Tag: ہالی ووڈ

  • زینڈیا اور ٹام ہالینڈ نے منگنی کرلی

    زینڈیا اور ٹام ہالینڈ نے منگنی کرلی

    ہالی ووڈ کی رومانٹک جوڑی ٹام ہالینڈ اور زینڈیا نے خاموشی سے منگنی کرلی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مارول اسٹوڈیوز کی مشہور زمانہ فلم سیریز ’’دی اسپائیڈر مین‘‘ کی رومانٹک جوڑی زینڈیا اور ٹام ہالینڈ کے تعلقات کی افواہیں ایک عرصے سے گردش میں ہیں۔

    تاہم رپورٹ کے مطابق اب خاندانی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں منگنی کرچکے ہیں، دونوں نے کرسمس اور نئے سال کے درمیانی دنوں میں منگنی کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ٹام نے منگنی کا کوئی بڑا ایونٹ اورگنائز نہیں کیا اس کے بجائے انہوں نے ایک رومانوی طریقے سے اپنی گرل فرینڈ کو انگوٹھی پہنائی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Zendaya (@zendaya)

    تاہم اب اسپائیڈر مین کی ہیروئن زینڈیا نے گولڈن گلوبز کی تقریب میں خاص طور پر اپنی بیش قیمت ہیرے کی انگوٹھی کی نمائش کرتے ہوئے فوٹو گرافرز کو پوز دیئے۔

    ایونٹ میں فوٹو گرافر کے سامنے انگوٹھی کی اس طرح رونمائی کے بعد اداکارہ زینڈیا نے بھی اپنی منگنی کی خبروں کی تصدیق کردی ہے لیکن دونوں ستارے نے اب تک سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا ہے۔

    واضح رہے کہ ہالی ووڈ کی رومانٹک جوڑی ٹام ہالینڈ اور زینڈیا کی پہلی ملاقات 2016 میں ’اسپائیڈر مین ہوم کمنگ‘ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔

    جولائی 2021 میں ان کی چند تصاویر وائرل ہوئیں جس سے ٹام اور زینڈایا کے تعلق کی تصدیق ہوگئی تھی جس کے بعد سے وہ اننت امبانی کی شادی میں بھی ساتھ نظر آئے تھے۔

  • ’’سمندر سے نکالی گئی لاش ’بدروح‘ نکلی‘‘

    ’’سمندر سے نکالی گئی لاش ’بدروح‘ نکلی‘‘

    ہالی ووڈ کی ہارر مسٹری فلم ’دی ڈیمڈ‘ دو دن بعد سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

    ہالی ووڈ ہارر فلموں کے شوقین افراد کو ’دی ڈیمڈ‘ مسٹری دیکھنے کے لیے دو روز کا انتطار کرنا پڑے گا، فلم میں دکھایا گیا ہے کہ سمندر سے نکالی گئی لاش بدروح نکلتی ہے۔

    ماہی گیروں کی بستی پر نازل ہونے والی ’بلا‘ کیسے ٹلے گی یہ تو فلم دیکھ کر ہی پتا چلے گا۔

    دی ڈیمڈ میں اوڈیسا ینگ، جوکول، سیوبھن فنیرن، روری میک کین ودیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض تھورڈور پالسن نے انجام دیے ہیں۔

    خلاصہ: 19ویں صدی کی ایک بیوہ ایوا (اوڈیسا ینگ) کو ایک ناممکن انتخاب کرنے کا کام سونپا جاتا ہے جب سردیوں کے وسط میں جہاز اس کی الگ تھلگ ماہی گیری پوسٹ کے ساحل میں ڈوب جاتا ہے، ایوا اور اس کے عملے کو یا تو تباہ شدہ جہاز کو بچانے کا انتخاب کرنا چاہیے یا اپنے آخری کھانے کے ساتھ زندہ رہنا چاہیے۔

    فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اپنی پسند کے نتائج کا سامنا کرتے ہوئے اور جرم سے ستائے ہوئے باشندے خوف کے بڑھتے ہوئئے احساس کے ساتھ کشتی لڑتے ہیں اور یہ ماننا شروع کردیتے ہیں کہ ان سب کو ان کے انتخاب کی سزا دی جارہی ہے۔

