Tag: ہاکی

  • انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    کراچی: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان میں متوازی ہاکی فیڈریشن کے معاملے کا نوٹس لے لیا، اور دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے انٹرنیشنل باڈی کے صدر کو پاکستان میں ہاکی سے متعلق تشویش ناک حالات سے آگاہی کا خط لکھا تھا۔

    خط پر ایف آئی ایچ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں دھڑوں کو 25 اپریل تک اپنا مؤقف اور ثبوت جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، سینئر ڈائریکٹر جان ویٹ نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کو پاکستان سے تعلق ہونے کی بنیاد پر اس معاملے میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر احسن حل نکالنے کی بھی درخواست کرے گی، کیوں کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرتے رہیں۔‘‘

    قبل ازیں، سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے خط میں انٹرنیشنل باڈی سے درخواست کی تھی کہ وہ آئی او سی اسپورٹس گورننس چارٹر پر عمل پیرا ہو کر پی ایچ ایف کا ساتھ دے، آئی او سی، ایف آئی ایچ اور پی ایچ ایف کے آئین میں متوازی تنظیم کی گنجائش نہیں ہے۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ کو اس معاملے پر با رہا مطلع کیا گیا کہ کچھ عناصر متوازی تنظیم سازی میں ملوث ہیں، جب کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اسپورٹس فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا لیٹر بھی ریکارڈ پر موجود ہے، اور انٹر پراونشل کوآرڈینیشن (آئی پی سی) کی وزارت نے آئی او سی کو اسپورٹس فیڈریشنز معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لکھا کہ نا مناسب حالات کے باوجود انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنایا گیا، 2018 پرو لیگ میں شرکت نہ کرنے کا خمیازہ پاکستان ہاکی کو تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا تھا، پی ایچ ایف کی بھرپور کوشش ہے کہ انٹرنیشنل رینکنگ کو بہتر بنایا جائے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ یکجہتی کرے۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی دوڑ سے آؤٹ

    پاکستان ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی دوڑ سے آؤٹ

    برمنگھم: پاکستان ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی دوڑ سے آؤٹ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کو آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا نے شکست دے دی۔

    گرین شرٹس کو کینگروز کے ہاتھوں میچ میں 0-7 سے شکست ہوئی۔

    کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم 4 میں سے صرف ایک میچ جیت سکی ہے، گروپ میں پاکستان ٹیم کا چوتھا نمبر ہے، جب کہ پورے ایونٹ میں ساتویں پوزیشن کے لیے میچ کھیلے گی۔

    ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم صرف 6 گول کر سکی ہے، جب کہ اس کے خلاف 15 گول ہوئے۔

    کامن ویلتھ گیمز میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دینے والی قومی ہاکی ٹیم کے گول کی ویڈیو

    دو روز قبل پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تھی۔

    بیڈمنٹن مینز ڈبلز

    دوسری طرف بیڈمنٹن مینز ڈبلز کے مقابلے میں پاکستان کے مراد علی اور عرفان سعید راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گئے، مراد علی اور عرفان سعید نے جنوبی افریقی جوڑی کو شکست دی۔

  • ٹوکیو اولمپکس: بیلجیم کے ہاتھوں بھارت کو عبرت ناک شکست

    ٹوکیو اولمپکس: بیلجیم کے ہاتھوں بھارت کو عبرت ناک شکست

    ٹوکیو: اولمپکس میں بھارت کو ہاکی ایونٹ میں بیلجیم کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں بیلجیم نے بھارت کو ہاکی ایونٹ میں شکست سے دوچار کر دیا، اولمپکس میں جاری کھیلوں کے مقابلوں میں بھارت کو ہرانے کے بعد بیلجیم ہاکی ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

    بیلجیم نے سیمی فائنل میں بھارت کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنائی، ہاکی کا دوسرا سیمی فائنل جرمنی اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹوکیو اولمپکس کے خواتین ہاکی ایونٹ میں انڈیا کی ٹیم نے پہلی بار سیمی فائنل جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی تھی۔

    اولمپکس میں نجمہ پروین کی شکست، ایتھلیٹکس فیڈریشن کا خط سامنے آگیا

    بھارت ٹوکیو اولمپکس کے دوران اب تک کوئی گولڈ میڈل حاصل نہیں کر سکا ہے، مجموعی طور دو میڈل حاصل کیے ہیں بھارت نے، جن میں سے ایک سلور میڈل ہے اور دوسرا کانسی کا تمغا ہے۔

  • عبدالرشید جونیئر کا انتقال، آرمی چیف کا اظہار افسوس

    عبدالرشید جونیئر کا انتقال، آرمی چیف کا اظہار افسوس

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی کے عظیم کھلاڑی عبدالرشید جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہاکی کے عظیم کھلاڑی عبدالرشید جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ان کے انتقال سے ملک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگیا۔

