Tag: ہارورڈ یونیورسٹی

  • یہود مخالفت ہارورڈ یونیورسٹی کی صدر کلاڈین گے کو لے ڈوبی

    یہود مخالفت ہارورڈ یونیورسٹی کی صدر کلاڈین گے کو لے ڈوبی

    کیمبرج: امریکی ریاست میساچوسٹس میں قائم ہارورڈ یونیورسٹی کی خاتون صدر کلاڈین گے نے یہود مخالفت پر لگنے والے الزامات کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کی صدر کلاڈین گے اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی ہیں، انھیں کیمپس میں اپنے یہود مخالف تبصروں پر شدید تنقید کا سامنا تھا اور ان پر ادبی سرقہ کے الزامات بھی لگائے گئے تھے، جس کے بعد ان پر عہدہ چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔

    واضح رہے ہارورڈ یونیورسٹی کی اعلیٰ ترین گورننگ باڈی نے اعلان کیا تھا کہ کلاڈین اس باوقار ادارے کی لیڈر رہیں گی۔ یہ اعلان گزشتہ ہفتے کانگریس کی اُس سماعت کے بعد سامنے آیا تھا جس میں ایسے الزامات عائد کیے گئے تھے کہ وہ اور ان کے رفقائے کار یونیورسٹی میں یہود مخالف بیانات اور ہراساں کیے جانے کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

    کلاڈین اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون تھیں اور اس منصب پر کام کرتے ہوئے ابھی چند ماہ ہی ہوئے تھے کہ وہ کانگریس میں ہونے والی ایک سماعت کے بعد مشکل میں پڑ گئیں۔ خط میں اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کا جانا یونیورسٹی کے ’بہترین مفاد‘ میں ہے۔ انھوں نے کہا ’’نفرت کا مقابلہ کرنا اور علم میں رو رعایت سے گریز میرا عزم ہے، جس پر شک کا اظہار کیا گیا جو تکلیف دہ ہے۔‘‘

    کلاڈین گے نے کہا کہ میں نے استعفے کا فیصلہ آسانی سے نہیں کیا ہے، یہ بہت مشکل فیصلہ تھا لیکن میرے استعفے کے بعد ہارورڈ کو کسی فرد کی بجائے صرف ادارے پر توجہ دینے کا موقع ملے گا، انھوں نے کہا کہ انھیں دھمکیوں اور ’نسلی دشمنی‘ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کر دیا

    53 سالہ کلاڈین گے نے صرف 6 ماہ تک صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور وہ پہلی سیاہ فام اور دوسری خاتون تھیں، جنھیں آئیوی لیگ یونیورسٹی کی سربراہی کے لیے منتخب کیا گیا تھا، اُن کا دور 388 سالہ تاریخ میں سب سے مختصر تھا۔

    ہارورڈ امریکا کی متعدد یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے جس پر اسرائیل حماس جنگ شروع ہونے کے بعد سے اپنے یہودی طلبہ کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا گیا، یہودی گروہوں نے امریکا میں یہود دشمنی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافے کا دعویٰ کیا ہے۔

  • ہارورڈ لا اسکول میں لیکچر دینے والے اسرائیلی سفیر کی بے عزتی، پرانی ویڈیو وائرل

    ہارورڈ لا اسکول میں لیکچر دینے والے اسرائیلی سفیر کی بے عزتی، پرانی ویڈیو وائرل

    میساچوسٹس: غزہ میں دہشت گردی پر آج جس طرح دنیا بھر میں اسرائیلی سفیروں کو دنیا بھر میں ہزیمت کا سامنا ہے، اسی طرح ماضی میں بھی انھیں اس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ایک پرانی ویڈیو دوبارہ وائرل ہو گئی ہے جس میں امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں واقع ہارورڈ لا اسکول میں طلبہ نے لیکچر کے لیے آنے والے اسرائیلی سفیر دانی داین کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

    ویڈیو کے مطابق اسرائیلی سفیر جیسے ہی ہال میں داخل ہوا تو طالب علموں نے فلسطین کی حمایت میں پوسٹرز اٹھائے اور واک آؤٹ کر گئے، اسرائیلی سفیر کو مغربی کنارے پر آبادکاریوں کی قانونی حیثیت کے بارے میں لیکچر دینا تھا۔

    اگرچہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگ اس ویڈیو کو تازہ واقعے کے طور پر پیش کر رہے ہیں تاہم یہ ویڈیو فری پریس جرنل کے مطابق نومبر 2019 کی ہے، جسے حمزہ رضا نے شیئر کیا تھا۔

    انسٹاگرام پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فلسطین کے ایک حامی نے لکھا ’’اسرائیل کے قونصل جنرل ہارورڈ لا اسکول میں تقریر کرنے کے لیے آئے اور انھیں اس طرح کے شرمناک منظر سے سامنا کرنے کی امید نہیں تھی۔‘‘

    جب اسرائیلی سفیر ہال میں داخل ہوا تو طلبہ خاموشی سے اٹھے اور کمرے سے باہر نکلے، انھوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا ’’آبادکاری ایک جنگی جرم ہے۔‘‘

