Tag: ہالی ووڈ

  • ہالی ووڈ واک آف فیم پر 60 سال بعد ایشیائی اداکارہ کا نام درج

    ہالی ووڈ واک آف فیم پر 60 سال بعد ایشیائی اداکارہ کا نام درج

    ہالی ووڈ کی چینی نژاد اداکارہ لوسی لیو کا نام واک آف فیم پر درج ستاروں میں شامل کرلیا گیا۔ وہ 60 سال بعد واک آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی ایشیائی نژاد اداکارہ ہیں۔

    لوسی لیو سے 60 سال قبل یہاں جگہ پانے والی پہلی ایشیائی اداکارہ انا مے وونگ تھیں جنہوں نے خاموش فلموں میں کئی اہم کردار ادا کیے۔ وونگ کو ہالی ووڈ کی پہلی چینی نژاد اداکارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

    اب اس کے 60 برس بعد ایک اور ایشیائی اداکارہ کا نام یہاں درج کیا گیا ہے۔ لوسی کے نام کے ستارے کو وونگ کے برابر میں ہی جگہ دی گئی ہے۔

    لوسی لیو نے 90 کی دہائی میں ’ایلے مک بیل‘ نامی سیریز سے اپنے ہالی ووڈ کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے چارلیز اینجلز، کل بل اور ایلیمنٹری نامی سیریز میں بھی اہم کردار ادا کیے۔

    اس موقع پر منعقدہ تقریب میں لوسی کا کہنا تھا کہ واک آف فیم میں اپنا نام شامل ہونے سے زیادہ خوشی انہیں اس بات کی ہے کہ ان کے نام کو وونگ کے برابر میں جگہ دی گئی۔ ’وہ نسل پرستی کے باوجود اپنے آپ کو منوانے میں کامیاب رہیں اور نئے آنے والوں کے لیے بھی مشعل راہ ثابت ہوئیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں یہاں ایشیائی ہونے کی وجہ سے ایک منفرد مقام حاصل ہے تاہم ایسا انہیں ہے کہ ایشیا اس صنعت میں پیچھے ہے۔ ’وونگ، بروس لی اور مجھ سمیت کئی ایشیائی فنکار مشرق اور مغرب کو ملانے والے پلوں کا کردار ادا کر رہے ہیں‘۔

    لوسی کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی تقریب میں ہالی ووڈ کے دیگر فنکاروں نے بھی شرکت کی اور لوسی کو مبارکباد دی۔

  • انجلینا جولی اقوام متحدہ کی اگلی جنرل سیکریٹری؟

    انجلینا جولی اقوام متحدہ کی اگلی جنرل سیکریٹری؟

    معروف ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر انجلینا جولی اداکاری اور ہدایت کاری میں نام کمانے کے بعد اب اپنا زیادہ تر وقت سماجی کاموں میں گزار رہی ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے مختلف جنگ زدہ علاقوں کا دورہ کرتی رہتی ہیں۔

    ان کی فعال سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی بھی امیدوار ہوں گی، اور وہ خود بھی اس بات کی نفی نہیں کرتیں۔

    پیپلز میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’ایسا بعید از قیاس نہیں ہے، کبھی بھی یہ مت سوچیں کہ ایسا نہیں ہوسکتا‘۔

    جولی کا کہنا ہے کہ میں قطعاً مایوس نہیں کہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ حاصل نہیں کر سکتی۔ میرا وژن مجھے ایک دن اس عہدے تک پہنچا سکتا ہے مگر فی الحال میں قیادت کے لیے دوسروں کی طرف دیکھ رہی ہوں۔

    انجلینا جولی نے کچھ دن قبل ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر افغان امن مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہزاروں افغان خواتین امن مذاکرات میں اپنی عدم شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کرچکی ہیں کہ طالبان سے مذاکرات میں ان کے اور ان کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن کون ہوگا۔

    جولی جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کے تحفظ کے اقدامات کے حوالے سے کوشاں ہیں اور بارہا اقوام متحدہ میں اس بات کا اظہار کر چکی ہیں کہ دنیا ان کا تحفظ کرنے میں ناکام ہے، جنگ میں خواتین سے زیادتی کو جنگ کے اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

    اپنے حالیہ انٹرویو میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ ہائی کمیشن کی خدمات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کے تحفظ کے لیے مزید امن فوج کی تعیناتی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کو جنسی تشدد کے حربوں سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