    آرمی چیف نے عبدالرشید جونیئر مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی، انھوں نے کہا کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے، اور اللہ مرحوم کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

    واضح رہے کہ سابق اولمپین عبدالرشید جونیئر کے انتقال سے ہاکی کے کھیل کو بڑا نقصان ہوا ہے، وہ 4 نومبر کو اسلام آباد میں طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

    ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عبدالرشید جونیئر انتقال کرگئے

    عبدالرشید کا شمار ہاکی کی تاریخ کے بہترین سینٹر فارورڈز میں ہوتا ہے، وہ 1968 میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے، انھوں نے 3 اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    عبدالرشید جونیئر 1972 میں سلور، 1976 میں برانز میڈل حاصل کرنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے، ریٹائرمنٹ سے قبل وہ 96 گولز کے ساتھ ملک کے بہترین گول اسکورر تھے۔

  • وزیر اعظم کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے ہاکی کی بہتری کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل محمد آصف باجوہ نے خصوصی ملاقات کی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایچ ایف کا آئین تبدیل کیا جائے گا۔

    ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرز پر بنایا جائے گا، قبل ازیں، سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے وزیر اعظم کو فیڈریشن کے امور پر بریفنگ دی، وزیر اعظم عمران خان نے فیڈریشن انتظامیہ پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔

    https://www.facebook.com/PHFOfficial/posts/3315195908556901

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ فیڈریشن کا انتظامی ڈھانچا فوری طور پر پی سی بی کی طرز پر بنایا جائے، اور پی ایچ ایف حکام پی ایس ایل طرز کی ہاکی لیگ بھی کرائے۔

    وزیر اعظم نے چاروں صوبوں میں ایلیٹ ہاکی اکیڈیمز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی، انھوں نے کہا صوبائی حکومتیں پی ایچ ایف کے ساتھ مل کر اکیڈیمز کا قیام عمل میں لائیں، ہم ہاکی کے کھیل کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے خوش خبری سناتے ہوئے کہا کہ اب قومی کھیل ہاکی کو بحال کر کے ماضی کا عروج واپس لایا جائے گا۔

  • ہاکی کے کھلاڑیوں کو پینڈیمک الاؤنس دینے کا فیصلہ

    ہاکی کے کھلاڑیوں کو پینڈیمک الاؤنس دینے کا فیصلہ

    لاہور: ملک بھر میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر کھول دیے گئے، فیڈریشن کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو پینڈیمک الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے دفاتر کھل گئے ہیں، پرو لیگ میں جرمنی اور بلیجئیم کے میچز سے ہاکی کی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔

    آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کو بھی ایف آئی ایچ و دیگر فیڈریشنز سے لیٹر ملے ہیں، کوشش ہے جہاں ممکن ہو ایس او پیز کے ساتھ عالمی ہاکی بحال ہو۔

    انہوں نے کہا کہ اگست کے آخر میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا پروگرام بنا رہے ہیں، ایف آئی ایچ سنہ 2023 میں فائیو سائیڈ ہاکی ورلڈ کپ کروا رہی ہے۔ ستمبر اکتوبر میں ایس او پیز کے ساتھ نیشنل ٹرے اور ہاکی چیمپیئن شپ کرائیں گے۔

    آصف باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ 30 کھلاڑیوں کو فی کس 30 ہزار روپے پینڈیمک الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے، رقم براہ راست کھلاڑیوں کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔

  • پاکستان میں ہاکی کب بحال ہوگی؟ ہیڈکوچ نے بتادیا

    پاکستان میں ہاکی کب بحال ہوگی؟ ہیڈکوچ نے بتادیا

    لاہور: ہیڈکوچ پاکستان ہاکی ٹیم خواجہ جنید نے کہا ہے کہ موجوہ صورت حال میں ہاکی کی بحالی میں وقت لگ سکتاہے، ایف آئی ایچ نے حالات دیکھتے ہوئے ٹریننگ کی اجازت دی۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ہیڈکوچ ہاکی ٹیم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن فائیو اے سائیڈ ایونٹ کا پلان کررہی ہے، فائیواےسائیڈ کے انعقاد کے لیے ہمیں اسٹیڈیم کھلنے کا انتظار ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم نے لاک ڈاؤن کے دوران فٹنس اور مینٹل اسٹرینتھ پر کام کرایا، ہاکی لیجنڈز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے لیکچر کا انعقاد کیا گیا، اس دوران اہم پہلوؤں پر تبادلہ بھی خیال ہوا۔