  • بابراعظم نے دیار غیر میں پاکستانیوں کے دل جیت لئے

    بابراعظم نے دیار غیر میں پاکستانیوں کے دل جیت لئے

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے اقدام نے امریکا میں موجود پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کپتان بابر اعظم امریکی یونیورسٹی میں بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس کے پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں۔

    آج ہارورڈ یونیورسٹی کے پروگرام میں کپتان بابر اعظم نے قومی زبان سے عملی محبت کا ثبوت د یتے ہوئے اردو میں خطاب کیا۔

    بابراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کے لیے بہت پُرجوش ہوں،ہم عمر میں اپنے چھوٹے اور بڑے دونوں سے سیکھتے ہیں کیونکہ سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا۔

    انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ خود پر یقین رکھیں اور سیدھے راستے پر چلیں کیونکہ ہم آج کل کسی اور طرف جاتے جا رہے ہیں، بڑے لوگوں کے دیئے مشوروں پر سوچنا اور سمجھنا چاہیے۔

    اس پروگرام میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی کپتان کے ہمراہ ہیں، رضوان نے کہا کہ ایسے باوقارعالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، مجھے یقین ہےکہ یہ ایک دلچسپ سفر ہوگا، میں کرکٹ کی دنیا کے اگلے سپر اسٹارز کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنےکا منتظر ہوں۔

  • ہارورڈ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام خاتون صدر مقرر

    ہارورڈ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام خاتون صدر مقرر

    امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی نے تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام خاتون کو صدر مقرر کر لیا، کلاڈین گے ہارورڈ یونیورسٹی کی تیس ویں صدر ہوں گی۔

    ہارورڈ یونیورسٹی کی نومنتخب صدر کلاڈین گے کو عدم مساوات، سیاسی رویوں اور شہریت کے امور پر غیر معمولی دسترس ہے۔

    کلا ڈین گے آرٹس اینڈ سائنس فیکلٹی کی ڈین بھی رہ چکی ہیں اور وہ امریکی ریاست ہیٹی سے تعلق رکھنے والی نرس کی بیٹی ہیں۔

     رپورٹس کے مطابق وہ یکم جولائی دوہزار تئیس سے اپنی ذمہ داریاں سنھالیں گی۔

  • معروف ٹی وی اینکر کو ہارورڈ یونیورسٹی سے ملازمت کی پیشکش جعلسازی نکلی

    معروف ٹی وی اینکر کو ہارورڈ یونیورسٹی سے ملازمت کی پیشکش جعلسازی نکلی

    نئی دہلی: معروف بھارتی ٹی وی اینکر سائبر جعلسازی کا شکار ہوگئیں، ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے موصول ملازمت کی پیشکش پر انہوں نے بھارت میں اپنی ملازمت کو خیر باد کہہ دیا تاہم بعد ازاں یہ پیشکش جعلسازی نکلی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق این ڈی ٹی وی کی نیوز اینکر ندھی رازدان کے ساتھ سائبر جعلسازی کا واقعہ پیش آیا، ندھی کو کچھ ماہ قبل دنیا کی معروف امریکی درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں انہیں یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر آف جرنلزم بننے کی پیشکش ہوئی۔

    ندھی نے وہ پیشکش قبول کرتے ہوئے این ڈی ٹی وی کے ساتھ اپنی 21 سالہ ملازمت کو خیر باد کہا اور ہارورڈ جانے کی تیاریاں کرنے لگیں، لیکن اب انہیں معلوم ہوا کہ یہ ای میل فراڈ پر مبنی تھی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کچھ ہفتے سے اس حوالے سے متعدد اداروں اور افراد سے رابطے میں ہیں۔

    ندھی کا کہنا ہے کہ جعلسازوں نے ان کے ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کرلی ہے۔

    اینکر کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام ثبوت پولیس کو فراہم کردیے ہیں جو اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، علاوہ ازیں ہارورڈ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو بھی تمام معاملے سے آگاہ کیا جاچکا ہے۔

  • ہارورڈ یونیورسٹی نے پاکستان کو دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشت قرار دے دیا

    ہارورڈ یونیورسٹی نے پاکستان کو دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشت قرار دے دیا

    لندن : ہارورڈ یونیورسٹی نے پاکستان کو دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشت قرار دے دیا، پاکستانی معیشت سوائے بھارت کے چین سمیت خطے کے تمام ممالک سے زیادہ ترقی کرے گی۔

    ہارورڈ یونیورسٹی کے ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ نے دنیا کے اہم ممالک کی معاشی ترقی سے متعلق ریسرچ رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کی ترقی کی رفتارچین کی معاشی ترقی سے بھی زیادہ ہوگی۔

    سی آئی ڈی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 10 سال تک پاکستان کی معاشی شرح نمو5 اعشاریہ 07 فیصد رہے گی، بھارت کی جی ڈی پی گروتھ 6.98 فیصد اور چین کی 4.28 فیصد رہے گی، امریکہ کی معاشی شرح نمو2.58 فیصد،،برطانیہ کی 3.22 فیصد اُور جرمنی کی صرف 0.33 فیصد رہے گی۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی ترقی ملائیشیا، انڈونیشیا، ترکی، یو اے ای اور سری لنکا سے بھی زیادہ رہےگی تاہم دنیا بھر میں معاشی سست روی کے باعث کموڈیٹیز کی قیمتیں کمی کا شکار رہیں گی۔