  • پاکستانی ویٹر گیمز آف تھرونز اسٹار ٹیرون لینسٹر کا ہم شکل نکلا

    پاکستانی ویٹر گیمز آف تھرونز اسٹار ٹیرون لینسٹر کا ہم شکل نکلا

    کراچی: ہالی ووڈ کی کامیاب فلم گیمز آف تھرونز کے اسٹار اداکار ٹیرون لینسٹر کا ہم شکل پاکستانی ویٹر روزی خان نکلا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جو ہو بہو ہالی ووڈ اداکار پیٹر ڈنک لیگ ( ٹیرون لینسٹر) کی تھی لیکن وہ ہالی ووڈ اداکار نہیں بلکہ ان کا پاکستانی ہم شکل روزی خان ہے جو ایک مقامی ہوٹل میں ویٹر کی نوکری کرتا ہے۔

    روزی خان کا قد چار فٹ پانچ انچ ہے اتفاقیہ طور پر ہالی ووڈ اداکار کا قد بھی اتنا ہی ہے۔

    ہم شکل روزی خان کا کہنا ہے کہ لوگ میری تصویریں کھینچ رہے ہیں لیکن مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے میں ان تصاویر کی وجہ سے ہر جگہ مشہور ہوگیا ہوں۔

    روزی خان کا کہنا ہے کہ میں اپنے بھائی کے ساتھ جہاں بھی جاتا ہوں تو لوگ میرے بھائی سے پوچھتے ہیں یہ کون ہیں، ان کی شکل گیمز آف تھرونز کے اداکار سے ملتی ہے، یہ میرے لیے کوئی بری بات نہیں ہے۔

    فلم گیمز آف تھرونز اب تک 47 ایمی ایوارڈ جیت چکی ہے، ٹیرون لینسٹر نے 2012 میں معاون اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

    گیمز آف تھرونز کی فائنل سیریز کا پریمیئر آئندہ ماہ 17 اپریل کو ریلیز کیا جائے گا۔

    ٹیرون لینسٹر پاکستان میں کیا کررہے ہیں؟

    ہالی ووڈ اداکار کا ہم شکل روزی خان راولپنڈی میں رہائش پذیر ہے اور کشمیری ہوٹل میں ویٹر کی نوکری کرتا ہے، وہ ہوٹل میں کسٹمرز کو کھانا، چائے، بوتل وغیرہ فراہم کرتا ہے۔

    ہوٹل کے مالک اسلم پرویز کا کہنا ہے کہ روزی خان بہت ہی محنتی اور ایماندار ہے، اس کا کام ہوٹل میں موجود کسٹمرز کے پاس مینو کارڈ لے کر جانا ہے۔

    روزی خان خیبرپختونخوا کے شہر مانسہرہ میں پیدا ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے میری شکل پیٹر ڈنک لیگ سے ملتی ہے اور قد بھی انہی کے برابر ہے۔

    ہالی ووڈ اداکار کے مداح 20 سالہ زین حیدری کا کہنا تھا کہ مجھے یوں محسوس ہوا جیسے میں حقیقت میں لینسٹر سے مل رہا ہوں۔

  • ایسی ’چیخ‘ جو آپ بار بار سن چکے ہیں

    ایسی ’چیخ‘ جو آپ بار بار سن چکے ہیں

    کیا کوئی ہالی ووڈ فلم دیکھتے ہوئے آپ کو احساس ہوتا ہے کہ فلم میں ہیرو کی پٹائی کا شکار کسی کردار نے جو چیخ ماری ہے، اسے آپ پہلے بھی کہیں سن چکے ہیں؟

    اگر ایسا ہوا ہے، تو جان لیں کہ آپ اس چیخ کو درجنوں بار سن چکے ہیں۔ یہ دراصل فلموں میں استعمال ہونے والا صوتی ویژول ہے جسے ’ولہلم اسکریم‘ کہا جاتا ہے۔

    یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، لاس اینجلس (یو سی ایل اے) کے اسکول آف تھیٹر، فلم، اینڈ ٹیلی ویژن میں فلم ہسٹری کے پروفیسر جوناتھن کٹز اس بارے میں بتاتے ہیں کہ ولہلم اسکریم ہالی ووڈ میں استعمال کیا جانے والا سب سے مقبول ساؤنڈ افیکٹ ہے۔

