Tag: ہائی کمیشن

  • بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کار اپنے ملک روانہ

    بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کار اپنے ملک روانہ

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت نے ہائی کمیشن میں عملے کی تعداد نصف کر دی، آج 38 بھارتی ہائی کمیشن اہل کار اور ان کے اہل خانہ اسلام آباد سے واپس روانہ ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمشن کے اسٹاف میں 50 فی صد کمی کے احکامات جاری کیے تھے، بھارت نے بھی اس سے قبل 23 جون کو سفارتی عملے میں پچاس فی صد کمی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک سے اہل کار آج اپنے اپنے ملک چلے جائیں گے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق آج پاکستان میں بھارتی ہائی کیمشن سے 38 افراد پر مشتمل بھارتی عملہ اسلام آباد سے روانہ ہوا، ذرایع کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ 2 بسوں اور ایک ٹرک پر روانہ ہوا، بھارتی شہریوں میں 6 سفارت کار بھی شامل تھے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ واپس جانے والے اہل کاروں میں فرسٹ سیکریٹری، 2 سیکنڈ سیکریٹری، 3 اتاشی بھی شامل تھے، تمام افراد واہگہ سے اٹاری سرحد پار کریں گے۔

    گرفتار بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث نکلے

    دفتر خارجہ کے ذرایع نے بتایا کہ 143 پاکستانی بھی نئی دہلی سے واہگہ کے راستے واپس آئیں گے، واپس آنے والے پاکستانیوں میں ہائی کمیشن اہل کاروں کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ تئیس جون کو بھارت نے سفارتی عملے میں 50 فی صد کمی کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان نے بھی جواباً اپنے سفارتی عملے میں پچاس فی صد کمی کر دی تھی۔

    یاد رہے کہ 15 جون کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہل کاروں کو تیز رفتاری پر پولیس نے گرفتار کیا تھا، اہل کاروں کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص زخمی ہوا جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ دونوں بھارتی اہل کاروں سے متعلق یہ انکشاف بھی ہوا کہ وہ جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔

  • بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا

    بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا

    اسلام آباد: پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین سفارتی تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے، بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کا اجرا روک دیا، پاکستانی شہریوں کو گزشتہ 7 روز سے ویزے جاری نہیں کیے جا رہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا ویزا سیکشن گزشتہ پیر سے بند ہے۔ بنگلہ دیش نے فیصلہ اپنے سفارتکار اقبال حسین کو ویزا کے عدم اجرا پر کیا۔ اقبال حسین، بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں پریس اور ویزا قونصلر تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال حسین نے جنوری میں ویزا میں توسیع کی درخواست دی تھی۔ وزارت داخلہ نے 4 ماہ گزرنے پر بھی اقبال حسین کو ویزا میں توسیع نہیں دی۔ محمد اقبال حسین ویزا توسیع کے انتظار میں ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق اقبال حسین کی بیٹی کے ویزا پر بھی توسیع نہیں دی گئی، بنگلہ دیشی پریس قونصلر بیٹی کے ہمراہ تاحال وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ ڈھاکہ میں پاکستانی ناظم الامور کی بھی معاملے پر طلبی کی گئی تھی۔

    بنگلہ دیشی حکام کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ہمارے سفارتکار کی جلد واپسی یقینی بنائے۔ وزارت خارجہ ویزا معاملے پر اپنا مؤقف دینے سے گریزاں ہے۔

  • ایسٹر دھماکوں پر اظہار افسوس کے لیے وزیر خارجہ کی سری لنکن ہائی کمیشن آمد

    ایسٹر دھماکوں پر اظہار افسوس کے لیے وزیر خارجہ کی سری لنکن ہائی کمیشن آمد

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا میں ایسٹر دھماکوں پر اظہار افسوس کے لیے سری لنکن ہائی کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہر طرح کی معاونت کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمیشن پہنچے۔ وزیر خارجہ نے ایسٹر پر سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے تاثرات کی کتاب میں تعزیتی کلمات بھی درج کیے۔

