Tag: ہائپرسونک میزائل

  • روس نے یوکرین کے اہم ایئربیس پر ہائپر سونک میزائل داغ دیا

    روس نے یوکرین کے اہم ایئربیس پر ہائپر سونک میزائل داغ دیا

    کیف: یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے اس کے ایک اہم ایئربیس پر ہائپر سونک میزائل داغ دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق یوکرین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پیر کی صبح ایک روسی ہائپرسونک میزائل نے یوکرین کے ایک بڑے ایئربیس ’سٹاروکوسٹینٹینیف‘ کے علاقے کو نشانہ بنایا۔

    یوکرینی فضائیہ نے یہ نہیں بتایا کہ آیا اس حملے سے ان کا کوئی نقصان ہوا ہے، تاہم مقامی گورنر سرہی تیورین نے کہا کہ حملے میں کوئی شہری جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی اہم بنیادی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔

    اس سے قبل روسی فوج نے دارالحکومت کو ڈرون اور ایک اور میزائل حملے کا بھی نشانہ بنایا تھا، ایک دن قبل ہی ڈچ وزیر دفاع کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ نیدرلینڈز آنے والے مہینوں میں یوکرین کو مزید F-16 طیارے فراہم کرے گا۔ حال ہی میں یوکرین نے مغرب کی لابنگ کے بعد ایف سولہ طیاروں کی ایک کھیپ حاصل کی ہے۔

    یوکرین نے اپنے جنگی طیاروں کے ٹھکانے کو خفیہ رکھا ہوا ہے تاکہ انھیں روس کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے بچایا جا سکے۔ روئٹرز نے لکھا ہے کہ یوکرینی فضائیہ اپنے نقصان کو ظاہر نہیں کیا کرتی، اس لیے یہ اعتراف بھی بڑا ہے کہ روسی میزائل آس پاس کے علاقے میں گرے۔

    یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس نے کیف کے علاقے میں دو روسی کِھنزل میزائلوں کو مار گرایا جس کا ملبہ کیف کے تین اضلاع میں گرا، ملٹری ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ روسی میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کی چھت اور سولومینسکی ضلع میں ایک سپر مارکیٹ کی چھت کو نقصان پہنچا، اور ایک کار بھی نقصان ہوا۔

    یاد رہے کہ فروری 2022 میں شروع ہونے والی اس جنگ کے دوران روس نے یوکرین پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے کئی میزائل حملے کیے ہیں۔

  • امریکا کا آواز سے 5 گنا تیز میزائل کا تجربہ تیسری بار بھی ناکام

    امریکا کا آواز سے 5 گنا تیز میزائل کا تجربہ تیسری بار بھی ناکام

    واشنگٹن: امریکا کا آواز سے 5 گنا تیز میزائل کا تجربہ تیسری بار بھی ناکام ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی فضائیہ کے کافی عرصے سے زیر تجربہ AGM-183A قسم کے فضائی ہائپر سونک میزائل نظام کا تجربہ تیسری بار بھی ناکام ہو گیا۔

    امریکی فضائیہ کی تجرباتی کمان گاہ کے شعبہ اسلحہ جات کے ڈائریکٹر جنرل ہیتھ کولنز نے وارزون نامی جریدے کو بتایا کہ 15 دسمبر کو ہم نے ہائپر سونک میزائل کا تجربہ کیا جو کہ ناکامی سے دوچار ہوا۔

    جنرل کونلز نے بتایا کہ تجربے کے دوران بی 52 ایچ بمبار طیارے پر نصب میزائل نا معلوم وجہ سے طیارے سے علیحدہ نہ ہو سکا۔ فضائیہ کی جانب سے ایک بوسٹر ٹیسٹ فلائٹ کی بھی کوشش کی گئی تاہم نامعلوم رکاوٹ کی وجہ سے اسے ختم کیا گیا۔

    خلائی محاذ پر امریکا کو بڑا دھچکا، میزائل تجربہ ناکام

    انھوں نے کہا کہ میزائل سسٹم کو فیکٹری میں واپس لے جایا جائے گا تاکہ اس کی ٹیلی میٹری اور آن بورڈ ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ ہائپرسونک ہتھیار کی جانچ جلد سے جلد دوبارہ شروع کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اس ہائپر سونک میزائل کا پہلا تجربہ اپریل میں ناکام ہوا تھا، اس وقت میزائل لے جانے والے طیارے میں کوئی مسئلہ آ گیا تھا، دوسری مرتبہ تین ماہ بعد  میزائل طیارے سے تو کامیابی سے علیحدہ ہو گیا تھا لیکن اس کا راکٹ انجن جلنے میں ناکام رہا۔

  • امریکا نے بھی آواز کی رفتار سے تیز میزائل کا تجربہ کر لیا

    امریکا نے بھی آواز کی رفتار سے تیز میزائل کا تجربہ کر لیا

    واشنگٹن: امریکا نے بھی روس کے بعد آواز سے 5 گنا تیز رفتار ہائپر سانک کروز میزائل کا تجربہ کر لیا، چند دن قبل شمالی کوریا نے بھی ہائپرسانک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پینٹاگون نے 2013 کے بعد پہلی بار ہائپر سانک کروز کا کامیاب تجربہ کیا ہے، امریکا کی ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پراجیکٹس ایجنسی کی طرف سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس میزائل کا تجربہ گزشتہ ہفتے کیا گیا۔

    پینٹاگون کے مطابق امریکا کے اس نئے میزائل نظام کی رفتار اور خفیہ رہنے کی صلاحیت دشمن کو حیران کر سکتی ہے، امریکی میزائل نظام کو ‘ہائپر سانک ایئر بریدنگ ویپن کنسپٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، یہ نظام ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے شعبے کی دو بڑی کمپنیوں ریتھیون ٹیکنالوجیز اور نارتھروپ گرومان کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔

    رواں برس جولائی میں امریکی ہائپرسانک میزائل کا تجربہ ناکام ہو گیا تھا

    امریکی ہائپرسانک میزائل کا یہ تجربہ روس کی طرف سے اسی طرح کے ایک میزائل تجربے کے چند ماہ بعد ہی ہوا ہے، رواں برس جولائی میں روس نے بھی ہائپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا، روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اس موقع پر کہا تھا کہ اس میزائل کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے۔

    شمالی کوریا کے اخبار نے میزائل تجربے کی تصدیق کر دی

    نئے ہائپر سانک کروز میزائل کی رفتار اور حرکت کرنے کی صلاحیت کے سبب بروقت اس کا کھوج لگایا جانا مشکل ہوتا ہے، یہ بہت زیادہ دھماکا خیز مواد کے بغیر بھی بہت زیادہ توانائی کے سبب زیادہ تباہ کن ہوتا ہے۔

    یاد رہے کہ آج شمالی کوریا کے حکمران ورکرز پارٹی کے اخبار رودونگ سنمُن نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ملک نے نئے تیار کردہ، آواز سے پانچ گنا تیز رفتار میزائل کا منگل کی صبح پہلی مرتبہ تجربہ کیا۔