    یہ چیخ اس وقت سنائی دیتی ہے جب ایکشن فلموں میں کسی کردار کو گولی لگتی ہے یا کوئی اونچی جگہ سے گرتا ہے۔

    اس چیخ کی تاریخ کے بارے میں بتاتے ہوئے پروفیسر جوناتھن کا کہنا تھا کہ یہ چیخ پہلی بار سنہ 1951 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈسٹنٹ ڈرمز‘ میں سنی گئی۔

    فلم کے ایک سین میں ایک کردار کو دلدل میں گرنا تھا اور گرتے ہوئے اسے دلدوز چیخ مارنی تھی، فلم کے ڈائریکٹر چاہتے تھے کہ یہ چیخ نہایت مختلف اور متاثر کن ہو۔

    یہ کردار شیب وولے نے ادا کیا اور انہوں نے ہی یہ چیخ ماری، شیب وولے اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کرتے تھے۔

    اس وقت یہ چیخ زیادہ مقبول نہیں ہوئی۔ سنہ 1953 کی ایک فلم ’دا چارج ایٹ فیدر ریور‘ میں اس چیخ کو دوبارہ استعمال کیا گیا۔

    فلم کے ایک سین میں پرائیوٹ ولہلم نامی ایک کردار کو ٹانگ پر گولی ماری گئی اور اس موقع پر یہ چیخ استعمال کی گئی، یہاں سے اس چیخ کا نام ولہلم اسکریم پڑا۔

    جوناتھن کا کہنا ہے کہ ایک فلم بناتے ہوئے پوری ساؤنڈ افیکٹس لائبریری درکار ہے جس سے مختلف آوازیں فلم کے مختلف مواقعوں میں استعمال کی جاسکیں۔

    پروڈیوسرز نئی آوازوں کی تخلیق کے لیے مختلف افراد کی خدمات بھی لیتے ہیں تاہم پرانے ساؤنڈ افیکٹس کا دوبارہ استعمال بچت کرسکتا ہے۔

    جوناتھن کے مطابق اس چیخ کو اب تک 300 کے قریب فلموں میں استعمال کیا جاچکا ہے۔ ہالی ووڈ کے ایک معروف ساؤنڈ ڈیزائنر بین برٹ جنہوں نے شہرہ آفاق فلموں کے لیے اپنی خدمات پیش کیں، انہوں نے اس چیخ کو دریافت کیا تھا۔

    برٹ نے اس چیخ اور اس کی پچ پر ریسرچ بھی کی، انہوں نے اس چیخ کو اسٹار وار فلم سیریز کی تمام فلموں میں استعمال کیا۔

    اس کے بعد یہ چیخ بے شمار فلموں میں استعمال کی گئی، اسٹیون اسپیل برگ نے بھی اپنی کئی فلموں میں اسے استعمال کیا جبکہ یہ چیخ لارڈ آف دی رنگز، اینی میٹد فلمز ٹوائے اسٹوری اور ریزروائر ڈاگز میں بھی سنی جاسکتی ہے۔

    وکی پیڈیا پر اس چیخ کا صفحہ بھی موجود ہے جبکہ یوٹیوب پر ایسی ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں اس چیخ کے مناظر کو یکجا کیا گیا ہے۔

  • فاسٹ اینڈ فیوریس کے دشمن ایک بار پھر تہلکہ مچانے کو تیار

    فاسٹ اینڈ فیوریس کے دشمن ایک بار پھر تہلکہ مچانے کو تیار

    ہالی ووڈ کی مشہور فلم فرنچائز فاسٹ اینڈ فیورس کی نئی فلم ’ہوبز اینڈ شا‘ کا ٹریلر پیش کردیا گیا، یہ فلم سیریز کے مرکزی کرداروں کے بجائے 2 علیحدہ کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔

    سیریز میں ڈوم (ون ڈیزل) اور اس کے ساتھیوں کی مدد کرنے والے پولیس افسر ہوبز (ڈوائن جانسن) اور ان کے دشمن آئن شا (جیسن اسٹیتھم) کو اس نئی فلم میں پیش کیا جارہا ہے۔

    گو کہ یہ دونوں ایک دوسرے کے دشمن ہیں تاہم اب ان کو ایک مشترکہ دشمن کا سامنا ہے جس سے لڑنے کے لیے انہیں مجبوراً متحد ہونا پڑتا ہے۔