  • ہالی وڈ کے وہ اداکار جنھیں لازوال شہرت حاصل ہوئی

    ہالی وڈ کے وہ اداکار جنھیں لازوال شہرت حاصل ہوئی

    دنیا کی سب سے مشہور اور کام یاب فلم انڈسٹری ہالی وڈ نے کئی چہروں کو وہ شہرت اور پہچان دی جو دہائیاں گزر جانے کے باوجود آج بھی قائم ہے۔ یہاں ہم ہالی وڈ کے ان مرد فن کاروں کا ذکر کررہے ہیں جنھیں ان کی بے مثال اداکاری کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    جیک نکلسن
    جیک نکلسن ہالی وڈ کے ان اداکاروں میں شامل ہیں جنھیں تین بار اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ 12 مرتبہ وہ اس ایوارڈ کے لیے فہرست میں شامل کیے گئے۔ فلمی ریکارڈ کے مطابق مائیکل کین کے بعد جیک نکسن وہ واحد اداکار ہیں جنھیں 1960ء سے لے کر 2000ء تک ہر دس برس بعد آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ اداکار جیک نکلسن نے آسکر کے علاوہ فلمی دنیا کے کئی معتبر اور معروف ایوارڈ اپنے نام کیے تھے۔ جیک نکسن کی بہترین فلموں میں ”شائننگ، ایز گڈ ایز اٹ گیٹس ون فلیو اور ککوز نیسٹ“ کے نام لیے جاسکتے ہیں جن میں نکسن نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    مارلن برانڈو
    مارلن برانڈو کا نام ”آل ٹائم گریٹیسٹ“ اداکاروں کی فہرست میں شامل ہے۔ برانڈو نے فلم کے پردے پر اپنی بہترین پرفارمنس سے شائقین کی توجہ حاصل کی اور وہ وقت آیا کہ برانڈو کروڑوں فلم بینوں کو متاثر کرنے والے اداکار بن گئے۔ فلم بین ہی نہیں ہالی وڈ کے کئی اداکار بھی مارلن برانڈو سے بہت متاثر تھے۔ فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ مارلن برانڈو ایک غیر روایتی اداکار تھے جن کے لیے انگریزی میں میتھڈ ایکٹر کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ مارلن برانڈو نے دو آسکر ایوارڈ اپنے نام کیے اور آٹھ مرتبہ وہ اس ایوارڈ کے لیے نام زد کیے گئے۔ اداکار کی بہترین فلموں میں ”دی گاڈ فادر، آن دی واٹر فرنٹ اور لاسٹ ٹینگو ان پیرس کے نام لیے جا سکتے ہیں۔

    ال پچینو
    فلمی دنیا کی تاریخ میں ال پچینو وہ نام ہے جس کی فنی عظمت کو بڑے بڑے فن کار تسلیم کرتے ہیں۔ وہ کئی عشروں تک فلموں‌ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے اور پرستاروں کے ساتھ فلمی ناقدین کو بھی متاثر کرنے میں‌ کام یاب رہے۔ 70ء کی دہائی میں ال پچینو نے جن فلموں میں کام کیا ان میں بلاشبہ وہ فنِ اداکاری کے عروج پر نظر آتے ہیں۔ ال پچینو آٹھ بار آسکر ایوارڈ کے لیے نام زد ہوئے اور ایک بار آسکر ایوارڈ حاصل کیا۔ اداکار نے جن فلموں میں لازوال کردار نبھائے ان میں ”سینٹ آف اے وومین“، ڈوگ ڈے آفٹر نون، دی گاڈ فادر پارٹ ٹو شامل ہیں‌۔

    رابرٹ ڈی نیرو
    نیویارک سے تعلق رکھنے والے رابرٹ ڈی نیرو کے ماں باپ بھی فن کی دنیا سے وابستہ تھے اور اس جوڑے کے گھر آنکھ کھولنے والے ڈی نیرو کو بھی عظیم ترین اداکاروں میں شمار کیا گیا۔ ڈی نیرو کو ہالی وڈ کے کئی بڑے نام اور دوسرے فن کار اپنا رول ماڈل قرار دے چکے ہیں۔ ڈی نیرو نے دو بار آسکر ایوارڈ حاصل کیا اور سات مرتبہ اس ایوارڈ کے لیے نام زدگی عمل میں آئی۔ اس اداکار نے جن فلموں میں‌ بے مثال اداکاری کی، ان میں ”رگنگ بل“، دی ڈیئر ہنٹر اور دی گاڈ فادر (پارٹ ٹو) شامل ہیں۔

