Tag: ہالی ووڈ

  • کارٹونز میں چھپا انسانی نفسیات کا اہم سبق

    کارٹونز میں چھپا انسانی نفسیات کا اہم سبق

    کیا آپ نے ’جادو کی جھپی‘ کے بارے میں سنا ہے؟

    فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے ذریعے یقیناً آپ نے اس لفظ سے واقفیت حاصل کرلی ہوگی۔ فلم میں دکھایا جاتا ہے کہ کس طرح منا بھائی کا کردار ادا کرنے والے سنجے دت مختلف لوگوں کو گلے لگا کر ان کو زندگی کی جدوجہد کا حوصلے سے سامنا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق قریبی رشتوں جیسے والدین، بہن بھائی، شریک حیات یا دوستوں سے گلے لگنا دماغی و جسمانی طور پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ طبی ماہرین نے باقاعدہ ریسرچ سے ثابت کیا کہ پریشانی اور ڈپریشن میں کسی عزیز کے گلے لگنا دماغی تناؤ میں کمی کرتا ہے۔

    اس کے علاوہ یہ اعصاب کو پرسکون، جسمانی تکالیف میں کمی، امراض قلب میں کمی اور قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔ گلے لگنا دو افراد کے رشتہ کے درمیان قربت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    یہی بات ہمیں ڈزنی موویز میں بھی نظر آتی ہے جو بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہیں۔ فلم کے آخر میں تمام مسئلے مسائل ختم ہونے کے بعد کردار آپس میں گلے ملتے ہیں جس کے بعد ان کے رشتوں میں اور بھی مضبوطی پیدا ہوجاتی ہے۔

    یہاں ہم آپ کو ڈزنی موویز کی ان مشہور جھپیوں کے بارے میں بتائیں گے جو ہماری زندگی میں بھی ہمارے رشتوں کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

    :فروزن

    2

    دو بہنوں کی محبت پر مشتمل ڈزنی مووی ’فروزن‘ میں بڑی بہن ایلسا ایک جادوئی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے جو جس چیز کو چھو لے اسے برف کا بنا دیتی ہے۔ فلم میں وہ اپنی محبت کرنے والی چھوٹی بہن انا کو بھی چھو لیتی ہے جس کے بعد وہ آہستہ آہستہ برف میں تبدیل ہونے لگتی ہے۔

    دیگر کردار اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جب تک انا کو کوئی محبت کرنے والا گلے نہیں لگائے گا وہ اپنی اصل حالت میں واپس نہیں آئے گی اور مستقل برف کا بنے رہنے کے باعث بالآخر مر جائے گی۔

    بالکل آخر وقت میں ایلسا وہاں پہنچ جاتی ہے اور روتے ہوئے بہن کو گلے لگالیتی ہے جس کے بعد انا جاگ جاتی ہے اور اس پر سے برف کا اثر ختم ہوجاتا ہے۔ فلم میں بہنوں کی محبت کی معنویت اور گہرائی کو پیش کیا گیا ہے۔

    :فائنڈنگ نیمو

    4

    باپ اور بیٹے کی محبت کی کہانی پر مشتمل ’فائنڈنگ نیمو‘ میں نیمو نامی ایک مچھلی کو شکاری پکڑ لیتے ہیں جس کے بعد اس کا باپ مارلن اسے ڈھونڈنے کے لیے پورے سمندر کی خاک چھان ڈالتا ہے۔

    ان تھک جدوجہد اور بے شمار خطرات کا سامنا کرنے کے بعد وہ بالآخر اپنے بیٹے کو ڈھونڈنے اور اسے قید سے رہائی دلانے میں کامیاب رہتا ہے۔ اس موقع پر دونوں باپ بیٹے کا جذباتی انداز میں گلے لگنا دیکھنے والوں کے دلوں کو موم کردیتا ہے۔

    :مانسٹر انک

    1

    فلم ’مانسٹر انک‘ خوفناک صورتوں والی عفریت کی کہانی ہے جس میں ایک بچی بو اپنے گھر سے بھاگ کر اتفاقاً ایک مانسٹر جیمز سلون سے جا ملتی ہے۔  دونوں کے درمیان گہری دوستی کا رشتہ قائم ہوجاتا ہے۔ آخر میں مانسٹر بحفاظت بو کو اس کے گھر پہنچا دیتا ہے۔

