Tag: ہائیکو ماس

  • جرمنی کا فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد جاری رکھنے کا اعلان

    جرمنی کا فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد جاری رکھنے کا اعلان

    برلن: جرمنی نے باور کرایا ہے کہ برلن فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) کی مالی مدد جاری رکھے گا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے دورہ اردن کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی اونروا کی مالی مدد جاری رکھے گا کیونکہ یہ اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اردنی حکام کے ساتھ بات چیت میں مشرق وسطیٰ کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ہائیکو ماس کے مطابق مشرقی وسطیٰ میں موجودہ کشیدگی سے مسائل مزید گھمبیر ہوسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: جوہری ہتھیارعالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، جرمن وزیر خارجہ

    جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اونروا کی مدد جاری رکھنا ہوگی، فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے اونروا اہمیت کا حامل ادارہ ہے، عالمی برادری کو اس کی مدد اور حمایت جاری رکھنا ہوگی۔

    ایک سوال کے جواب میں ہائیکو ماس نے کہا کہ برلن کو اردن کی معاشی مشکلات کا اندازہ ہے، جرمن حکومت عالمی برادری اور آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر اردن کی مشروط طور پر 100 ملین ڈالر کی مالی مدد کی جائے گی۔

  • جوہری ہتھیارعالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، جرمن وزیر خارجہ

    جوہری ہتھیارعالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، جرمن وزیر خارجہ

    برلن: جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ مختلف ممالک کے پاس موجود جوہری ہتھیار عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپنے خطاب میں دنیا کو ہتھیاروں کی ایک نئی ممکنہ دوڑ کے خلاف خبردار بھی کیا۔

    جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور شمالی کوریا جیسی جوہری طاقتوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے ہتھیاروں کی ایک نئی ممکنہ دوڑ کا راستہ روکا جائے۔

    انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں رکن ممالک کے نمائندوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ انتہائی ہلاکت خیز ہتھیاروں سے مکمل نجات ایک بہت مشکل موضوع ہے اسی لیے یہ لازمی ہے کہ عالمی سلامتی کونسل ہی اس مسئلے کا کوئی حل نکالے، یہ ایک ایسا کام ہے جس کے لیے اس ادارے نے 2012 سے کوئی کوشش ہی نہیں کی۔

    مزید پڑھیں: جرمن وزیر خارجہ کی اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات، شام کی صورت حال پر گفتگو

    جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر نے کچھ عرصہ قبل سابق سوویت یونین کے ساتھ سرد جنگ کے دور میں طے کیے گئے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدے آئی این ایف سے امریکا کے یکطرفہ اخراج کا اعلان کردیا تھا، اس معاہدے کا مقصد زمینی بیلسٹک میزائلوں کو محدود کرنا تھا۔

    ہائیکو ماس نے اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ روسی امریکی جوہری معاہدے کو شاید بچایا نہیں جاسکتا، واضح رہے کہ رواں ماہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارے کی صدارت جرمنی ہی کے پاس ہے۔