    ڈینیل ڈے لیوس
    اداکار ڈینیل ڈے لیوس ان اداکاروں میں سے ایک ہیں‌ جنھوں نے ناقابلِ فراموش کردار نبھائے اور شائقینِ سنیما کو متاثر کرنے میں‌ کام یاب رہے۔ ڈے لیوس کا تعلق لندن سے تھا اور ان کے والد معروف شاعر جب کہ نانا بھی ایک مشہور شخصیت تھے۔ ڈے لیوس کو فن و ثقافت سے شروع ہی سے لگاؤ تھا اور وہ ایک باصلاحیت انسان تھے جس نے آگے چل کر برطانوی سنیما کی تاریخ میں بڑا نام پیدا کیا۔ انھیں بہترین پرفارمنس کی بنیاد پر تین آسکر ایوارڈ دیے گئے۔ ڈینیل ڈے لیوس کی بہترین فلموں میں لنکن، مائی لیفٹ نٹ، اور دیئر ول بی بلڈ شامل ہیں۔

    ٹام ہنکیس
    فلمی دنیا میں ٹام ہینکس کو ایک زبردست اداکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جن کے حصّے میں اپنی بہترین پرفارمنس کی وجہ سے دو آسکر ایوارڈ آئے۔ وہ پانچ مرتبہ اس ایوارڈ کے لیے نام زد ہوئے۔ ٹام ہنکیس کی مشہور فلموں میں فاریسٹ گمپ، فلاڈیلفیا اور سیونگ پرائیویٹ ریان شامل ہیں۔

    فلمی صنعت میں اپنی لاجواب ادکاری اور بے مثال پرفارمنس سے کروڑوں لوگوں کو متاثر کرنے والے ان فن کاروں‌ کی فہرست میں کئی اور نام بھی شامل ہیں جن کا ذکر کرنے کو ایک دفتر درکار ہے۔ ان فن کاروں کے علاوہ پال نیومین، جیمز اسٹیوورٹ، پیٹر اوٹول، انتھونی کوئن، ہنری فونڈا، گیری کوپر، کرک ڈگلس کے نام بھی فلمی تاریخ کے بہترین فن کاروں میں‌ شامل ہے۔

  • پریانکا چوپڑاکی واپسی : کس فلم میں جلوہ گر ہوں گی؟

    پریانکا چوپڑاکی واپسی : کس فلم میں جلوہ گر ہوں گی؟

    ممبئی : بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ پریانکا چوپڑا طویل عرصے بعد پردہ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی، وہ ایک نہیں بلکہ دو ہالی ووڈ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

    بھارتی فملوں میں اپنی خوبصورت مسکراہٹ اور جاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں کو جیتنے والی پریانکا چوپڑا اپنی نئی آنے والی فلم کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سینما گھروں کی زینت بننے والی ہیں۔

    وہ گزشتہ طویل عرصے سے مداحوں کو سلور اسکرین پر نظر نہیں آئیں لیکن اب انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو واپسی کی خوشخبری سنادی تاہم اس مرتبہ وہ بالی وڈ نہیں بلکہ ہالی ووڈ کی فلموں کے ساتھ سینما اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔

    پریانکا چوپڑا

    اداکارہ پریانکا چوپڑہ اس وقت آسٹریلیا میں ہیں اور اپنی نئی آنے والی ہالی ووڈ فلم ’دی بلف‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، فرینک ای فلاورز کی فلم ‘دی بلف’ میں وہ ایک انوکھا کردار ادا کریں گی۔

    اداکار نے سوشل میڈیا پر فلم کے اسکرپٹ کی ایک تصویر کے ساتھ مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی۔ ان کے مداح اس اعلان پر بے حد خوش نظر آرہے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا کی نئی فلم سے متعلق باتوں کو ظاہر نہیں کیا جارہا ہے، مزید یہ کہ اس فلم کی ریلیز کی تاریخ اور دیگر تفصیلات ابھی تک خفیہ رکھی گئی ہیں۔

