Tag: ہارون بلور

  • دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ اے این پی کو نشانہ بنایا گیا: غلام احمد بلور

    دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ اے این پی کو نشانہ بنایا گیا: غلام احمد بلور

    پشاور: سابق وزیر ریلوے اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ عوامی نیشنل پارٹی کو نشانہ بنایا گیا۔ ہم سیاسی ورکرز ہیں، ہمیں نشانہ بنانا آسان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے یکہ توت میں ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق ہارون بلور کے چچا غلام احمد بلور کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات افسوسناک ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ عوامی نیشنل پارٹی کو نشانہ بنایا گیا۔

    غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ واقعے سے 6 منٹ پہلے مجھے وہاں پہنچنا تھا۔ اگر وقت پر پہنچ جاتا تو شاید حملے کا نشانہ بن جاتا۔

    انہوں نے کہا کہ بہت لوگوں کو لگ رہا ہے کچھ گڑبڑ ہو رہی ہے۔ اپنا مزید کوئی آدمی مروانے کے لیے تیار نہیں ہوں۔ ’میں کسی سے ڈرتا نہیں ہوں، جب موت آنی ہوگی آئے گی‘۔

    غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، شریف خاندان جتنی سیکیورٹی نہیں، بس ضرورت کے مطابق چاہیئے۔ ’ہم سیاسی ورکرز ہیں، ہر کوئی گلے ملتا ہے، ہمیں نشانہ بنانا آسان ہے‘۔

    انہوں نے سیکیورٹی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی ملنی چاہیئے، انتظامیہ کا کام ہے سیکیورٹی دے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نگراں وزیر اعظم اور آرمی چیف کی بلور ہاؤس آمد، اہلخانہ سے تعزیت

    نگراں وزیر اعظم اور آرمی چیف کی بلور ہاؤس آمد، اہلخانہ سے تعزیت

    پشاور: نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ پشاور بلورہاؤس پہنچ گئے اور ہارون بلور کی شہادت پراہل خانہ سے تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجودہ پشاور میں بلور ہاؤس پہنچے اورعوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کی شہادت پراہل خانہ سے تعزیت کی۔

    اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر بھی بلور ہاؤس میں موجود تھے۔

    نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کی بلور ہاؤس آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہارون بلور کی شہادت پر بلور خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بلور خاندان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قومی جدوجہد میں بلور خاندان کی قربانیاں گراں قدر ہیں۔ امن کے حصول کے لیے طویل سفر طے کیا ہے۔ انشا اللہ امن کی منزل بہت قریب ہے۔ ہر رنگ و نسل سے ہٹ کر اس جدوجہد میں متحد ہیں۔

    پشاورخودکش حملے کا ایک اورزخمی دم توڑ گیا‘ ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی

    خیال رہے کہ پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنرمیٹنگ کے دوران خودکش حملے میں ہارون بلورسمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

    خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر 2012 اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کو شہید کیا گیا تھا، اس سانحے میں عوامی نیشنل پارٹی رہنما سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سینیٹ: پشاوردھماکے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور، امیدواروں کی سیکیورٹی کے لئے جائزہ کمیٹی قائم

    سینیٹ: پشاوردھماکے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور، امیدواروں کی سیکیورٹی کے لئے جائزہ کمیٹی قائم

    اسلام آباد:‌سینیٹ میں پشاوردھماکے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، چیئرمین سینیٹ نے امیدواروں کی سیکیورٹی امور کے لئے جائزہ کمیٹی قائم کردی.

    تفصیلات کے مطابق پشاوردھماکے کے خلاف متفقہ طور پر منظور ہونے والی یہ قرارداد راجہ ظفرالحق نے پیش کی تھی.

    قراردار میں کہا گیا کہ آج ایوان بے گناہ افراد کی شہادت کی پرزور مذمت کرتا ہے، ہارون بلور کی شہادت پورے ملک کا نقصان ہے.

    قرارداد کے مطابق پورا ایوان بلورخاندان کے غم میں برابرکا شریک ہے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردارتک پہنچایا جائے.

    اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے امیدواروں کی سیکیورٹی امور کے لئے جائزہ کمیٹی قائم کر دی. چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی ہے کہ کمیٹی سیکریٹریٹ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرے.


    شیری رحمان کے تحفظات

    سینیٹ میں تقریر کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ایوان اے این پی جلسے میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، واقعہ باعث تشویش ہے، جتنی مذمت کی جائے کم ہے.

    انھوں نے کہا کہ حملے کی تفتیش کی ذمہ داری نگران حکومت پر عائد ہوتی ہے، ہم سب چاہتے ہیں الیکشن پر امن ماحول میں ہوں،وارننگ کے باوجود امیدواروں کی عدم سیکیورٹی پرتحفظات ہیں.