    :لائن کنگ

    5

    ہم میں سے ہر شخص نے اپنے بچپن میں مشہور فلم ’لائن کنگ‘ ضرور دیکھی ہوگی۔ عزم و ہمت اور سمبا کی جدوجہد پر مبنی کہانی میں مختلف کردار ایک دوسرے کو گلے لگاتے اور اپنے رشتے کو مضبوط بناتے دکھائی دیتے ہیں۔

    :ونی دا پوہ

    3

    فلم ’ونی دا پوہ‘ میں یہ زرد بھالو اپنی سب سے پسندیدہ چیز شہد کو گلے لگاتا ہوا نظر آتا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ صرف شہد کو کھانے کے چیز نہیں سمجھتا بلکہ اسے اپنی زندگی کا اہم حصہ خیال کرتا ہے۔

    تو پھر کیا خیال ہے آپ کا؟ آپ نے کتنی بار جادو کی جھپی کو مؤثر پایا؟

  • ‘موت کپتان کے تعاقب میں ہے’

    ‘موت کپتان کے تعاقب میں ہے’

    ہالی ووڈ اداکار جونی ڈیپ کی مشہور فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیربیئن‘ کے نئے حصہ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔ ٹیزر میں ایک بار پھر خوفناک مخلوق چالاک و مکار بحری قزاق جیک سپیرو کی تلاش میں سرگرداں نظر آرہی ہے۔

    بحری قزاقوں کی مختلف مہمات پر مبنی ’پائریٹس آف دی کیربیئن‘ کے اس سے قبل 4 حصے پیش کیے جا چکے ہیں۔ ہر حصہ میں بحری قزاق جیک سپیرو کبھی جان بچانے کے لیے، اور کبھی اپنے جہاز کی تلاش کے لیے طلسماتی سفر اختیار کرتا ہے جہاں اس کا سامنا خوفناک مخلوق سے ہوتا ہے۔

    ہر بار وہ نہایت مکاری سے اپنی جان بچا کر دشمنوں کے دانت کھٹے کرنے میں کامیاب رہتا ہے۔

    نئے حصہ ’ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز‘ میں ایک زومبی کیپٹن سالازار جیک سپیرو کی تلاش میں ہے۔

    jack-4

    ایک نو عمر لڑکا جس کے بارے میں قیاس ہے کہ وہ جیک سپیرو کے ایک ہمدرد ول ٹرنر کا بیٹا ہے، کپتان سالازار کی قید میں ہے۔

    کپتان سالازار اسے پیغام دیتا ہے، ’جیک سپیرو کو میرے لیے ڈھونڈ کر لاؤ۔ اسے میرا پیغام دینا کہ موت اس کے تعاقب میں ہے‘۔

    jack-3

    کپتان سالازار کا کردار ادا کرنے والے ہویئر برڈیم ’نو کنٹری فار اولڈ مین‘ میں اداکاری کے لیے آسکر ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔

    jack-2

    پچھلے حصوں میں کیرا نائٹلی اور پینی لوپ کروز کے بعد اب آئندہ حصہ میں برطانوی اداکارہ کایا سکوڈلریو جلوہ گر ہوں گی۔

    فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ فلم جونی ڈیپ کے کیریئر کو سہارا دینے میں کامیاب ہوسکے گی جو اپنی بیوی کی جانب سے طلاق کے کیس اور مختلف تنازعوں میں الجھنے کے باعث مسلسل خبروں میں رہے ہیں۔

    فلم ’پائریٹس آف دی کیربیئن ۔ ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز‘ اگلے برس 26 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔

  • ہالی ووڈ اداکار ون ڈیزل شیروانی میں ملبوس

    ہالی ووڈ اداکار ون ڈیزل شیروانی میں ملبوس

    ہالی ووڈ اداکار ون ڈیزل نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ شیروانی پہنے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر میں ان کے ساتھ دپیکا پڈوکون بھی موجود ہیں۔

    vin-2

    معروف بھارتی ڈیزائنر سبیاسچی مکھرجی نے بھی وہ تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جس کے مطابق ون ڈیزل نے جو شیروانی زیب تن کی ہے وہ ان کی ڈیزائن کردہ ہے۔

    یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ تصویر فلم کا کوئی منظر ہے یا یونہی کھینچی گئی ہے، لیکن اگر یہ تصویر ان دونوں کی آئندہ ہالی ووڈ فلم کا حصہ ہے تو تصویر سے یوں لگ رہا ہے جیسے فلم کے آخر میں دپیکا اور ون ڈیزل رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔

    دپیکا نے ون ڈیزل کو ہندی سکھائی *

    یاد رہے فلم کی شوٹنگ کے آغاز میں دپیکا نے ون ڈیزل اور فلم کے ڈائریکٹر ڈی جے کروزو کو بھارت کی مشہور شیروانیاں تحفتاً دی تھیں۔

    دپیکا پڈوکون فلم ’دا ریٹرن آف زینڈر کیج‘ سے اپنے ہالی وڈ کیرئیر کی شروعات کرنے جارہی ہیں اور ان کے مدمقابل ون ڈیزل ہوں گے۔

    فلم ’دا ریٹرن آف زینڈر کیج‘ 2002 میں آنے والی ’ٹرپل ایکس‘ اور 2005 میں آنے والی ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ کا سیکوئل ہے۔

    دپیکا فلم میں سیرینا نامی ایک شکاری کا کردار ادا کریں گی۔ فلم میں روبی روز اور سیموئل جیکسن نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

    دپیکا اور ون ڈیزل کی جانب سے وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں اداکاروں کے درمیان گہری دوستی ہوچکی ہے۔

  • بالی وڈ ہو یا ہالی وڈ،میں فلموں کے پیچھے نہیں بھاگتی،نرگس فخری

    بالی وڈ ہو یا ہالی وڈ،میں فلموں کے پیچھے نہیں بھاگتی،نرگس فخری

    ممبئی: بالی ووڈ خوبرو اداکارہ نرگس فخری کا کہنا ہے کہ’چاہے بالی ووڈ ہو یا ہالی ووڈ،میں فلموں کے پیچھے نہیں بھاگتی بلکہ مجھے میری قابلیت کی بنیاد پر کام مل رہا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق بالی وڈ کی امریکی نژاد اداکارہ نرگس فخری کو اس فلم انڈسٹری میں قدم رکھے مشکل سے چند سال ہی ہوئے ہیں لیکن ان کا اعتماد ساتویں آسمان پر ہے۔اور یہی وجہ ہےکہ وہ ان دنوں بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ میں بھی کافی سرگرم نظر آ رہی ہیں۔

    رواں سال ’ہاؤس فل تھری‘ جیسی ہٹ فلم کے بعد نرگس جلد ہی اداکار رتیش دیش مکھ کے ساتھ فلم ’بینجو‘ میں نظر آئیں گی۔اس فلم میں وہ نیو یارک میں رہنے والی ایک ڈی جے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

    نرگس فخری کا کہنا ہے کہ ’بینجو کی کہانی ناظرین کو ضرور پسند آئےگی۔رتیش دیش مکھ کے ساتھ کام کرنا بھی ایک شاندار تجربہ رہا۔‘

    خوبرواداکارہ کے مطابق بالی وڈ کی فلموں میں نغمے اور رقص کافی اہمیت کے حامل ہیں،اس کے باوجود یہاں بہت سنجیدہ اور انٹینس فلمیں بن رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: بالی ووڈ میں مختصر ملبوسات پسند کیے جاتے ہیں،نرگس فخری

    یاد رہے گزشتہ دنوں اداکارہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ’بد قسمتی سے یہ ایک ایسی انڈسٹری ہے جہاں لوگوں کے جسم کو پسند کیا جاتا ہے،سب ہی مجھ جیسی لڑکی کو ڈانس کرتے دیکھنا چاہتے ہیں

  • ’خدارا شام کے مسئلہ کا کوئی حل نکالیں‘

    ’خدارا شام کے مسئلہ کا کوئی حل نکالیں‘

    عمان: ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے اردن کی سرحد پر قائم شامی پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ کیا اور عالمی برادری کو ان کے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔

    انجلینا جولی نے اردن کے دارالحکومت عمان سے 100 کلومیٹر دور قائم ازراق مہاجر کیمپ کا دورہ کیا۔ یہ کیمپ تقریباً ایک صحرائی علاقہ میں قائم ہے۔

    میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جولی نے کہا کہ 75 ہزار سے زائد شامی اس سنسان و بے آباد جگہ پر موجود ہیں۔ ان میں بچے، حاملہ خواتین، بزرگ اور شدید بیمار افراد شامل ہیں۔

    jolie-4

    انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کے مطابق ان افراد کو جو سہولیات دی جانی چاہئیں، ان میں سے ایک بھی انہیں میسر نہیں۔

