Tag: ہاکی ایشیا کپ

  • پاکستانی ٹیم بھارت میں ہاکی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی یا نہیں؟ پی ایچ ایف کا موقف آ گیا

    پاکستانی ٹیم بھارت میں ہاکی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی یا نہیں؟ پی ایچ ایف کا موقف آ گیا

    بھارتی میڈیا نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے بھارت میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے جس پر پی ایچ ایف کا موقف آگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بھارتی میڈیا پر ایشیا کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے شرکت سے انکار سے متعلق چلنے والی تمام خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔

    سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تاحال ایونٹ میں شرکت سے منع نہیں کیا ہے۔ ایشیا کپ کھیلنے کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ نہ ہم نے ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کیا اور نہ ہی انڈین ہاکی فیڈریشن سے کوئی بات ہوئی ہے۔ تاہم ایشین ہاکی فیڈریشن سے رابطے میں ہیں۔ سیکیورٹی اور ویزے کی ضمانت دی جائے۔

    دوسری جانب بنگلادیش ہاکی فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہے انہیں بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کا کوئی باضابطہ دعوت نامہ نہیں ملا۔ بنگلہ دیش اسٹینڈ بائی ضرورہے، لیکن اتنی جلد ٹیم بنانا اور تیاری کرنا آسان نہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد بنگلہ دیش کو اس کی جگہ ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا نےدعوٰی کیا تھا پاکستان کےانکار کےبعد بنگلادیش کو متبادل کےطور پر ایونٹ کاحصہ بنایا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-refuses-to-play-hockey-asia-cup-in-india/

  • بھارت میں‌ منعقدہ ہاکی ایشیا کپ سے پاکستان کی دستبرداری کا امکان

    بھارت میں‌ منعقدہ ہاکی ایشیا کپ سے پاکستان کی دستبرداری کا امکان

    بھارت میں آئندہ ماہ ہونے والے ایشیا ہاکی کپ میں شرکت کھٹائی میں پڑ گئی ہے اور گرین شرٹس کے اس ایونٹس سے دستبرداری کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث پڑوسی ملک کی میزبانی میں آئندہ ماہ ہاکی ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کھٹائی میں پڑ گئی ہے اور قومی ٹیم کے ایونٹ سے دستبرداری کا امکان ہے۔ اگر ایسا ہوا تو گرین شرٹس ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے سے محروم رہ سکتی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کو ایونٹ میں شرکت اور بھارت بھیجنے کے لیے حکومت سے کلیئرنس مانگی تھی۔ تاہم حکومت نے این او سی دینے سے انکار کر دیا ہے۔ جس کے بعد امکان ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کر دے۔

    بھارتی حکومت ایشیا کپ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے چکی تھی، لیکن بھارتی متعصب میڈیا کا اس حوالے سے پروپیگنڈا جاری رہا۔ جب کہ سوشل میدیا پر انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں نے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت سے پاکستان ٹیم کو ویزوں کے اجرا کی اجازت ملنے کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے ٹیم کے بھارت جانے کے لیے کلیئرنس مانگی تھی۔ تاہم حکومت کی جانب سے نہ صرف اس ایونٹ کے لیے این او سی دینے سے انکار کر دیا بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ رواں سال پاکستان کی کوئی بھی اسپورٹس ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔

    واضح رہے کہ ہاکی ایشیا کپ آئندہ ماہ 25 اگست سے 7 ستمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ ہاکی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کی بھی حیثیت رکھتا ہے۔

    اگر پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ سے دستبرداری کا اعلان کیا تو چار بار کی عالمی چیمپئن گرین شرٹس ایک بار پھر ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم رہ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کو بھارت سے کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ چکا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/hockey-asia-cup-should-be-moved-from-india-demand/

  • ’ہاکی ایشیا کپ بھارت سے منتقل کیا جائے‘ بڑا مطالبہ سامنے آ گیا

    ’ہاکی ایشیا کپ بھارت سے منتقل کیا جائے‘ بڑا مطالبہ سامنے آ گیا

    رواں برس انڈیا میں شیڈول مینز ہاکی ایشیا کپ کو پاک بھارت کشیدگی کے باعث نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ سامنے آ گیا ہے۔

    پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ممالک میں حالیہ شدید کشیدگی کے باعث رواں برس بھارت میں ہونے والے ہاکی ایشیا کپ کو بھارت سے منتقل کیا جائے اور اس کا انعقاد کسی نیوٹرل مقام پر کیا جائے۔

    عماد شکیل نے کہا کہ یہ ایشیا کپ ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ ہے اور اس ٹورنامنٹ کے ذریعے ہی ہم پر اگلے برس ہاکی ورلڈ کپ میں پہنچنے کا راستہ کھلے گا۔

    ہاکی کپتان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے مقام پر دوبارہ غور کیا جائے۔ تاہم پاکستان ٹیم کی شرکت کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق کیا جائے گا۔

    عماد شکیل نے ایشیا کپ کے لیے جاری تیاریوں کے حوالے سے بتایا کہ کھلاڑی تو فی الحال ایف آئی ایچ نیشنز کپ کی تیاریاں کر رہے ہیں، جہاں اچھی کارکردگی انہیں معزز پرو لیگ میں جگہ دلا سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نیشنز کپ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ ہماری توجہ پہلے میچ سے ہی تیز ہوگی۔ کھلاڑی پرعزم ہیں اور ہم مثبت نتائج دینے کے لیے پرامید ہیں۔ پاکستانی ٹیم قومی وقار کی حفاظت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر ترقی کے لیے بھی پُرعزم ہے

    واضح رہے کہ 12 واں ہاکی ایشیا کپ مینز ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) کی میزبانی میں رواں برس 27 اگست سے 7 ستمبر تک بھارت کے شہر راج گیر میں شیڈول ہے۔

    حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارتی حکام کی جانب سے پاکستان کو اگلے برس ہاکی ورلڈ کپ سے خارج کرنے کے لیے اس کے ایشیا کپ میں رکاوٹیں پیدا کیے جانے کا امکان ہے اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہاکی ٹیم کو ویزوں کا اجرا بھی روکا جا سکتا ہے۔

    تاہم مذکورہ صورتحال پر ایشین ہاکی فیڈریشن اور بھارتی حکومت کی جانب سے مسلسل خاموشی جاری ہے۔