  • گرل فرینڈ پر بے دردی سے حملہ کرنے الزام میں ہالی ووڈ اداکار گرفتار

    گرل فرینڈ پر بے دردی سے حملہ کرنے الزام میں ہالی ووڈ اداکار گرفتار

    ہالی ووڈ اداکار نک پاسکول کو گرل فرینڈ پر بے دردی سے حملہ کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہالی ووڈ کے 34 سالہ اداکار نک پاسکول کو اپنی سابق گرل فرینڈ کو 20 بار چُھرا گھونپنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق نک پاسکو پر انکی گرل فرینڈ و میک اپ آرٹسٹ پر گھر میں متعدد بار چاقو سے حملے اور قتل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے، اداکار نے رات گئے خاتون کے گھر میں گھس کر ان پر چاقو سے حملہ کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت ابھی خطرے سے باہر ہے جبکہ حملے کے بعد ان کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار حملے کے بعد خاتون کے گھر سے فرار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں ٹیکساس میں امریکا اور میکسیکو سرحد کی چوکی سے حراست میں لیا گیا تھا، نک پاسکول کو اس کیس میں عمر قید ہوسکتی ہے، وہ ایک فلم اور ٹی وی سیریز میں کام کرچکے ہیں۔

  • ’دی نن ٹو‘ نے باکس آفس پر دہشت پھیلا دی

    ’دی نن ٹو‘ نے باکس آفس پر دہشت پھیلا دی

    ہالی ووڈ کی ڈراؤنی فلم ’دی نن ٹو‘ نے باکس آفس پر بھی دہشت پھیلا دی ہے، فلم ریلیز کے 3 دنوں میں 32.6 ملین ڈالر کما کر سب سے آگے رہی۔

    وارنر برادرز کی ہالی ووڈ بلاک بسٹر ہارر تھرلر فلم ’دی نن ٹو‘ نے سنیماؤں میں دھوم مچا دی، خوفناک راہبہ نے امریکی باکس آفس پر بھی سب کو ڈرا رکھا ہے، اور بورڈنگ اسکول کی بد روحیں نارتھ امریکی باکس آفس پر خوب ہلچل مچا رہی ہیں۔

    راہبہ کے شیطانی قوتوں سے ٹکراؤ پر مبنی اس فلم نے اب تک 3 کروڑ 26 لاکھ ڈالر کا بزنس کر لیا ہے، جس کی مالیت پاکستانی 10 ارب روپے بنتی ہے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ فلم ریلیز ہونے سے قبل The Nun II کے بارے میں کافی منفی جائزے پیش کیے گئے تھے، تاہم یہ برے جائزے بھی فلم بینوں کو ٹکٹ خریدنے سے ڈرا نہیں سکے، وارنر برادرز نے یہ فلم 3 ہزار 728 سینما گھروں میں ریلیز کی تھی، اور یہ شمالی امریکا کے تھیٹرز میں اپنے پہلے ویک اینڈ میں باکس آفس پر سرفہرست رہی۔

    یہ فلم دراصل 2018 کی ہٹ فلم ’دی نن‘ کا سیکوئل ہے، پہلی فلم نے ابتدائی دنوں میں ریکارڈ 53.8 ڈالر بزنس کیا تھا، خیال رہے کہ یہ فلم بھی ’کنجرنگ یونیورس‘ والی فلموں کا حصہ ہے، جس میں اب تک 9 فلمیں آ چکی ہیں اور باکس آفس پر مجموعی طور پر ان فلموں نے 2.1 ارب ڈالر بزنس کیا ہے۔

    دی نن ٹو نے بین الاقوامی سطح پر بھی اچھا کاروبار کیا ہے، جس نے 69 مارکیٹوں سے 52.7 ملین ڈالر کمائے۔

  • الفریڈ ہچکاک کے شاہکار کا ری میک، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مرکزی کردار ادا کریں گے

    الفریڈ ہچکاک کے شاہکار کا ری میک، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مرکزی کردار ادا کریں گے

    شہرہ آفاق ہدایت کار اور سسپنس فلموں کی تخلیق میں انسٹی ٹیوٹ کا درجہ رکھنے والے الفریڈ ہچکاک کی ایک شاہکار فلم ورٹیگو کا ری میک بننے جارہا ہے۔