    جولی نے کہا، ’یہ صرف اردن کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ پوری دنیا ان مہاجرین سے واقف ہے لیکن کوئی ان کی مدد کو آگے نہیں بڑھ رہا‘۔

    انجلینا جولی اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کی خصوصی ایلچی ہیں۔

    جولی نے بتایا کہ 5 برس قبل شامی خانہ جنگی کا آغاز ہونے کے بعد متاثرین کی مدد کرنے کے بڑے بڑے دعوے تو کیے گئے، تاہم یو این ایچ سی آر کو عالمی ڈونرز کی جانب سے فقط آدھی امداد ہی مل سکی۔

    واضح رہے کہ رواں برس جون میں اردن کی سرحد پر داعش کے ایک حملہ کے بعد اردن نے شامی مہاجرین تک امداد پہنچانے والے 21 راستے بند کردیے تھے۔ اس حملہ میں سرحد پر تعینات 7 اردنی فوجی مارے گئے تھے۔

    jolie-3

    اس کے بعد سے صحرا میں مقیم ان پناہ گزینوں کے لیے صرف ایک بار اگست میں امداد آ سکی۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے اور جولی کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وہ عالمی رہنماؤں سے صرف ایک سوال کا جواب چاہتی ہیں کہ آخر شام کے اس تنازعہ کا بنیادی سبب کیا ہے، اور اسے ختم کرنے کے لیے کیا درکار ہے؟ ’خدارا اس مسئلہ کو اپنے فیصلوں اور بحثوں کا مرکزی حصہ بنائیں‘۔

    جولی کا کہنا تھا کہ پناہ گزین اپنے گھروں کو واپس لوٹنا چاہتے ہیں۔ وہ ساری زندگی امداد پر زندہ رہنا نہیں چاہتے۔ وہ اس تنازعہ کا ایک مستقل سیاسی حل چاہتے ہیں۔

    jolie-2

    شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث اب تک اڑتالیس لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر دربدر پھرنے پر مجبور ہیں۔ مہاجرین کی ایک بڑی تعدا مصر، اردن، ترکی، لبنان اور عراق میں پناہ گزین کیمپوں میں ایک اذیت ناک زندگی گزار رہی ہے۔

    ان میں سے اردن 6 لاکھ پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ سے دنیا ناخوش

    اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطاق اس وقت دنیا بھر میں 6 کروڑ افراد جنگوں، تنازعات اور خانہ جنگیوں کے باعث اپنے گھروں سے زبردستی بے دخل کردیے گئے ہیں اور ان کا شمار پناہ گزینوں میں ہوتا ہے۔

    یہ جنگ عظیم دوئم کے بعد پناہ گزینوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

  • دپیکا نے ون ڈیزل کو ہندی سکھائی

    دپیکا نے ون ڈیزل کو ہندی سکھائی

    دپیکا پڈوکون آج کل اپنی پہلی ہالی ووڈ فلم ’ٹرپل ایکس: دا زینڈر کیج‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس دوران اپنے ساتھی اداکار ون ڈیزل کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں وہ انہیں ہندی سکھاتی نظر آرہی ہیں۔

    ون ڈیزل نے اپنے فیس بک پر لائیو ویڈیو میں فلم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور دپیکا فلم کی ریلیز کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

    اس دوران وہ بھارت میں موجود دپیکا کے مداحوں سے مخاطب ہوئے اور دپیکا سے مدد چاہی، دپیکا نے انہیں ہندی کے کچھ الفاظ بولنے سکھائے۔

    ون ڈیزل نے بھارتیوں کو نمستے کیا اور کہا، ’میں آپ سب سے بہت پیار کرتا ہوں‘۔

    انہوں نے دپیکا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پورا بھارت دپیکا کو جانتا ہے لیکن ٹرپل ایکس کی ریلیز کے بعد پوری دنیا دپیکا کو جاننے لگے گی۔

    واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون اس فلم سے اپنے ہالی وڈ کیرئیر کی شروعات کرنے جارہی ہیں اور ان کے مدمقابل ون ڈیزل ہوں گے۔

    فلم ’دا ریٹرن آف زینڈر کیج‘ 2002 میں آنے والی ’ٹرپل ایکس‘ اور 2005 میں آنے والی ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ کا سیکوئل ہے۔

    دپیکا فلم میں سیرینا نامی ایک شکاری کا کردار ادا کریں گی۔ فلم میں روبی روز اور سیموئل جیکسن نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

