Tag: ہاٹ ایئر بلون

  • ایئر بلون زمین سے جا ٹکرایا، خوفناک ویڈیو

    ایئر بلون زمین سے جا ٹکرایا، خوفناک ویڈیو

    امریکا میں ہاٹ ایئر بلون کی سواری کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایئر بلون زمین سے جا ٹکرایا، خوش قسمتی سے بلون میں سوار افراد محفوظ رہے۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا، ہاٹ ایئر بلون میں بیٹھنے والے ایک شخص نے تمام واقعے کی ویڈیو بنا لی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایئر بلون معمول کی رفتار سے اڑ رہا ہے اور اس میں کچھ افراد سوار ہیں۔

    تاہم ہوا کی تیز رفتار سے ایئر بلون لڑکھڑا جاتا ہے اور کچھ دیر بعد زمین سے ٹکراتا ہے، اس کے بعد وہ جھاڑیوں میں کچھ دور تک گھسٹتا ہوا جاتا ہے۔

    اس دوران بلون کا پائلٹ لوگوں سے اپنی جگہ پر رہنے کو کہتا ہے، خوش قسمتی سے ایئر بلون میں موجود تمام افراد محفوظ رہے۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صافین نے پائلٹ کو سراہا جس نے حاضر دماغی سے کسی کو کوئی نقصان پہنچنے سے محفوظ رکھا۔

  • سینکڑوں میٹر اونچائی پر غبارے سے گرنے والے شخص کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    سینکڑوں میٹر اونچائی پر غبارے سے گرنے والے شخص کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    میکسیکو: زمین سے سینکڑوں میٹر اونچائی پر گرم ہوا کے ایک غبارے سے گرنے والے شخص کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے شہر ٹیوٹیہواکان میں ایک تفریحی مقام پر ایک شخص ہوا کے غبارے میں بیٹھ کر بلندی سے نظارے کا لطف لینے لگا لیکن اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ ایڈونچر اس کے لیے ایک دہشت ناک واقعہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

    یہ دہشت ناک واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا، جسے کسی نے کیمرے میں ریکارڈ کر لیا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ غبارے کی رسی سے لٹکا ہوا شخص کس طرح اپنی جان بچانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، اور نیچے کھڑے لوگ خوف سے چیخ و پکار کر رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ہاٹ ایئر بلون فضا میں اچانک بلند ہوا اور اس کے ایک کنارے سے ایک شخص لٹکا ہوا ہے، نیچے لوگ چیخ رہے ہیں، جب کہ کچھ لوگوں نے غبارے کو زمین پر اتارنے کے لیے رسیاں کھینچنا شروع کیں، تاکہ اسے بچایا جا سکے۔

    لیکن جیسے وہ غبارے کو تھوڑا نیچے لے آئے، لٹکے ہوئے شخص کی کنارے پر گرفت ختم ہو گئی اور وہ اچانک نیچے گرنے لگا، لیکن عین موقع پر اس نے رسی پکڑ لی اور وہ فضا میں معلق ہو گیا۔

    آسمان پر دیو قامت چیز دیکھ کر سب حیران، ویڈیو دیکھیں

    اس کی خوش قسمتی رہی کہ اس کے بعد وہ زمین پر اترنے تک رسی پکڑے رہا، اور اس طرح وہ معجزانہ طور پر زمین پر گرنے سے بچ گیا، غبارہ جیسے زمین کے قریب آیا، لوگوں نے اسے بہ حفاظت نیچے اترنے کے لیے ایک بڑی شیٹ بچھا دی۔

    واقعے کے بعد مقامی حکام نے لوگوں کو تفریح کے لیے غبارے فراہم والی کمپنی کے خلاف یہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کیں، کہ کیا ان کے پاس اجازت نامہ ہے اور وہ حفاظتی اقدامات کی تعمیل بھی کر رہے ہیں یا نہیں۔

  • چینی شہری ایئر بلون سے گر کر ہلاک، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    چینی شہری ایئر بلون سے گر کر ہلاک، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بیجنگ: چین میں ایک شخص فضا میں 33 فٹ بلند ایئر بلون سے نیچے گر کر ہلاک ہوگیا، حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا۔

    یہ واقعہ چین کے جنوب مغربی صوبے میں ایک تفریحی مقام پر پیش آیا، پارک کا ایک ملازم ایک ایئر بلون کو لینڈنگ کے وقت زمین پر اتار رہا تھا۔

    اچانک ہوا کے ایک زوردار جھونکے سے غبارہ دوبارہ فضا میں بلند ہوگیا اور ملازم بھی اس کے ساتھ ہی فضا میں چلا گیا۔

    ایئر بلون جب زمین سے33 فٹ بلند ہوگیا تو ملازم جو پہلے ہی غیر محفوظ حالت میں غبارے سے لٹکا ہوا تھا، غبارے کی حفاظتی رسی پر پھسلا اور وہاں سے نیچے آگرا۔

    ملازم کے نیچے گرنے کے دوران ایئر بلون کی حفاظتی رسی بھی ٹوٹ گئی۔

    حادثے کے وقت وہاں درجنوں افراد موجود تھے جو ملازم کی کوئی بھی مدد کرنے سے قاصر رہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پارک کا ملازم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    تفریحی پارک کی انتظامیہ نے ملازم کی موت کی تصدیق کردی تاہم مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی اسی نوعیت کے ایک حادثے میں ایک اور شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ چینی صوبے ہونان میں ایئر بلون سینٹر کا ملازم اپنی ملازمت کے پہلے ہی دن ایئر بلون کی پرواز کے دوران نیچے گر کر ہلاک ہوگیا۔

    متعلقہ سینٹر کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ملازم ایک یونیورسٹی کا طالب علم بھی تھا، ساتھی ملازمین کے مطابق اسے بہت مختصر ٹریننگ دی گئی تھی جو حادثے کی وجہ بنی۔