    الفریڈ ہچکاک کو امریکی سینما کی بااثر ترین شخصیات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جو سائیکو تھرلر اور جاسوسی فلموں کی تخلیق کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

    6 دہائیوں پر مشتمل اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 50 سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی جن میں سے اکثر ماسٹر پیش قرار دی جاتی ہیں۔

    ان میں سے ایک سائیکو اور دوسری ورٹیگو ہے جو ہالی ووڈ کی تاریخ میں مشہور اور بہترین فلموں کی حیثیت رکھتی ہیں، سنہ 1958 میں ریلیز کی گئی فلم ورٹیگو کا اب ری میک بننے جارہا ہے۔

    امریکی فلم پروڈکشن کمپنی پیرا ماؤنٹ پکچرز نے ورٹیگو کے ری میک کے حقوق حاصل کرلیے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع کردیا جائے گا، فلم میں مرکزی کردار ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر ادا کریں گے جو فلم کے معاون پروڈیوسر بھی ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق فلم کو نیٹ فلکس کی مشہور سیریز پیکی بلائنڈرز کے مصنف اسٹیون نائٹ تحریر کریں گے۔

    فلم کی کہانی

    فلم ایک پولیس افسر جون فرگوسن کو پیش آنے والے ایک حادثے سے شروع ہوتی ہے جس میں اس کا ساتھی اہلکار بلندی سے گر کر مر جاتا ہے جس کے بعد جون ایکرو فوبیا یعنی بلندی کے خوف کا شکار ہوجاتا ہے۔

    اس کی منگیتر اس خوف کو دور کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن ناکام رہتی ہے۔

    بیماری کے بعد جون ملازمت سے ریٹائرمنٹ لے لیتا ہے اور تبھی اس کا ایک دولت مند دوست اسے اپنی بیوی میڈیلین کی نگرانی کرنے کا کہتا ہے جو مختلف نفسیاتی مسائل کا شکار ہوتی ہے۔

    دونوں کے درمیان محبت کا تعلق پنپنے لگتا ہے پھر ایک روز میڈیلین بھی اونچائی سے گر کر خودکشی کرلیتی ہے جس کے بعد جون کی بیماری بدترین صورت اختیار کرلیتی ہے۔

    کہانی اس وقت نیا موڑ لیتی ہے جب جون کو ایک روز میڈیلین کی ہم شکل عورت دکھائی دیتی ہے۔

    مختلف نفسیاتی گتھیوں میں الجھتے ہوئے بالآخر فلم کے اختتام پر جب تمام گتھیاں سلجھتی ہیں تو دیکھنے والے چونک جاتے ہیں۔

    فلم اپنی ریلیز کے فوراً بعد کامیاب نہ ہوسکی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ سینما کی تاریخ کی شاہکار فلم قرار پائی۔

  • اگر ہالی ووڈ میں ہوتا تو نکولس کیج کے مقابلے پر ہوتا، ساحر لودھی

    اگر ہالی ووڈ میں ہوتا تو نکولس کیج کے مقابلے پر ہوتا، ساحر لودھی

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے خصوصی شو دی فورتھ امپائر میں اداکار ساحر لودھی نے کہا کہ اگر وہ ہالی ووڈ میں ہوتے تو نکولس کیج کے مقابلے پر ہوتے۔

    پی ایس ایل 8 کے سلسلے میں اے آر وائی نیوز نے ایک زبردست خصوصی شو ’دو فورتھ امپائر‘ شروع کیا ہے، جس کے میزبان فہد مصطفیٰ نے معروف پاکستانی اداکار ساحر لودھی سے دل چسپ سوالات پوچھے۔

    اس سوال پر کہ اگر ساحر لودھی ہالی ووڈ میں ہوتے تو کس اداکار کو ٹف ٹائم دے رہے ہوتے؛ بریڈ پٹ، ٹام کروز یا نکولس کیج؟ ساحر لودھی نے فوراً جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ نکولس کیج۔

    شو کی دل چسپ ویڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ساحر لودھی بیٹنگ کریز پر کھڑے ہیں اور بیٹ پکڑے گیند کا سامنا کر رہے ہیں۔ فہد مصطفیٰ نے دوسرا سوال پوچھا: ’’میں نے مارننگ شو کیوں چھوڑا؛ صبح اٹھا نہیں جاتا، مارننگ شو معیاری نہیں رہے یا پھر کوئی لے ہی نہیں رہا؟‘‘