  • عامرخان کا ہالی ووڈ میں کام کرنے سے انکار

    عامرخان کا ہالی ووڈ میں کام کرنے سے انکار

    ممبئی: بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکشنست کے نام سے پہچانے جانے والے اداکار سپر اسٹار عامرخان نے ہالی ووڈ فلموں میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار عامرخان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ جس فلم کاحصہ بن جائیں وہ سپرہٹ ہوجاتی ہے یہی وجہ ہے کہ مداحوں کو ان کی فلموں کا شدت سے انتظار رہتا ہے۔

    عامرخان کو بھارت ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے جس کے باعث دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کی جانب سے انہیں متعدد ہالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کی پیش کش جسے انہوں نے ٹھکرادیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کا کہنا تھا کہ مجھے ہالی ووڈ کی متعددفلموں میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی ہے لیکن اسکرپٹ کمزور ہونے اور اپنا کردار جاندار نہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی فلم میں کام کرنے کی حامی نہیں بھری۔

    انہوں نے کہا کہ اگر کسی اچھی اسکرپٹ والی فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی تواس میں کام کرنے کے حوالے سے ضرورسوچوں گا۔

    مزید پڑھیں: فلم دنگل میں عامر خان کے ایک جلوہ نے دھوم مچادی

     واضح رہے کہ اداکار عامر خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’دنگل‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو رواں سال دسمبر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
  • جیکی چن کے لیے اعزازی آسکر ایوارڈ

    جیکی چن کے لیے اعزازی آسکر ایوارڈ

    لاس اینجلس: ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے مشہور ایکشن ہیرو جیکی چن کو اعزازی طور پر آسکر ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اکیڈمی ایوارڈز منتظمین کے مطابق یہ ایوارڈ ان کے شاندار ایکٹنگ کیریئر کے اعتراف میں دیا جائے گا۔

    ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والے 62 سالہ مارشل آرٹ اداکار جیکی چن اپنی مارشل آرٹ کی ناقابل یقین مہارت کی وجہ سے مشہور ہیں۔ وہ اپنے بچپن سے چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے فلموں میں کام کر رہے ہیں اور اب تک 150 فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

    jackie-2

    جیکی چن کے ساتھ فلم ایڈیٹر اینی کوٹس، کاسٹنگ ڈائریکٹر لین سلمسٹر اور ڈاکیومنٹری ڈائریکٹر فریڈرک وائس مین کو بھی اعزازی اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

    اینی کوٹس فلم ’لارنس آف عربیہ‘ میں اپنے کام کے باعث اس سے قبل بھی آسکر ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔ اپنے 60 سالہ کیریئر میں انہوں نے ہالی ووڈ کی کئی کامیاب فلموں میں بطور فلم ایڈیٹر کام کیا۔

    سلمسٹر 200 سے زائد فلموں کے لیے انڈسٹری کی بہترین کاسٹ تخلیق کر چکے ہیں جبکہ فریڈرک وائس مین 1967 سے تقریباً ہر سال ایک ڈاکیومنٹری فلم بنا چکے ہیں۔

    ان فنکاروں کو یہ اعزاز نومبر میں ہونے والے اکیڈمی کے آٹھویں سالانہ گورنرز ایوارڈز میں دیا جائے گا۔

    jackie-3

    آسکر کے گورنرز ایوارڈ کا آغاز 2009 میں ان فنکاروں کے اعزاز میں کیا گیا جو اکیڈمی ایوارڈز کی مرکزی فہرست میں اپنی جگہ نہیں بنا پاتے لیکن ان کا کام ہالی ووڈ کے لیے سرمایہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

    اس سے قبل اوپرا ونفرے اور انجلینا جولی سمیت کئی اداکاروں اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکاروں کو بھی اس اعزازی ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

  • ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ کی اکشے کمار کے گھر آمد

    ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ کی اکشے کمار کے گھر آمد

    ممبئی: بالی ووڈ کھلاڑی سپراسٹاراکشے کمار کےگھر پر دی جانے والی پارٹی میں نامور ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ کی شرکت نے مہمانو ں کو حیران کردیا.

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈاداکار اکشے کمار کے لیے سال 2016کامیاب ترین سال ثابت ہوا جس میں اداکار کی تین فلموں ایئرلفٹ،ہاؤس فل تھری اور رستم نے 100کروڑ سے زائد کا بزنس کیا.