    ادریس البا نامی دشمن نہایت مضبوط، خطرناک اور بلٹ پروف ہے اور اس کے آگے یہ دونوں، جو خود بھی اپنے دشمنوں کو ناکوں چنے چبوا دیتے ہیں، بے بس نظر آتے ہیں چنانچہ ان کے پاس ایک یہی راستہ ہے کہ دونوں مل کر اس دشمن کا مقابلہ کریں۔

    اس مقبول سیریز کا تسلسل پیش کرنے کے بجائے ایک نئی فلم کیوں پیش کی جارہی ہے جو ضمنی کرداروں کے گرد گھومتی ہے؟

    اس سوال کا جواب دیتے ہوئے نئی فلم کے مصنف کرس مورگن نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ سیریز کے آخری حصے میں جب یہ دونوں جیل میں اکٹھے ہوتے ہیں تو ان کے درمیان نہایت متاثر کن کیمسٹری سامنے آئی جسے فلم بینوں نے بے حد پسند کیا۔

    مورگن کا کہنا ہے کہ آن اسکرین اور آف اسکرین ان دونوں اداکاروں کی جوڑی نہایت شاندار ہے جو کسی فلم کو ایکشن بنانے کے ساتھ ساتھ پر مزاح بھی بنا سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چونکہ فلم کی ٹیم اس سیریز کو ہمیشہ سے مزید وسعت دینا چاہتی تھی، اور ان دونوں کرداروں کی کیمسٹری کو بھی بہت پسند کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ اس سیریز کی ضمنی فلم پیش کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ فاسٹ اینڈ فیورس فلم فرنچائز کا آغاز سنہ 2001 سے کیا گیا تھا جس کے بعد ہر نیا حصہ پہلے سے بہترین اور مداحوں کو دنگ کردینے والا ہوتا ہے۔

    سنہ 2013 میں فلم کے کرداروں میں سے ایک پال واکر کی ناگہانی موت نے نہ صرف دنیا بھر میں ان کے مداحوں بلکہ فلم کی شوٹنگ کو بھی دھچکہ پہنچایا تھا۔ فیورس 7 کی بقیہ شوٹنگ پال واکر کی موت کے بعد ان کے بھائیوں کی مدد سے پوری کی گئی۔

    سیریز کی آخری فلم ’فیٹ آف دی فیوریس‘ سنہ 2017 میں پیش کی گئی جس نے دنیا بھر میں 1 ارب 239 کروڑ ڈالر کی کمائی کی۔

    سیریز کی تمام فلمیں اب تک 5 ارب ڈالر کا بزنس کر چکی ہیں اور یہ ہالی ووڈ کی سب سے زیادہ کمانے والی آٹھویں فلم سیریز ہے۔

  • کیلی فورنیا میں خوف ناک آتش زدگی: ہالی ووڈ اداکاروں کے گھر بھی جل گئے

    کیلی فورنیا میں خوف ناک آتش زدگی: ہالی ووڈ اداکاروں کے گھر بھی جل گئے

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں جمعرات کو لگنے والی آگ نے ہالی ووڈ کے معروف اداکاروں کے گھر بھی جلا کر راکھ کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متعدد ہالی ووڈ اداکاروں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ ان کے گھر بھی خوف ناک آتش زدگی کی زد میں آئے ہیں۔ کئی اداکاروں کے مکانات تباہ ہو گئے جب کہ متعدد کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے۔

    [bs-quote quote=”آگ نے اس مقام کو بھی اپنے لپیٹ میں لیا جہاں کئی فلموں اور ٹی وی شو ویسٹ ورلڈ کا سیٹ لگایا جا چکا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ہالی ووڈ کے جن سیلی بریٹیز کے گھر آتش زدگی سے متاثر ہوئے ان میں اداکار جیرارڈ بٹلر، گلوکارہ اور اداکارہ مائلی سائرس، اداکارہ کم کارڈیشین، گلوکارہ لیڈی گاگا، رابن تھک، اورلینڈو بلوم، کیٹلین جینر اور دیگر شامل ہیں۔

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے اس مقام کو بھی اپنے لپیٹ میں لیا جہاں کئی فلموں اور ٹی وی شو ویسٹ ورلڈ کا سیٹ لگایا جا چکا ہے۔ پیراماؤنٹ ویسٹرن ٹاؤن سن پچاس کی دہائی میں ٹی وی شوز کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔

    اداکارہ مائلی سائرس نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ وہ اور ان کے منگیتر آگ سے بچ کر نکل آئے ہیں تاہم ان کا مکان جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ مائلی سائرس نے لوگوں سے امدادی کاموں میں شریک ہونے کی درخواست بھی کی۔

    اسکاٹ لینڈ کے اداکار جیرارڈ بٹلر نے آگ سے تباہ ہونے والے اپنے مالیبو کے مکان کی تصویر انسٹا گرام پر پوسٹ کی اور آگ بجھانے والے عملے کا شکریہ ادا کیا۔ رابن تھک اور ان کی ساتھی اپریل لّو گیری اور موسیقار نیل ینگ کا مکان بھی آتش زدگی سے تباہ ہوا۔


    کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی


    اپنے گھر چھوڑنے والے ہالی ووڈ سیلی بریٹیز میں کم کارڈیشین، لیڈی گاگا، پائریٹس آف دی کیریبین کے اورلینڈو بلوم اور کیٹلین جینر شامل ہیں۔

  • ہالی ووڈ سائنس فکشن فلم ’’ دی ڈارکسٹ مائنڈز ‘‘ آج سنیما گھروں کی زینت بنے گی

    ہالی ووڈ سائنس فکشن فلم ’’ دی ڈارکسٹ مائنڈز ‘‘ آج سنیما گھروں کی زینت بنے گی

    لاس اینجلس : ہالی ووڈ کی سائنس فکشن فلم ’’ دی ڈارکسٹ مائنڈز ‘‘  آج سنیما گھروں کی زینت بنے گی، فلم ایک وبائی مرض پھیلنے کی کہانی پر مبنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھرل اور ایکشن سے بھرپور فلموں کے مداح تیار ہوجائیں کیونکہ ہالی ووڈ سائنس فکشن فلم دی ڈارکسٹ مائنڈز آج ریلیز کی جارہی ہے۔

    جنیفر نیلسن کی ہدایت کاری میں بننے والی سنسنی خیز فلم ایک انتہائی خطرناک وبائی مرض پھیلنے کی کہانی پر مبنی ہے جس سے متعدد بچے اپنی جان کی بازی ہارجاتے ہیں جبکہ متاثرہ بچوں کو ایک بیگار کیمپ میں ڈال دیاجاتا ہے، اس دوران ایک سولہ سالہ لڑکی فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتی ہے، یہ فلم شان لیوی اور ڈین لیوین کی مشترکہ پیشکش ہے۔

    فلم ’’ دی ڈارکسٹ مائنڈز ‘‘کے دیگر ادا کاروں میں امینڈلا اسٹینبرگ، ہیرس ڈکنسن، اسکیلن بروکس، مینڈی مور، پیٹرک گبسن اور گولڈن بروکس سمیت دیگر شامل ہیں، یہ فلم آج سے دنیا بھر کے سنیما گھروں میں سنسنی پھیلائے گی۔

  • ہالی ووڈ سائنس فکشن فلم ’’ ڈریگن ماؤنٹین ‘‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری

    ہالی ووڈ سائنس فکشن فلم ’’ ڈریگن ماؤنٹین ‘‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری

    لاس اینجلس : ایڈونچر سے بھرپور ہالی ووڈ سائنس فکشن فلم ’’ ڈریگن ماؤنٹین ‘‘ کا سنسنی خیز ٹریلر منظرعام پر آگیا، فلم 8اگست کو سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایکشن اور خوفناک مناظر سے بھرپور نئی ایڈونچر فلم ڈریگن ماؤنٹین کی کہانی چار ایسے بونوں کے گِرد گھوم رہی ہے جو خطرناک ڈریگن کے قبضے میں موجود دیوہیکل پہاڑ کی کھدائی کا ذمہ لیتے ہیں۔

    ان چار بونوں کو مہم جوئی مہنگی پڑگئی، خوفناک جانور کے قبضے میں موجود پہاڑ سے ان کا زندہ نکلنا امتحان بن گیا، کھدائی کے دوران بھوک کی شدت اورآکسیجن کی کمی کے باعث ان کا زندہ رہنا بھی محال ہوجاتا ہے۔

    اس دوران قدیم سرنگ کی دریافت ہوتی ہے، فلم کی کاسٹ میں ہالی وڈ اداکار رابرٹ مورگن ،برینٹ بیٹ مین،جان ہٹن ، گائیس ڈی ویلیئر اورسارا ہینیسی سمیت کئی فنکارشامل ہیں۔