    بعد ازاں میڈیا سے باقاعدہ گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سری لنکا میں دہشت گردی کی مذمت کی۔ پاکستان اور سری لنکا بہت قریبی دوست ہیں، پاکستان اور سری لنکا نے مل کر ایسے واقعات کا سامنا کیا۔ کل بھی ہماری ایک چوکی پر حملہ کیا گیا۔ دہشت گردی ایک چیلنج ہے ہمیں مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ ہر طرح کی معاونت کے لیے تیار ہے۔ پاکستان سری لنکن عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، 2 مئی کو سری لنکا کا دورہ سیکیورٹی خدشات پر ملتوی کرنا پڑا۔ رمضان کے بعد دورہ سری لنکا کے لیے روانہ ہوں گا۔ سری لنکا میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ملاقاتیں کروں گا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، جیسا ایکشن لیا جانا چاہیئے تھا اس پر گزشتہ حکومت نے توجہ نہ دی۔ موجودہ حکومت نے فیصلہ کیا اور آگے بڑھی۔ ہمیں اس میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پلوامہ کا واقعہ افسوسناک تھا، پاکستان نے مذمت بھی کی۔ ہندوستان نے پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی۔ ہندوستان نے بغیر سوچے سمجھے پاکستان کو نیچا دکھانے کی مہم شروع کی۔ بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان کو کچھ اقدام اٹھانے پڑے، ہم نے تب بھی تعاون کی بات کی تھی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے واقعے کو مسعود اظہر اور کشمیر تحریک سے جوڑنا شروع کیا۔ پاکستان نے اپنا مؤقف پیش کیا اور اللہ نے کامیابی دی۔ بھارت کو اپنے پروپیگنڈے سے پیچھے ہٹنا پڑا۔ سیکیورٹی کونسل میں بھی ہندوستان کو پیچھے ہٹنا پڑا۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارتی سرکاری واقعے کو استعمال کر کے ضرورتیں پوری کرنا چاہتی تھی، بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی تھی، میڈیا اور عوام نے انہیں مسترد کیا۔ سری لنکا دہشت گردی کے پیچھے کون ہے ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا، خاص طبقے نے پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

    خیال رہے کہ سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر سنڈے کے موقع پر دہشت گردی کا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جب 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں خوفناک دھماکے ہوئے تھے۔

    واقعے کے نتیجے میں 259 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    سری لنکا میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ سری لنکا بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔ وزیر خارجہ کو 3 سے 5 مئی تک سری لنکا کا دورہ کرنا تھا تاہم سری لنکا میں سیکیورٹی صورتحال بہتر نہ ہونے پر دورہ منسوخ کیا گیا۔

    وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا دوسری بار منسوخ کیا گیا، اس سے قبل وزیر خارجہ کو مارچ کے پہلے ہفتے میں سری لنکا جانا تھا۔

  • پاکستان کا نئی دہلی میں ہائی کمیشن پر مظاہرین کی ہنگامہ آرائی پر احتجاج

    پاکستان کا نئی دہلی میں ہائی کمیشن پر مظاہرین کی ہنگامہ آرائی پر احتجاج

    اسلام آباد: پاکستان نے نئی دہلی میں واقع پاکستان ہاؤس پر بھارتی پُر تشدد مظاہرین کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی پر بھارتی حکام سے احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن پاکستان ہاؤس پر بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی کی گئی، پرتشدد مظاہرین نے حکام کی موجودگی میں پاکستان ہاؤس کا دروازہ توڑ دیا۔

    [bs-quote quote=”نئی دہلی میں پرتشدد مظاہرین نے سیکورٹی حکام کی موجودگی میں پاکستان ہاؤس کا دروازہ توڑا۔” style=”style-8″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    پاکستان میں قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کو بھیجے گئے احتجاجی مراسلے میں احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

    مراسلہ اسپیشل سیکریٹری ساؤتھ پیسفک امتیاز احمد کی جانب سے بھجوایا گیا، ترجمان نے بتایا ہے کہ نئی دہلی میں پرتشدد مظاہرین نے سیکورٹی حکام کی موجودگی میں پاکستان ہاؤس کا دروازہ توڑا۔

    احتجاج کے باوجود بھارتی حکومت پاکستانی ہائی کمیشن اور سفارتی عملے کو تحفظ دینے میں نا کام رہی، امتیاز احمد نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت اس واقعے کی فوری تحقیقات کرائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت باز نہ آیا، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کروادیا گیا

    اسپیشل سیکریٹری نے کہا کہ بھارتی حکومت پاکستانی سفارتی عملے اور املاک کو مکمل تحفظ فراہم کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائے۔

    ادھر بھارت کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے بھی جاری ہیں، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کروا دیا گیا، ڈاکٹر فیصل ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ سے کلبھوشن کیس کی خبر دے رہے تھے۔