹلائز ہوجائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ فوڈ، ہیلتھ ، انوائرمنٹ، لیبر، ریونیو اور زراعت کے محکمے ڈیجیٹلائز ہوجائیں گے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور لوکل گورنمنٹ بھی ڈیجیٹلائز ہوجائیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے محکموں کو کہا گیا ہے کہ قوانین جلدازجلد بنالیں، ملیر ایکسپریس وے پر 100 ایکڑ زمین اسپیشل چلڈرن کیلئے دی جارہی ہے، ملیر ایکسپریس وے پر اسٹیٹ آف دی آرٹ انسٹیٹیوٹ بنایا جارہا ہے۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ ہمارےاسپیشل بچوں کیلئے پورے ملک میں اسپیشل اسپتال نہیں ہے۔ اسپیشل بچوں کے لئے فزیکل اسپتال، اسکول اور پلے گراؤنڈ بھی ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کا مسئلہ چل رہا تھا، الیکٹرک گاڑی جسے بھی رجسٹرڈ کرانی ہے اپنے صوبے سے کرا سکتا ہے، آج سے ڈیڑھ سال قبل ہم 50 ای وی بسز لیکر آئے تھے، ہمارے پلان بہت بڑے ہیں بجٹ نے اجازت دی تو 8 ہزار بسز تک بھی جاسکتے ہیں۔ ای وی بسزبہت مہنگی ہیں مگر ماحول دوست ہوتی ہیں۔

  • نیب کا متبادل کوئی ادارہ نہیں جو غریبوں کے درد کو سمجھے، چیئرمین نیب

    نیب کا متبادل کوئی ادارہ نہیں جو غریبوں کے درد کو سمجھے، چیئرمین نیب

    لاہور: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا متبادل کوئی ادارہ نہیں ہے جو غریبوں کے درد کو سمجھے، ہر کسی کی عزت نفس کا خیال رکھنا نیب کا بنیادی مقصد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ایف پی سی سی آئی ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے خود احتسابی نیب سے شروع کی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ تاثر ہےکہ نیب کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں آگے نہیں بڑھ رہیں، 1235 ریفرنسز زیرسماعت ہیں جن میں سے 35 بھی بزنس کمیونٹی کے خلاف نہیں ہیں۔

    چیئرمین نیب نے کہا کہ ایسی سوسائٹیز بھی ہیں جن کے پاس 500 گز زمین نہیں، ایسی سوسائٹیز نے 50 کروڑ روپے اکٹھے کیے اور بیرون ملک چلے گئے۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ زیادہ تر ریفرنسز ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق ہیں، کئی جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز نے بیوہ، پنشنرز کی جمع پونجی لوٹ لی، لوگوں کو چھت کے نام پر لوٹنا ڈکیتی کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیب کا متبادل کوئی ادارہ نہیں جو غریبوں کے درد کو سمجھے، ہر کسی کی عزت نفس کا خیال رکھنا نیب کا بنیادی مقصد ہے۔

    چیئرمین نیب نے کہا کہ ڈکیتی کرکے جو پیسے لیے وہ ہاؤسنگ سوسائٹیز واپس کردیں، پیسے واپس کردیں، ہاؤسنگ سوسائٹیز کا نیب سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا مقصد کسی کو پریشان یا ہراساں کرنا نہیں ہے، ایسی ہاؤسنگ سوسائٹیزجو عوام کا پیسہ لے کر ملک سے باہر گئے وہ واپس آئیں، یقین دلاتا ہوں ایسی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو گرفتار نہیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سختی ان سے کی جوملک سے بھاگے یا خود کو قانون سے بالا سمجھتے تھے، کسی کا خیال ہے کہ نیب میں حکومت کی مداخلت ہے تو یہ ذہن سے نکال دیں۔

    چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا تعلق صرف اورصرف ریاست اور پاکستان سے ہے، بطور چیئرمین نیب جو کر رہا ہوں وہ صرف عوام کے لیے ہے۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ پہلے کرپشن دیمک تھی اب کینسر کی شکل اختیار کرچکی ہے، پاکستان آج جس نہج پر ہے اس کی وجہ کرپشن ہے۔

  • ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دی جائے، عدالت کا حکم

    ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دی جائے، عدالت کا حکم

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ایل ڈی اے میں رجسٹر کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے حکم میں کہا ایل ڈی اے کی جانب سے پنجاب بھر کی غیرقاںونی قرار دی گئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ایک ماہ میں لیگل کیا جائے۔

    درخواست گزار نےمؤقف اختیار کیا گیا کہ ایل ڈی اے نے متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دے کر ان سے بنیادی سہولتیں چھین لی ہیں۔ ایل ڈی اے اگر بروقت ایکشن لیتا تو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز بن ہی نہیں سکتی تھیں۔

    جسٹس علی اکبر قریشی نے قرار دیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دی جائے، چیف سیکرٹری پنجاب تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو لیگل کرنے کے لیے اعلی سطح کمیٹی تشکیل دیں۔

    چیف سیکرٹری نے یقین دہائی کرائی عدالتی حکم پر من وعن عمل ہوگا جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان سےمل کرقواعدوضوابط بنا لیتے ہیں۔

    عدالت نے حکم پرہر ہفتے عمل درآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