اسلام آباد : پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان تیسرا رابطہ ہوا، جس میں سیز فائر برقرار رکھنے کیلئے مزید مثبت اقدام پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز ڈی جی ایم اوز پاکستانی فوج کے میجر جنرل کاشف عبداللہ اور ہندوستانی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی کے درمیان سیز فائر کے بعد تیسرا رابطہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈی جی ایم اوز کے رابطے کے دوران سیز فائر کو مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی اور تیسرے رابطے میں سیز فائر برقرار رکھنے کیلئےمزید مثبت اقدام پراتفاق کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے ایل او سی کے ساتھ ساتھ امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور پیر کو ہونے والے سابقہ رابطے کے دوران طے پانے والے مفاہمت کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں : بھارت سے 1971 کی جنگ کا بدلہ لےلیا، وزیراعظم
جنگ بندی کا معاہدہ امریکہ اور دیگر دوست ممالک کی سفارتی کوششوں کی مدد سے عمل میں آیا ہے، علاقائی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اگرچہ تازہ ترین ہاٹ لائن رابطے کے حوالے سے دونوں جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، توقع ہے کہ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان آج بعد میں میڈیا کو تازہ ترین نتائج سے آگاہ کریں گے۔