نیویارک (29 جولائی 2025): کولمبیا یونیورسٹی کے بعد ہارورڈ یونیورسٹی نے بھی ٹرمپ انتظامیہ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
نیویارک ٹائمز نے پیر کو رپورٹ کیا کہ وائٹ ہاؤس سے تنازع ختم کرنے کے لیے ہارورڈ یونیورسٹی نے 500 ملین ڈالر وقف کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبات تسلیم کرنے اور رقم کی ادائیگی پر غور کر رہی ہے، تاہم مالی شرائط پر مذاکرات جاری ہیں، دوسری طرف یونیورسٹی کے رہنما حکومت کو براہ راست ادائیگی کرنے پر تحفظات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
اپریل میں امریکی محکمہ تعلیم نے کہا تھا کہ پالیسیاں نہ بدلنے کی وجہ سے وہ ہارورڈ یونیورسٹی کے سوا 2 ارب ڈالر کی امداد بند کر رہا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ کولمبیا یونی ورسٹی کی طرح حکومتی فنڈنگ کے لیے ہارورڈ اور دیگر یونیورسٹیوں کو جرمانہ دینا ہوگا۔
کولمبیا یونیورسٹی نے وفاقی فنڈنگ بحال کرنے کیلئے ٹرمپ انتظامیہ سے ڈیل کرلی
یاد رہے کہ ایک ہی ہفتہ قبل کولمبیا یونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کو 400 ملین ڈالر کی گرانٹ فنڈنگ بحال کرنے کے لیے 200 ملین ڈالر سے زیادہ کی ادائیگی پر اتفاق کیا تھا، اور سیکریٹری تعلیم لنڈا میک موہن نے کولمبیا کے معاہدے کو اعلیٰ یونیورسٹیوں کے لیے ایک روڈ میپ قرار دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہارورڈ کولمبیا سے زیادہ ادائیگی کرے، خیال رہے کہ ہارورڈ یونیورسٹی اپریل سے وائٹ ہاؤس کے ساتھ قانونی جنگ میں الجھی ہوئی ہے، یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے ٹرمپ کے مطالبات ماننے سے انکار کر دیا تھا جس پر اس کی بہت تعریف کی گئی۔