    ہارون بلور کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی، والد کے پہلو میں تدفین


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہارون بلور کی شہادت، پی کے 78 پر الیکشن ملتوی

    ہارون بلور کی شہادت، پی کے 78 پر الیکشن ملتوی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ہارون بلور کی شہادت کے بعد صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 78 پر انتخابات ملتوی کردیے، ضمنی الیکشن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے یکہ توت میں گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر مٹینگ میں خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں پی کے 78 پر اے این پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار بشیر بلور سمیت 21 افراد شہید ہوئے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 78 (پشاور-13) پر 25 جولائی کو عام انتخابات کے ساتھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے، ضمنی الیکشن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: ہارون بلور کی شہادت پر آرمی چیف کی مذمت و تعزیت

    یہ بھی پڑھیں: امریکا کی پشاور خودکش دھماکے کی شدید مذمت

    واضح رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی اسی حلقے سے 2013 کے انتخابات لڑ رہے تھے کہ انہیں 2012 میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا، قصہ خوانی بازار میں ہونے والے دھماکے میں اے این پی کے رہنما سمیت 19 افراد شہید ہوئے تھے۔

    گزشتہ روز یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر مٹینگ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کارکنان اور حلقے کے عوام شریک تھے، امیدوار ہارون بلور جیسے ہی مرکزی دروازے سے داخل ہوئے تو پنڈال میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوئے جبکہ 75 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ہارون بلور کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی، والد کے پہلو میں تدفین

    ہارون بلور کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی، والد کے پہلو میں تدفین

    پشاور: اے این پی کے رہنما ہارون بلور کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، ہارون بلور کو اپنے والد بشیر بلور کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز خودکش حملے میں‌ شہید ہونے والے اے این پی کے رہنما کی نمازہ جنازہ وزیر باغ میں ادا کی گئی، اس موقع پر سیاسی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، سوگ واروں کی بڑی تعداد کے پیش نظر نماز جنازہ تین بار ادا کی گئی.

    بشیر بلور

    نمازہ جنازہ کے بعد ان کی میت کو پیر سید حسن شاہ قبرستان پہنچا دیا گیا، جہاں انھیں اپنے والد بشیر بلور کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ بشیر بلور کو 22 دسمبر 2012 کو ایک خودکش حملے میں شہید کیا گیا تھا.

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ یکہ توت میں گذشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں 21 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے.

    حملے میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور بھی شہید ہوئے۔ ہارون بلور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایس پی کے مطابق دھماکہ خودکش تھا جس میں 10 سے 12 کلو بارود استعمال کیا گیا تھا۔


    پشاور خودکش دھماکہ: جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہارون بلور کی شہادت پر آرمی چیف کی مذمت و تعزیت

    ہارون بلور کی شہادت پر آرمی چیف کی مذمت و تعزیت

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز خودکش دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور کی شہادت پر تعزیت اور اظہار مذمت کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور کی شہادت پر بلور خاندان اور اے این پی سے اظہار تعزیت کیا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ان قوتوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جنہیں پر امن پاکستان برداشت نہیں، ہم پر امن اور مستحکم پاکستان کے لیے کوشاں ہیں۔

    آرمی چیف نے ہارون بلور اور اے این پی کے کارکنوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو عدم استحکام سے دو چارکرنے والی قوتوں سے لڑ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں صوبائی امیدوار ہارون بلور سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ہارون بلور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔

    دھماکے میں شہید ہونے والے 10 افراد کی نماز جنازہ علی الصبح عیسیٰ خیل میں ادا کردی گئی۔

    ہارون بلور کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی جس کے بعد عوامی نیشنل پارٹی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پشاور: اے این پی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا، ہارون بلور سمیت 13 شہید

    پشاور: اے این پی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا، ہارون بلور سمیت 13 شہید

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی کارنر مٹینگ کے دوران خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید جبکہ35 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی عدنان طارق کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقے  پی کے 78  میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار یکہ توت کے علاقے میں منعقدہ کارنر مٹینگ میں جیسے ہی پہنچے تو مرکزی دروازے پر زور دار دھماکا ہوا۔

    عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر بلور کے صاحبزادے اور پی کے 78 کے امیدوار بھی دھماکے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے جبکہ اے این پی کے کارکنان اور میٹنگ میں شرکت کرنے والے عوام بھی شدید زخمی ہوئے۔

    تمام زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جائے وقوعہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے۔ ذرائع کے مطابق ہارون بلور کو شدید تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے، امیدوار کے چچا الیاس بلور نے ہارون بلور کے جاں بحق ہونے کی تصدیق بھی کردی۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس میں 10 سے 12 کلو بارود استعمال کیا گیا تھا۔ نگراں وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ ظفراقبال بنگش نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت نے اپنے طور پر مکمل اقدامات کیے مگر خودکش دھماکے کی کارروائیوں کو کسی صورت نہیں روکا جاسکتا، فی الحال میرے پاس اطلاعات نہیں جیسے ہی معلومات آئیں گی آگاہ کروں گا‘۔

    لیڈی ریڈنگ کے ترجمان نے 12 افراد کی شہادت کی تصدیق کردی جبکہ 35 سے زائد افراد کو زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    الیاس بلور نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں کوئی دھمکیاں نہیں ملیں ،سیاسی مہم چلارہےتھے، میں اسٹیج پر بیٹھا تھا، ہارون کے گاڑی سے اترتے ہی دھماکا ہوگیا‘۔

    سی سی پی او پشاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہارون بلور کی سیکیورٹی پر 2 اہلکار تعینات اور وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں یکہ توت آئے تھے، دھماکےمیں اب تک 12افرادشہیدہوئے جبکہ واردات میں 10 سے 12 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا‘۔

    بعد ازاں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی کو ایک بار پھر نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہارون بلور کا نماز جنازہ آج شام 5 بجے وزیر باغ میں ادا کیا جائے گا جس کے بعد ہم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    دھماکے سے چند لمحے قبل کی فوٹیج

    واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر 2012 اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کو شہید کیا گیا تھا، اس سانحے میں عوامی نیشنل پارٹی رہنما سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