    ساحر لودھی نے جواب دیا کہ ’’میرے پاس اب وقت ہی نہیں ہوتا۔‘‘ فہد نے استفسار کیا کہ کیا یہ سچی بات ہے، تو اداکار نے کہا ’ہاں۔‘‘

    فہد مصطفیٰ نے آخر میں تعریف کرتے ہوئے کہا ’’ساحر لودھی آپ نے سوالوں کے جواب جیسے دیے سو دیے، لیکن آپ نے جو بیٹنگ کی ہے اس کے لیے آپ کے لیے اظہر علی تالی بجائیں گے۔‘‘

  • کبھی بھی ہالی ووڈ فلم کرنے کی خواہش مند نہیں رہی: کرینہ کپور

    کبھی بھی ہالی ووڈ فلم کرنے کی خواہش مند نہیں رہی: کرینہ کپور

    معروف بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی ہالی ووڈ فلم کرنے کی خواہش مند نہیں رہیں، وہی چاہتی ہیں کہ ہالی ووڈ سے لوگ یہاں آ کر کام کریں۔

    حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں بھارتی اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ یہاں سے لوگ ہالی ووڈ جا رہے ہیں، امید ہے وہاں سے بھی کئی اداکار یہاں آئیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے اداکار ریان گوسلنگ کے ساتھ کام کرنے میں اعتراض نہیں لیکن میں کبھی بھی ہالی ووڈ میں فلم نہیں کرنا چاہتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ میرے بچے بہت چھوٹے ہیں، میری شادی ہوگئی اور یہ سب کچھ اتنا تیزی سے ہوا کہ اب انہیں چھوڑنا ناممکن ہے۔

    کرینہ کپور کا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ ایکشن فلموں سے گریز کرتی ہوں لیکن مجھے معلوم ہے کہ میں یہ اچھی طرح سے کرسکتی ہوں۔

  • خلا میں شوٹ کی گئی دنیا کی پہلی فلم کا ٹریلر ریلیز

    روسی ڈائریکٹر نے خلا میں دنیا کی پہلی فلم تیار کرلی جس کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا، ٹام کروز اپنی فلم خلا میں شوٹ کرنے کے اعلان کے بعد پیچھے رہ گئے۔

    سنہ 2020 میں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ہالی وڈ اسٹار ٹام کروز امریکی خلائی ادارے ناسا اور اسپیس ایکس کے ساتھ مل کر انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں دنیا کی پہلی فلم کی شوٹنگ کریں گے۔

    اس کے چند ماہ بعد روس کی جانب سے بھی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں ایک فلم کی شوٹنگ کا اعلان کیا گیا تھا، اب روسی ڈائریکٹر نے خلا میں دنیا کی پہلی فلم کی تیاری کے حوالے سے ٹام کروز کے پراجیکٹ کو واضح شکست دے دی ہے۔

    روسی اداکارہ یولیا پیری سلڈ کو فلم دی چیلنج کے اہم کردار کے لیے 3 ہزار امیدواروں میں سے منتخب کیا گیا تھا، اس فلم کی کہانی ایک ایسی خاتون سرجن کے گرد گھومتی ہے جو ایک خلاباز کو بچانے کے لیے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر جاتی ہے۔

    اس فلم کے لیے ڈائریکٹر کلم شیپینکو، یولیا پیری سلڈ اور ایک خلاباز اکتوبر 2021 میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پہنچے تھے اور وہاں 12 دن تک فلم کی عکسبندی کی۔

    جہاں تک ٹام کروز کی بات ہے تو اب بھی وہ خلا میں بنائی جانے والی پہلی ہالی وڈ فلم کا اعزاز اپنے نام کر سکتے ہیں۔

    یونیورسل اسٹوڈیو نے اکتوبر 2022 میں تصدیق کی تھی کہ ٹام کروز انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے باہر چہل قدمی کرنے والے پہلے عام شہری ہوں گے۔

    یہ وہ کام ہے جس کے لیے ناسا کی جانب سے کئی ماہ کی تربیت دی جاتی ہے، مگر یہ واضح نہیں کہ ٹام کروز اس تربیتی پروگرام کا حصہ بنیں گے یا نہیں۔