    1

    بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے اپنی اسی خوشی کا جشن منانے کے لیے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رکھی جس میں بالی ووڈ کے نامور اداکاروں نے شرکت کی لیکن پارٹی کو اس وقت چار چاند لگ گئے جب ہالی ووڈ سپراسٹار ول اسمتھ پارٹی میں پہنچے ان کو اپنے درمیان موجود دیکھ کر سب حیران رھ گئے.

    2

    اکشے کمار نے ول اسمتھ سے ناصرف مہمانوں کا تعارف کروایا بلکہ اپنے خاص مہمان کے لیے پارٹی میں پنجابی کھانوں کا اہتمام کیا جسے اداکار نے بہت پسند کیا.
    4

    ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ کے ساتھ سوناکشی سنہا،ٹونکل کھنہ،جیکولین فرنینڈز،ورون دھون،عالیہ بھٹ اور ایشاگپتا سمیت دیگر بالی ووڈ اداکاروں نے تصاویرلیں.

    3

    واضح رہے کہ سال 2016 اکشے کمار کے لیے کامیاب ترین سال رہا جس میں اداکار کی تین سپر ہٹ فلموں کی ہیٹ ٹرک نے باکس آفس پر تہلکہ مچادیا.

  • بچوں کے اغوا پر مبنی ہالی ووڈ فلم ’کڈنیپ‘ کا ٹریلر جاری

    بچوں کے اغوا پر مبنی ہالی ووڈ فلم ’کڈنیپ‘ کا ٹریلر جاری

    بچوں کے اغوا پر مبنی ہالی ووڈ فلم ’کڈنیپ‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ فلم لوئیس پریٹو کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے۔

    فلم کی کہانی ایک پریشان ماں کارلا کے گرد گھومتی ہے جو اپنے بیٹے کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہی ہوتی ہے۔ ایک دن اچانک پارک میں کھیلتے ہوئے اس کا بیٹا فرینکی غائب ہوجاتا ہے۔

    t4

    کارلا ایک اجنبی شخص کو دیکھتی ہے جو فرینکی کو اپنے ساتھ زبردستی لے کر جارہا ہوتا ہے۔

    کارلا پولیس اسٹیشن میں اغوا کی رپورٹ درج کروانے جاتی ہے جہاں وہ دیکھتی ہے کہ پہلے ہی سے کئی لاپتہ بچوں کے کیسز حل طلب ہیں اور اس کے بعد کارلا اپنے طور پر اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کرتی ہے۔

    وہ اغوا کار کا پیچھا کرتی ہے اور اپنے بیٹے کو بچانے کی سر توڑ کوشش کرتی ہے۔

    t-5

    ٹریلر سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم میں بچوں کے اغوا کے سنگین مسئلہ کو موضوع بنایا گیا ہے۔ بچوں کا اغوا ایک خطرناک عمل ہے جس میں بچوں کو اغوا کر کے انہیں مختلف منفی اور مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    ایک رپورٹ میں دنیا بھر میں سالانہ 8 لاکھ بچے لاپتہ ہوجاتے ہیں۔

    اغوا کی وارداتوں میں اضافہ، اپنے بچوں کو محفوظ رکھیں *

    اقوام متحدہ کے مطابق رواں برس کے صرف 7 ماہ میں جنوبی سوڈان میں دہشت گرد گروہوں نے 16 ہزار بچوں کو اغوا کیا۔ ان بچوں کو جبراً دہشت گرد گروہوں میں بھرتی کرکے ان سے مختلف مجرمانہ کارروائیاں کروائی گئیں۔

    سنہ 2015 میں نائجیریا کی شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے اسکول کی 300 لڑکیوں کو اغوا کر کے یرغمال بنالیا۔ یہ لڑکیاں تاحال بوکو حرام کی قید میں ہیں اور ان کے لیے جنسی غلام کی حیثیت سے زندگی بسر کر رہی ہیں۔

    حال ہی پاکستان کے شہر لاہور میں بھی بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا اور رواں برس کے صرف 6 ماہ میں پنجاب کے مختلف علاقوں سے 652 بچوں کے اغوا ہونے کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی۔

    فلم ’کڈنیپ‘ میں مرکزی کردار ہیلے بیری نے جبکہ بچے کا کردار ساگا کوریئا نے ادا کیا ہے۔ فلم ہسپانوی ڈائریکٹر لوئیس پریٹو کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے۔

    t2

    t-1

    ہالی ووڈ تھرلنگ فلم 2 دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