    پہاڑ کی تہہ سے بچ نکلنے کی جدوجہد کیا رنگ لاتی ہے؟ اس کے لئے شائقین کو تھوڑا سا انتظار کرنا ہوگا۔مذکورہ فلم 8اگست کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

  • پاکستانی فنکار کی بیٹی فلم مشن امپاسبل کا حصہ

    پاکستانی فنکار کی بیٹی فلم مشن امپاسبل کا حصہ

    بین الاقوامی شہرت یافتہ مشہور گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کی بیٹی لاریب نے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کردیا۔ وہ ٹام کروز کی فلم مشن امپاسبل میں شامل واحد پاکستانی ہیں۔

    ہالی ووڈ میں کام کرنے والی کم عمر ترین ویژول آرٹسٹ لاریب اپنے والد کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان کے لیے ایک قابل فخر مثال ہیں۔

    لاریب نے صرف 19 سال کی عمر میں ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلموں کے لیے کام کیا جن میں گوڈزیلا، ایکس مین ڈیز آف دا فیوچر پاسٹ اور گریوٹی شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں وہ ڈزنی، جارج مائیکل اور رولنگ اسٹون کے اشتہارات جبکہ اولمپک چائنہ اور نائیکے فٹ بال ورلڈ کپ پرومو میں بھی اپنی مہارت کا جادو دکھا چکی ہیں۔

    اب لاریب ٹام کروز کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’مشن امپاسبل ۔ فال آؤٹ‘ کی ویژول افیکٹس ٹیم کا بھی حصہ بن چکی ہیں۔

    چھوٹی سی عمر میں لاریب کا کامیاب سفر دیکھ کر یہ کہنا مشکل نہیں کہ وہ نہ صرف پاکستان کا نام بلند کرنے کا سبب بنیں گی بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا بہترین تشخص بھی اجاگر کریں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مسٹر بین کے انتقال کی خبر سے ہزاروں لوگوں کا نقصان

    مسٹر بین کے انتقال کی خبر سے ہزاروں لوگوں کا نقصان

    معروف مزاحیہ اداکار مسٹر بین یعنی روون اٹکنسن کے اچانک انتقال کی خبر نے ان کے مداحوں پر غم اور حیرت کے پہاڑ توڑ دیے، تاہم بعد ازاں ان کے انتقال کی خبر ایک ’وائرس‘ نکلی۔

    سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس پر گردش کرنے والی خبر مداحوں کے لیے نہایت حیران کن تھی جس میں کہا گیا کہ ہالی ووڈ کے مشہور کردار مسٹر بین یعنی روون اٹکنسن انتقال کر گئے۔

    حیران و پریشان مداحوں نے جب مذکورہ خبر کو کھول کر تفصیلات جاننا چاہیں تو یکایک ایک خطرناک وائرس نے ان کے کمپیوٹر پر حملہ کردیا جس کے بعد کمپیوٹر کو سخت نقصان اٹھانا پڑا۔

    مسٹر بین کے انتقال کی خبر دراصل وائرس تھی جس نے چند گھنٹوں میں بے شمار افراد کے کمپیوٹرز کو متاثر کیا۔

    مزید پڑھیں: مسٹر بین کی زندگی کے وہ پہلو جن سے آپ واقف نہیں

    یہ پہلا موقع نہیں جب مسٹر بین کے انتقال کی افواہیں پھیلی ہوں، گزشتہ برس بھی ایک کار حادثے میں ان کی ناگہانی موت کی خبروں نے ان کے مداحوں کو ہلا کر رکھ دیا تاہم بعد ازاں یہ خبر جھوٹی نکلی۔

    رواں برس ہالی ووڈ کے ایک اور معروف اداکار سلویسٹر اسٹالون کے انتقال کی افواہوں نے بھی ان کے مداحوں کو پریشان کردیا تھا۔

    بعد ازاں اسٹالون نے اپنی تازہ ترین ویڈیو انسٹا گرام پر پوسٹ کرکے مداحوں کو اپنی خیریت کی اطلاع دی۔

    لوگوں کی توجہ کھینچ لینے والی خبر کے ذریعے وائرس کے پھیلاؤ کا یہ پہلا واقعہ ہے جس سے سینکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