    خواجہ جنید کا مزید کہنا تھا کہ سیشن میں اولمپیئن سمیع اللہ نے کھلاڑیوں سے تجربات شیئر کیے اور ٹپس دیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ کو بھی فائیو اے سائیڈ ایونٹ شروع کرانے کی تجویز دی ہے تاکہ عالمی سطح پر بھی ہاکی دوبارہ شروع ہوسکے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں ہاکی کے علاوہ کھیلوں کی سرگرمیاں آہستہ آہستہ بحالی کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ کرکٹ کے میچز بغیر تماشائیوں کے ہوں گے جبکہ مذکورہ حکمت عملی دیگر کھیلوں سے متعلق بھی اپنائی گئی ہے۔

  • ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کی اجازت مل گئی

    ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کی اجازت مل گئی

    لاہور: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشنز(آئی ایچ ایف) نے ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ برائے ہاکی نے تمام ممالک کے فیڈریشنز کو احتیاطی تدابیر کو یقینی بناتے ہوئے ہاکی کھیل کو ایک بار پھر سے بحال کرنے کی اجازت دے دی۔

    آئی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو یقینی بناکر ہاکی میدانوں کو آباد کیا جاسکتا ہے۔ ہاکی سرگرمیوں کے لیے ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق گائیڈلانز بھی فیڈریشنز کو بجھوائی گئی ہیں۔

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشنز نے زور دیا ہے کہ کھیل سے وابستہ ہر شخص کو میدان میں واپسی آنے کے لیے ان گائیڈلائنز پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا، آفیشلز مصافحہ کرنے سے گریز کریں، ہینڈسینیٹائزز کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں، طبیعت ناساز ہونے پر میدان میں جانے سے گریز کریں۔

    کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے، سندھ گالف ایسوسی ایشن

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں آہستہ آہستہ بحالی کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ کرکٹ کے میچز بغیر تماشائیوں کے ہوں گے جبکہ مذکورہ حکمت عملی دیگر کھیلوں سے متعلق بھی اپنائی گئی ہے۔

    ادھر سندھ گالف ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے گالف کلبز کھولنے کی اجازت دی جائے، ملک کے دیگر شہروں کے گالف کلبز کھل چکے ہیں۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے

    پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے

    لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج ہوں گے، قومی ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے لیے جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ہاکی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کا پلان بھجوا دیا ہے، یہ ٹیسٹ آج ہوں گے، ٹیسٹ میں لینجز، موڈیفائیڈ پلنک اور پش اپس شامل ہوں گے۔

    برپیز، باڈی اسکواٹس اور جمپنگ اسکواٹس بھی اس فٹنس ٹیسٹ کا حصہ ہوں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پہلے روز 15 کھلاڑیوں کے ویڈیو ٹیسٹ لیے جائیں گے، مجموعی طور پر 48 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

    قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایک ایک منٹ کی ویڈیو بنا کر بھجوانے کا کہا گیا ہے، فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے پر کھلاڑیوں کو رمضان کا ٹریننگ پلان دیں گے۔

    کرونا وائرس : سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کرونا وائرس وبا کی وجہ سے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا تھا، 11 اپریل سے 18 اپریل تک ملائیشیا کے شہر ایپو میں یہ ٹورنامنٹ کھیلا جانا تھا، جس میں پاکستان ہاکی ٹیم نے بھی شرکت کرنا تھی۔ منتظمین نے کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر اس ایونٹ کو ملتوی کر دیا ہے اور اب یہ ایونٹ 24 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    رواں سال کا مینز ہاکی جونیئر ایشیا کپ بھی کرونا وبا کی وجہ سے منسوخ کیا جا چکا ہے، ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ کپ بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکا میں 4 جون سے 12 جون تک 10 ٹیموں کے درمیان شیڈول تھا۔

  • 36 ویں نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ 2019 کا آغاز

    36 ویں نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ 2019 کا آغاز

    لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام 36 ویں نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ 2019 لاہور میں شروع ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق 11 روز تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں 19 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی تھے، جن سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قومی کھیل کی ترقی کے لیے ان کی خدمات ہر وقت حاضر ہیں، صوبائی حکومت اگلے مالی سال میں کھیل کے لیے خصوصی بجٹ رکھے گی۔ پی ایچ ایف انتظامیہ کو مارکباد پیش کرتا ہوں کہ تین سال کے بعد جونیئر چیمپیئن شپ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوئی گیم بھی پیسے کے بغیر نہیں ہوتی، آنے والا وقت پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی نوید سنائے گا، پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کو جہاں بھی ہماری سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے ہمیشہ ان کے ساتھ ہوتے ہیں، وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں انہیں ہاکی کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف اگلے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں تبدیل کر دی جائے گی۔